All posts by Khabrain News

چودھری پرویز الٰہی کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الٰہی کو آج عدالت میں پیش کیاجائے گا۔ گزشتہ روز چودھری پرویز الٰہی لاہور میں بلٹ پروف گاڑی میں چھپ کر گھر سے نکلےتو پہلے سے فیلڈنگ لگائی لاہور پولیس اور اینٹی کرپشن ٹیم نے گاڑی روک لی۔ تاہم پرویز الٰہی گاڑی سے نہ اترے تو گاڑی کے شیشے توڑے اور زبردستی ان کو باہر نکال کر گرفتار کیا گیا۔ وزیرِ اطلاعات پنجاب عامر میر نے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی چھپن چھپائی کھیلنے کے ماہر ہیں ،بھاگنے کی کوشش میں پکڑے گئے۔ پرویز الٰہی کے ڈرائیور نے پولیس کو بیان دیا کہ صدر پی ٹی آئی گلگت بلتستان فرار ہو رہے تھے۔ دوسری جانب چودھری پرویز الٰہی کے بیٹے مونس الٰہی نے کہا کہ والد کو جھوٹے مقدمے میں گرفتار کیا گیا۔ واضح رہے کہ پرویز الٰہی کے خلاف گوجرانوالا میں اینٹی کرپشن کے دو مقدمے درج ہیں، ان پر ٹھیکوں میں کمیشن اور کک بیکس لینے کا الزام ہے، اس کے علاوہ ان کے خلاف ایک پرچہ لاہور میں بھی کٹا ہوا ہے۔

اردوان کی حلف برداری تقریب میں شرکت کیلئے وزیر اعظم آج ترکیہ روانہ ہوں گے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف آج شام ترکیہ کے دورے پر روانہ ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف رجب طیب اردوان کی صدارتی حلف برداری کی تقریب میں شریک ہوں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی مصروفیت کے سبب قومی سلامتی کمیٹی کا آج ہونے والا اجلاس بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اتوار کو ترکیہ کے صدارتی انتخاب کے حتمی مرحلے میں صدر رجب طیب اردوان نے کامیابی حاصل کی اور وہ مسلسل تیسری بار صدر منتخب ہوئے ہیں۔

قومی سلامتی کمیٹی کا آج ہونے والا اجلاس ملتوی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی سلامتی کمیٹی کا آج ہونے والا اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ ترکیہ کے باعث ملتوی کیا گیا ہے، شہباز شریف آج ترکیہ کے دورے پر روانہ ہوں گے۔ یاد رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف ترک صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر ترکیہ کا دورہ کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے گزشتہ روز ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا تھا کہ شہباز شریف ترکیہ کا اہم دورہ کریں گے، وزیر اعظم ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو پاکستان کے دورے کی بھی دعوت دیں گے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم کا دورہ ترکیہ پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کا عکاس ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دو اہم عہدیداروں نے استعفیٰ دے دیا

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دو اہم عہدیداروں نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ایڈیشنل سیکرٹری منظور ملک اور ڈائریکٹر پراجیکٹ منیجمنٹ یونٹ کرنل (ر) سعد نے استعفیٰ دیا۔
چیف الیکشن کمشنر دونوں افسران کی کارکردگی سے ناخوش تھے، ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن کی آج چیف الیکشن کمشنر سے تلخ کلامی بھی ہوئی تھی۔

آصف زرداری پنجاب کے سیاسی محاذ پر مزید سرگرم، سیاسی رہنماؤں کی ملاقاتیں

لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف زرداری پنجاب کے سیاسی محاذ پر مزید سر گرم ہو گئے۔
بلاول ہاؤس لاہور میں آصف زرداری سے آج بھی بعض رہنماؤں نے ملاقاتیں کیں، ملاقات کرنے والوں میں پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیر بخاری، سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی ، این اے 69 ڈسکہ سے پیپلز پارٹی کے امیدوار قومی اسمبلی رانا محمود اشرف شامل تھے۔
پیپلز پارٹی وسطی کے صدر رانا فاروق سعید، فیصل میر، ندیم افضل چن، عبدالقادر شاہین اور دیگر نے بھی آصف زرداری سے ملاقات کی۔
آصف علی زرداری سے وزیر اعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ، پیپلز پارٹی لاہور کے صدر اسلم گل نے بھی ملاقات کی۔

تحریک انصاف کے سینئر رہنما پرویز خٹک کا پارٹی صدارت چھوڑنے کا اعلان

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صدر اور سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے بھی پارٹی عہدہ چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ کئی دنوں سے ملک میں سیاسی حالات دیکھ رہا تھا، نو مئی کو جو بھی ہوا کوئی بھی خوش نہیں ہے، 9 مئی کے واقعے کی پہلے ہی مذمت کر چکا ہوں، ایسی حرکت اللہ نہ کرے کبھی دوبارہ ہو، ٹی وی پر جو پراپیگنڈا ہو رہا ہے وہ صحیح نہیں ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اور وزیر دفاع پرویز خٹک نے مزید کہا ہے کہ اس وقت ملک کا سیاسی ماحول بہت خراب ہے اس ماحول میں چلنا مشکل ہے جس کی وجہ سے میں نے پارٹی کا عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے، دوستوں کے ساتھ مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کروں گا۔

اسحاق ڈار سے یو اے ای کے سفیر کی ملاقات، مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ اقتصادی اور مالیاتی تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کے بارے میں بات چیت ہوئی اس کے علاوہ تجارتی، اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مشترکہ دلچسپی کے مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
متحدہ عرب امارات کے سفیر نے پاکستان میں سرمایہ کاری کو بڑھانے کیلئے دلچسپی کا بھی اظہار کیا، اسحاق ڈار نے یو اے ای کی پاکستان میں سرمایہ کاری کی تجاویز کو سراہا، وزیر خزانہ نے سفیر کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ یو اے ای توانائی، ریفائنری، پٹرولیم اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کا بہترین شراکت دار رہا ہے۔

اینٹی کرپشن نے چودھری پرویز الہٰی کا طبی معائنہ کروا لیا، مکمل صحتمند قرار

لاہور:(ویب ڈیسک) اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کا طبی معائنہ کروا لیا۔
اینٹی کرپشن کی ٹیم نے تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الہٰی کا سروسز ہسپتال کی سینئر ڈاکٹرز کی ٹیم سے تفصیلی طبی معائنہ کرایا، طبی معائنے کے بعد ڈاکٹرز نے چودھری پرویز الہٰی کو مکمل طور پر صحت مند قرار دے دیا۔
دوسری جانب اینٹی کرپشن نے چودھری پرویز الہٰی کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اس حوالے سے انہیں کل ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا، اینٹی کرپشن کی جانب سے سابق وزیر اعلیٰ کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔
گرفتاری کے بعد چودھری پرویز الہٰی کے وکلاء نے کہا ہے کہ یہ جھوٹے اور سیاسی انتقام پر مبنی کیسز ہیں، ہماری کوشش ہو گی کہ اس مقدمے کو خارج کرایا جائے، پرویز الہیٰ چٹان کی طرح ڈٹے ہوئے ہیں۔
سابق وزیر اعلیٰ کے وکلاء نے مزید کہا ہے کہ چودھری پرویز الہٰی کی لیگل اسسٹنٹ کیلئے ہمیں اندر نہیں جانے دیا جا رہا، سابق وزیر اعلیٰ پرویز الہیٰ کی فیملی کو بھی ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

سیاسی صورتحال: مولانا فضل الرحمان کا پشاور میں ڈیرے ڈالنے کا فیصلہ

پشاور:(ویب ڈیسک) بدلتی سیاسی صورتحال کے پیش نظر جمعیت علما اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان نے پشاور میں ڈیرے ڈالنے کا فیصلہ کر لیا۔
مولانا فضل الرحمان جمعہ کو پشاور پہنچیں گے، امیر جے یو آئی اتوار تک تین دن قیام کریں گے اور مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔
اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پر غور کیا جائے گا، آئندہ انتخابات اور دیگر سیاسی و جماعتی امور پر بھی غور کیا جائے گا۔

سربراہ پاک فضائیہ سے جمہوریہ ازبکستان کے سفیر کی ملاقات

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) سربراہ پاک فضائیہ ظہیر احمد بابر سدھو سے جمہوریہ ازبکستان کے سفیر ایبک عارف عثمانوف نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے دوران سربراہ پاک فضائیہ نے معزز مہمان سے اپنے عملی پالیسی فیصلوں کا تذکرہ کیا۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاک فضائیہ کو جدید ترین ٹیکنالوجیز کے حصول اور انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے ساتھ ساتھ آپریشنل و تربیتی شعبوں میں بہتر بنا کر جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا، پاکستان اور ازبکستان کے مابین دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی روابط دونوں ممالک کے مابین مضبوط دوطرفہ تعلقات کا مظہر ہیں۔
دونوں معززین نے فضائی افواج کے درمیان تعاون اور تربیتی شعبوں میں پہلے سے موجود تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا، ایئر چیف نے کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور میں ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔
ازبکستان کے سفیر نے پاک فضائیہ کی جانب سے خود انحصاری کے میدان میں کی گئی غیر معمولی پیشرفت کی تعریف کی، انہوں نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور موجودہ دوطرفہ تعلقات کو ہر سطح پر فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
معزز مہمان نے تربیتی شعبے سمیت نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور ہوا بازی کی صنعت میں باہمی اشتراک کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں موجودہ تعاون کو مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ اور ازبکستان کے سفیر کی ملاقات دونوں ممالک کے مابین لازوال دوستی اور پُر امن و مستحکم خطے کے لیے کام کرنے کے پختہ عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔