All posts by Khabrain News

آئیڈیاز2024 : سی ویو پرشہریوں کیلیے ’ کراچی شو‘ کا انعقاد کیا جائے گا

دفاعی نمائش آئیڈیاز2024کے تسلسل میں سی ویو پرشہریوں کے لیے جمعرات کو کراچی شوکا انعقاد کیاجائےگا،تینوں مسلح افواج اپنے جنگی اثاثوں کے ساتھ شریک ہوں گے،پاک بحریہ کے سی کنگ ہیلی کاپٹرزکے علاوہ پاک فضائیہ کے جنگی ہوائی جہازوں کا فلائی پاسٹ بھی ہوگا۔

نشان پاکستان،سی ویو پر جمعرات کی سہ پہرٹرائی سروسز کراچی شوکا انعقاد کیا جائےگا،جس میں پاک بحریہ کے ہوائی اوربحری اثاثوں کے علاوہ ایس ایس جی کمانڈوزہزاروں فٹ کی بلندی سےجمپ لگانے کاشاندارمظاہرہ پیش کریں گے۔

تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ سندھ ہوں گے، تینوں مسلح افواج کی پیشہ ورانہ تربیت کودیکھنے کے لیے مختلف ممالک کے سفیر،مندوب ومبصرین بھی شریک ہوں گے۔

کراچی شومیں پاک فضائیہ کے جے ایف سیونٹین تھنڈراورایف سولہ طیاروں کا فلائی پاسٹ ہوگا جبکہ انسداد دہشت گردی آپریشن کے علاوہ پاک بحریہ کے فضائی بیڑے میں شامل سی کنگ ہیلی کاپٹرزکےذریعے پیشہ ورانہ تربیت کا عملی مظاہرہ پیش کیاجائےگا۔

پاک بحریہ کے پیراٹروپرزمختلف ممالک کے جھنڈوں اور سبزہلالی پرچم کے ساتھ ہزاروں فٹ کی بلندی سے سی ویوپرجمپ کریں گے۔

واضح رہے کہ ساحل پر کراچی شوآئیڈیاز2024 دفاعی نمائش کے تسلسل میں شہریوں کے لیے منعقد کیا جارہا ہے۔

پولیو کو ہمیشہ کیلئے شکست دینے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جب تک پولیو کو ہمیشہ کیلئے شکست نہ دے لیں ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بدھ کو وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پولیو اوور سائٹ بورڈ کے وفد کی ملاقات ہوئی، وفد میں بل اینڈ میلینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے نمائندہ کرسٹوفر ایلیاس، عالمی ادارۂ صحت کی ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر حنان بلخی ، یونیسیف روزا کے ریجنل ڈائریکٹر سنجے وجیسیکارا ، سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کی ڈپٹی ڈائریکٹر اینڈریا فرسٹڈٹ، روٹری فاؤنڈیشن کے ٹرسٹی و نیشنل چئیر عزیز میمن،  کنگ سلمان ہیومینیٹیرین اینڈ ریلیف سینٹر کے ڈاکٹر زیاد میمش اور کے ایس ریلیف  کے ہیلتھ و انوائرمنٹل ایڈوائزر ڈاکٹر عبداللہ صالح شامل تھے۔

وزیراعظم نے پاکستان آمد اور پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں حکومت پاکستان کا ساتھ دینے پر وفد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کنگ سلمان فاؤنڈیشن، بل اینڈ میلینڈا گیٹس فاؤنڈیشن، روٹری فاؤنڈیشن ، یونیسیف اور سی ڈی سی انسداد پولیو مہم میں حکومت پاکستان کے ساتھ شریک اور بھرپور معاونت کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان تمام تنظیموں کا کردار انسداد پولیو مہم میں عالمی کوششوں کو ظاہر کرتا ہے، ہم نے مل کر پولیو جیسے چیلنج کو شکست دینی ہے، انشاء اللہ جلد پاکستان پولیو فری ملک بنے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ جب تک پولیو کو ہمیشہ کیلئے شکست نہ دے لیں چین سے نہیں بیٹھیں گے، پولیو کے خاتمے کے حوالے سے تمام صوبوں کو اعتماد میں لیا گیا ہے اور وفاق اور تمام صوبے مل کر انسداد پولیو کے خلاف اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم نے پولیو کے خاتمے کے حوالے سے تمام وزرائے اعلیٰ و چیف سیکرٹریز کی کارکردگی کی تعریف کی جبکہ وفد نے انسداد پولیو کے حوالے سے وزیراعظم اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔

بل اینڈ میلینڈا گیٹس کے نمائندے ڈاکٹر کرسٹوفر ایلیاس نے کہا کہ پاکستان کی انسداد پولیو کی موجودہ حکمت عملی پر  بہتر طریقے سے عملدرآمد ہو رہا ہے جس کے نتائج میکرو سطح پر نظر آنا شروع ہو گئے ہیں، جلد ہی پولیو کیسز میں کمی آنا شروع ہو جائے گی۔

عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ حنان بلخی نے کہا کہ صحت عامہ کے حوالے سے خطے کے ممالک کو روابط بہتر کرنے اور اس حوالے سے ڈائیلاگ شروع کرنے کی ضرورت ہے۔

وفد کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر حال ہی میں ہونے والی انسداد پولیو مہم کے دوران وزارت قومی صحت اور انسداد پولیو پروگرام سے متعلقہ افسران نے پولیو سے متاثرہ دور دراز علاقوں کا دورہ کیا اور پولیو مہم کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروایا گیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ جن بچوں میں پولیو کی تشخیص ہوئی ہے ان کی نگہداشت کی جا رہی ہے، ملک کے جن علاقوں میں بچوں میں پولیو ویکسینیشن کی شرح بہتر ہے وہاں پولیو کا پھیلاؤ کم ہے۔

ملاقات میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔

پاکستان کے پہلے میری ٹائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح

پاکستان کے پہلے میری ٹائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کی گراؤنڈ بریکنگ تقریب آئیڈیاز 2024 کے دوران ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ 

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاک بحریہ نے منصوبے کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان میری ٹائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک(پی ایم ایس ٹی پی) میری ٹائم سائنسز، ٹیکنالوجی، کاروبار اور صنعت کے شعبے میں ترقی کی راہ ہموار کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ اہم پیش رفت پاکستان کی جی ڈی پی اور بحری شعبے کی ترقی کے لیے نئے راستے کھولے گی۔ امیر البحر نے اس بات پر زور دیا کہ پی ایم ایس ٹی پی کی کامیابی بصیرت رکھنے والے افراد اور تنظیموں کے ساتھ قائم کی گئی شراکت داری کی عکاس ہے۔

پی ایم ایس ٹی پی ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا میری ٹائم سائنس پارک ہے جو پاکستان کے بحری شعبے میں ترقی کو فروغ دینے کے لیے علمی شعبے، صنعت اور حکومت کو ایک منفرد تعاون کے ساتھ مربوط کرتا ہے۔ اس پارک کے اقدامات میں بحری ٹیکنالوجیز، آرٹیفیشل انٹیلیجینس، سائبر سیکیورٹی، اوشن رینیوایبل انرجی، سی فوڈ پروسیسنگ، جہاز سازی، اور ساحلی سیاحت سمیت متعدد شعبوں کو فروغ دینا شامل ہے۔

‏ پاکستان میری ٹائم سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا تصور جدت اور ترقی کے لیے ایک انقلابی مرکز کے طور پر کیا گیا ہے، جو پاکستان کی بلیو اکانومی کو تقویت دینے کے لیے میری ٹائم سائنس اور ٹیکنالوجی پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔ یہ منصوبہ کراچی کے علاوہ اسلام آباد، لاہور اور گوادر تک منصوبہ بند توسیع کے ساتھ پاکستان کے معاشی چیلنجز سے نمٹنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

ہمارے شہریوں کے قتل اور یرغمال بنانے میں ملوث حماس رہنماؤں کو ہمارے حوالے کیا جائے؛ امریکا

امریکی ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ حماس امریکی شہریوں کے قتل اور یرغمال بنانے کے جرم میں ملوث ہے اس لیے یہ رہنما جہاں بھی ہوں۔ ہمارے حوالے کیے جائیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ترجمان میتھیو ملر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہ حماس کے رہنماؤں کی قطر سے ترکیہ منتقلی کی تردید کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہوں۔

تاہم امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے حماس رہنماؤں کی قطر سے ترکیہ منتقل ہونے کی خبر کی تصدیق سے بھی گریز کیا۔

میتھیو ملر نے مزید کہا کہ حماس ایک دہشتگرد تنظیم ہے جس نے کئی امریکیوں کو قتل کیا اور اب بھی 7 امریکیوں کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔

امریکی ترجمان نے کہا کہ تو جہاں تک یہ بات ہے کہ حماس کے رہنما ترکی میں ہیں یا کسی اور ملک میں ہیں تو دیکھیں ان میں سے کئی لوگوں پر امریکا نے فرد جرم عائد کر رکھی ہیں۔ اور ہم سمجھتے ہیں کہ ان لوگوں کو امریکہ کے حوالے کیا جانا چاہئیے۔

میتھیو ملر نے مزید کہا کہ امریکا نے ترک حکومت پر واضح کر دیا ہے کہ حماس کے ساتھ مزید اس طرح معاملات نہیں چل سکتے، جیسے چل رہے تھے۔

امریکی ترجمان نے کہا کہ ہم اس پر یقین نہیں رکھتے کہ ایک دہشتگرد تنظیم کے رہنما کہیں بھی آرام سے رہ رہے ہوں۔

آئیڈیاز 2024، واہ انڈسٹریز کا ترک کمپنی سے اسلحےکی پیداواری صلاحیت بڑھانے پر معاہدہ

کراچی میں جاری آئیڈیاز 2024 کے دوران پاکستان کی واہ انڈسٹریز لمیٹڈ اور ترکیہ کی ریپکان کے درمیان 155 ایم ایم ایمونیشن کی پیداواری صلاحیت بڑھانے سے متعلق معاہدے پر دستخط ہوئے۔

ایکسپو سینٹر کراچی میں اسلحے کی نمائش کے حوالے سے آئیڈیاز 2024 جاری ہے جہاں مختلف ممالک کی کمپنیوں کے ساتھ معاہدے جاری ہیں اور اسی سلسلے میں واہ انڈسٹریز اور ریپکان کے درمیان بھی اہم معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں۔

دونوں ممالک کی کمپنیوں کے درمیان ہونے والے معاہدرے پر منیجنگ ڈائریکٹر واہ انڈسٹریز اور ڈائریکٹر ریپکان نے دستخط کیے اورمعاہدے کے تحت 155 ایم ایم ایمونیشن کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کیا جائے گا۔

معاہدے پر دستخط کے موقع پر نائب وزیر ترکیہ بلال دردالی اور چئیرمین پی او ایف بورڈ لیفٹیننٹ جنرل طاہر حمید شاہ بھی موجود تھے۔

نیشنل بینک کی “کوبیج ڈیبٹ کارڈ” کے اجرا کیلیے ون لنک اور ماسٹر کارڈ کے ساتھ شراکت داری

نیشنل بینک آف پاکستان، ون لنک اور ماسٹر کارڈ کے ساتھ کو بیجنگ معاہدے پر دستخط کرنے والا پاکستان کا پہلا کمرشل بینک بن گیا۔

معاہدے پر دستخطی تقریب میں نیشنل بینک کے صدر رحمت علی حسنی اور ون لنک کے سی ای او نجیب آگرہ والا نے ماسٹر کارڈ کے کنٹری منیجر ارسلان خان کی موجودگی میں معاہدہ پر باضابطہ دستخط کیے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رحمت علی حسنی نے شراکت داری کی اسٹریٹجک اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ شراکت داری صارفین کو محفوظ، عالمی معیار کے ادائیگی کے حل فراہم کرنے میں ایک نمایاں سنگ میل ہے۔

ماسٹر کارڈ کو بیج ڈیبٹ کارڈز کے ساتھ دنیا بھر میں ہموارڈیجیٹل بینکنگ کے تجربات کی فراہمی اورڈیجیٹل ادائیگی کی قبولیت کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ اس اشتراک کے ذریعے این بی پی ماسٹر کارڈ کی جدید ترین ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے ادائیگی کے عالمی معیار کے حل فراہم کرے گا اور صارفین کو عظیم تر مالی آزادی اور رسائی کے ساتھ بااختیار بنائے گا۔

بانی پی ٹی آئی کو رہا اور مطالبات منوا کر ہی دم لیں گے، علی امین گنڈا پور

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈا پور نے موجودہ سیاسی صورتحال پر اپنے بیان میں کہا کہ انشاءاللہ بانی پی ٹی آئی کو رہا اور اپنے مطالبات منوا کر ہی دم لیں گے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم سب کے لیے تحریک انصاف کا نعرہ “اب نہیں تو کھبی نہیں، ہم نہیں تو کون” کو ثابت کرنے کا وقت آچکا ہے اب قوم نے فیصلہ کرنا ہے کہ وہ ظلم کے نظام کا مقابلہ کریں گے اور انصاف لیں گے یا پھر غلامی قبول کریں گے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی چیئرمین ہماری اور ہماری نسلوں کی جنگ لڑ رہا ہے اور ہم انہیں مایوس نہیں کریں گے، مذاکرات بھی بانی چیئرمین کی رہائی سے شروع ہوں گے اور آگے بڑھیں گے۔

وزیر اعلیٰ کے پی نے اپنے بیان میں کہا کہ تحریک انصاف کا نظریہ ہمارا جنون ہے اور جنون کبھی مرتا نہیں بلکہ بڑھتا ہے۔

قومی ہیڈ کوچ عاقب جاوید کو زمبابوے کا ویزہ مل گیا

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کو زمبابوے کا ویزہ مل گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کو زمبابوے کا ویزہ مل گیا جس کے بعد وہ رات گئے لاہور سے براستہ دبئی زمبابوے کے دارالحکومت ہرارے کیلیے روانہ ہوں گے۔

ہرارے پہنچنے کے بعد عاقب جاوید قومی اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔

واضح رہے کہ زمبابوے کے خلاف تین ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 24 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

ٹک ٹاک انتظامیہ کی حکومت کو معیاری مواد کی موجودگی کی یقین دہانی

ٹک ٹاک کے وفد نے حکومت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ٹک ٹاک پر زیادہ سے زیادہ معیاری اور سود مند مواد کو یقینی بنایا جائے گا، ٹک ٹاک وزارت آئی ٹی کے ذیلی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔

اس بات کی یقین دہانی ٹک ٹاک کے وفد نے وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونی کیشن شزہ فاطمہ خواجہ سے ملاقات میں کہی۔ وفد کی قیادت ٹک ٹاک کے ڈائریکٹر پبلک پالیسی مسٹر ایمر گیلنکی نے کی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سوشل میڈیا پر معیاری مواد کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر سیکریٹری آئی ٹی ضرار ہاشم خان بھی موجود تھے وفد نے وزیر مملکت آئی ٹی کو ٹک ٹاک کے پاکستان میں اقدام اور مستقبل کے پروگرامز کے بارے میں بریف کیا۔

وزیر مملکت شزہ فاطمہ نے کہا کہ پاکستان میں ٹک ٹاک کے بہت زیادہ صارفین ہیں یہ بہت ضروری ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر معیاری مواد میسر ہو، چاہتے ہیں کہ پاکستان میں ٹک ٹاک پلیٹ فارم تعلیمی مقاصد کے لیے بھی استعمال ہو، اس کے ذریعے مختلف قسم کی اسکلز اور لوکل زبانوں میں بنیادی تعلیم دی جا سکتی ہے۔

ٹک ٹاک کے ڈائریکٹر پبلک پالیسی مسٹر ایمر گیلنکی کی قیادت میں آئے وفد نے حکومت کو یقین دہانی کرائی کہ ٹک ٹاک پر زیادہ سے زیادہ معیاری اور سود مند مواد کو یقینی بنایا جائے گا۔ وفد نے کہا کہ ٹک ٹاک وزارت آئی ٹی کے ذیلی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔

شاہ رخ خان اور مہیش بابو “موفاسا: دی لائن کنگ” میں آواز کا جادو جگائیں گے

ڈزنی کی مشہور فلم “موفاسا: دی لائن کنگ” کی نئی کہانی جلد ہی شائقین کے دل جیتنے آ رہی ہے۔ 

اس فلم میں شاہ رخ خان، مہیش بابو اور ارجن داس نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے، جس نے مداحوں میں بے حد جوش پیدا کر دیا ہے۔

شاہ رخ خان نے ہندی میں موفاسا کو اپنی آواز دی ہے، جبکہ ان کے بیٹے آریان خان نے سمبا اور ابراہم خان نے بچے موفاسا کے کردار کو آواز دی۔

اسی طرح تمل میں ارجن داس اور تیلگو میں مہیش بابو نے موفاسا کے کردار کو اپنی آواز دی ہے۔ ان کے علاوہ، فلم کے دیگر کرداروں کو بھی مشہور اداکاروں نے اپنی آواز دی ہے۔

یہ فلم اپنی بہترین آواز کاری اور شاندار کہانی کے ساتھ مداحوں کے لیے ایک یادگار تجربہ ثابت ہونے جا رہی ہے۔ “موفاسا: دی لائن کنگ” کا جادو دیکھنے کے لیے تیار رہیں، کیونکہ یہ فلم نہ صرف بچوں بلکہ بڑوں کو بھی محظوظ کرے گی۔