All posts by Khabrain News

میانوالی؛ چیک پوسٹ پر حملے میں دو دہشتگرد ہلاک، اہلکار شہید

 لاہور: میانوالی عیسی خیل کنڈل پٹرولنگ پوسٹ پر حملے کے نتیجے میں دو دہشت گرد ہلاک جبکہ اہلکار شہید ہوگیا۔

سی ٹی ڈی پنجاب پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان 4 گھنٹے تک شدید جھڑپ جاری رہی، فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد شدید زخمی ہوا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے مطابق علاقے میں سرچ اور سویپ آپریشن جاری ہے، ہلاک ہونے والے شر پسند ملک بھر میں دہشت گردی کی کئی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، دہشت گردوں کے دیگر ساتھیوں کا تعاقب کیا جا رہا ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے حملہ پسپا کرنے اور دہشت گرد جہنم واصل کرنے پر سی ٹی ڈی کو شاباش دی جبکہ فرض کی راہ میں شہادت کا عظیم مقام پانے والے کانسٹیبل ہارون خان کو سلام پیش کیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کنڈل پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی، ایک دہشت گرد کی شناخت زبیر نواز جبکہ دوسرے کی محمد خان کے نام سے ہوئی۔

ترجمان نے بتایا کہ دونوں ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم جماعت کے ٹیپو گروپ سے ہے، ہلاک دہشت گرد زبیر نواز کالعدم تنظیم کا کمانڈر تھا۔ زبیر نواز پنجاب اور کے پی میں پولیس افسران کے قتل اور فرقہ واریت میں ملوث رہا۔

ہلاک دہشت گرد محمد خان کالعدم تنظیم کا سرشار رکن تھا، دونوں ہلاک دہشت گرد اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری میں بھی ملوث تھے۔

نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے میانوالی میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے بہادری سے لڑتے ہوئے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنایا اور دو دہشت گردوں کو  جہنم واصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ جام شہادت نوش کرنے پر پولیس اہلکار ہارون خان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، شہید ہیڈ کانسٹیبل کے بلند درجات کے لیے دعا گو ہیں اور غم کی اس گھڑی میں شہید اہلکار کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

نگراں وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں، ملک دشمن پاکستان میں امن اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔

پاکستانی ٹیم کا حیدر آباد کے مشہور ریسٹورنٹ میں عشائیہ، پیاز کی کھیر کے مزے بھی لیے

ورلڈکپ ٹور پر بھارت میں موجود پاکستان کرکٹ ٹیم نے گزشتہ رات حیدر آباد دکن کے معروف ریسٹورنٹ میں عشائیہ کیا جس کا مینیو اور تصویر بھی سامنے آگئی ہیں۔ 

قومی ٹیم کے آرام کے دن پر ٹیم مینجمنٹ نے حیدرآباد دکن کے جیول آف نظام ریسٹورنٹ میں رات کا کھانا کھانے کا فیصلہ کیا جہاں قومی کرکٹرز مقامی روایتی کھانوں سے لطف اندوز ہوئے، ڈنر کے ساتھ قومی اسکواڈ کے اراکین روایتی پان سے بھی لطف اندوز ہوئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر  ایک ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ قومی کھلاڑیوں نے ریسٹورنٹ اسٹاف اور ویٹرز کے ساتھ تصاویر بنوائیں، کھلاڑیوں نے ریسٹورنٹ میں آئے عام لوگوں کے ساتھ بھی تصاویر بنوائیں۔

 عشائیے کے حوالے سے  پی سی بی کے میڈیا مینیجر احسن افتخار ناگی نے بھی سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کی، جس میں  انہوں نے حیدر آباد دکن کی مختلف ڈشز کے حوالے سے بتایا۔

احسن افتخار نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ دوسری تصویر خوبانی کا میٹھا جبکہ تیسری تصویر پیاز کی کھیر ہے، باقی تصاویر میں پان اور میٹھے کی دیگر ڈشز دیکھی جا سکتی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم ایک روز آرام کے بعد آج سہہ پہر کے سیشن میں ٹریننگ کرے گی، پاکستان ٹیم کا دوسرا وارم اپ میچ 3  اکتوبر کو آسٹریلیا کے ساتھ شیڈولڈ ہے جبکہ پاکستان ورلڈکپ میں اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدر لینڈ کے خلاف حیدر آباد میں کھیلے گا۔

ترک دارالحکومت میں دہشتگرد حملے کی کوشش ناکام، 2 حملہ آور ہلاک

ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں دہشتگرد حملے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انقرہ میں ترک پارلیمنٹ کی عمارت کے قریب دھماکا ہوا تھا جس سے 2 افراد زخمی ہوگئے۔

دھماکے کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئی تھیں۔

بعد ازاں ترکیہ کے وزیر داخلہ Ali Yerlikaya نے بتایا کہ وزارت داخلہ کی عمارت کے دروازے پر 2 دہشتگرد ایک گاڑی میں پہنچے تھے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وہاں ایک دہشتگرد نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ دوسرے دہشتگرد نے فائرنگ کی مگر پولیس کے ساتھ مقابلے میں مارا گیا۔

یہ دھماکا اس وقت ہوا جب ترک پارلیمنٹ کا اجلاس یکم اکتوبر کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے شیڈول تھا۔

اس واقعے کے بعد انقرہ میں سکیورٹی اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں۔

ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے بھارت میں پاکستان ٹیم کو جوائن کر لیا

آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ  کیلئے قومی  ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر نے حیدر آباد دکن میں پاکستان ٹیم کو جوائن کر لیا۔

 ترجمان پاکستان ٹیم کے مطابق مکی آرتھر انگلینڈ سے کاؤنٹی کرکٹ میں اپنی مصروفیات کے اختتام پر بھارت پہنچے ہیں، مکی آرتھر اس سے قبل ایشیا کپ میں چند میچز کے لیے قومی ٹیم کے ساتھ تھے۔

 پاکستان ٹیم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر اب مکمل طور پاکستان ٹیم کے ساتھ موجود رہیں گے۔

 واضح رہے کہ پاکستان کا دوسرا وارم اپ میچ 3 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف شیڈولڈہے جس کیلئے پاکستان ٹیم آج سہہ پہر کے سیشن میں ٹریننگ کرے گی۔۔

نواز شریف کی وطن واپسی سے 2روز قبل لاہور ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کرنیکا فیصلہ،پارٹی ذرائع

 لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی کے معاملے میں پیش رفت ہوگئی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف کی قانونی ٹیم کی نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز سے تفصیلی مشاورت مکمل ہوگئی اور لیگی قیادت کی باہمی رضامندی سے اپنی حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی۔

نواز شریف کی وطن واپسی سے 2 روز قبل لاہور ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی جائے گی۔

قانونی ٹیم کو لاہور ہائیکورٹ سے 3 سے 7 روز کی حفاظتی ضمانت ملنے کا یقین ہے۔ حفاظتی ضمانت کی وجہ سے قانون نافذ کرنے والے ادارے نواز شریف کو ایئرپورٹ پر گرفتار نہیں کر سکیں گے۔

قانونی ٹیم کا موقف ہے کہ نواز شریف کو جس کیس میں سزا ہوئی ہوئی ہے، اس کیس میں مریم نواز باعزت بری ہو چکی ہیں، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی بریت سے نواز شریف کو عدالت سے بھرپور قانونی فائدہ ملنے کا امکان ہے۔

نواز شریف وطن واپسی پر جلسہ کرنے کے بعد پیر کو اسلام آباد کی عدالت میں سرنڈر کر دینگے۔ امکان ہے کہ متعلقہ ٹرائل کورٹ میں سرنڈر کرنے کے بعد عدالت نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ معطل کر دے گی۔

فنی خرابی،پی آئی اے کا مدینہ سے آنیوالا طیارہ تبدیل، 60 مسافر آف لوڈ

قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی مدینہ سے آنے والی پرواز کا طیارہ تبدیل ہونے سے 60 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیا۔

قومی ایئر لائن ذرائع کے مطابق آف لوڈ کیے گئے مسافروں کو اب 6 اکتوبر کی پرواز پر بک کیا گیا ہے۔

قومی ایئر لائن کے ذرائع کا بتانا ہے کہ آف لوڈ کیے گئے مسافروں کی جانب سے مدینہ ایئرپورٹ پر احتجاج کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پرواز پی کے 744 کے لیے پہلے بوئنگ 777 طیارہ تھا جس کے بعد اب ایئر بس 320 طیارہ بھیجا جا رہا ہے۔

قومی ایئرلائن ذرائع کے مطابق بوئنگ 777 طیارے میں فنی خرابی کی وجہ سے طیارہ تبدیل کیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی پاکستان میں دہشتگرد حملوں کی مذمت

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی گزشتہ روز پاکستان میں خودکش حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ایک بیان میں سلامتی کونسل نے کہا کہ پاکستان میں گزشتہ روز دہشت گردی کے حملوں میں 58 بے گناہ جاں بحق 80 سے زیادہ زخمی ہوئے جس پر متاثرین کے اہل خانہ اور پاکستان سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

یو این سلامتی کونسل نے کہا کہ دہشت گردی عالمی امن و سلامتی کے لئے سب سے سنگین خطرات میں سے ایک ہے، دہشت گردی کی کوئی بھی کارروائی مجرمانہ اور بلاجواز ہے۔

سلامتی کونسل نے دہشت گردی کی ان قابل مذمت کارروائیوں کے مرتکب افراد، منتظمین، مالی معاونت کرنے والوں کو جوابدہ ٹھہرانے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اقوام عالم کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت حکومت پاکستان اور دیگر تمام متعلقہ حکام کے ساتھ فعال تعاون کریں۔

چینی سائنسدان نے بھارت کی چاند پر لینڈنگ کو مشکوک قرار دے دیا

بیجنگ: ایک ممتاز چینی سائنس دان نے چاند پر بھارت کی لینڈنگ سائٹ کے مقام پر شک کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی سائٹ قطب جنوبی کے علاقے میں یا اس کے قریب کہیں واقع ہی نہیں ہے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق بیجنگ کے سابق ​​ریکارڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے چاند کے جنوبی قطب پر بھارت کی چندریان 3 کی کامیاب لینڈنگ کے بعد بھارت اور چین کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔اویانگ زیویانگ، جنہیں چین کے قمری ریسرچ پروگرام کا بانی مانا جاتا ہے، نے چینی اشاعت سائنس ٹائمز کو بتایا  کہ چاند پر 69 ڈگری جنوبی عرض البلد پر چندریان 3 کی لینڈنگ کا مقام قطب سے بہت دور ہے جو کہ 88.5 اور 90 ڈگری کے درمیان ہے۔

سائنسدان نے کہا کہ اسے سمجھنے کیلئے زمین کے لحاظ سے بات کی جائے تو 69 درجے جنوب انٹارکٹک سرکل کے اندر ہوگا لیکن چاند کے لحاظ سے یہ قطب کے بہت قریب ہے، بھارت کی جانب سے بتائی گئی لینڈنگ سائٹ حقیقت میں قطبی علاقے سے 619 کلومیٹر (385 میل) دور تھی۔

انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کے ہاں ننھے مہمان کی آمد کی خبریں گرم

ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کی اہلیہ انوشکا شرما گزشتہ کچھ عرصے سے عوامی سطح پر سامنے نہیں آئیں تاہم ایسے میں ایک بار پھر اُن کے حاملہ ہونے کی خبریں گردش کررہی ہیں۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ انوشکا شرما اپنے دوسرے بچے کی توقع کر رہی ہے، اُنہیں حال ہی میں اپنے شوہر ویرات کوہلی کے ہمراہ ممبئی کی ایک میٹرنٹی کلینک میں دیکھا گیا تھا۔

اس کے علاوہ انوشکا شرما نہ تو ویرات کوہلی کے میچوں میں شرکت کر رہی ہیں اور وہ گزشتہ کچھ عرصے سے عوامی سطح پر بھی سامنے نہیں آئی ہیں جس کے بعد یہ کہا جارہا ہے کہ اداکارہ دوسری بار حاملہ ہیں اور وہ  پچھلی بار کی طرح باضابطہ طور پر بعد میں اپنے مداحوں کے ساتھ یہ خوشخبری شیئر کریں گی۔

ورلڈکپ سے قبل شاداب خان کو دھچکا؛ پھوپھو انتقال کرگئیں

قومی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب کی پھوپھو انتقال کرگئیں۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر قومی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ آج انکی پھوپھو کا انتقال ہوگیا ہے۔

ورلڈکپ کیلئے بھارت میں موجود کرکٹر نے مداحوں سے دعاؤں کی اپیل کردی۔واضح رہےکہ ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے کوئی اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا ہے کہ وہ انتقال کے باعث وطن واپس آئیں گے یا نہیں۔