All posts by Khabrain News

سابق گرل فرینڈ نے بچے سے ملنے کے لیے ایلون مسک پر مقدمہ کردیا

ایلون مسک کی سابق گرل فرینڈ گرائمز نے اپنے بچے سے ملنے کے لیے دنیا کے امیر ترین شخص کے خلاف مقدمہ دائر کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق 52 سالہ ایلون مسک اور 35 سالہ گرائمز 2018 سے ایک ساتھ رہے تھے اور دونوں کے درمیان 2021 میں علیحدگی ہوئی۔ جس کے دوران تین بچے بھی ہوئے تاہم دونوں نے شادی نہیں کی تھی۔

ایلون مسک اور گرائمز کے پہلے بیٹے کا نام X AE A-12 ہے اور پھر 2021 میں سروگریسی کے ذریعے بیٹی کی پیدائش ہوئی جس کا نام Exa Dark Siderael Musk رکھا گیا جب کہ تیسرے بچے کا نام ٹیکنو میکانکس تھا۔

تیسرے بچے کے بارے میں معلومات پہلی بار پچھلے ماہ صحافی والٹز آئزاکسن کی ایلون مسک کی سوانح عمری میں سامنے آئی ورنہ اس سے قبل جوڑے کے دو بچوں کے بارے میں ہی معلوم تھا۔

ایلون مسک کی گرائمز کے ساتھ دوستی سے قبل دو شادیاں ناکام ہوچکی تھیں۔ دوسری بیوی سے طلاق کے ایک سال بعد دوبارہ شادی کی تھی لیکن یہ رشتہ تین سال بعد دوبارہ طلاق پر ختم ہوا تھا۔

اپنی اولادوں کے حوالے سے ایلون مسک متضاد دعوے کرتے ہیں اور زیادہ تر بچوں کی تعداد 11 بتاتے ہیں اور کہیں یہ تعداد 10 کہتے ہیں۔ یہ بچے دو بیویوں اور ایک گرل فرینڈ سے ہیں۔

گرل فرینڈ گرائمز نے اپنی درخواست میں دعویٰ کیا کہ ایلون مسک انہیں ایک بچے سے ملنے نہیں دیں گے۔ انھوں نے عدالت سے یہ بھی استدعا کی کہ اس بچے کے قانونی والد کا تعین بھی کرے۔

غالبا گرائمز اپنے تیسرے بچے کے حوالے سے عدالت سے رجوع کیا ہے۔ دوسری جانب ایلون مسک کا اس پر کوئی تبصرہ تاحال سامنے نہیں آیا۔

عمران خان صدر مملکت سے بہت مایوس اور دکھی ہیں، علیمہ خان

 لاہور: چیرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان اس بات پر مایوس ہیں کہ صدر نے الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور میں 9 مئی جلاؤ گھیراؤ مقدمات میں چیرمین پی ٹی آئی کی بہنوں اور اسد عمر سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی۔

عدالت نے جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں وکلاء کو حتمی دلائل کے لیے طلب کرتے ہوئے ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 16 اکتوبر تک توسیع کردی۔چیرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان روسٹرم پر آگئیں اور کہا کہ ہمیں انصاف دیا جائے روز پیشی پر آتے ہیں، اگر جیل بھیجنے سے انصاف ہوتا ہے تو بھیج دیں، ہم کیا مانگ رہے ہیں انصاف ہی مانگ رہے ہیں۔

خلائی فضلے پر پہلی بار کسی کمپنی پر جرمانہ عائد

 واشنگٹن: (خبریں ڈیجیٹل) امریکی حکومت نے زمین کے مدار میں خلائی فضلات چھوڑنے پر پہلی بار کسی کمپنی پر جرمانہ عائد کیا ہے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کے فیڈرل کمیونیکیشن کمیشن نے ڈش نیٹ ورک پر خلا میں اپنی پرانی سیٹلائٹ کو دوسری سیٹلائٹ سے دور کرنے میں ناکامی پر 150,000 ڈالرز جرمانہ عائد کیا ہے۔

کمپنی نے اپنی EchoStar-7 سیٹلائٹ سے متعلق اپنی غلطی کا اعتراف کیا اور ایف سی سی کے ساتھ ’تعمیل پلان‘ پر بھی اتفاق کیا۔ دوسری جانب ایف سی سی نے کہا کہ کمپنی کی پرانی سیٹلائٹ سے زمین کے گرد چکر لگانے والی دیگر سیٹلائٹس کے لیے ممکنہ خطرہ لاحق ہے۔

واضح رہے کہ خلائی فضلات پرانی سیٹلائٹس اور خلائی جہازوں کے پرزوں کے ایسے ٹکڑوں کو کہا جاتا ہے جو زمین کے گرد مدار میں موجود ہوتے ہیں لیکن اب استعمال میں نہیں ہوتے اور ان سے دیگر لانچ کی جانی والی ٹیکنالوجیز کے تصادم کا خطرہ ہوتا ہے۔

دوسری جانب ڈش کی EchoStar-7 سیٹلائٹ، جو پہلی بار 2002 میں لانچ کیا گیا تھا، جیو سٹیشنری مدار میں تھا جو زمین کی سطح سے 22,000 میل (36,000 کلومیٹر) فاصلے سے شروع ہوتا ہے۔ کمپنی کا مقصد سیٹلائٹ کو زمین سے 186 میل دور منتقل کرنا تھا لیکن 2022 میں اسے صرف 76 میل منتقل کیا گیا تھا۔

ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب میں سٹارز بھارتی گلوکار آواز کا جادو جگائیں گے

نئی دہلی:  کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کی افتتاحی تقریب میں سٹارز بھارتی گلوکار آواز کا جادو جگائیں گے۔

افتتاحی تقریب میں بھارتی لیجنڈ گلوکارہ آشا بھوسلے، شریا گھوشال، ارجیت سنگھ اپنی آواز کا جادو جگائیں گے، بھارتی اداکار رنویر سنگھ بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

نریندر مودی کرکٹ سٹیڈیم احمد آباد میں ہونیوالی ورلڈ کپ 2023 کی افتتاحی تقریب میں آتشبازی کا مظاہرہ کیا جائے گا، آئی سی سی، گلوبل کرکٹ باڈی اور بی سی سی آئی کے نمائندگان سمیت ایونٹ میں شامل تمام دس ٹیموں کے کپتان بھی شرکت کریں گے۔

ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب 4اکتوبر کو ہوگی، ایونٹ کا پہلا میچ 5اکتوبر کو نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدر لینڈ کے خلاف کھیلے گی اور پاک بھارت ٹاکرا 14 اکتوبر کو احمد آباد میں ہو گا۔

سائفرکیس کی ان کیمرا سماعت کی درخواست مسترد

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفر کیس کی کارروائی ان کیمرا کرنے کی ایف آئی اے کی درخواست مسترد کردی، سماعت اوپن کورٹ میں ہی ہوگی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایف آئی اے کی جانب سے سائفر کیس کی ان کیمرا سماعت کی درخواست  پر فیصلہ سنادیا۔ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر اوپن کورٹ میں سماعت ہوگی، جن دستاویزات کو ان کیمرا رکھنا ہوگا وہ وکلا کی مشاورت سے رکھی جائیں گی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواست پر 9 اکتوبر کو سماعت ہوگی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایف آئی اے کی ان کیمرا سماعت سے متعلق درخواست پر 2 روز قبل فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

اسرائیل کو تسلیم کرنا مزاحمت چھوڑ کر ہتھیار ڈالنے کے مترادف ہے؛ ایران

تہران: ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے اسرائیل کو تسلیم کرنے والے مسلم ممالک کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جارحیت کا ایک ہی جواب ہوتا ہے اور وہ مزاحمت ہے۔

ایران کی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق ایران میں اسلامی اتحاد کے لیے منعقد کردہ بین الاقوامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے والوں نے شکست خوردہ گھوڑے پر پیسے لگا دیے ہیں۔

صدر ابراہیم رئیسی نے مزید کہا کہ مسلم ممالک کا صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانا ایک پسماندہ عمل ہے۔ دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے مزاحمت کا انتخاب ہتھیار ڈالنے سے زیادہ کامیاب ثابت ہوتا ہے۔

ایرانی صدر نے مزید کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے والوں نے صہیونی حکومت کے آگے ہتھیار ڈال دیئے ہیں۔

یاد رہے کہ امریکی ثالثی میں 2020 اور 2012 میں متحدہ عرب امارات، بحرین اور مراکش سمیت کچھ مسلم ممالک اسرائیل کو تسلیم کرکے سفارتی اور تجارتی تعلقات بحال کرچکے ہیں۔

امریکا نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کی بحالی کا معاہدہ آخری مراحل میں ہے۔ اسرائیل نے بھی تصدیق کی تھی جب کہ سعودیہ کا مؤقف ہے کہ فلسطین کے دو ریاستی حل تک کوئی معاہدہ نہیں ہوسکتا۔

‘میرا شہزادہ سلیم’ ماہرہ نے شادی کے خوبصورت لمحات شیئر کردیئے

لاہور: حال ہی میں دوبارہ شادی کے بندھن میں بندھنے والی سپر سٹار اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے خوبصورت لمحات مداحوں کیساتھ شیئر کردیئے۔

ماہرہ خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر شادی کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی ہیں۔

ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ماہرہ خان سفید عروسی لباس اور سادہ جیولری پہن کر اپنی شادی کی تقریب میں داخل ہو رہی ہیں جہاں ان کا بیٹا بھی ان کے ہمراہ ہے، اداکارہ سٹیج کی جانب بڑھتے ہوئے اپنے شوہر سلیم کریم کا ہاتھ تھامتی ہیں اور دونوں رقص بھی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

انہوں نے اپنی شادی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں اپنے شوہر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ’میرا شہزادہ، سلیم‘۔

اس کے علاوہ ماہرہ خان نے اپنے شوہر کے ساتھ ایک اور دلکش تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا “بسم اللہ، شكر الحمد اللہ”۔

دوسری جانب تصاویر، ویڈیو کے کمنٹ سیکشن میں مداحوں اور ساتھی اداکاروں سمیت بھارتی اداکاروں نے بھی ماہرہ خان کو شادی کی مبارک باد بھی دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

بونی کپور نے اپنی بیوی سری دیوی کو مارنے کے الزام پر 5 سال بعد خاموشی توڑ دی

نامور بھارتی پروڈیوسر بونی کپور نے اپنی بیوی سری دیوی کو مارنے کے الزام پر 5 سال بعد خاموشی توڑ دی ہے۔

بونی کپور نے ایک انٹرویو میں کہا کہ اداکارہ کی موت طبعی نہیں بلکہ حادثاتی تھی اور انہیں دبئی پولیس سے کلین چٹ لینے کیلئے مختلف اقسام کے ٹیسٹوں سے گزرنا پڑا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ دبئی پولیس پر انڈین میڈیا کا بہت زیادہ دباؤ تھا لیکن انہیں جلد اندازہ ہوگیا کہ میری طرف سے کوئی غلط کام نہیں کیا گیا ہے۔

بونی کپور کے مطابق سری دیوی نے سخت ترین ڈائٹ کی وجہ سے اپنی صحت خراب کردی تھی اور وہ اکثر فاقے کیا کرتی تھیں تاکہ اسمارٹ نظر آئیں۔

امریکی وزیر دفاع کا آرمی چیف سے ٹیلیفونک رابطہ

امریکی وزیر دفاع لائیڈ جے آسٹن نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔

پینٹاگون کے پریس سیکرٹری بریگیڈیئر جنرل پیٹ رائیڈر نے ایک بیان میں کہا کہ وزیر دفاع لائیڈ جے آسٹن سوم نے منگل کو پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر سے فون پر بات چیت کی۔

 آرمی چیف اور امریکی وزیر دفاع نے باہمی دلچسپی کے شعبوں کے ساتھ ساتھ حالیہ علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔

اس حوالے سے آئی ایس پی آر کی جانب سے فوری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

کرکٹ میں نظم و ضبط کی ضرورت ہوتی ہے اور اسلام یہی سکھاتا ہے، میتھیو ہیڈن

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق مینٹور اور سابق آسٹریلوی کرکٹر میتھیو ہیڈن نے کہا ہے کہ کرکٹ میں نظم و ضبط کی ضرورت ہوتی ہے اور اسلام یہی سکھاتا ہے۔

بھارت کے شہر حیدرآباد میں ہونے والے پاک آسٹریلیا ورلڈکپ وارم اپ میچ میں کمنٹری کے دوران میتھیو ہیڈن نے اِن خیالات کا اظہار کیا۔ ساتھی کمنٹیٹر رمیز راجہ نے اُن سے قومی ٹیم کے ساتھ گزارے گئے وقت اور تجربے سے متعلق دریافت کیا۔

میتھیو ہیڈن نے کھلاڑیوں کو متحد رکھنے میں دینِ اسلام کو اہم عنصر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ‘پاکستان کرکٹ ٹیم دینِ اسلام پر بہت زیادہ توجہ دیتی ہے۔ کھلاڑیوں کے اس نظم و ضبط کی میں ہمیشہ تعریف کرتا ہوں۔’

سابق کرکٹر نے مزید کہا کہ ‘پاکستانی ٹیم کے ان لڑکوں میں قدرتی صلاحیت ہے۔ وہ گلی کرکٹ اور ٹینس کرکٹ کی وجہ سے اس کھیل سے خاص لگاؤ رکھتے ہیں۔’

خیال رہے کہ میتھیو ہیڈن آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 میں قومی ٹیم کے مینٹور کی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔ اس دوران وہ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان سے کافی متاثر ہوئے جب رضوان نے انہیں انگریزی قرآن پیش کیا تھا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بعد اپنے ایک بیان میں ہیڈن کا کہنا تھا کہ ‘پاکستانی کرکٹ سے پیار کرتے ہیں، ان کے پاس بہت اچھے نوجوان کھلاڑی ہیں۔ میں ٹیم کے ساتھ کم وقت کیلئے ہوں لیکن احساس ہے کہ یہ کتنے اچھے ہیں۔ اسلام نے ان کھلاڑیوں کو یکجا کیا ہے جو بہت اچھی بات ہے۔’