All posts by Khabrain News

میانوالی روڈ کنارے بارودی مواد سے بھری آئی ای ڈی ناکارہ بنا دی گئی

پولیس حکام کے مطابق دھماکا خیز مواد ایک چھوٹے ڈرم میں تیار کیا گیا تھا جس میں تقریباً 40 کلو گرام بارودی مواد بھرا گیا تھا، بم ڈسپوزل ٹیم نے موقع پر پہنچ کر ڈیوائس کو محفوظ طریقے سے ناکارہ بنایا۔

حکام کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والی آئی ای ڈی سے 2 ڈیٹونیٹرز، ایک 12 وولٹ بیٹری اور سرکٹ بھی ملا ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ اسے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت نصب کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق بروقت کارروائی کے باعث ممکنہ بڑے حادثے اور قیمتی جانوں کے ضیاع کو بچا لیا گیا، علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کرتے ہوئے سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

بھارتی کوچ کا ابھیشیک شرما سے متعلق بڑا بیان

بھارت کے بیٹنگ کوچ ستانشو کوٹک کا کہنا ہے کہ ٹیم انڈیا غیر ضروری تجزیہ نہیں کرتی۔ابھیشیک بیماری سے پہلے رنز کر رہے تھے۔

ابھیشیک شرما کے آؤٹ ہونے کے طریقے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ بعض اوقات بطور پر بیٹر آپ مخالف ٹیموں سے زیادہ سوچنے لگ جاتے ہیں۔ ان کے پاس اپنے پلان ہیں، وہ ان پر ویسے چلتے ہیں جیسے وہ چلنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم مخالف ٹیموں سے متعلق، ان کی بولنگ، ان کے مضبوط پہلو اور وہ کیا تیاری کر رہے ہیں کے حوالے سے بات کرتے ہیں اور یہ تمام بلے بازوں کے ساتھ کیا جاتا ہے صرف ابھیشیک کے ساتھ نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بیمار ہونے سے قبل ابھیشیک رنز کر رہے تھے۔ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کبھی کبھار 10 گیندوں پر 30 رنز بہت اہم ہوتے ہیں۔

احتجاج کیس، علیمہ خان کے 13ویں مرتبہ ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 26 نومبر احتجاج کیس میں بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کے 13ویں مرتبہ ناقابل ضمانت وارنت گرفتاری جاری کر دیے۔

علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کے خلاف سماعت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔

عدالت میں علیمہ خان پیش نہ ہوئیں جس پر ان کے وکلا کی جانب سے دائر کردہ استثنا کی درخواست مسترد کر دی گئی۔

عدالت نے علیمہ خانم کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے جبکہ ان کے دونوں ضمانتیوں کے بھی ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کر دیے گئے۔

پراسیکیوشن ٹیم عدالت میں موجود رہی۔ پراسیکیوٹر ظہیر شاہ کے مطابق استغاثہ کے 38 گواہان اب تک عدالت میں پیش ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ علیمہ خان جان بوجھ کر سماعت میں رکاوٹ ڈال رہی ہیں۔

عدالت نے سماعت کل تک ملتوی کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ علیمہ خان کو ہر حال میں 19 فروری کو عدالت میں پیش کیا جائے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ علیمہ خان اور ان کے ضمانتیوں کو گرفتار کر کے آئندہ سماعت پر پیش کیا جائے۔

واضح رہے کہ علیمہ خان کے خلاف یہ 13ویں مرتبہ ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔

خلا میں موجود ’شہر تباہ کرنے والے سیارچوں‘ سے متعلق انتباہ جاری

ناسا کے سائنس دانوں نے خبردار کیا ہے کہ زمین اپنے گرد خلا میں تیزی سے گھومنے والے ہزاروں ’شہر تباہ کرنے والے‘ سیارچوں کے خلاف فی الحال اپنا دفاع نہیں کر سکتی۔

ان کے اندازے کے مطابق تقریباً 15 ہزار درمیانے حجم کے ایسے خلائی پتھر موجود ہیں جو زمین سے ٹکرانے کے فاصلے پر ہیں مگر اب تک دریافت نہیں ہو سکے۔

سن 2022 میں ہونے والے مشن ڈارٹ (DART) نے ثابت کیا تھا کہ ہنگامی صورتِ حال میں ہم راکٹ کے ذریعے کسی سیارچے کا رخ موڑ سکتے ہیں۔ تاہم، اس مہم کی سربراہ نے کہا ہے کہ اگر دوبارہ ایسا خطرہ پیدا ہوا تو ہم فی الحال اس کے لیے تیار نہیں۔

ڈی اے آر ٹی مشن کی چیف ڈاکٹر نینسی (جو جان ہوپکنز یونیورسٹی سے وابستہ ہیں) کا کہنا تھا کہ ہمیں ان شہر تباہ کرنے والے سیارچوں کی فکر لاحق رہتی ہے۔ڈی آر ٹی ایک شاندار عملی مظاہرہ تھا، لیکن اگر واقعی کوئی خطرہ سامنے آ جائے تو ہمارے پاس ایسا تیار نظام موجود نہیں جسے فوراً استعمال کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں 140 میٹر قطر والے تقریباً 50 فی صد سیارچوں کے مقام کا علم ہی نہیں، جو باعثِ تشویش ہے۔ اس وقت ہمارے پاس ایسا کوئی فعال نظام نہیں جس کے ذریعے ہم کسی سیارچے کا رخ موڑ سکیں۔ ہم تیار ہو سکتے ہیں، مگر انہیں اس کے لیے ضروری سرمایہ کاری ہوتی نظر نہیں آ رہی۔

انہوں نے خبردار کیا کہ خلائی اداروں کے پاس اتنے وسائل موجود نہیں کہ وہ دفاعی نظام کو مسلسل ہائی الرٹ پر رکھ سکیں۔

آئی ایم ایف کی شرط، کیپٹو پاور پلانٹ پر لیوی عائد، بجلی سستی کرنے کی راہ ہموار

اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرط پرعائدکیپٹو پاورلیوی سےبجلی سستی کرنےکی راہ ہموار ہوگئی۔

وفاقی حکومت نےکیپٹوپاور پلانٹس پرایک ہزار247  روپے فی ایم ایم بی ٹی یولیوی عائد کردی، لیوی کی رقم پاورسیکٹرکے تمام کیٹگری کےبجلی صارفین کیلئے ٹیرف کم کرنے پراستعمال کی جائے گی۔

حکومت نے کیپٹوپاور لیوی کی رقم سے صارفین کو ماہانہ بنیادوں پربجلی کاریلیف دینےکامنصوبہ بنایا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن نے دسمبر2025 کےلیے کیپٹو پاور پلانٹس پر لیوی کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

حکومت نےآف دی گرڈ کیپٹو پاور پلانٹس لیوی ایکٹ 2025کے تحت لیوی عائد کی،وفاقی کابینہ کی جانب سےکیپٹو پاورلیوی کاریلیف بجلی صارفین کومنتقل کرنےکی منظوری دی گئی تھی۔

غیر حل شدہ سیاسی تنازعات صورتحال کو بارود کے ڈھیر میں تبدیل کر رہے ہیں: وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کرہ ارض کو درپیش عالمی بحرانوں کواجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیرحل شدہ سیاسی تنازعات صورتحال کو بارود کے ڈھیر میں تبدیل کررہے ہیں۔

اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ’’پائیدار ترقی، عالمی امن و خوشحالی کا راستہ‘‘کے موضوع پر خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا سفارتکاری، بات چیت اور مکالمہ تنازعات روکنے کا واحد ذریعہ ہے، پائیدار ترقی کو عدل و انصاف پر مبنی ہونا چاہیے، اس کے بغیرعالمی امن ہمیشہ کیلئے خواب ہی رہے گا۔

انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان کا ہمسایہ دریائے سندھ کے پانی کی تقسیم کے نظام کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی دھمکی دے رہا تھا جو پاکستان کے 24 کروڑ لوگوں کی زندگیوں اور روزگار کی ضمانت ہے، اقوام متحدہ کو پہلے سے بہت زیادہ مضبوط، مناسب وسائل سے لیس اور اصلاح شدہ ادارہ بنایا جائے تاکہ یہ عالمی تعاون کے مرکزی ستون کے طور پر کام کرتا رہے۔ 

وزیراعظم نے پاکستان اور اقوام متحدہ کے مختلف اداروں کے مابین تعاون کے معاہدوں پردستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔

پنجاب حکومت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانت کیخلاف اپیلیں واپس لے لیں

اسلام آباد:

پنجاب  حکومت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانت کے خلاف اپیلیں واپس لے لیں۔

سپریم کورٹ میں پنجاب حکومت نے بانی تحریک انصاف کی ضمانت کے خلاف اپیل واپس لے لیں جب کہ بشریٰ بی بی کی ضمانت کے خلاف اپیل بھی واپس لے لی گئی۔

سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انہیں ہدایات ہیں کہ ضمانت کے خلاف اپیلیں واپس لے لی جائیں، جس پر عدالت نے ضمانت کے خلاف اپیلیں واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دیں۔

سائفر ایپل کیس بغیر کارروائی ملتوی

دریں اثنا سپریم کورٹ میں سائفر اپیل کیس بھی بغیر کارروائی ملتوی کردیا گیا۔

پراسیکیوٹر جنرل کے مطابق ہم نے اس کیس تفضیلی فیصلہ جمع نہیں کرایا، اس کے لیے مہلت دی جائے۔ اس موقع پر بیرسٹر سلمان صفدر روسٹرم پر آ گئے، جس پر جسٹس ہاشم کاکڑ نے استفسار کیا کہ آپ کیا کررہے ہیں؟

بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ سر میں کورٹ میں تھا مجھے اس کیس میں نوٹس نہیں ہوا۔

جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیے کہ اگر آپ چاہتے ہیں تو آپ کو نوٹس کر دیتے ہیں۔ لیکن ابھی یہ طے نہیں ہوا کہ اپیل قابلِ سماعت ہے یا نہیں۔

بعد ازاں عدالت نے تفصیلی فیصلہ جمع کرانے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت کو غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا۔

جنیوا میں یوکرین جنگ پر اہم مذاکرات، کیا امن معاہدہ قریب ہے؟

یوکرین جنگ کے خاتمے کی کوششوں کے تحت روس اور یوکرین کے درمیان امن مذاکرات کا دوسرا دور آج (بدھ) جنیوا میں دوبارہ شروع ہونے والا ہے۔

امریکی حکام نے مذاکرات میں پیش رفت کا عندیہ دیا ہے، تاہم کسی بڑی کامیابی کی توقع کم ظاہر کی جا رہی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ مذاکرات تقریباً چار سال سے جاری جنگ کو روکنے کی تازہ سفارتی کوشش ہیں۔ اس جنگ میں لاکھوں افراد ہلاک یا بے گھر ہو چکے ہیں جبکہ یوکرین کے مشرقی اور جنوبی علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔

امریکی ایلچی اسٹیو وٹکوف نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا کہ دونوں فریقوں کو مذاکرات کی میز پر لانا ایک اہم پیش رفت ہے۔ ان کے مطابق فریقین نے اپنے اپنے رہنماؤں کو آگاہ کرنے اور بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

یوکرینی صدر زیلنسکی نے کہا ہے کہ وہ جنگ کے خاتمے کے لیے باعزت معاہدے کی جانب تیزی سے بڑھنے کو تیار ہیں، تاہم انہوں نے روس کی نیت پر سوال اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر روس سنجیدہ ہے تو اسے میزائل حملوں کے بجائے سفارتکاری کو ترجیح دینا ہوگی۔

روسی ترجمان دمتری پیسکوف نے پہلے ہی عندیہ دیا تھا کہ مذاکرات کے پہلے دن کسی بڑی پیش رفت کی توقع نہ رکھی جائے۔ ادھر یوکرین نے الزام عائد کیا ہے کہ مذاکرات سے قبل روس نے میزائل اور ڈرون حملے کیے، جبکہ روس نے بھی یوکرین پر اپنے علاقوں پر ڈرون حملوں کا الزام لگایا ہے۔

روس 2014 میں کریمیا پر قبضے کے بعد یوکرین کے تقریباً پانچویں حصے پر قابض ہے اور مشرقی ڈونیتسک کے مکمل کنٹرول کا مطالبہ کر رہا ہے، جسے کیف نے مسترد کر دیا ہے۔ یوکرین کا کہنا ہے کہ کسی بھی معاہدے کے لیے سکیورٹی ضمانتیں ناگزیر ہوں گی۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اگرچہ سفارتی کوششیں جاری ہیں، لیکن فریقین کے سخت مؤقف کے باعث کسی بڑے بریک تھرو کے امکانات محدود دکھائی دیتے ہیں۔

تمام اضلاع میں سڑکیں کھول دی گئی ہیں، کے پی حکومت کی رپورٹ پشاور ہائیکورٹ میں پیش

خیبر پختونخوا حکومت نے پشاور ہائیکورٹ کے حکم پر بند سڑکیں کھولنے سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی۔

سڑکوں کی بندش کے خلاف درخواست پر سماعت پشاور ہائیکورٹ میں ہوئی جس دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل اور پولیس حکام عدالت میں پیش ہوئے۔

صوبائی حکومت نے سڑکیں کھولنے سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کی جبکہ ایڈووکیٹ جنرل پختونخوا نے بتایا کہ ہائیکورٹ کے حکم پر آئی جی نے سڑکیں کھولنے کیلئے احکامات جاری کیے، پولیس کو حکم دیا کہ قانون کی خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے۔

ایڈووکیٹ جنرل نے پشاور ہائیکورٹ میں مؤقف اختیار کیا کہ اب تمام اضلاع میں سڑکیں کھول دی گئی ہیں۔

دوسری جانب وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا سڑک کی بندش سے ایک خاتون کی جان گئی، اس کا مقدمہ درج کرایا جائے، جس پر عدالت نے کہا ہمارے سامنے ایسی کوئی شکایت نہیں آئی، آ جائے تو احکامات دیں گے۔

جسٹس اعجاز انور نے ریمارکس دیے پشاور میں ٹریفک نظام بہت خراب ہے، کبھی وکلا، کبھی تاجر تو کبھی کوئی اور خیبر روڈ بند کرتے ہیں، جس پر ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ ٹریفک ماسٹر پلان بن رہا ہے، سیف سٹی پراجیکٹ پر کام جاری ہے۔

فاضل جج کا کہنا تھا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سزائیں دیں تب لوگ قانون پر عمل درآمد کریں گے۔

پشاور ہائیکورٹ نے رپورٹ جمع ہونے پر سڑکوں کی بندش سے متعلق درخواست نمٹا دی۔

لاہور: گھریلو ملازمہ سے زیادتی اور نازیبا ویڈیوز بنانے والا ملزم گرفتار

لاہور میں گھریلو ملازمہ سے زیادتی اور نازیبا ویڈیوز بنانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق لاہور کے علاقے گلبرگ میں گھریلو ملازمہ سے زیادتی اور نازیبا ویڈیوز بنانے والے ملزم کو پولیس نے اپنی گرفت میں لے لیا۔

پولیس نے بتایا کہ متاثرہ لڑکی والدین کے ساتھ نجی سوسائٹی میں واقع گھر میں کام کرتی تھی۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت حسنین کے نام سے ہوئی ہے جس کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔