All posts by Khabrain News

سقوط ڈھاکا پر مبنی فلم ’’ ہوئے تم اجنبی ‘‘عید الفطر پر ریلیزہو گی

لاہور : (ویب ڈیسک) سقوط ڈھاکا کے پس منظر میں بننے والی فلم ’’ ہوئے تم اجنبی ‘‘عید الفطر پر ریلیز کی جائے گی، فلم کی کاسٹ میں اداکار میکال ذوالفقار، سعدیہ خان، ثمینہ پیرزادہ اور شفقت چیمہ سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔
میگا کاسٹ پر مبنی فلم ’’ ہوئے تم اجنبی ‘‘ کی کہانی معروف اینکر و ہدایت کار اور اداکار شاہد کے صاحبزادے کامران شاہد نے تحریر کی ہے اور انہوں نے ہی فلم کی ہدایات دی ہیں، فلم سقوط ڈھاکا کے پس منظر میں بننے والی دوسری اردو فلم ہوگی جبکہ فلم میں سقوط ڈھاکا کے وقت ہونے والی جنگ کے مناظربھی دکھائے گئے ہیں۔
فلم کا ٹریلر ریلیز کر دیا گیا ہے جس میں میکال ذوالفقار اور سعدیہ خان کو ایک دوسرے سے محبت کرتے اور بعد ازاں جنگ لگنے کے بعد ایک دوسرے سے الگ ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
فلم میں 9 گانے شامل کئے گئے ہیں جبکہ ٹائٹل سانگ علی ظفر کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے جو معروف شاعر عباس تابش نے لکھا ہے ۔
فلم کو عیدالفطر پر ملک کے تمام سینما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کیا جا ئے گا۔

کراچی : نبی بخش پولیس کی کارروائی، 3 موٹر سائیکل چور گرفتار

کراچی : (ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت میں نبی بخش تھانے کی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 3 موٹر سائیکل چور گرفتار کر لئے۔
پولیس حکام کے مطابق کارروائی کے دوران گرفتار کئے جانے والے ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ 2 موٹر سائیکلیں برآمد ہوئی ہیں۔
پولیس نے مزید بتایا کہ ملزمان کے خلاف مقدمات در ج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

کراچی : شاہراہ نور جہاں پر فائرنگ کا واقعہ، ایک شخص جاں بحق

کراچی : (ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت کے علاقے شاہراہ نورجہاں پر فائرنگ کے ایک واقعہ میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔
کراچی پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت زاہد کے نام سے ہوئی ہے جس کی لاش کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے اور ملزمان نے نوجوان کو ٹارگٹ کر کے قتل کیا جبکہ مقتول کو تین گولیاں ماری گئی ہیں۔

عبدالرزاق نے محمد حفیظ کو’پروفیسر’ کہنے کی وجہ بتا دی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں سیزن کے حوالے ایک خصوصی پروگرام میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق سٹار آل راؤنڈر عبدالرزاق نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے محمد حفیظ کو پروفیسر کہنے کی وجہ بتادی۔
عبدالرزاق نے بتایا کہ محمد حفیظ کو پروفیسر اس لیے کہتے ہیں کیوں کہ ان کے اندر بولنے کی کوالٹی ہے۔
واضح رہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو ایک رنز سے شکست دے دی۔

باؤلرز کو ٹھیک وقت میں استعمال کرنے کا فائدہ ہوا : شاہین آفریدی

لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کے آٹھویں ایڈیشن کے افتتاحی میچ کی فاتح ٹیم لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ ہم نے اپنے باؤلرز کو ٹھیک وقت میں استعمال کیا جس سے فائدہ ہوا۔
پی ایس ایل کے افتتاحی میچ میں کامیابی کے بعد کپتان لاہور قلندرز کا کہنا تھا کہ طاہر کا پہلا میچ تھا ، اس نے اچھی بیٹنگ کی جبکہ فخر زمان نے بھی بلاشبہ اچھی بیٹنگ کی ہے، آخری اوور میں بہترین اختتام کا کریڈٹ زمان کو دیتا ہوں۔
شاہین نے مزید کہا کہ ہماری طرف سے فیلڈنگ میں کچھ مسائل ہیں جنہیں آئندہ میچز میں دور کرنے کی کوشش کریں گے۔
پلیئر آف دی میچ فخر زمان کا کہنا تھا کہ شروع میں وکٹ ہماری توقعات کے مطابق نہیں تھی، ابتدائی اوورز کے بعد جب گیند اچھی طرح بلے پر آئی تو رنز بنائے۔
دوسری جانب ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ جس طرح ہم آغاز میں بیٹنگ کر رہے تھے لگ رہا تھا سکور کر لیں گے لیکن قلندرز نے اچھی باؤلنگ کی جس طرح سے ان کی باؤلنگ مشہور ہے۔

نیوزی لینڈ : سمندری طوفان ’’ گیبریل ‘‘ کی تباہی، ایمرجنسی کا اعلان

آکلینڈ : (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کی حکومت نے سمندری طوفان ’’ گیبریل ‘‘ کی تباہی کے باعث ملکی تاریخ میں تیسری بار قومی ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا، ایمرجنسی کا اطلاق نارتھ لینڈ، آکلینڈ، ٹائراوہیٹی، بے آف پلینٹی، وائیکاٹو اور ہاکس بے کے علاقوں پر ہوگا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایمرجنسی منیجمنٹ کے وزیر کیران میک اینلٹی نے ایمرجنسی سے متعلق اعلامیے پر دستخط کیے، پانچ شمالی علاقوں میں پہلے ہی ہنگامی حالت کا اعلان کیا جا چکا ہے۔
نیوزی لینڈ کے شمال میں سمندری طوفان گیبریل کے ٹکرانے سے تقریبا 38,000 گھر بجلی سے محروم ہوگئے ہیں، آکلینڈ میں حکام نے شہریوں کے انخلاء کے لئے درجنوں مراکز قائم کیے ہیں اور شدید بارش اور آندھی کی وارننگ جاری کی ہے جبکہ سینکڑوں پروازیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔
آکلینڈ ایئرپورٹ حکام کے مطابق بین الاقوامی اور قومی پروازوں کا جلد دوبارہ شروع ہونے کا امکان ہے لیکن اگر موسمی حالات خراب ہوئے تو اس میں تبدیلی آ سکتی ہے ۔
خیال رہے کہ سمند ری طوفان گیبریل آکلینڈ اور آس پاس کے علاقوں میں ریکارڈ بارشوں کے چند ہفتوں بعد آیا ہے جس نے سیلاب کو جنم دیا اور چار افراد کی جان بھی لے لی ہے۔

ترکیہ اور شام میں زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد 37 ہزار سے تجاوز کر گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) ترکیہ اور شام میں آنے والے 7.8 شدت کے تباہ کن زلزلے سے اموات کی مجموعی تعداد 37 ہزار سے تجاوز کر گئی، متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق زلزلے سے اب تک ترکیہ میں 31 ہزار 643 اور شام میں 5 ہزار 700 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں اور اموات کی مجموعی تعداد 37 ہزار 346 ہوگئی، سیکڑوں منہدم عمارتوں کے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ترکیہ کے بعض متاثرہ علاقوں میں پانی کی قلت ہوگئی جبکہ صحت و صفائی کے مسائل کا بھی سامنا ہے، اس کے علاوہ وبائی امراض بھی پھیلنے لگے، متاثرین کی جانب سے جلد کی بیماریاں اور ڈائریا کی شکایات سامنے آئی ہیں۔
گزشتہ روز ترکیہ کے شہر قہرامان ماراش میں 183 گھنٹوں بعد 10 سالہ بچی اور صوبہ حاطے میں 182 گھنٹے بعد 12 سالہ بچے کو ملبے سے زندہ نکالا گیا۔
اس سے قبل ترکیہ میں 140 گھنٹے بعد 7 ماہ کے بچے کو ملبے سے نکال لیا گیا، اس کے علاوہ 136 گھنٹے بعد 13 سال کی لڑکی کو بھی ملبےسے نکالا گیا، ایک اور عمارت کے ملبے سے 70 سال کی ترک خاتون کو نکالا گیا۔
واضح رہے کہ 6 فروری کو آنے والے زلزلے سے ترکیہ میں 6 ہزار عمارتیں تباہ ہوئی ہیں، اس حوالے سے عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں میں 2 کروڑ 60 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں، متاثرین کے لیے 4 کروڑ 28 لاکھ ڈالر کی فوری امداد کی اپیل کی گئی ہے۔
اقوام متحدہ نے خدشہ ظاہرکیا ہے کہ ترکیہ اور شام میں زلزلے سے اموات کی تعداد دوگنا ہوسکتی ہے۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے مطالبہ کیا ہے کہ سلامتی کونسل ترکیہ اور شام کے درمیان سرحد پار امدادی مراکز کھولنے کی اجازت دے۔

سندھ حکومت کا سکھر میں پیپلز بس سروس شروع کرنے کا اعلان

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ حکومت نے سکھر میں 17 فروری سے پیپلز بس سروس شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
اس کے علاوہ 18 فروری سے حیدر آباد میں پیپلز پنک بس سروس بھی شروع ہوجائے گی۔
وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ کراچی، لاڑکانہ اور حیدرآباد میں پیپلز بس سروس چل رہی ہے، 20 فروری سے کراچی میں پنک بس کے مزید تین روٹس شروع ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے بھر کے 23 اضلاع میں 22 لاکھ گھر بنا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سندھ حکومت کی جانب سے اہلیان سکھر کی سہولت کیلئے پیپلز بس سروس کا آزمائشی بنیاد پر آغاز کیا گیا تھا جبکہ کراچی میں خصوصی طور پر خواتین کیلئے یکم فروری سے پنک بس سروس شروع کی گئی۔

الیکشن کمیشن کسی کی مردہ سیاست ریسکیو کرنیکے بجائے آئینی ذمہ داری ادا کرے، مسرت چیمہ

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کسی کی مردہ سیاست کو ریسکیو کرنے کے بجائے اپنی آئینی ذمہ داری ادا کرے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں رہنما پی ٹی آئی مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پاکستان اور عوام دونوں آج تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہے ہیں، صرف عمران خان کے بغض میں ملک اور عوام سے بدلہ لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فرزند زرداری نے بیان دیا ہے کہ نہ کھیلوں گا نہ کھیلنے دوں گا، آپ ذرا اپنی تصحیح کر لیں، عمران خان کا واضح کہنا ہے کہ نہ کرپشن کروں گا نہ کرنے دوں گا۔
مسرت چیمہ نے کہا کہ امید ہے الیکشن کمیشن اور گورنر کی آج کی ملاقات کا یک نکاتی ایجنڈا انتخابات کی تاریخ ہوگا، آئین سے انحراف کی کسی بھی کوشش کے سنگین ترین نتائج ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امپورٹڈ ٹولے کی جس طرح کانپیں ٹانگ رہی ہیں اس سے لگتا ہے ان کا ملک سے فرار کا ارادہ ہے، قوم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ حقیقی آزادی کی جدوجہد کو ناکام نہیں ہونے دینا۔

حیدر آباد : آتشزدگی کے باعث چوڑی کے کارخانے کی چھت گر گئی

حیدر آباد: (ویب ڈیسک) حیدر آباد کے علاقے سخی پیر میں چوڑی کے کارخانے میں آتشزدگی کے باعث کارخانے کی چھت گر گئی۔
حیدر آباد پولیس کے مطابق آتشزدگی کے واقعہ میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور فائر بریگیڈ کے عملے نے آگ پر قابو پا لیا ہے۔
پولیس نے مزید کہا کہ آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر نہیں بتائی جا سکتی ، اس حوالے سے تحقیقات ابھی جاری ہیں۔