All posts by Khabrain News

بھارت سکھ رہنما کے قتل میں را کے ملوث ہونے پر تحقیقات میں کینیڈا سے تعاون کرے؛ امریکا

 واشنگٹن: کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی جانب سے خالصتان تحریک کے متحرک سکھ رہنما کے قتل کے پیچھے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ملوث ہونے کے شواہد پیش کرنے کے بعد مودی سرکار کے گرد گھیرا تنگ ہوتا جا رہا ہے اور اب امریکا نے بھی یہ معاملہ براہ راست انڈین گورنمنٹ کے سامنے اُٹھایا ہے۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے حکام نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اپنے بھارتی ہم منصب جے شنکر کے ساتھ گفتگو میں سکھ  رہنما کے قتل کا معاملہ اٹھا دیا۔

امریکی وزارت خارجہ کے حکام نے مزید بتایا کہ وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر سے ملاقات میں زور دیا کہ سکھ رہنما کے قتل کی تحقیقات میں کینیڈی حکومت کے ساتھ تعاون کرے۔

بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر امریکا پہنچے ہیں جہاں انھوں نے اپنی امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن سے سمیت امریکی مشیر قومی سلامتی کونسل سے بھی ملاقات کی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے قتل میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ملوث ہونے کے شواہد پیش کیے تھے۔ دوسری جانب بھارت نے کینیڈا کے الزامات کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا تھا۔

جس کے بعد دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے سفارت کاروں کو ملک بدر کردیا تھا اور تاحال دونوں کے تعلقات کشیدہ ہیں۔

سائفر کیس؛ ایف آئی اے نے چالان جمع کروادیا، عمران خان اور شاہ محمود قصوروار قرار

 اسلام آباد: ایف آئی اے نے سائفر کیس میں چالان آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت میں جمع کروا دیا، جس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو قصوروار قرار دیا گیا ہے۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے نے عدالت سے چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو ٹرائل کرکے سزا دینے کی استدعا کی ہے۔

ذرائع کے مطابق اسد عمر کو ایف آئی اے نے ملزمان کی فہرست میں شامل نہیں کیا جب کہ سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان ایف آئی اے کے مضبوط گواہ بن گئے ہیں، ان کا 161 اور 164 کا بیان چالان کے ساتھ منسلک  ہے۔

ذرائع کے مطابق چالان میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر اپنے پاس رکھا اور اسٹیٹ سیکرٹ کا غلط استعمال کیا ۔ سائفر کاپی چیئرمین پی ٹی آئی کے پاس پہنچی لیکن واپس نہیں کی گئی ۔ شاہ محمود قریشی نے 27 مارچ کی تقریر کی، پھر چیئرمین پی ٹی آئی کی معاونت کی ۔

چالان میں مزید کہا گیا ہے کہ  چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی 27 مارچ کی تقریر کا ٹرانسکرپٹ سی ڈی منسلک  ہے۔ ایف آئی اے نے 28 گواہوں کی فہرست چالان کے ساتھ عدالت میں جمع کرا دی ۔ 27 گواہوں کے 161 کے بیانات قلمبند ہونے کے بعد چالان کے ساتھ منسلک  کیے گئے ہیں۔

خصوصی عدالت میں جمع کروائے گئے چالان کے مطابق سیکرٹری خارجہ اسد مجید اور سابق سیکرٹری خارجہ سہیل محمود بھی گواہوں میں شامل  ہیں۔ ان کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ فیصل نیاز ترمزی بھی ایف آئی اے کے گواہوں میں شامل  ہیں۔ سائفر وزارت خارجہ سے لے کر وزیراعظم کے پاس پہنچنے تک پوری چین  کو گواہوں میں شامل   کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سائفر کیس میں چالان کی نقول آئندہ سماعت پر چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو فراہم کیے جانے کا بھی امکان ہے، جس کے بعد فرد جرم کی تاریخ مقرر کی جائے گی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف وعدہ معاف گواہ اعظم خان کا 164 کے بیان کی کاپی عدالت میں جمع کروائی گئی ہے۔اعظم خان کے بیان کی کاپی فراہم کی جائے گی یا وکلا کو صرف پڑھنے کی اجازت ہوگی، یہ عدالت کا اختیار ہے۔

ورلڈ کپ 2023ء، آئی سی سی نے کمنٹری پینل کا اعلان کردیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے کمینٹیٹرز کے پینل کا اعلان کردیا۔

آئی سی سی کمینٹیٹرز کے پینل میں سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ، انگلینڈ کے ایون مورگن ،شین واٹسن، لیزا سٹھالکر، رمیز راجا، روی شاستری، ایرون فنچ، سنیل گواسکر اور میتھیو ہیڈن شامل ہیں۔

میگا ایونٹ کے دوران ناصر حسین، این اسمتھ، این بشپ، وقار یونس، شان پولاک، مائیکل ایتھر ٹن اور انجم چوپڑا بھی کمنٹری کریں گے۔

کمنٹری پینل میں سائمن ڈول، مپومیلیلو مبانگوا، سنجے منجریکر، دنیش کارتھک، ڈرک نینیز، سیموئیل بدری، اطہر علی خان، رسل آرنلڈ بھی شامل ہیں۔

آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء کے دوران ہرشا بھوگلے، کیس نائیڈو، مارک نکولز، نٹالی گرمانوس، مارک ہوورڈ اور این وارڈ کمینٹری پینل کا حصہ ہوں گے۔

آئی سی سی ورلڈکپ 2023ء 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک بھارت میں کھیلا جائے گا۔

ورلڈ کپ وارم اپ میچ، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا

آئی سی سی ورلڈ کپ وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔

بھارتی شہر حیدرآباد میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کی جانب سے جیت کے لیے 346 رنز کا ہدف باآسانی 44 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے رشن روندرا 97 رنز بنا کر نمایاں رہے، مارک چیپمین 65، ڈیرل مچل 59 اور کین ولیمسن نے 54 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے اسامہ میر نے 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ حسن علی، آغا سلمان اورمحمد وسیم کی ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔

اس سے پہلے پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کی۔ ابتدائی وکٹیں جلد گرنے کے بعد کپتان بابراعظم اور رضوان کے مابین بہترین شراکت داری قائم ہوئی۔

بابراعظم بھرپور فارم میں دیکھے، انہوں نے میدان کے چاروں اطراف چوکے لگائے اور 80 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

دوسری جانب رضوان نے بھی اپنی فارم کا کھل کر اظہار کیا اور بہترین سنچری اسکور کی۔ ان کے علاوہ سعود شکیل 75 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے پاکستان کے خلاف مچل سینٹنر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 345 رنز بنائے۔

دہشتگردوں کو مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے: کور کمانڈر پشاور

ہنگو: (خبریں ڈیجیٹل) کور کمانڈر پشاور نے ہنگو میں مسجد بم دھماکہ کی جگہ کا دورہ کیا، انہوں نے آپریشن میں حصہ لینے والے اہلکاروں سے ملاقات بھی کی۔

کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے بڑے حادثے سے بچانے پر اہل کاروں کو سراہا، کور کمانڈر نے سی ایم ایچ ٹل کا بھی دورہ کیا، دھماکے کے زخمیوں سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔

کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے کہا کہ دہشت گردوں کو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، کور کمانڈر نے زخمیوں کے بہترین علاج کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے۔

ورلڈ کپ وارم اپ میچ: پاکستان کا نیوزی لینڈ کو 346 رنز کا ہدف

حیدر آباد: (خبریں ڈیجیٹل) آئی سی سی ورلڈکپ کے وارم اپ میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 346 رنز کا ہدف دے دیا۔

حیدر آباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 345 رنز بنائے۔

قومی ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا، اوپنر امام الحق 10 گیندوں پر محض ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ عبداللہ شفیق 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کی پارٹنر شپ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔

بابر اعظم 80 رنز بنا کر کیچ آؤٹ جبکہ محمد رضوان 103 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہوگئے، سعود شکیل 75 رنز اور شاداب خان 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

18 ویں اوور میں بارش کے باعث میچ کو روک دیا گیا تاہم 45 منٹ کے وقفے کے بعد میچ دوبارہ شروع ہو گیا۔

وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ ٹیم کی قیادت ٹام لیتھم کررہے ہیں، کین ولیمسن گھٹنے کی سرجری کے بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں اس لیے ولیمسن انگلینڈ کے خلاف ورلڈکپ میچ نہیں کھیلیں گے وہ آج پاکستان سے وارم اپ میچ میں صرف بیٹنگ کریں گے جبکہ جنوبی افریقا کے خلاف وارم اپ میچ میں ولیمسن بیٹنگ کے ساتھ فیلڈنگ بھی کریں گے۔

واضح رہے کہ ورلڈکپ مہم میں پاکستان اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گا۔

ورلڈکپ: بھارت میں پاکستان سمیت کسی ٹیم کو ‘بیف’ نہیں ملے گا

حیدر آباد: (خبریں ڈیجیٹل) بھارت میں پاکستان سمیت کسی ٹیم کو بیف دستیاب نہیں ہوگا، کھانے کا مینیو جاری کردیا گیا۔

آئی سی سی ورلڈ کپ کے دوران بھارت میں کسی کرکٹ ٹیم کو بیف دستیاب نہیں ہوگا، سکواڈ کے لیے کھانے کے مینیو میں چانپیں، مٹن کڑاہی، بٹر چکن، گرلڈ فش، حیدر آباد کی مشہور بریانی دستیاب ہوگی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان ٹیم نے منتظمین سے باسمتی چاول، بولو گنیز سوس کے ساتھ سپیگیٹیز اور سبزی پلاؤ کی فرمائش کردی ہے۔

ہنگو, نماز جمعہ کے دوران دھماکے سے مسجد کی چھت منہدم، دو افراد جاں بحق

ہنگو میں تھانہ دوآبہ کے قریب واقع مسجد میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے دھماکے سے دو افراد جاں بحق جب کہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس اسٹیشن کے قریب واقع یہ قدرے چھوٹی مسجد ہے جس میں 70 سے 80 افراد کی گنجائش ہے۔

ایس ایچ او کے مطابق نماز جمعہ کے دوران دوسرا خطبہ شروع ہوتے ہی زوردار دھماکا ہوا، جس سے مسجد کا ایک حصہ اور چھت منہدم ہوگئی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق دو افراد کی لاشوں کو ملبے نکال لیا گیا جب کہ متعدد افراد ملبے تلے دبے ہیں جنہیں نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ڈسٹرکٹ اسپتال ہنگو میں ایمرجنسی نافذ بھی کردی گئی۔

نیب کیسز کی بحالی سب کیلئے لیول پلیئنگ فیلڈ ہے، یوسف رضا گیلانی

سابق وزیراعظم اور سینئر رہنما پیپلز پارٹی سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ نیب ترامیم کالعدم قرار دیے جانے کے بعد سابق صدر و وزرائے اعظم کے کیسز کھلے، لہٰذا اب سب ہی ایک صف میں کھڑے ہوگئے ہیں۔

ملتان میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ اس موقع پر ہمیں غریبوں کو نہیں بھولنا چاہیے، غریب بھی عام انتخابات میں اس جماعت کو ووٹ دیں جو اس طبقے کی بہتری کے لئے کام کرے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت سے انتخابی اتحاد کا فیصلہ پارٹی کرے گی، ہمیں کوئی ابہام نہیں عام انتخابات جنوری کے آخری ہفتے نہیں ہوں گے، البتہ ہماری جماعت نے پنجاب کے عام انتخابات کے لئے بھی اپنے امیدوار فائنل کر لیے تھے۔

وارم اَپ میچ؛ پاکستان کا نیوزی لینڈ کیخلاف بیٹنگ کا فیصلہ

پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ پہلے وارم اَپ میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

حیدر آباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا 15 رکنی اسکواڈ کے ہمراہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کھلیں گے، میگا ایونٹ سے قبل تمام کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہتے ہیں۔

اس موقع پر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ٹام لیتھم نے کہا کہ کوشش کریں گے پاکستان کیخلاف کنڈیشز سے ہم آہنگ ہوکر ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز کریں۔