All posts by Khabrain News

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج پر حملہ؛ ہلاکتوں کا خدشہ

سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے ضلع راجوڑی میں بھارتی فوج پر نامعلوم افراد کے حملے میں 3 اہلکار شدید زخمی ہوگئے جس کے باعث ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر جا رہا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع راجوڑی میں فوجی اہلکار معمول کی گشت پر تھے جب ان کی گاڑی پر نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند گولیاں برسا دیں جس کے نتیجے میں 3 اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔

مقبوضہ کشمیر میں چپے چپے پر سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں جس کے باوجود حملہ آوروں نے نہ صرف اپنے ہدف کو نشانہ بنایا بلکہ حیران کن طور پر کارروائی کے بعد بآسانی فرار بھی ہوگئے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جیسے ہی ہم حملہ آور بھارتی فوج کی گاڑی کے قریب پہنچے۔ اہلکاروں کو اسلحہ نکالنے کا بھی موقع نہیں ملا اور وہ جان بچانے کے لیے بدحواس ہوکر دوڑ پڑے تھے۔

زخمی ہونے والوں کو اہلکاروں کو قریبی ملٹری اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں تینوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تاحال بھارتی فورسز حملہ آوروں کا سراغ لگانے میں ناکام رہی ہیں۔

توہین الیکشن کمیشن کیس؛ فواد چوہدری کی بریت کی درخواست پر نوٹس جاری

 اسلام آباد: ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا نے فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس میں بریت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے 23 اکتوبر کو دلائل طلب کرلیے ہیں۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا نے فواد چوہدی کی بریت کی درخواست پر سماعت کی۔

وکیل فیصل چوہدری کے ذریعے دائر بریت کی درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ فواد چوہدری کے خلاف مقدمہ سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا، مقدمہ میں کوئی ثبوت نہیں اور نا ہی ایف آئی آر میں لگائی گئی دفعات کا اطلاق ہوتا ہے۔ چالان میں بنیادی نوعیت کے ثبوت بھی نہیں حاصل کیے جا سکے۔ مدعی الیکشن کمیشن کا ملازم ہے اسکے اپنے بیان کو سپورٹ کرنے کے لیے اسکا بیان تک شامل نہیں کیا گیا۔

عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اس کیس میں بریت کی درخواست منظور کی جائے۔

عدالت نے فواد چوہدری کی بریت کی درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت 23 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

ورلڈ کپ: پاک بھارت میچ کے ٹکٹس اڑھائی کروڑ روپے میں فروخت ہونے کا انکشاف

نئی دہلی: (خبریں ڈیجیٹل) پاکستان اور بھارت کے درمیان ورلڈ کپ میچ کے ٹکٹ مکان سے بھی زیادہ مہنگے بکنے لگے۔

ذرائع کے مطابق بھارت میں ہونیوالے ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کا ٹکٹ 25 ملین روپے میں فروخت ہونے لگا جو پاکستانی روپوں میں اڑھائی کروڑ روپے بنتا ہے۔

دوسری جانب دنیا بھر سے شائقین کرکٹ کو بھی بھارت کے ویزے کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے ،انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو سپورٹ کرنے والی بارمی آرمی نے بھی بھارت کا دورہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب 4اکتوبر کو ہوگی، ایونٹ کا پہلا میچ 5اکتوبر کو نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدر لینڈ کے خلاف کھیلے گی اور پاک بھارت ٹاکرا 14 اکتوبر کو احمد آباد میں ہو گا۔

بجلی کی قیمت میں مزید 3 روپے 28 پیسے اضافے کی منظوری

اسلام آباد: حکومت نے صارفین پر بجلی گرادی اور بجلی کے ریٹ میں مزید اضافہ کردیا۔

وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد نیشنل الیکٹرک پاور ریگیولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے فیول ایڈجسٹمنٹ سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا اور سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 3 روپے 28 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دی۔

یہ اضافہ مالی سال2022/23کی چوتھی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں صارفین پر 159ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

اس ضمن میں نوٹیفیکشن جاری کردیا گیا جس کے مطابق صارفین سے آئندہ چھ ماہ تک اضافی وصولیاں کی جائیں گی۔

لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر چیئرمین نادرا مقرر، کابینہ نے منظوری دیدی

لاہور: (خبریں ڈیجیٹل) لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر چیئرمین نادرا مقرر ہو گئے، وفاقی کابینہ نے تین ناموں میں سے لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کی تعیناتی کی منظوری دی۔

سلیکشن کمیٹی نے چیئرمین نادرا کے لئے تین بہترین امیدواروں کے نام شارٹ لسٹ کیے تھے، کابینہ نے تفصیلی غور خوض کے بعد نادرا کے نئے چیئرمین کے لیے لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کی تقرری کی منظوری دے دی۔

لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کی بطور چیئرمین نادرا تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری ہو گیا، وزارت داخلہ نے تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔

لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر ہلال امتیاز (ملٹری) پاکستان آرمی اور اقوام متحدہ مشن میں آئی ٹی سے متعلق تکنیکی ترقی اور انتظام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر پبلک پالیسی اینڈ نیشنل سکیورٹی مینجمنٹ میں ایم فل ہیں۔

انہوں نے 2010ء کے سیلاب کے دوران جی آئی ایس کے شعبہ میں پبلک پالیسی ریسپانس پر تحقیقی مقالہ مرتب کیا، لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر نے جیو گرافک انفارمیشن سسٹمز (جی آئی ایس) اور ریموٹ سینسنگ میں ایم ایس کیا۔

فوٹو میٹری کے ذریعے تیز رفتار جغرافیائی ڈیٹا تخلیق سے متعلق ان کے مقالے پر انہیں صدارتی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا، انہوں نے این ڈی یو واشنگٹن ڈی سی سے نیشنل ریسورس سٹریٹجی (سی اینڈ آئی ٹی انڈسٹری اینڈ سپلائی چین مینجمنٹ) میں ایم ایس کیا، جہاں انہیں ایک ممتاز گریجویٹ قرار دیا گیا۔

لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر اس وقت نسٹ (NUST) اسلام آباد میں ریموٹ سینسنگ میں پی ایچ ڈی کے امیدوار ہیں، ان کا تحقیقی مقالہ ریموٹ سینسنگ اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے پلانٹ ڈزیزز کا پتہ لگانے سے متعلق ہے۔

آئی ٹی اور جی آئی ایس کے مختلف پہلوؤں سے متعلق کریڈٹ کے لئے لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر نے متعدد تحقیقی اشاعتیں کیں، آئی ٹی سے متعلق کام کے تجربہ میں ملٹری جیو گرافک انفارمیشن سسٹمز (جی آئی ایس) آفیسر کے طور پر یو این ایم ایس میں خدمات انجام دینا شامل ہیں۔

2010ء کے سیلاب کے دوران لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کی سیلاب سے بحالی کے لئے جی آئی ایس ایپلی کیشن کی تیاری میں وسیع پیمانے پر خدمات موجود ہیں، میجر جنرل کی حیثیت سے وہ ڈی جی کمانڈ، کنٹرول، کمیونیکیشن، کمپیوٹرز اینڈ انٹیلی جنس (C41) ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر جنرل بھی رہے جو آئی ٹی کے مکمل انتظام کی ذمہ دار ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی کے بعد محمد منیر افسر انسپکٹر جنرل کمیونیکیشن اینڈ آئی ٹی کے ساتھ ساتھ کمانڈر پاکستان آرمی سائبر کمانڈ بھی رہ چکے ہیں۔

اداکارہ ماہرہ خان ہنی مون پر شوہرسلیم کریم کے ہمراہ مالدیپ روانہ

شوہراور دوستوں کے ہمراہ گروپ فوٹو سوشل میڈیا پر وائرل

اداکارہ ماہرہ خان ہنی مون پر شوہر سلیم کریم کے ہمراہ مالدیپ روانہ ہوگئیں،پاکستانی اداکارہ کامالدیپ میں شوہر اور اپنے دوستوں کے ہمراہ گروپ فوٹو سوشل میڈیا پر وائرل ، یاد رہے اداکارہ نے گزشتہ روز ہی مری میں اپنے پرانے دوست اور کاروباری شخصیت سلیم کریم کے ساتھ شادی کی تھی جس کے بعد وہ ہنی مون کیلئے مالدیپ روانہ ہوگی ۔تصویر میں دیکھ جا سکتا ہے کے ماہرہ خان اپنے شوہرسلیم کریم اور دوستوں کے ہمراہ مالدیپ میں موجود ہیں۔گزشتہ روزہونے والی شادی کی تقریب میں محدود تعداد میں قریبی دوست اور رشتہ دار شریک ہوئے۔

پی آئی اے پروازوں کی وقت پر آمد اور روانگی یقینی بنائے، سعودیہ ایوی ایشن کی وارننگ

سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے پروازوں میں تاخیر پر پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) سمیت دیگر ائیرلائنز کو تنبیہ کردی۔

سعودی ایوی ایشن نے مجموعی طور 26 ائیرلائنز کو وارننگ لیٹر جاری کیے  اور کہا کہ ائیرلائنز نے پرفارمنس ٹھیک نہیں کی تو ان کے سلاٹس کم کردیے جائیں گے۔

سعودی ایوی ایشن  نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے اپنی پروازوں کی وقت پرآمد اورروانگی یقینی بنائے۔

پروازوں میں تاخیر پر پی آئی اے کو جرمانے کی بھی وارننگ دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے کا سعودی عرب کیلئے فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہے، طیارے خراب ہونے کی وجہ سے پروازیں کئی کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں۔

پاکستانی کوہ پیما سرباز خان نے دنیا کی چھٹی بلند ترین چوٹی ”چو اویو“ کو سر کرلیا

پاکستان نے کوہ پیمائی میں ایک اور تاریخ رقم کردی ہے، پاکستانی کوہ پیما سرباز خان بلند ترین چوٹیوں میں سے 13 چوٹیاں سر کرنے والے واحد پاکستانی بن گئے۔

بتیس سالہ سرباز خان نے چین کے علاقے تبت میں واقع دنیا کی چھٹی بلند ترین چوٹی ”چو اویو“ (Cho Oyo) سر کرکے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا۔

انہوں نے آکسیجن سپورٹ کے بغیر اس بلند ترین چوٹی کو سر کیا۔

اس کے علاوہ انہوں نے ’ہمت مرداں مددِ خدا‘ کے تحت آکسیجن سپورٹ کے بغیر 8000 میٹر سے بلند 10 چوٹیاں سر کی ہیں۔

انہوں نے ایک دن پہلے پہاڑ کے کیمپ ون (camp-I) سے اپنے اس مشکل ترین سفر کا آغاز کیا تھا، اور وہ آج اس چوٹی تک پہنچنے میں کامیاب بھی ہوگئے۔

ویرات کوہلی اچانک ٹیم کو چھوڑ کر ممبئی روانہ

 ممبئی: بھارتی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی ذاتی ایمرجنسی کے باعث اچانک گوہاٹی سے ممبئی روانہ ہوگئے۔

ویرات کوہلی کے اچانک روانہ ہونے پر بھارتی کرکٹ بورڈ نے بلے باز کی نیدرلینڈ کے خلاف وارم میچ میں شرکت کی تصدیق نہیں کی ہے تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق ویرات کوہلی میچ کے روز ٹیم میں شامل ہو جائیں گے۔

دوسری جانب، بھارتی ٹیم کا بقیہ اسکواڈ وارم اَپ میچ کے لیے ترویندرم پہنچ چکا ہے۔

کرکٹ کی ویب سائٹ ’’کرک بز‘‘ کے ذرائع کے مطابق ’’بھارتی بورڈ نے ذاتی وجوہات کی بنا پر ویرات کوہلی کے ممبئی جانے اور ٹیم کو دوبارہ جوائن کرنے کی تصدیق کی ہے‘‘۔

اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ ویرات کوہلی کن وجوہات کی بنا پر ٹیم کو چھوڑ کر گئے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت اور نیدرلینڈ کےدرمیان وارم اَپ میچ 3 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ بھارت کا پہلا وارم اَپ میچ انگلینڈ کے خلاف بارش کے باعث منسوخ ہوگیا تھا۔

عمران خان کی ضمانت کی 9 درخواستیں مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم

اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کی 9 درخواستیں بحال کرنے کی استدعا پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔

چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے چئیرمین پی ٹی آئی کی درخواستیں بحال کرنے کی استدعا منظور کرلی۔

ان کیسز میں 9 مئی کے تین مقدمات، اسلام آباد میں احتجاج کے تین مقدمات، توشہ خانہ جعل سازی کیس، دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور اقدام قتل کے مقدمات شامل ہیں۔ 6 درخواستیں سیشن کورٹ اور تین انسداد دہشت گردی عدالتوں میں ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ میں ضمانت کی درخواستیں بحال کرتے ہوئے ضمانت خارج کرنے کے ٹرائل کورٹس کے فیصلے کالعدم قرار دے دیے۔

ہائی کورٹ نے ضمانت کی درخواستیں بحال کرتے ہوئے ٹرائل کورٹس کو دوبارہ سماعت کا حکم دیا۔

یاد رہے کہ سیشن کورٹ اور انسداد دہشت گردی عدالت نے عدم پیروی پر ضمانتیں خارج کی تھیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے ضمانتیں خارج کرنے کا فیصلہ چیلنج کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ 9 ضمانت کی درخواستیں متعلقہ عدالتوں میں زیر التوا سمجھی جائیں اور ان 9 مقدمات میں متعلقہ عدالتوں کے حتمی فیصلے تک گرفتاری سے روکا جائے، متعلقہ عدالتوں کو 9 مقدمات کے فیصلے میرٹ پر کرنے کی ہدایت دی جائے۔