All posts by Khabrain News

لوک گلوکار عالم لوہار کو مداحوں سے بچھڑے 44 برس بیت گئے

لاہور(خبریں ڈیجیٹل) پاکستان لوک موسیقی کے اصل شہنشاہ عالم لوہار کو اپنے لاکھوں پرستاروں سے بچھڑے 44 برس بیت گئے۔

چمٹا بجا کر جگنی گانے اور دنیا بھر میں دھوم مچانے والے نامور لوک گلوکار عالم لوہار کی آج 44 ویں برسی ہے۔ یکم مارچ 1928 کو گجرات میں پیدا ہونے والے عالم لوہار نے کم عمری میں ہی گلوکاری شروع کردی، گائیکی کا مخصوص انداز، رنگ برنگ لباس اور ہاتھوں میں چمٹا، یہ سب کچھ عالم لوہار کی پہچان بنا۔

عالم لوہار نے فوک گائیکی میں جو بھی گایا کمال گایا، ہیر وارث شاہ گا کر تو انہوں نے خوب نام کمایا۔ عالم لوہار پنجاب بھر میں سجنے والے میلوں ٹھیلوں میں صوفیانہ کلام اس انداز میں پیش کرتے کہ سننے والوں پر وجد طاری ہو جاتا۔

عالم لوہار کا چمٹا ان کی پہچان بنا، وہ چمٹا بجاتے اور کئی کئی گھنٹے لائیو پرفارم کرتے، معروف لوک فنکار کے صاحبزادے عارف لوہاربھی اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دنیا بھر میں ملک وقوم کی نیک نامی کے لیے کوشاں ہیں۔

عالم لوہار نے 70 کی دہائی میں انگلینڈ، کینیڈا، ناروے اور جرمنی سمیت دیگر ممالک میں ہونے والے پروگراموں میں پاکستان کی نمائندگی کی،فنی خدمات پر انہیں انہیں پرائیڈآف پرفارمنس سمیت کئی ایوارڈز سے نوازا گیا۔

عالم لوہار تین جولائی 1979کو شامکے بھٹیاں کے قریب ٹریفک حادثے میں انتقال کرگئے لیکن وہ اپنے فن کی وجہ سے آج بھی اپنے چاہنے والوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔

ملک بھر میں جولائی کے پہلے ہفتے مون سون بارشوں کا امکان

لاہور(خبریں ڈیجیٹل ) محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کردی، بارشوں کا سلسلہ جولائی کے پہلے ہفتے تک جاری رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق 3 جولائی سے 8 جولائی تک اسلام آباد سمیت راولپنڈی، مری اور گلیات میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان کے کئی شہروں میں بھی بادل جم کر برسیں گے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے آج سے خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بارش کے باعث ندی نالوں میں تغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کردی ہے۔ بارشوں کے باعث پشاور، چارسدہ، نوشہرہ اور دیگر علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی امکان ہے۔ مون سون بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے 8 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

پشاور میں 18 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ، شہری بِلبلا اٹھے

پشاور(خبریں ڈیجیٹل ) عیدالاضحیٰ کی تعطیلات ختم ہوتے ہی خیبرپختونخوا میں طویل لوڈشیڈنگ کا آغاز ہوگیا، شہری کئی گھنٹے بجلی بندش سے بِلبلا اٹھے۔

تفصیلات کے مطابق پشاور کے مضافاتی علاقوں میں 16 سے 18 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ پشاور کے شہری علاقوں میں بجلی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے سے تجاوز کرگیا۔

ترجمان پیسکو کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں بجلی کی طلب 3 ہزار 468 اور سپلائی 2250 میگا واٹ ہے۔ لائن لاسسز والے علاقوں میں معمول کے مطابق لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

ترجمان پیسکو کے مطابق گرمی کی شدت سے بجلی کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ ڈیمانڈ اور سپلائی میں واضح فرق ہونے کی وجہ سے لوڈ مینجمنٹ کی جاتی ہے۔ ساتھ ہی بجلی چوری اور بجلی کا غیر ضروری استعمال لوڈشیڈنگ میں اضافے کا باعث بنتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف بھی ایشز سیریز کے مداح نکلے

اسلام آباد(خبریں ڈیجیٹل )وزیراعظم شہباز شریف بھی آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والی ایشز سیریز کے مداح نکلے، ایشز سیریز کے دوسرے میچ پر تبصرہ کیے بغیر نہ رہ سکے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ ٹویٹ میں انہوں نے گزشتہ روز لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے ایشز کے دوسرے میچ کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے لکھا کہ کیا خوب کرکٹ کا میچ ہوا۔

وزیراعظم نے اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ اس میچ میں واضح طور پر آسٹریلیا کی ٹیم اور انگلش بلے باز بین اسٹوکس فاتح ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ایشز سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے کانٹے دار مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 43 رنز سے شکست دی۔ انگلش بلے باز بین اسٹوکس نے اپنی ٹیم کو فتح دلوانے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن تمام حربے ناکام رہے۔

اب پاکستانی روپے نہیں، ڈالرز میں حج ہوگا، وفاقی وزیر مذہبی امور

اسلا م آباد(خبریں ڈیجیٹل )وفاقی وزیر مذہبی امور اور سینیٹر، طلحہ محمود نے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ برس جنوری کے مہینے سے حاجیوں کو بھیجنے کی تیاری مکمل کرنی ہے جس کیلئے پاکستانی روپے نہیں بلکہ ڈالرز میں حج ہوگا۔

گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے رواں سال حج انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک لاکھ 60 ہزار پاکستانیوں نے حج مکمل کیا۔ اس دوران شکر ہے کہ کوئی بڑا حادثہ رونما نہیں ہوا، حاجیوں کی اکثریت نے انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

طلحہٰ محمود کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر کی حیثیت سے اپنے حج کے اخراجات جمع کروائے، پاکستانی حاجیوں کے ساتھ ہی رہا اور حج ادا کیا۔ رواں سال سعودی تاریخ کا سب سے بڑا حج ریکارڈ کیا گیا جس کی وجہ سے مشکلات آتی ہیں۔ اس حوالے سے منی، مزدلفہ اور عرفات میں پاکستانیوں کی شکایات سعودی وزیر کو پہنچائیں اور احتجاج کیا۔

وفاقی وزیر نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا اگلے سال کیلئے 1 لاکھ 79 ہزار 210 حاجیوں کا کوٹہ لے کر آیا ہوں، پہلے آؤ پہلے پاؤ کے طریقے پر چلیں گے۔ کچھ نجی ٹوور آپریٹرز نے حجاج سے 19 لاکھ لیے اور حاجیوں کو حرم میں لیٹنا پڑا۔ ان ٹوور آپریٹرز کی فہرستیں طلب کرلی ہیں، اس حوالے سے باقاعدہ پالیسی بنائی جائے گی۔

آئی ایم ایف معاہدے کے بعد کاروباری سرگرمیوں میں تیزی

کراچی (خبریں ڈیجیٹل)عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) اور پاکستان کے درمیان معاہدے کے بعد کاروباری ہفتے کے پہلے ہی روز زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔

عید کی تعطیلات کے بعد اسٹاک ایکس چینج کے 100 انڈیکس میں 2436 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد 100 انڈیکس 43 ہزار 889 کی سطح پر ٹریڈ ہورہا ہے۔

آئی ایم ایف سے 3 ارب ڈالر کی اسٹینڈ بائے اریجمنٹ کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کاروبار کا 2 ہزار 231 پوائنٹس اضافے کے ساتھ آغاز ہوا۔

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ 2 ہزار 231 پوائنٹس کے ریکارڈ اضافے پر کھلی ہے۔ آج کا دن ہنڈریڈ انڈیکس کے ریکارڈ ساز اضافے کا دن ہو سکتا ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس 2 ہزار 400 پوائنٹس کے تاریخی اضافے کے بعد 43 ہزار 853 پر آ گیا ہے۔ عید الاضحیٰ کی تعطیلات سے قبل 100 انڈیکس 41 ہزار 452 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر پاکستان کو اپنا سفیر واپس بلا لینا چاہیے,سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

لاہور(خبریں دیجیٹل)سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کا اپنے ٹویٹ میں کہنا ہے کہ آنے والے 45 دن پاکستان کی معاشی سلامتی اورسیاسی مستقبل کے لیے اہم ہیں دنیا کی نظریں پاکستان پر ہیں کیونکہ پاکستان خطے کا اہم ملک ہے سیاسی استحکام ہوگا تو معاشی استحکام ہوگا سیاسی استحکام معاشی اور اقتصادی مالی استحکام کی بنیاد بنے گا 13 جماعتیں نہیں پاکستان کے 25 کروڑ لوگ ہی پاکستان کی بقاء اور اُس کے ضامن ہیں دبئی میں ایک ہفتہ بڑھائیں یا دو ہفتے بڑھائیں ان کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے 13 اگست تک حکومت کا کٹی کٹا نکل آئے گا ایک جاپان ہی رہ گیا تھا وہ بھی وزیر خارجہ نے پورا کر لیا اور سیز پاکستانیوں سے خطاب کے بجائے اُن کو ووٹ دینے کا حق دیا جائے پاکستان کا حقیقی مالک اُ سکی عوام ہے یہ مسترد شدہ سیاست دانوں کی جاگیر نہیں صرف نیب ترمیم کے ذریعے اپنے کیس ختم کروانے آئے تھے وہ کرا وا لیے ہیں عوام کو مہنگائی کے جہنم میں ڈال دیا ہے 415 ارب روپے کے نئے ٹیکس عوام کی گردن میں ڈال دیے گئے ہیں آئی ایم ایف کا ابھی زبانی اعلان آیا ہے 12 جولائی کو تحریری اعلان آئے گا 12 جولائی سےعوام کے لیےبجلی گیس اور اجناس مزید مہنگے ہو جائیں گے تنخوادار طبقہ مزید پس کر رہ گیا ہے ابھی تک پی پی پی کی طرف سے آئی ایم ایف کے معاہدے پر کوئی ردعمل نہیں آیا جس کا مطلب ہے ابھی دال میں کچھ کالا ہے ہارس ٹریڈنگ کرکے خریدو فروخت کی منڈی لگا کے چور دروازے سے آنے والے عوام کے غیض و غضب کے لیے تیار ہوجائیں سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر پاکستان کو اپنا سیفر واپس بلا لینا چاہیے

سمینہ بیگ، نائلہ کیانی سمیت 10 کوہ پیماؤں نے نانگا پربت سر کرلی

10 پاکستانیوں سمیت متعدد غیر ملکی کوہ پیماؤں نے دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی نانگا پربت سر کرلی۔

تفیصلات کے مطابق پاکستانی کوہ پیما واجد اللہ نگری، سمینہ بیگ اور نائلہ کیانی سمیت 10 کے قریب کوہ پیماؤں نے دنیا کی نویں بلند اور خطرناک ترین چوٹی ننگا پربت سر کیا، پاکستانی خاتون کوہ پیماہ ثمینہ بیگ نے نانگاپربت چوٹی اتوار کی صبح 11 بجکر 8 منٹ پر سر کر کے سبز ہلالی پرچم لہرایا۔

کوہ پیما ثمینہ بیگ اس سے قبل کےٹو اور ماؤنٹ ایوریسٹ سر کر چکی ہیں جبکہ انہیں 8 ہزار میٹر بلند پہاڑ سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما کا اعزاز حاصل ہے۔

 

اسلاموفوبیا کے انفرادی عمل کو سختی سے مسترد کرتے ہیں, سویڈن

اسٹاک ہوم: سویڈن نے قرآن پاک کی بے حرمتی کو کسی کا انفرادی عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلاموفوبیا کے اقدام کو سختی سے مسترد کرتے ہیں۔ 

سویڈن میں عید کے روز ایک انتہا پسند دائیں بازو کی تنظیم کے رہنما کی قرآنِ پاک کو نذر آتش کرنے کے ناپاک جسارت پر مسلم دنیا میں غم وغصے کی لہر دوڑ گئی اور عالمی قوتیں نے بھی اس عمل کی مذمت کی ہے جس کے بعد سویڈن کا مؤقف بھی سامنے آگیا

پاکستان میں سویڈن کے سفارت خانے نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک بیان میں کہا ہے کہ سویڈن حکومت اسلاموفوبیا پر مبنی کسی بھی عمل کو سختی سے مسترد کرتی ہے۔

 

 

کولمبیا فضائیہ کے دو طیارے آپس میں ٹکرا گئے، لیفٹیننٹ کرنل سمیت 2 افراد ہلاک

بوگوتا(خبریں ڈیجیٹل )کولمبیا فضائیہ کے دو طیارے دورانِ پرواز آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل سمیت 2 افراد ہلاک ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کولمبیا فضائیہ کے دو طیاروں کے تصادم سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دعویٰ کیا گیا ہے۔

وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کولمبیا کے ولاویسینسیو ایئر بیس سے 4 طیاروں نے تربیتی پرواز کے اُڑان بھری تھی۔

طیاروں کے تصادم کے نتیجے میں خوفناک دھماکا ہوا۔ طیاروں میں آگ بھڑک اُٹھی اور ملبہ ایک غیر آباد علاقے میں گرا۔

طیاروں کے تصادم کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل سمیت دو اہلکار ہلاک ہوگئے جب کہ ایک کے زخمی ہونے کی بھی غیر مصدقہ اطلاع ہے۔

تاحال کولمبیا کی فضائی کی جانب سے حادثے کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی۔