لاہور: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر اہم شخصیات یا سپر سٹارز کے ہم شکل ملنے کے چرچے نئی بات نہیں ان دنوں بھی سوشل میڈیا پر اداکارہ سجل علی کی ہمشکل کے چرچے ہیں جن کی تصاویر صارفین سجل کے ساتھ شیئر کررہے ہیں۔
سجل علی کی ہم شکل لڑکی کا نام فی الحال واضح نہیں ہے کیوں کہ جس اکاؤنٹ سے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر سجل علی سے مشابہ لڑکی کی تصاویر شیئر کی جاتی ہیں اس اکاؤنٹ میں لڑکی کا نام queenndaroo درج ہے۔
All posts by Khabrain News
سارا رونا شہباز گل کی زبان بندی کے لیے ہے، کہیں ڈوریں ہلانے والے کا نام نہ لے لے،جاوید لطیف
پشاور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف فنڈنگ کیس میں سابق گورنر خیبر پختونخواہ شاہ فرمان ایف آئی اے میں پیش ہوگئے، ایف آئی اے حکام نے سوالنامہ حوالے کر دیا۔ شاہ فرمان کہتے ہیں صوبائی دفاتر کے اخراجات کے لئے یہ اکاؤنٹ کھولا گیا۔
پی ٹی آئی ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کے سلسلے میں سابق گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان ایف آئی اے کے طلب کرنے پر پیش ہوئے جنہیں ایف آئی اے حکام کی جانب سے سوالنامہ دیا گیا، ایف آئی اے کی 3 رکنی تحقیقاتی کمیٹی پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی انکوئری کر رہی ہے، کیس میں پی ٹی آئی کے صوبائی فنانس سیکرٹری محمد عمران اور فنانس کمیٹی کے رکن محمد محسن داؤد کو بھی آج طلب کر رکھا ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں سابق گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ سمجھتا ہوں نیب کے ساتھ جو کیا گیا وہ کسی اورادارے کے ساتھ نہ ہو ،ایف آئی اے کو عزت دینے کے لئے آیا، ایف آئی اے کے آفیسرز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، مجھے ایک اکاؤنٹ کھولنے کے لیے بلایا گیا ہے، صوبائی دفاتر کے اخراجات کے لئے یہ اکاؤنٹ کھولا گیا۔
عمران خان نے میڈیا کی آزادی کو کچلا اور پارلیمان کو تالے لگوائے، مریم اورنگزیب
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے میڈیا کی آزادی کو کچلا اور پارلیمان کو تالے لگوائے تھے۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے میڈیا کا معاشی قتل کیا اور عمران خان نے وزیر اعظم کی کرسی پر بیٹھ کر میڈیا دشمنی کی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا دور میڈیا کے لیے سیاہ دور تھا جبکہ عمران خان کرپٹ، غیر ملکی ایجنٹ، میڈیا دشمن اور دہرہ معیار رکھتے ہیں۔ میڈیا فیصلہ کرے کہ ان کے خلاف نیب کو استعمال کرنے والے کے سیمینار میں جانا ہے یا نہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ میڈیا کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ اُن کی آزادی اور نوکری چھیننے والے کے سیمینار کے تماشے کو ماننا ہے کہ نہیں۔ انٹرنیشنل میڈیا واچ نے عمران خان کو فاشسٹ قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے صحافیوں کی پسلیاں توڑیں اور انہیں اغوا کیا۔ میڈیا کی آزادی کو کچلا، پارلیمان کو تالے لگوائے۔
شہباز گل کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی گئی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد پولیس نے شہباز گل کی میڈیکل رپورٹ سیشن کورٹ میں جمع کروا دی۔
اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل کی جمع کرائی گئی میڈیکل رپورٹ کے مطابق 4 سینئر ڈاکٹرز نے رہنما پی ٹی آئی شہباز گل کا میڈیکل چیک اپ کیا۔
رپورٹ کے مطابق رہنما پی ٹی آئی شہباز گل کو بچپن سے سانس کا مسئلہ ہے جبکہ شہباز گل کو سانس لینے میں مسئلہ اور جسم میں درد ہے۔ شہباز گل کندھے، گردن اور چھاتی کے بائیں جانب درد محسوس کر رہے ہیں۔
میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا کہ شہباز گل کو ای سی جی کی فوری طور پر ضرورت ہے۔ میڈیکل بورڈ نے مشورہ دیا کہ شہباز گل کا ایکسرے اور دل کا ٹیسٹ کرنا ضروری ہے جبکہ شہباز گل کو کارڈیالوجسٹ اور پلمانولوجسٹ کی جانب سے طبی معائنہ درکار ہے۔
رپورٹ کے مطابق شہباز گل کے مزید طبی معائنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
پی ٹی آئی کی امریکی کمپنیز کیساتھ معاہدوں کی تفصیلات سامنے آرہی ہیں، شیری رحمان
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی امریکی لابنگ کمپنیز کے ساتھ معاہدوں کی چونکانے والی تفصیلات سامنے آ رہی ہیں۔
وفاقی وزیر شیری رحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رواں ماہ پی ٹی آئی نے امریکی کمپنی فینٹن آرلُک سے معاہدے کیا اور پی ٹی آئی کی سابق سی آئی اے اہلکار کی کمپنی کے ساتھ معاہدوں کی تفصیلات بھی سامنے آئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مئی 2021 میں امریکی کمپنی کے ساتھ عمران خان کے سابق معاون خصوصی نے معاہدہ کیا اور پی ٹی آئی کے لیے مارچ 2022 کا معاہدہ سابق سفیر اسد مجید نے کیا۔
شیری رحمان نے کہا کہ 7 مارچ کو خط موصول ہونے کے باوجود پی ٹی آئی 22 مارچ کو سابق سی آئی اے کی کمپنی کے ساتھ معاہدہ کر رہی تھی۔ عمران خان نے امریکہ میں اپنا اچھا امیج بنانے کے لیے لابنگ فرم کے ساتھ معاہدے کیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر امریکی حکومت نے دھمکی آمیز پیغام بھیجا تھا تو پی ٹی آئی کو وہاں اپنی تشہیر کی ضرورت کیوں پڑی؟ اور بیرونی سازش کا بیانیہ بنانے کے لیے عمران خان نے پاکستان کے مفادات اور خارجہ تعلقات داؤ پر لگا دیئے۔
بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا فخر، وطن کی ترقی میں ہمیشہ نمایاں کردار ادا کیا: پرویز الہی
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا فخر ہیں، سمندر پار پاکستانیوں نے ہمیشہ وطن عزیز کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی سے مسلم لیگ ق کے اوورسیز پاکستانیوں کے وفد نے ملاقات کی، وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنیوالے وفد میں مسلم لیگ ق سکاٹ لینڈ کے صدر شبیر شاہ، کینیڈا کے صدر ارجمند بخاری، طاہر بخاری اور برطانیہ کے محمد وقاص شامل تھے۔ اوورسیز پاکستانیز کے وفد نے چند روز کے اندر فلاح عامہ کے بے شمار اقدامات پر وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کے ویژن کو سراہا اور کہا کہ آپ نے آتے ہی عام آدمی کی فلاح کو اپنا مشن بنایا ہے، آپ نے اپنے پہلے دور کی طرح اب بھی برق رفتاری سے عوام کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات کئے ہیں۔
چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ ہم اوورسیز پاکستانیوں کی گرانقدر خدمات کی دل سے قدر کرتے ہیں- چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے دور میں بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا- موجودہ وفاقی حکومت نے آتے ہی اوورسیز پاکستانیوں سے یہ حق چھینا۔ ہماری حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حقوق کا ہر صورت تحفظ کرے گی۔
وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ دیار غیر میں بسنے والے پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔ اوورسیز پاکستانیوں کیلئے میرے دفتر کے دروازے کھلے ہیں۔
دوسرا ون ڈے: نیدرلینڈز کا پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ
روٹرڈیم : (ویب ڈیسک) پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان دوسرے ایک روزہ میچ میں نیدرلینڈز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
روٹرڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے ون ڈے میں نیدرلینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے بابر اعظم کو فیلڈنگ کی دعوت دی۔
قومی کرکٹ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جب کہ ٹیم کی قیادت بابر اعظم کررہے ہیں،نائب کپتان شاداب خان، امام الحق، فخر زمان، محمد رضوان اور سلمان علی آغا پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔
اس کے علاوہ خوشدل شاہ، محمد نواز، محمد وسیم، حارث رؤف اور نسیم شاہ بھی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔
خیال رہے کہ تین ایک روزہ میچز کی سیریز میں پاکستان کو 0-1 کی برتری حاصل ہے۔
پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو 16 رنز سے شکست دی تھی۔
پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان آخری ایک روزہ میچ 21 اگست بروز اتوار کو کھیلا جائے گا۔
چودھری شجاعت کی پارٹی صدارت کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ
لاہور: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے چودھری شجاعت کی پارٹی صدارت کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
الیکشن کمیشن میں سماعت کے دوران کامل علی آغا کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن کے احکامات پر انٹرا پارٹی الیکشن روکے گئے۔ چیف الیکشن کمشنر نے سوال اٹھایا کہ الیکشن کمیشن کے حکم کی خلاف ورزی کرتے تو کیا نتائج ہوتے۔ کامل علی آغا کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ چودھری شجاعت دوبارہ صدر کا الیکشن لڑیں تو کوئی اعتراض نہیں۔
احمد پنسوٹہ کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے انٹرا پارٹی الیکشن میں مداخلت کے خلاف ہیں۔ وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔
وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی نے چیف سیکرٹری کی تبدیلی کی منظوری دیدی
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے چیف سیکرٹری کی تبدیلی کی منظوری دے دی۔
چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کو تبدیل کرنے کی منظوری کے بعد وزیراعلیٰ آفس کی جانب سے وفاقی حکومت کو تین ناموں پر مشتمل خط لکھا گیا ہے جس کے مطابق وفاقی سیکرٹری کیبنٹ احمد نواز سکھیرا، سابق سینئرممبر بورڈ آف ریونیو بابر حیات تارڑ اور چیئرمین پی اینڈ ڈی عبداللہ خان سنبل کے نام وفاق کو بھجوائے گئے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کا حرا مانی کو صرف اداکاری پر توجہ دینے کا مشورہ
کراچی: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا صارفین نے حرا مانی کو صرف اداکاری پر توجہ دینے کا مشورہ دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی معروف اداکارہ حرا مانی کی لندن کنسرٹ کی ایک ویڈیو ان دنوں سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہے۔
متعدد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حرا مانی سٹیج پر موجود ہیں اور اپنے ڈرامے دوبول کا مشہور گانا “جا تجھے معاف کیا” گاتی ہیں اور وہاں موجود تماشائیوں سے ان کے ساتھ گانے کو کہتی ہیں۔
حرا مانی کے متعدد بار کہنے پر بھی شرکا کی طرف سے کوئی رد عمل سامنے نہیں آتا، لوگوں کے ساتھ نہ گانے اور خاموش رہنے پر حرا نے کہا کہ ’میرے ساتھ گا کر اس پرفارمنس میں میرا ساتھ دیں ورنہ میں پرفارمنس شروع نہیں کروں گی لیکن ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شرکا اس پر بھی کوئی جواب نہیں دیتے بلکہ ہنستے نظر آتے ہیں۔
جس کے بعد اداکارہ پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگاتی ہیں اور سٹیج کے پیچھے کی جانب چلی جاتی ہیں، حرا مانی کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر آگ کی طرح پھیلی اور سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔
سوشل میڈیا پر بعض ناقدین نے اداکارہ کو مشورہ بھی دیا ہے کہ وہ صرف اداکاری تک ہی محدود رہیں اور اس پر توجہ دیں گلوکاری نہ ہی کریں تو بہتر ہوگا۔