All posts by Khabrain News

شمسی توانائی سے چلنے والی گاڑی متعارف کروانے کا اعلان

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) برقی گاڑیوں کو بار بار چارج کرنے کی وجہ سے دنیا بھر میں لوگ یہ گاڑیاں خریدنے سے اجتناب کر رہے ہیں لیکن ان لوگوں کی جھنجھٹ جلد ہی ختم ہونے والی ہے۔
ایپٹرا موٹرز نے شمسی توانائی سے چلنے والی ایک گاڑی، ایپٹرا لانچ ایڈیشن، کا اعلان کیا ہے جو چارج کیے بغیر فی دن 64 کلو میٹر کے فاصلے تک چلائی جاسکے گی۔
اس سال کے آخر تک فروخت کے لیے پیش کی جانے والی اس گاڑی میں 34 مربع فِٹ کے سولر پینل نصب ہوں گے جن سے اس کے چلتے وقت 700 واٹ تک کی بجلی چارج ہوسکے گی۔
ایپٹرا موٹرز کے مطابق ان گاڑیوں کے مالکان کئی ہفتوں یا مہینوں تک ان گاڑیوں کو چارجنگ اسٹیشنز پر لے جائے بغیر چلا سکیں گے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ایسی جگہیں جہاں پر سورج کی روشنی زیادہ میسر ہوگی (وہ علاقے جہاں سورج زیادہ نکلتا ہوگا) وہاں گاڑی چلانے والوں کو اپنی گاڑی کبھی چارج کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
ایپٹرا کی یہ تین پہیوں والی گاڑی چھ کم وزنی پرزوں سے بنی ہے۔ ان پرزوں کو کاربن فائبر اور فائبر گلاس ملا کر بنایا گیا ہے۔ مہارت کے ساتھ یکجا کیے گئےیہ پُرزے گاڑی کو در پیش مزاحمت کو کم کرتے ہیں جبکہ اس کی کارکردگی کو بہتر بناتے ہیں۔ اس ہی وجہ سے یہ گاڑی دیگر برقی گاڑیوں کی نسبت ایک چوتھائی توانائی استعمال کرتی ہے۔
لانچ ایڈیشن میں 42 کلو واٹ آور کی بیٹر نصب ہوگی جو 640 کلومیٹر فاصلے تک چل سکے گی۔ اس حد کو آئندہ آنے والے ورژنز میں بڑھا کر 1600 کلو میٹر تک لے جایا جائے گا۔
مستقبل کی یہ گاڑی 33 ہزار 200 ڈالرز میں دستیاب ہوگی۔

رجیم چینج سہولت کاروں نے 11 سو ارب کی کرپشن کے کیسز ختم کرائے، قاسم سوری

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما قاسم سوری نے کہا ہے کہ غیر ملکی ایما پر منتخب حکومت ہٹائی گئی، رجیم چینج سہولت کاروں نے گیارہ سو ارب کی کرپشن کے کیسز ختم کرائے۔
این اے 265 کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کو تبدیل کرنے کے بعد خوف کے باعث استعفے قبول ہو گئے، فوری طور پر عام انتخابات کا اعلان کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت تباہ اور مہنگائی بڑھ رہی ہے، آئی ایم ایف کی شرائط مان کر اضافی ٹیکس لگائے جائیں گے، پنجاب اور کے پی کے اسمبلیوں کے انتخابات کا اعلان نہیں کرایا جا رہا، این اے 265 میں مخالفین کو عبرت ناک شکست دیں گے، ہمارے دور میں دہشتگردی نہیں تھی، پشاور میں سو سے زائد لوگ شہید ہو گئے۔
قاسم سوری نے کہا کہ وقت کے حساب سے ہمارے استعفیٰ کا فیصلہ درست تھا، ایک ارب سے زائد کا گیس منصوبہ کوئٹہ میں لایا، اپنے حلقے میں یونیورسٹی اور دل کا ہسپتال بنایا۔

موجودہ اور پچھلی حکومت میں نیب ترامیم سے مستفید افراد کے نام سامنے آگئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم دونوں حکومتوں میں نیب ترامیم سے جن جن سیاست دانوں کو فائدہ پہنچا ان کی تفصیلات سپریم کورٹ میں پیش کردی گئیں۔
تحریک انصاف کی حکومت میں 2019 سے لیکر جون 2022 تک نیب ترامیم کے بعد 50 نیب ریفرنسز واپس ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق سابق وزیر پانی و بجلی راجہ پرویز اشرف کیخلاف 9 نیب ریفرنسز پی ٹی آئی دور میں واپس ہوئے ، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کیخلاف 2 نیب ریفرنسز واپس ہوئے،سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کیخلاف دو نیب ریفرنسز واپس ہوئے۔ شوکت ترین پر بطور شریک ملزم اختیارات کے غلط استعمال کا الزام تھا۔
پی ٹی آئی دور حکومت میں سابق رکن اسمبلی گلگت بلتستان جاوید حسین، لیاقت علی جتوئی، سابق گورنر کے پی مہتاب احمد خان ، سابق وزیر صحت گلگت بلتستان گلبہار خان کیخلاف نیب ریفرنسز واپس ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق فرزانہ راجہ اور سابق صدر آصف علی زرداری کیخلاف نیب ریفرنسز بھی پی ٹی آئی حکومت میں واپس ہوئے۔
حالیہ نیب ترامیم سے فائدہ اٹھانے والوں میں وزیراعظم شہباز شریف، سابق صدر آصف زرداری، سابق وزیراعظم نوازشریف، فرزانہ راجہ، یوسف رضا گیلانی، اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان، آصف زرداری کے قریبی ساتھی انور مجید اور ان کا بیٹا بھی فائدہ اٹھانے والوں میں شامل ہیں۔
سابق وزیراعظم شوکت عزیز، ظفر گوندل، صادق عمرانی، نواب اسلم رئیسانی، لشکری رئیسانی، اسفند یار کاکڑ، ارباب عالمگیر، عاصمہ ارباب عالمگیر، شیر اعظم وزیر کو بھی نیب ترامیم سے فائدہ پہنچا۔
علاوہ ازیں سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کے خلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
وفاقی حکومت کے وکیل مخدوم علی خان نے دلائل دیے کہ اگر پارلیمنٹ قانون میں ترمیم سے کسی سزا کی نوعیت تبدیل کر دے تو اس کا اطلاق سزا یافتہ پر ہوتا ہے۔
جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ اگر سزائے موت کے قانون کو ختم کر کے عمر قید کر دیا جائے تو کیا تمام مجرمان کی سزا بدل جائے گی؟ کیا نیب ترامیم بنیادی حقوق کے سوا باقی آئینی شقوں سے متصادم ہونے پر کالعدم ہو سکتی ہیں؟، کیا سپریم کورٹ کسی قانون سازی کے پیچھے ممبران پارلیمنٹ کی نیت کا تعین کر سکتی ہے؟
وکیل مخدوم علی خان نے جواب دیا کہ کئی فیصلوں میں کہا گیاکہ کسی پر بدنیتی کا الزام لگانا سب سے آسان اور ثابت کرنا اتنا ہی مشکل ہے۔
جسٹس منصور علی شاہ نے پوچھا کہ کیا یہ کہا جا سکتا ہے کہ نیب ترامیم سے استفادہ ایک مخصوص طبقے نے حاصل کیا ہے؟۔
وکیل وفاقی حکومت نے جواب دیا کہ نیب ترامیم سب کے لیے ہیں، ان سے کسی مخصوص طبقے کو فائدہ نہیں پہنچا۔
جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ ممکن ہے عدالت اس نتیجے پر پہنچے کہ نیب ترامیم سے فائدہ ان ہی کو ہوا جو حکومت میں ہیں، جب بھی کوئی نیا قانون پہلے سے موجود آئینی شقوں سے متصادم ہو تو کالعدم ہو سکتا ہے۔
چیف جسٹس پاکستان نے بھی کہا کہ مقننہ نے عدلیہ کو کسی بھی قانون کو کالعدم قرار دینے کے وسیع اختیارات دے رکھے ہیں۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت کل 9 فروری تک ملتوی کردی۔

پاک فضائیہ کے تربیتی مشاق طیارے کی مردان میں ہنگامی لینڈنگ

پشاور: (ویب ڈیسک) پاک فضائیہ کا طیارہ خیبر پختونخوا میں حادثے کا شکار ہوگیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق تربیتی مشاق طیارے نے مردان کے قریب کھیتوں میں ہنگامی لینڈنگ کی۔ حادثے میں دونوں پائیلٹ محفوظ رہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہیں ریسکیو اور میڈیکل ٹیمیں موقع پرپہنچ گئیں۔ جائے حادثہ پرمزید کارروائی جاری ہے۔

ایک تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ روپے سے نیچے آگئی

کراچی: (ویب ڈیسک) ڈالر کی قدر میں کمی کے اثرات سونے کی مقامی قیمتوں پر بھی مرتب ہونا شروع ہوگئے ہیں۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 11ڈالر کے اضافے سے 1880ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بدھ کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 2000روپے اور 1715روپے کی مزید کمی واقع ہوئی۔
اس کے نتیجے میں کراچی حیدرآباد سکھر ملتان لاہور فیصل آباد راولپنڈی اسلام آباد پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر 198000روپے اور دس گرام سونے کی قیمت گھٹ کر 169753روپے کی سطح پر آگئی۔
اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت 60 روپے کی کمی سے 2170روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت بھی 51.44روپے کی کمی سے 1860.42روپے کی سطح پر آگئی۔

روپے کی قدر میں اضافہ، ڈالر سستا ہوگیا

کراچی: (ویب ڈیسک) کاروباری ہفتے کے تیسرے روز انٹر بینک میں امریکی کرنسی کی قدر میں 2 روپے 95 پیسے کمی واقع ہوئی جس سے انٹربینک میں ڈالر 273 روپے 33 پیسے کا ہوگیا ہے۔
اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں معمولی کمی ہوئی ہے جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی 276 روپے 53 پیسے پر فروخت ہو رہی ہے۔

عدالت کا سینیٹری ورکرز کو کم از کم 25 ہزار تنخواہ ادا کرنے کا حکم

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ ہائیکورٹ نے سینیٹری ورکرز کی کم سے کم تنخواہ 25 ہزار ادا کرنے کے حکم پر عمل درآمد کا حکم دیتے ہوئے مختلف محکموں کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں سینیٹری ورکرز کی کم از کم ماہانہ تنخواہ 25 ہزار روپے مقرر کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔
عدالت میں دائر درخواست میں کہا گیا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ میں سینیٹری ورکرز کو 17 ہزار تنخواہ دی جارہی ہے، 25 ہزار روپے سے کم تنخواہ دینا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
وکیل نے عدالت میں کہا کہ سندھ حکومت نے 7 جولائی 2022 کو مزدوروں کی تنخواہ 25 ہزار روپے مقرر کی تھی۔
عدالت نے مزدوروں کی کم سے کم تنخواہ 25 ہزار ادا کرنے کے حکم پر عمل درآمد کا حکم دیا، عدالت نے کہا کہ صوبے میں سینیٹری ورکرز کی کم سے کم تنخواہ 25 ہزار روپے یقینی بنایا جائے۔
عدالت نے محکمہ لیبر کو مختلف محکموں سے رپورٹ منگوا کر جائزہ لینے کا حکم بھی دیا جبکہ سندھ حکومت کو درخواست گزار کی تجاویز کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
درخواست کی مزید سماعت 2 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔

ترکیہ اور شام میں زلزلہ؛ اموات کی تعداد8 ہزار سے زائد ہوگئی، وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ

انقرہ: (ویب ڈیسک) ترکی اور شام میں قیامت خیز زلزلے سے اموات کی تعداد 8 ہزار704 ہوگئی ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ترکی اور شام میں زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہزارسے زائد ہوگئی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق متاثرین کی تعداد 23 لاکھ سے زائد ہوسکتی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ ہے۔
زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ سیکڑوں افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ سخت سردی میں لوگ کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں۔ زلزلے سے متعدد علاقے مٹی کا ڈھیر بن چکے ہیں۔ سڑکیں اور مواصلات کا نظام تباہ ہونے سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ حکام نے اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

پارلیمانی کمیٹی کا جعلی ڈگری پربرطرف پی آئی اے ملازمین کی بحالی کا حکم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی نے جعلی ڈگری پر برطرف پی آئی اے کے ملازمین کی بحالی کا حکم دے دیا۔
قادرمندوخیل کی سربراہی میں پی آئی اے کے ملازمین سے متعلق قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی نے جعلی ڈگری پر برطرف 840 ملازمین کو گزشتہ مراعات دینے کی بھی ہدایت کی اورڈی جی سول ایوی ایشن کو جعلی ڈگری ملازمین کے خلاف درج مقدمات بھی ختم کرنے کاحکم دیا۔
کمیٹی نے 2009ء سے اب تک جعلی ڈگری پر برطرف ملازمین کو بحال کرنے کی ہدایت کی۔
خصوصی کمیٹی نے سول ایوی ایشن کے650نکالے گئے ملازمین کو بھی ملازمت پر بحال کرنے کی ہدایت کی۔ کمیٹی نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو سی ای اوپی آئی اے ،ڈی جی سول ایوی ایشن اور سیکرٹری ایوی ایشن کو ملازمت سے فارغ کرنے کی بھی سفارش کی۔ تینوں افسران کے خلاف تحریک استحقاق لانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
کمیٹی کی جانب سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو جاری مراسلے میں قادر مندو خیل کی جانب سے ڈی جی ایف آئی اے کو 21 جنوری کے حکم پر عملدرآمد کی ہدایت کی گئی۔ حکمنامے میں سی ای او پی آئی اے اور ڈی جی سی اے اے پر مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔