All posts by Khabrain News

اخراجات میں کٹوتی اور گیس مہنگی کرنے کیلیے آئی ایم ایف جائزہ مشن رواں ماہ پاکستان پہنچے گا

اسلام آباد: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا جائزہ مشن رواں ماہ کے آخری ہفتے پاکستان آئے گا۔

وزات خزانہ کے ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کا جائزہ مشن رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کی اقتصادی کارکردگی کا جائزہ لے گا، مذاکرات میں ٹیکس، توانائی سمیت دیگر شعبوں میں اصلاحات پر بھی بات چیت ہوگی۔

ذرائع کے مطابق اقتصادی جائزے کی کامیابی سے تکمیل کے بعد آئی ایم ایف بورڈ کی منظوری کی صورت میں پاکستان کو 70 کروڑ ڈالر کی اگلی قسط جاری ہوگی۔

مزید بتایا گیا ہے کہ اخراجات میں کٹوتی کا پلان تیار کرلیا گیا ہے، اخراجات میں کمی کے پلان پر بھی بات چیت ہوگی، تنخواہیں، پنشن، الاؤنسز منجمد کرنے سمیت افسران کا اسٹاف کم کیا جائے گا جب کہ آئی ایم ایف کے مطالبے پر حکومت گیس مہنگی کرنے پر مجبور ہوگی۔

ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کا شیخ رشید کو ایک ہفتے میں پیش کرنے کا حکم

راولپنڈی: شیخ رشید لاپتہ کیس میں عدالت نے سابق وزیر داخلہ کو ایک ہفتے میں برآمد کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں شیخ رشید لاپتہ کیس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس صداقت علی خان نے شیخ رشید کو ایک ہفتے میں پیش کرنے کا حکم  دیتے ہوئے کہا کہ آر پی او صاحب  ایک ہفتے کی آخری وارننگ ہے۔ شیخ رشید برآمد نہیں ہوئے تو تمام افسران کے خلاف مقدمہ درج ہوگا۔

عدالت نے درخواست گزار اور ان کے وکلا سے شیخ رشید احمد کی گرفتاری سے متعلق بیان حلفی بھی طلب کرلیے۔

عدالت نے ریجنل پولیس افسر کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے حد کراس کردی۔ گرفتار کرنے والے ایس ایس پی آپریشن، ڈی ایس پی اور 4 ایس ایچ اوز کے خلاف مقدمہ درج ہوگا۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شیخ رشید کو گھر سے گرفتار کرکے گولڑہ شریف انٹیلیجنس کے دفتر منتقل کیا گیا جس کی ویڈیوز موجود ہیں۔ ہائی کورٹ نے شیخ رشید کی انٹیلیجنس دفتر منتقل کرنے کی ویڈیوز طلب کرلیں۔ دوسری جانب شیخ رشید کے بھتیجے شیخ شاکر اور ملازم شیخ عمران کو چھوڑ دیا گیا۔

سائفر کیس: خصوصی عدالت کا باقاعدہ ٹرائل کا آغاز، چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود کو پیش ہونے کا حکم

آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت نے ملزمان کے باقاعدہ ٹرائل کا آغاز کردیا اور چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود کونوٹس جاری کردیئے۔

سائفر کیس کا چالان جمع ہونے کے بعد ایک اور بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت نے باقاعدہ ٹرائل کا آغاز کردیا ہے۔

خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے چیئرمین پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کا چالان جمع ہونے کے بعد نوٹس جاری کر دیے ہیں

جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ریمارکس دیئے کہ گواہان کے بیانات ملزمان کو نوٹس جاری کرنے کے لیے کافی ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی اڈیالہ جیل میں قید ہیں، اس لیے عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی عدالت پیشی کے حوالے سے سپرٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو نوٹس جاری کیا جاتا ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سپرٹنڈنٹ اڈیالہ جیل چار اکتوبر کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو عدالت میں پیش کرے۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اور شاہ محمود قریشی سائفر گمشدگی کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں موجود ہیں۔

ایف آئی اے کا چالان، عمران خان قصوروار قرار

30 ستمبر کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی ااے) نے کیس سے متعلق چالان آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت میں جمع کرایا جس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی قصوروار قرار دیا گیا ہے۔

ایف آئی اے نے عدالت میں جمع کرائے گئے چالان میں عمران خان اور شاہ محمود کو ٹرائل کر کے سزا دینے کی استدعا کی ہے۔

ذرائع کے مطابق اسدعمر ایف آئی اے کی ملزمان کی لسٹ میں شامل نہیں جب کہ سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان ایف آئی اےکے گواہ بن گئے جن کا 161 اور 164 کا بیان چالان کے ساتھ منسلک ہے۔

ذرائع کے مطابق چالان میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر اپنے پاس رکھ کر اسٹیٹ سیکرٹ ایکٹ کا غلط استعمال کیا، سائفر کاپی عمران خان کے پاس پہنچی مگر واپس نہیں آئی۔

ذرائع نے بتایا کہ ایف آئی اے کی جانب سے جمع کرائے گئے چالان میں مزید کہا گیا کہ شاہ محمود نے 27 مارچ کی تقریر کی پھر چیئرمین پی ٹی آئی کی معاونت کی، تقریر کی ٹرانسکرپٹ سی ڈی بھی منسلک ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے 28 گواہوں کی لسٹ چالان کے ساتھ عدالت میں جمع کرادی، 27 گواہوں کے 161 کے بیانات قلمبند ہونے کے بعد چالان کے ساتھ منسلک ہیں۔

سابق سیکرٹری خارجہ اسد مجید خان، سہیل محمود سمیت ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ فیصل نیاز ترمزی بھی ایف آئی اے کے گواہوں میں شامل ہیں جب کہ سائفر وزارت خارجہ سے لیکر وزیراعظم تک پہنچنے تک تمام چین گواہوں میں شامل ہے۔

ڈچ سائنسدان کی بلوچستان میں آئندہ دو روز میں طاقتور زلزلے کی پیشگوئی

ترکیہ میں زلزلے سے قبل پیش گوئی کرنیوالے ڈچ سائنسدان کی پاکستان میں زلزلے کی پیشگوئی بلوچستان میں زیرِ زمین چمن فالٹ لائن میں تیز لرزش ریکارڈ کی گئی ہے اور اس علاقے میں اگلے دو دن میں کوئی طاقتور زلزلہ آ سکتا ہے،بلوچستان میں زیرِ زمین چمن فالٹ لائن میں تیز لرزش ریکارڈ کی گئی ہے اور اس علاقے میں اگلے دو دن میں کوئی طاقتور زلزلہ آ سکتا ہے، زلزلہ پیما ریسرچ انسٹیٹیوٹ سولر سسٹم جیومیٹری سروے (ایس ایس جی ایس) نے چمن فالٹ لائن میں آئندہ دو روز میں زلزلے کی پیش گوئی کردی۔
زلزلہ پیما ریسرچ انسٹیٹیوٹ سولر سسٹم جیومیٹری سروے (ایس ایس جی ایس) نے بتایا ہے کہ بلوچستان میں زیرِ زمین چمن فالٹ لائن میں تیز لرزش ریکارڈ کی گئی ہے اور اس علاقے میں اگلے دو دن میں کوئی طاقتور زلزلہ آ سکتا ہے جس کی شدت پر 6 یا اُس سے زیادہ ہو سکتی ہے۔ایس ایس جی ایس کے مطابق سطح سمندر کے قریب فضا میں برقی چارج کے اتار چڑھاؤ کو ریکارڈ کیا گیا ہے جس کی وجہ سے نقشے میں جامنی رنگ والے علاقوں (بشمول پاکستان کے صوبہ بلوچستان) میں آئندہ چند روز میں طاقتور زلزلہ آ سکتا ہے۔ایس ایس جی ایس کے مطابق واضح کردہ یہ علاقے صرف ایک تخمینہ ہیں اور درست مقامات کا تعین کرنے کا فی الحال کوئی قابل اعتماد طریقہ نہیں ہے۔
ایس ایس جی ایس نے چمن فالٹ لائن کو انتہائی طاقتور ممکنہ زلزلہ کا ریجن قرار دیا ہے

فیصل آباد: 220 کے وی گرڈ اسٹیشن میں آتشزدگی، متعدد علاقے تاریکی میں ڈوب گئے

فیصل آباد میں 220 کے وی گرڈ اسٹیشن میں آگ لگ گئی جس سے متعدد علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔

آگ لگنے سے متاثرہ گرڈ اسٹیشن کے 11 فیڈرز اور اس سے منسلک 132 کے وی کے 11 گرڈ اسٹیشن پر بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی اور 60 فیڈرز بند ہوگئے جس سے متعدد علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔

آتشزدگی کی اطلاع ملنے کے بعد فائر بریگیڈ کی 5 گاڑیوں نے ڈیڑھ گھنٹے بعد 220 کے وی گرڈ اسٹیشن میں لگی آگ پر قابو پالیا جب کہ فیسکو کی جانب سے 132 کے وی کے 11 گرڈ اسٹیشن پر متبادل ذرائع سے بجلی بحال کردی گئی۔

فیسکو حکام نے کہا کہ صرف آگ سے متاثرہ 220 کے وی گرڈ اسٹیشن کے 11 فیڈرز پر بجلی کی فراہمی معطل ہے، ٹرانسفارمرز اور پینلز کی مرمت کے بعد متاثرہ گرڈ اسٹیشن کے 11 فیڈرز پر بجلی بحال کردی جائے گی۔

فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ؛ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو آدھے گھنٹے میں کیس کی تیاری کا حکم

اسلام آباد: بجلی کے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سے متعلق کیس میں چیف جسٹس پاکستان نے اٹارنی جنرل کی مہلت کی استدعا مسترد کرتے ہوئے آدھے گھنٹے میں کیس کی تیاری کرنے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے خلاف دائر ایک ہزار90 درخواستوں پر سماعت کی۔

دوران سماعت، ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے عدالت کو بتایا کہ اس کیس میں اٹارنی جنرل کو نوٹس نہیں ہے وہ خود دلائل دینا چاہتے ہیں لہٰذا عدالت کچھ مہلت دے دے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے کہ اگر تو آپ خود لکھ کر کہہ دیں کہ عامر رحمان نااہل ہے دلائل نہیں دے سکتے تو ٹھیک ہے لیکن ہم تو عامر رحمان کو نااہل کہنے کی گستاخی نہیں کر سکتے، میں تو سمجھتا ہوں کہ عامر رحمان ایک قابل وکیل ہیں اور کیس میں خود دلائل دے سکتے ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ اتنے سارے وکلاء موجود ہیں، کیس کو ساڑھے 11 بجے وقفے کے بعد سنیں گے، بجلی کی قیمتوں سے متعلق کیسز کا ڈھیر لگا ہے۔

واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے رواں سال بجلی کے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف بجلی ترسیل کرنے والی کمپنیوں نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

افتخار، سلمان خان کی طرح لگتے ہیں: بھارتی لڑکی پاکستانی بیٹر کی دیوانی، شادی کی پیشکش

دبئی کی رہائشی بھارتی لڑکی نے پاکستان کے آل راؤنڈر بیٹر افتخار احمد سے شادی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

حال ہی میں ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر خاصہ وائرل ہے جس میں ہیر نامی لڑکی کا انٹرویو ایک یوٹیوبر نے کیا جس میں لڑکی کا کہنا ہے کہ افتخار دنیا کے لیے چاچا ہوگا مگر میرے لیے نہیں ہے۔

ہیر کے مطابق ان کا تعلق بھارت  سے ہے اور وہ دبئی میں کام کے سلسلے میں رہائش پذیر ہیں، انہوں نے کہا کہ میں بھارت پاکستان اور انڈیا کا میچ دیکھنے جاؤں گی اور اگر بھارت یہ میچ ہارتا ہے تو میں پاکستانی کرکٹر افتخار احمد سے شادی کروں گی۔

روپیہ تگڑا اور سونا سستا، فوج اور نگران حکومت کے اقدامات کے ثمرات سامنے آنے لگے

پاک فوج اور نگران حکومت کی ملکی معیشت میں بہتری کیلئےاٹھائے گئے اقدامات کے ثمرات سامنے  آنے لگے۔

ان اقدامات کے پیش نظر ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن روپے کی قدر اور ڈالر میں کمی کا باعث ہیں، پاکستانی روپے نے ستمبر میں عالمی سطح پربہترین کارکردگی والی کرنسی کا اعزاز حاصل کیا۔

یہی نہیں حالیہ روپے کی قدر امریکی ڈالر کے مقابلے میں7 ہفتے کی بلند ترین سطح پر ہے، روپیہ ڈالرکے مقابلے میں 0.35 فیصد یا 1.01روپے اضافے کے ساتھ 287.74 روپے پر بند ہوا۔

عمران خان کی ضمانت کی 9 درخواستوں پر فیصلہ آج سنایا جائے گا

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت کی 9 درخواستوں پر فیصلہ آج سنایا جائے گا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے محفوظ فیصلہ آج سنانے کی کاز لسٹ جاری کردی جس کے مطابق چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری فیصلہ سنائیں گے۔

سیشن کورٹ اور انسداد دہشتگردی عدالت نے عدم پیروی ضمانتیں خارج کیں تھیں جب کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ان مقدمات میں متعلقہ عدالتوں کے حتمی فیصلے تک گرفتاری سے روکنے کی درخواست دائر کی تھی۔

عمران خان نے درخواست میں مؤقف اختیارکیا گیا کہ 9 ضمانت کی درخواستیں متعلقہ عدالتوں میں زیرِالتوا سمجھی جائیں، ان 9 مقدمات میں متعلقہ عدالتوں کے حتمی فیصلے تک گرفتاری سے روکا جائے، متعلقہ عدالتوں کو 9 مقدمات کے فیصلے میرٹ پر کرنے کی ہدایت کی جائے۔

درخواست کے مطابق ان میں 9 مئی کے 3 مقدمات اور اسلام آباد میں احتجاج کے 3 مقدمات شامل ہیں جب کہ توشہ خانہ جعل سازی، دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور اقدام قتل کا مقدمہ بھی شامل ہے۔

چین کا قومی دن: نگراں وزیرِ اعظم کی چینی صدر کو مبارکباد

نگراں وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ نے چین کے قومی دن پر چینی صدر شی جن پنگ کو مبارک باد دی ہے۔

ایک بیان میں نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کو اپنے آئرن برادر کی کامیابیوں پر بہت فخر ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ آج کی دنیا میں چین امن و استحکام کے ساتھ ساتھ ترقی کا انجن بھی ہے۔

اپنے بیان میں نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاک چین دوستی زندہ باد۔

وزیرِ اطلاعات کی چین کے قومی دن پر مبارکباد

دوسری جانب نگراں وفاقی وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اُمید ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات مزید سنگِ میل عبور کریں گے۔

مرتضیٰ سولنگی کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ پہلے سے زیادہ مضبوط اور خوش گوار ہوں گے۔