All posts by Khabrain News

‘اب سڑکوں پر نہ آئیں’ سربراہ ایرانی پاسداران انقلاب کی مظاہرین کو تنبیہ

تہران: (ویب ڈیسک) ایرانی پاسداران انقلاب گارڈز کے سربراہ حسین سلامی نے مظاہرین کو خبردار کیا ہےکہ وہ اب سڑکوں پر نہ آئیں، مظاہروں کا مذموم منصوبہ امریکا نے بنایا ہے۔
ایرانی پاسداران انقلاب گارڈز کے سربراہ حسین سلامی نے مظاہرین کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہےکہ آج مظاہروں کا آخری دن ہے، اب مظاہرین سڑکوں پر نہ آئیں۔
حسین سلامی کا کہنا ہےکہ امریکا، برطانیہ اور اسرائیل نے ایران کو غیر مستحکم کرنےکے لیے بدامنی کا منصوبہ بنایا ہے، ایرانی عوام اس کا حصہ نہ بنیں، سکیورٹی فورسز ایرانی عوام کے دفاع کے لیے ہیں۔
خیال رہےکہ ایران میں ستمبر میں 22 سالہ مہسا امینی کی زیر حراست موت کے بعد سے مظاہرے جاری ہیں، مہسا امینی 16 ستمبرکو پولیس کی حراست میں مبینہ طور پر دل کے دورے سے انتقال کرگئی تھیں۔
انسانی حقوق گروپ کےمطابق مظاہرین کےخلاف کریک ڈاؤن میں اب تک کم ازکم ڈھائی سو افراد ہلاک جب کہ ہزاروں گرفتار کیے جاچکے ہیں۔

روس نے برطانیہ پر گیس پائپ لائن دھماکوں کا الزام عائد کردیا

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے یورپ کوگیس فراہم کرنے والی نارڈ اسٹریم پائپ لائن میں دھماکوں کا الزام برطانیہ پر عائد کردیا۔
روسی خبرایجنسی کے مطابق روسی وزارت دفاع نے نارڈاسٹریم پائپ لائن دھماکوں میں برطانیہ کے ملوث ہونےکا الزام لگایا اور ان حملوں کو ’دہشت گردی‘ قرار دیا۔
روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ نارڈاسٹریم گیس پائپ لائن دھماکوں میں برطانوی بحریہ کے ماہرین ملوث ہیں۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق برطانوی رائل نیوی نے حملےکی منصوبہ بندی، سپورٹ اور عملدرآمد میں حصہ لیا۔
دوسری جانب برطانیہ نے دھماکوں میں برطانوی بحریہ کے ملوث ہونے کا روسی الزام مسترد کردیا۔
برطانوی وزارت دفاع کا کہنا تھاکہ دھماکوں میں برطانوی بحری اہلکاروں کے ملوث ہونے کا روسی الزام غلط ہے، یوکرین پر غیرقانونی حملے سے توجہ ہٹانے کیلئے روس ایسے غلط دعوے کررہا ہے۔
خیال رہے کہ بحیرہ بالٹک میں روس سے یورپ کو گیس سپلائی کرنے والی نارڈ اسٹریم گیس پائپ لائنوں میں 26 ستمبرکو دھماکے ہوئے تھے۔

کوئٹہ میں ن لیگی سینئر رہنما پی ٹی آئی میں شامل

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے دوران بڑی خبر آئی ہے، کوئٹہ میں مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماؤں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے کوئٹہ ڈویژن کے صدر رحیم کاکڑ نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پارٹی کو چھوڑتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔
ن لیگ رہنماؤں کی پی ٹی آئی شمولیت کا اعلان سابق ڈپٹی سپیکر اسمبلی قاسم سوری کی موجودگی میں کیا گیا۔
دوسری طرف سابق صدر مسلم لیگ ن لیبر ونگ آغا عمر نے بھی تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلا ن کر دیا۔

آڈیو لیک، چیف سیکرٹری، آئی جی کے پی علی امین اور شہری کو گرفتار کرے: رانا ثناء

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما علی امین گنڈا پور کی مبینہ آڈیو لیک ہونے کے بعد کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت پر کسی صورت مسلح جتھے کو چڑھائی نہیں کرنے دیں گے۔ خیبرپختونخوا کے چیف سیکرٹری، آئی جی کو خبردار کرتا ہوں اس بات کا نوٹس لے، دونوں کو گرفتارکیا جائے۔ ایسے فسادیوں کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہوسکتے۔
نیوزکانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ فتنہ مارچ قوم کو تقسیم اور فساد برپا کرنے کی سازش ہے، عمران خان نوجوانوں کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں، گھرکے بھیدی کو عمران خان نے پارٹی سے نکال دیا، مارچ میں اپنے بندوں کی لاشیں گرا کے اداروں پرالزام لگائیں گے، عمران خان کو کوئی فکرنہیں کہ ملک کو کیا نقصان ہو سکتا ہے۔ آج آپ کے سامنے ایک ثبوت پیش کرنے جا رہا ہوں، عمران خان اسلام آباد میں صرف جلسہ کرنے نہیں کرنےآ رہا، سابق وزیرعلی امین گنڈا پور کی گفتگو کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، علی امین گنڈا پورکی ایک نامعلوم شخص سے فون پر گفتگو ہوئی، علی امین گنڈا پوراس شخص سے پوچھتا ہے کیا پوزیشن اوربندوقیں کتنی ہیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ کس منہ سے کہہ رہا ہے کہ پرامن مارچ کررہا ہوں، اسے شرم آنی چاہیے، بندوقیں، بندے اسلام آباد، راولپنڈی کے بارڈر پر کس لیے لا رہا ہے؟ بندوقوں کے ساتھ کیا یہ امن کا پیغام پھیلائیں گے، اس سے ظاہرہوتا ہے یہ شیطانی مارچ اور فتنہ،فساد، لاشیں گرا کر ایک قومی سانحہ پیدا کرنا چاہتے ہیں، اپنے مقصد کے لیے ایک صحافی کی تصویروں کو کینٹینر پر استعمال کیا گیا، اب کوئی شک نہیں رہا یہ ملک کو فساد، فتنہ سے دو چار کرنا چاہتا ہے، اس فتنے کا سر ابھی سے کچلنا چاہیے ورنہ یہ قوم کو کسی حادثے سے دو چار کر دے گا، بطورِ وزیرداخلہ یہ میری ذمہ داری ہے، اگر ہم کوئی قدم اٹھاتے ہیں تو پھر یہ آوازیں نہیں آنی چاہیے کہ پُر امن احتجاج کی اجازت دی جانی چاہیے، یہ بندہ توآئین وجمہوریت کوتسلیم ہی نہیں کرتا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کہتا ہے میں چھوڑوں گا نہیں، ہماری،اداروں کی ذمہ داری ہے، یا تو پی ٹی آئی والے مبینہ آڈیو گفتگو کو غلط ثابت کرے، اس کا فورنزک آڈٹ کرا لیتے ہیں، اگر یہ گفتگو درست ثابت ہوجاتی ہے تو ایکشن لینا درست ہے، ہم ہرقیمت پر دارالحکومت میں شہریوں کی تمام املاک کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے، دارالحکومت پر کسی صورت مسلح جتھے کو چڑھائی نہیں کرنے دیں گے۔ خیبرپختونخوا کے چیف سیکرٹری، آئی جی کو خبردار کرتا ہوں اس بات کا نوٹس لے، دونوں افراد اس وقت خیبرپختونخوا میں موجود ہیں، گرفتارکیا جائے۔ اگر اس قسم کا کوئی گروہ اسلام آباد کی حدود میں داخل ہوا تو براہ راست آپ ذمہ دارہونگے، پنجاب کے چیف سیکرٹری، آئی جی سے کہوں گا عمران خان کے ساتھ مسلح لوگ موجود ہیں، گجرات سے اس قسم کے لوگوں کے شامل ہونے کی اطلاعات ہیں، گجرات میں بھی بندے جوڑے جارہے ہیں، چیف سیکرٹری،آئی جی پنجاب ایسے لوگوں کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کریں۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بدبخت شیطان اس ملک میں انارکی چاہتا ہے، چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب ایکشن لیں، وفاقی ادارے پوری طرح الرٹ ہیں آنے والے دنوں میں بھرپورایکشن لیں گے، کچھ لوگوں کواس نے گمراہ کیا ہوا ہے، وہی 10 سے 12 افراد کا ٹولہ ہر جگہ پہنچا ہوتا ہے، یہ وہی ٹولہ ہے جو جلسوں، لبرٹی چوک میں ہوتا ہے، لاہور کے شہریوں نے اس فتنہ مارچ کو بُری طرح مسترد کیا ہے، لاہور میں 8 سے 13 ہزارسے تعداد زیادہ نہیں بڑھی، انہی لوگوں کووہ اسلام آباد لیکرپہنچے گا، والدین سے اپیل ہے اپنے بچوں، عزیزوں کو سمجھائیں، والدین بچوں کو شیطانی،خونی مارچ میں حصہ لینے سے روکیں، ہم اپنا فرض پوری ذمہ داری سے نبھائیں گے کوئی کسرنہیں اٹھارکھیں گے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے الرٹ ہیں، ہمیں پوری تسلی ہے علی یہ وہی بندہ ہے، ہمیں تو پتا ہے بندوقیں کہاں سے لے رہا ہے، یہ بڑا حساس معاملہ ہے، ہماری رپورٹس ہے یہ اس طرح کا سین بنائیں گے اور لوگوں کی لاشیں گرانے کا یہ لوگ کام کریں گے، لاشیں یہ گرائیں گے تو تصادم قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ہو گا، عمران نیازی نے لاشیں گرانے کا پروگرام بنایا ہوا ہے، علی امین گنڈا پور اس وقت خیبرپختونخوا میں ہے اگراسلام آباد ہوتے تو گرفتار کر چکے ہوتے، کیا آپ جب کوئی واقعہ ہو گا تو پھر ان لوگوں کو روکیں گے، ہم پہلے ان کو روکیں گے، ایسی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، اس بات کومیڈیا میں شیئرکرنا بھی ضروری تھا، وفاقی حکومت نے آئین وقانون کے مطابق ہی افسران کے خلاف کارروائی کرنی ہے، گجرات کی ایکٹویٹی میسج دے رہی ہے چودھری پرویزالہیٰ کے نوٹس میں ہو گا، وزیراعلیٰ پنجاب کو نوٹس لینا چاہیے، یہ ملک کو نقصان پہنچانے کے لیے ہرحربہ استعمال کریں گے۔
مذاکرات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میری سربراہی میں 13 رہنماؤں کی کمیٹی بنائی گئی ہے، کمیٹی کا مقصد تمام صورتحال پر بات چیت کی جائے، وزیراعظم نے کہا کمیٹی سے رہنمائی لیکر ذمہ داری کو پورا کرونگا، 13رکنی کمیٹی میں تمام سینئرز لوگ موجود ہیں، کمیٹی کا مقصد فتنہ مارچ کے تمام معاملات کو رکھا جائے، یہ بندوقیں اکٹھی اورہم کیا ان سے مذاکرات کے لیے جائیں گے، دودن پہلے فواد چودھری نے خود مذاکرات کا کہا، ہماری طرف سے کہا گیا سیاست میں مذاکرات بہتر عمل ہوتا ہے، آج فواد چودھری کہتے ہیں یہ گھبراگئے ہیں، مریم اورنگزیب نے درست کہا ہماری طرف سے کوئی مذاکرات نہیں ہونگے، ایسے فسادیوں کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہوسکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کی حدود میں مسلح، غیر مسلح ہوٹلوں میں نہ ٹھہریں، اس حوالے سے سیکیورٹی مکمل الرٹ ہے، اگرکوئی بندہ پنجاب، خیبرپختونخوا کی حدود میں ہے تو وفاقی تحقیقاتی ادارے کسی بھی جگہ ایکشن کر سکتے ہیں، اس سے پہلے آئین وقانون کا تقاضا ہے صوبے کے چیف ایگزیکٹو کو پہلے کارروائی کا کہا جائے، مسلح جتھوں کوکسی قیمت پرمعاف اورکسی قسم کی کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔

چین کا پاکستان کو ہنگامی بنیادوں پر اضافی 50 کروڑ یوآن امداد دینے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مشکل وقت میں چین نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کیساتھ دوستی کا حق ادا کرتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر اضافی 50 کروڑ یوآن (6 کروڑ 89 لاکھ 41 ہزار 700 سے زائد امریکی ڈالر) امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے اگلے ماہ چین کے دورے سے قبل چین نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے سیلاب زدہ علاقوں میں تعمیر نو کے لیے 50 کروڑ یوآن امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چین نے اضافی ایمرجنسی معاونت کی پیشکش سے پاکستان کو آگاہ کر دیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ چین میں ایم او یو پر دستخط کئے جائیں گے ستمبر2022 میں چین نے پاکستان کیلئے 30 کروڑ یوآن دینے کا اعلان کیا تھا، تعمیر نو کیلئے چین کی مجموعی امدادی رقم بڑھ کر80کروڑ یو آن ہوجائے گی۔

لانگ مارچ، علی امین گنڈا پور،نامعلوم شہری کی بندوقوں کی مبینہ آڈیو سامنے آ گئی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ لانگ مارچ میں پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور اور نامعلوم شہری کی مبینہ بندے اور بندوقوں کی مبینہ آڈیو سامنے لے آئے۔
وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے نیوز کانفرنس کے دوران ایک مبینہ آڈیو سامنے لے آئے، جس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈا پور کسی نامعلوم شخص سے بات کر رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کی نامعلوم شخص سے بندوقیں اور بندے لانے کی آڈیو لیک کا متن!
نامعلوم شخص نے علی امین گنڈا پور سے پوچھا جی علی خان ، جس پر پی ٹی ائٓی رہنما نے کہا کہ صدر صاحب کیا پوزیشن ہے ؟ اس پر نامعلوم شخص کہتے ہیں سر پوزیشن تو اے ون ہے، آپ سنائیں، اس پر سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کہتے ہیں، بندوقیں کتنی ہیں؟
اس پر نامعلوم شخص جواب میں کہتا ہے کہ بہت ہیں، علی امین گنڈا پور سوالیہ انداز میں پوچھتے ہیں لائسنس ہیں؟ جس پر سابق وفاقی وزیر کہتے ہیں بندے ہیں ؟ جس پر نامعلوم شخص کہتا ہے کہ بندے بھی جتنے چاہیں گے ہوں گے سر، اسی دوران پی ٹی آئی رہنما مزید کہتے ہیں اچھا! ہم یہاں کیمپ لگا رہے ہیں، ساتھ ہی قریب کالونی میں ، نامعلوم شخص کہتا ہے جی !
اسی دوران علی امین گنڈا پور کہتے ہیں یہاں قریب ترین جگہ کون سی ہے؟ آخر میں ؟ کون سی کالونی ساتھ لگ رہی ہے۔ نامعلوم شخص جواب دیتا ہے، ہمارے ہاں؟ اس پر پی ٹی آئی سینئر رہنما کہتے ہیں بارڈر پر ، بارڈر پر، اسلام آباد کے بارڈر پر، ٹول پلازے کے ساتھ لیفٹ سائیڈ پر، کون سی جگہ ہے، ٹاپ سٹی ہے یا کیپٹل ، اس پر نامعلوم شخص کہتے ہیں، ٹاپ بھی، کیپیٹل بھی ہے، بہت ساری ہیں، بتائیں
اس پر علی امین گنڈا پور کہتے ہیں، ٹاپ تو ایئر پورٹ پر ہے ناں، نامعلوم شخص جواب دیتا ہے ٹاپ تو ایئر پورٹ والی سائیڈ پر ہے ناں، میں نے پورا نقشہ بھیجا تھا آپ کو ۔
اس موقع پر علی امین گنڈا پور مزید کہتے ہیں وہ ملا ہوا ہے مجھے، وہ ہے میرے پاس، تیار ہوں، بس بندے اور سامان آپ رکھیں وہاں پر۔ اس پر نامعلوم شخص کہتا ہے سر کوئی مسئلہ نہیں ہے، انشاء اللہ، علی امین گنڈا پور کہتے ہیں، بس پھر رابطے میں ہیں، انشاء اللہ، نامعلوم شخص ، جی سر ، انشاء اللہ۔

چیف جسٹس صاحب ! آپ نہیں تو کون ہمارے بنیادی حقوق کی حفاظت کریگا:عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان سے کہتا ہوں آپ کا کام بنیادی حقوق کی حفاظت کرنا ہے، قوم آپ کی طرف دیکھ رہی ہے، دوران حراست تشدد کے خلاف ساری دنیا میں ایکشن لیا جاتا ہے، اگر آپ نہیں تو کون ہمارے بنیادی حقوق کی حفاظت کرے گا۔
پاکستان تحریک انصاف کا لانگ مارچ اپنی کی جانب گامزن ہے، اس دوران سخت سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
لانگ مارچ کے دوسرے روز شاہدرہ میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ آپ کو معلوم ہونا چاہیے میں 70 سال کی عمر میں سڑکوں پر کیوں نکلا ہوا ہوں، مجھے کس چیز کی کمی ہے، میں اسلام آباد کا سفر صرف ایک وجہ سے کررہا ہوں کیونکہ آپ میرے بچوں کی طرح ہیں اور میں چاہتا ہوں آپ کی تربیت ہو اور پتا چلے کہ آزادی کیا ہوتی ہے۔ پوری قوم کو شرم آنی چاہیے اس بات پر ایک دادا اور نانا کی عمر کے شخص کو اس کے پوتے پوتیوں کے سامنے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے گھر میں گھس کر مارا، اس کا قصور صرف یہ تھا اس نے آرمی چیف پر تنقید کردی، ساری دنیا میں اس کی خبر بنی، انہیں 2 نامعلوم افراد کے حوالے کیا گیا، یہ دونوں وحشی جب سے اسلام آباد آئے ہیں تب سے لوگوں اور میڈیا والوں پر ظلم کیا جارہا ہے، سوشل میڈیا کے لوگوں کو اٹھایا جارہا ہے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ ان لوگوں نے شہباز گل، اعظم سواتی اور صحافیوں پر بھی تشدد کیا، میں ان کو پیغام دینا چاہتا ہوں ہم انسان ہیں بھیڑ بکریاں نہیں ہیں۔ ہم نبی کریم ﷺ کی امت ہیں، ہمیں جانوروں کی طرح نہ رکھیں کہ پہلے جنہیں چور کہیں انہیں ہمارے اوپر مسلط کردیں اور ہمیں بھیڑ بکریوں کی طرح کہہ دیں کہ اس جانب چل پڑو، پہلے نواز شریف چور تھا اب وہ صاف شفاف ہوگیا ہے، پہلے زرداری دنیا بھر میں مسٹر 10 پرسنٹ تھا لیکن اب کیونکہ ہم نے کچھ اور فیصلہ کرلیا ہے اس لیے تم بھی اسے قبول کرلو۔
عمران خان نے کہا کہ آپ آج ان کے ساتھ کھڑے ہوگئے ہیں، پریس کانفرنس میں کہہ رہے ہیں کہ جی ہم غیرسیاسی ہوگئے ہیں، ڈی جی آئی ایس آئی ! غیرسیاسی پریس کانفرنس میں صرف عمران خان کو ٹارگٹ نہیں کیا جاتا، آپ کو یہ چور کیوں نظر نہیں آئے جو گیارہ سو ارب روپے کا ڈاکہ مار کر این آر او لے رہے ہیں۔ آرمی چیف صاحب آپ نے بلاول بھٹو کے کہنے پر کراچی کا سیکٹر انچارج تبدیل کیا، اسلام آباد میں ان دونوں کے آنے کے بعد سے ظلم ہورہا ہے، آپ کو دونوں کو ہٹانا چاہیے، یہ آپ کی، ادارے کی اور ملک کی بدنامی کر رہے ہیں، آپ کو ان کی تحقیقات کرنی چاہیے۔
پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کو کون دھمکیاں دیتا تھا یہ ان کی والدہ سے پوچھ لیں، پریس کانفرنس میں کہتے ہیں کہ ہمیں تو معلوم ہی نہیں کہ کون دھمکیاں دے رہا تھا، کیوں باہر چلا گیا، خدا کے واسطے سچ بولنا سیکھو، آپ کو سب معلوم ہے کہ اسے کون دھمکیاں دے رہا تھا۔ چیف جسٹس آف پاکستان سے کہتا ہوں آپ کا کام بنیادی حقوق کی حفاظت کرنا ہے، قوم آپ کی طرف دیکھ رہی ہے، دوران حراست تشدد کے خلاف ساری دنیا میں ایکشن لیا جاتا ہے، اگر آپ نہیں تو کون ہمارے بنیادی حقوق کی حفاظت کرے گا۔ میں نے شہباز گل پر تشدد کی مذمت کی تو مجھ پر مقدمہ بنادیا گیا، میں نے دوران حراست تشدد کی مخالفت کی تھی، اگر تب ایکشن لیا جاتا تو اعظم سواتی کے ساتھ بھی اس قدر ظلم نہ ہوتا کہ وہ خودکشی کا سوچنے پر مجبور ہوجاتے۔ چیف جسٹس صاحب آپ کو بھی کہہ رہا ہوں کہ اعظم سواتی کی اپیل پر ایکشن لیں، جنرل باجوہ صاحب کو پھر کہتا ہوں کہ ’ان دونوں‘ کی تحقیقات کریں اور ان کا ٹرانسفر کریں۔

سونے کی قیمت میں مزید کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) مقامی صرافہ مارکیٹوں میں ہفتے کے روز بھی فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 600روپے اور 514روپے کی کمی ہوئی ہے۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 7ڈالر کی کمی سے 1644 ڈالر کی سطح پر آنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی قیمت کم ہوگئی۔
کراچی حیدرآباد سکھر ملتان لاہور فیصل آباد راولپنڈی اسلام آباد پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 600 روپےگھٹ کر 151800 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت 514 روپے گھٹ کر 130144روپے کی سطح پر آگئی۔
تاہم اسکے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1580روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 1354.60 روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔

برطانوی شاہ چارلس کی اہلیہ کے طیارے سے پرندہ ٹکرا گیا

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ کے شاہ چارلس کی اہلیہ کے طیارے سے پرندہ ٹکرا گیا۔ ملکہ کیملا بھارت سے واپس آرہی تھیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق برطانوی شاہ چارلس کی اہلیہ کوئین کیملا شاہی فرائض کی انجام دہی کے لیے بھارت گئی تھیں۔ برطانیہ واپسی پر ان کے طیارے سے دوران پرواز پرندہ ٹکرا گیا۔پرندہ ٹکرانے سے طیارے کی نوک کو نقصان پہنچا تاہم پائلٹ نے طیارے کو بحفاظت اتار لیا۔
برٹش ائیرویز نے طیارے میں ملکہ کی موجودگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ طیارہ سے پرندہ اس وقت ٹکرایا جب وہ لندن کے ہیتھرو ائیرپورٹ پر لینڈ کرنے والا تھا۔

ہریتک روشن اور دیپیکا پڈوکون کی پہلی فلم کب ریلیز ہوگی؟

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے دو سُپر اسٹارز ہریتک روشن اور دیپیکا پڈوکون کی فلم ’’فائٹر‘‘ کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا ۔
ہریتک روشن اور دنیا کی خوبصورت ترین اداکارہ کا اعزاز رکھنے والی دیپیکا نے انسٹاگرام پر اپنی آنے والی نئی فلم ’’فائٹر‘ کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئےاس کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کیا ہے۔
ہریتک روشن نے پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ’ 25 جنوری کو تھیٹرز میں ملتے ہیں‘۔
یہ پہلی ایسی فلم ہے جس میں ہریتک روشن جیسے سُپر فٹ اسٹار اور اداکارہ دیپیکا پڈوکون ایک ساتھ اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔
سدھارتھ آنند کی ہدایت کاری میں بننے والی اس ایکشن تھرلر فلم میں ہریتک روشن اور دیپیکا پڈوکون کے ساتھ سینئر اداکار انیل کپور بھی جلوہ گر ہوں گے۔
فلم کی کہانی جنگی جہازوں اور ان کے بہادر پائلٹس کے گرد گھومتی ہے فلم میں ہریتک اور دیپیکا انڈین ایئر فورس کے پائلٹ کا کردار ادا کررہے ہیں۔
یاد رہے کہ فلم فائٹر کی ریلیز کی تاریخ میں چوتھی بار تبدیلی کی گئی ہے اس کی ریلیز ستمبر سال 2023ء میں متوقع تھی پھر کہا گیا کہ جنوری 2023ء میں ریلیز کی جائے گی، پھر اسے ستمبر 2022ء میں ریلیز کئے جانے کا امکان تھا اور اب اسے 25 جنوری 2024ء کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔