All posts by Khabrain News

فیفا ورلڈ کپ 2022؛ سربیا اور کیمرون کا میچ تین تین گول سے برابر

دوحا: (ویب ڈیسک) فیفا ورلڈ کپ 2022 کے گروپ جی میں سربیا اور کیمرون کے درمیان کھیلا گیا میچ تین تین گول سے برابر ہوگیا۔
کھیل کے دوران سربیا نے پہلا گول پہلے ہاف کے 29 ویں منٹ میں کیا جبکہ کیمرون نے پہلے ہاف کے اضافی وقت میں یکے بعد دیگرے دو گول کیے۔
دوسرے ہاف کے 53 ویں منٹ میں کیمرون نے تیسرا گول بھی کر دیا جس کے بعد سربیا نے 63 ویں اور 66 ویں منٹ میں دو گول کرکے میچ برابر کر دیا۔
گروپ جی میں برازیل پہلے اور سوئٹزرلینڈ دوسرے نمبر پر ہے۔

پرچم سے ‘ اللہ’ کا نام کیوں ہٹایا؟ ایران کا فیفا سے شدید احتجاج

لاہور: (ویب ڈیسک) امریکا کی جانب سے پرچم سے ‘اللہ’ کا نام ہٹانے پر ایران نے فٹبال کی عالمی تنظیم (فیفا) سے شدید احتجاج کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی فٹ بال فیڈریشن نے امریکی فٹ بال کی جانب سے اسلامی جمہوریہ کے جھنڈے سے لفظ اللہ کو ہٹانے کے خلاف سوشل میڈیا پوسٹس پر احتجاج کیا۔
خیال رہے کہ ایران اور امریکا کے مابین منگل کو فٹبال ورلڈ کپ کا میچ کھیلا جائے گا جس کو میگا ایونٹ کا دھماکے دار مقابلہ بھی تصور کیا جارہا ہے۔
ایران میں 22 سالہ کرد ایرانی خاتون مہسا امینی کی حراست میں ہلاکت کے بعد دو ماہ سے زیادہ کے مظاہرے ہوئے ہیں۔
ایرانی فٹبال فیڈریشن نے کہا کہ امریکی فیڈریشن کا یہ عمل انتہائی غیر پیشہ ورانہ ہے۔
اس سلسلے میں ایرانی فٹبال فیڈریشن نے فیفا کو بذریعہ ای میل آگاہ کیا اور اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے سنجیدہ نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب امریکی فٹبال فیڈریشن کا کہنا ہےکہ اس کی جانب سے یہ عمل ایران میں انسانی حقوق کے لیے لڑنے والی خواتین سے اظہار یکجہتی کے لیے کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان 1980 سے سفارتی تعلقات منقطع ہیں، دونوں ٹیموں کے درمیان فٹبال ورلڈکپ کا میچ 29 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کے لئے کمنٹری پینل کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے لئے کمنٹری پینل کا اعلان کردیا گیا ہے۔
انگلینڈ کے سابق کپتان اور معروف براڈ کاسٹر ڈیوڈ گوور، مائیکل ایتھرٹن اور ناصر حسین دسمبر میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین میچوں کی تاریخی ٹیسٹ سیریز میں فرائض انجام دیں گے۔
خیال رہے کہ گوور نے پاکستان سپر لیگ اور پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان حالیہ سات میچوں کی ٹی 20 سیریز کے دوران پاکستان میں کمنٹری کی، ستاروں سے مزین کمنٹری پینل میں پاکستانی آوازیں سابق ٹیسٹ کرکٹرز بازید خان، وقار یونس اور عروج ممتاز شامل ہیں۔
تینوں ٹیسٹوں کو مکمل ہائی ڈیفینیشن کیمروں کے ذریعے پوری دنیا میں دکھایا جائے گا، بشمول بگی کیم اور مکمل ہاک آئی ریویو سسٹم، سیریز میں پی سی بی کے پچ سائیڈ سٹوڈیو کی واپسی کو بھی دیکھا گیا ہے، جس کی میزبانی معروف پریزینٹر زینب عباس کریں گے جو ناظرین کو میچ سے پہلے اور بعد کے شوز کے دوران پرزینٹر کے فرائض انجام دیں گے۔
یکم دسمبر سے جب یہ سیریز راولپنڈی میں شروع ہوگی تو اس میں دونوں ٹیمیں 17 سال بعد پہلی بار پاکستانی سرزمین پر ایک دوسرے کے ساتھ کسی ٹیسٹ میچ میں کھیلیں گی اور اس بہت زیادہ متوقع سیریز کی نشریات پی ٹی وی سپورٹس کے ذریعے دستیاب ہوں گی۔

رنویر سنگھ کی نئی کامیڈی فلم ’سرکس‘ کا ٹیزر جاری

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے اسٹائل آئیکون رنویر سنگھ کی نئی کامیڈی فلم کا ٹیزر جاری کر دیا گیا۔
سوشل میڈیا پر کامیڈی سے بھرپور اس فلم کا ٹیزر شیئر کرتے ہوئے رنویر سنگھ نے لکھا کہ ’ہماری دنیا میں خوش آمدید، ٹریلر 2 دسمبر کو ریلیز ہوگا‘۔
فلم میں 1960 کا وہ دور فلمایا گیا ہے جب نہ موبائل تھے اور نہ سوشل میڈیا اور لوگوں کی زندگی آج کے دور سے بےحد مختلف تھی جبکہ وہ ایک سنہری دور تھا۔
رنویر سنگھ کے ساتھ پوجا ہیج، جیکولین فرنینڈس، جانی لیور، سنجے مشرا، ورون شرما، ٹکو تلسانیہ، وراجیش ہرجی اور دیگر اداکار کامیڈ ی کردار ادا کریں گے۔ طنزو مزاح سے بھرپور اس فلم کو مشہور بالی ووڈ ڈائریکٹر روہت شیٹی نے پروڈیوس کیا کہ جبکہ وہی اس فلم کے ہدایتکار بھی ہیں۔

تھائی لینڈ میں بندروں کے دعوتی میلے کا انعقاد

بینگکاک: (ویب ڈیسک) وسطی تھائی لینڈ میں ہر سال کی طرح اتوار 27 نومبر کو بھی بندروں کے شکر کا میلہ منعقد کیا گیا کیونکہ ان کی موجودگی سے سیاحت کو فروغ مل رہا ہے۔
پورے دن جاری اس تقریب میں بندروں کے سامنے کئی اقسام کے پھل اور ان کے پسندیدہ کھانے رکھے گئے۔ صبح کے وقت میدان میں بندروں کے مجسمے سجائے گئے اور اس کے بعد رضاکار حقیقی بندروں کے لیے کھانے پینے کا سامان لے کر آئے۔ تھوڑی دیر بعد بندروں کے غول دوڑے چلے آئے اور مکاک بندروں نے کھانے کے دوران ایک دوسرے سے الجھتے بھی رہے لیکن اس منظر کو دیکھ کر تمام سیاح بہت خوش ہورہے تھے۔
یہ تقریب بنگکاک سے ایک 150 کلومیٹر دور ایک بہت مشہور مندر کے پاس منعقد ہوئی۔ جانوروں کے لیے وسیع رقبے پر پھل اور سبزیاں رکھی گئی تھیں۔ ہرسال اس تقریب سے سیاحت کو فروغ ہوتا ہے کیونکہ دنیا بھر سے لوگ اسے دیکھنے کےلیے آتے ہیں۔
لوپبیوری انتظامیہ کے مطابق شروع میں 300 کے قریب بندر شریک تھے جن کی تعداد بڑھ کر اب 4000 تک پہنچ چکی ہے۔ شہر کی انتظامیہ کے مطابق انسان اور بندر دونوں ایک ساتھ سکون سے رہ سکتے ہیں۔ یہاں تک کہ بندر سیاحوں کے پاس بھی گئے اور تصاویر بنوائیں۔

دوست کے اصرار پر لاٹری خریدنے والے شخص کے وارے نیارے

لاہور: (ویب ڈیسک) امریکا میں دوست کے اصرار پر پہلی بار پاور بال لاٹری ٹکٹ خریدنے والے ایک شخص نے ڈیڑھ لاکھ ڈالرز کا انعام جیت لیا۔
امریکی ریاست ورجینیا کے شہر ہیمپٹن سے تعلق رکھنے والے ڈینی جانسن نے ورجینیا لاٹری کے عہدے داروں کو بتایا کہ وہ لاٹری کو ہمیشہ سے شک کی نظر سے دیکھتے تھے اور اپنے دوستوں کو بتاتے کہ لاٹریاں وقت اور پیسے کا ضیاع ہے۔
ڈینی کا کہنا تھا کہ جب نومبر کے ابتداء میں جیک پاٹ اپنی تاریخی سطح پر پہنچا تب ان کے ایک دوست نے ان پر پاور بال ٹکٹ خریدنے کے لئے زور دیا، لہٰذا انہوں نے ہار مانتے ہوئے 5 نومبر کی قرعہ کے لئے لاٹری کی ویب سائٹ سے ایک ٹکٹ لیا۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے قرعہ میں نکلنے والے نمبروں کو دیکھا اور کہا ’میرے کچھ نمبر نکل آئے‘، کیوں کہ اس سے قبل انہوں نے کبھی قرعہ میں حصہ نہیں لیا تھا اس لئے ان کو علم نہیں تھا کہ وہ کتنا انعام جیتے۔
پہلی بار لاٹری میں حصہ لینے والے ڈینی کے ٹکٹ کے چار نمبر لگے جس سے وہ 50 ہزار ڈالرز جیتے جو پاور پلے آپشن کی وجہ سے بڑھ کر ڈیڑھ لاکھ ڈالرز تک پہنچ گیا۔

خلا میں ٹماٹر اگانے کا تجربہ، ناسا کا خلائی جہاز سامان لے کر روانہ

لاہور: (ویب ڈیسک) ناسا کی جانب سے خلا میں تجرباتی طور پر ٹماٹر کی فصل اگانے کیلئے اسپین ایکس سے ایک کارگو خلائی جہاز ٹماٹر کے بیج اور دیگر سامان لے کر روانہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق اسپیس ایکس کا کارگو خلائی جہاز منگل کو روانہ ہونا تھا لیکن موسمی خرابی کے باعث فلائٹ منسوخ کر دی گئی تھی۔ ناسا کے فلوریڈا میں قائم کینیڈی اسپیس سینٹر سے آج روانہ ہونے والا کارگو خلائی جہاز ٹماٹر کے بیج کے علاوہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے خلابازوں کے لیے غذائی سامان بھی لے کر روانہ ہوا ہے۔
ناسا کے مطابق ڈریگن کارگو خلائی جہاز 7,700 پاؤنڈ سے زیادہ تحقیق، ہارڈ ویئر،کچھ سزبوں اور فروٹس کے بیج کے ساتھ دیگر سامان بھی لے کر روانہ ہوا ہے جن میں مسالے دار سبز پھلیاں، کرین بیری ایپل ڈیزرٹس، کدو پائی اور کینڈی کارن شامل ہیں۔
واضح رہے کہ 29 نومبر اور 3 دسمبر کو طے شدہ خلائی چہل قدمی کے دوران، تیرتی لیبارٹری کے باہر خصوصی سولر پلیٹس نصب کی جائیں گی جو خلائی اسٹیشن کو اضافی بجلی فراہم کریں گے۔
امریکی خلائی ایجنسی کے مطابق، محققین سٹیشن پر ویجی کے نام سے مشہور پودوں کی نشوونما کے یونٹ کی جانچ کر رہے ہیں جہاں مختلف اقسام کی سبزیاں اُگائی ہیں، اور اگلے مرحلے میں ٹماٹر اُگانے پر توجہ مرکوز ہے۔
ناسا کے سائنسدانوں اور تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ ہم ٹماٹروں کی جانچ کر رہے ہیں، اور اس فصل پر خلاء کی روشنی کے اسپیکٹرم کے کیا اثرات ہوں، نیز یہ کہ ٹماٹر کتنے لذیذ اور غذائیت بخش ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم عملے کے رویے کی صحت پر فصلوں کی افزائش، دیکھ بھال اور کھانے کے مجموعی اثر کا بھی جائزہ لے رہے ہیں، یہ سب مستقبل کی خلائی تحقیق کے لیے قیمتی ڈیٹا فراہم کرے گا۔

شرح سود میں اضافہ، غیر یقینی سیاسی صورتحال سٹاک مارکیٹ کو لے ڈوبی

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک میں غیر یقینی سیاسی صورتحال اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے شرح سود میں اضافے کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے۔
رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز بدترین مندی سے ہوا۔ صبح 10بجے کے قریب 100 انڈیکس میں 700 پوائنٹس سے زیادہ کی مندی ریکارڈ کی گئی۔ کاروبار کے دوران ایک موقع پر 950 سے بھی زائد پوائنٹس گر گئے تھے۔
تاہم کاروبار کے اختتام سے قبل کچھ ریکوری ہوئی۔ ایک موقع پر 42000 کی نفسیاتی بھی گر گئی تھی تاہم اختتامی لمحات میں تیزی کے باعث حصص مارکیٹ 865٫39 پوائنٹس کی مندی کے بعد 42071٫34 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
پورے کاروباری روز کے دوران ٹریڈنگ میں 2٫02 فیصد تنزلی دیکھی گئی۔ اسی دوران 12 کروڑ 17 لاکھ 62 ہزار 508 شیئرز کا لین دین ہوا۔ 100 انڈیکس میں مندی کے باعث 170 ارب روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔

روس سے سستا تیل خریدنے کا معاملہ، پاکستانی وفد ماسکو روانہ

لاہور: (ویب ڈیسک) روس سے سستا خام تیل خریدنے کے معاملے پر پاکستانی وفد ماسکو روانہ ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کی سربراہی میں لاہور ایئرپورٹ سے روانہ ہوا جس میں سیکرٹری پیٹرولیم محمد محمود سمیت دیگر حکام شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان پاکستان اسٹریم گیس پائپ لائن پر کام جلد شروع کرنے سے متعلق بھی بات ہوگی، پاکستان اسٹریم گیس پائپ لائن کراچی سے لاہور کے قریب تک تعمیر ہونی ہے اور پاکستان اسٹریم گیس پائپ لائن کا پرانا نام نارتھ ساؤتھ پائپ لائن ہے۔

عمران کا مستعفی ہونے کا فیصلہ، پی ٹی آئی قیادت نے زمان پارک میں سر جوڑ لئے

لاہور: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کے فیصلے پر تحریک انصاف کی قیادت نے آئندہ لائحہ عمل کے لیے زمان پارک میں سر جوڑ لئے۔
عمران خان کے زیر صدارت پی ٹی آئی سینئر لیڈر شپ کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا، اجلاس میں پنجاب، کے پی کے اور سندھ سے لیڈر شپ شریک ہوئی، اسد عمر، شاہ محمود قریشی، فواد چودھری، وزیر اعلیٰ کے پی کے محمود خان، شفقت محمود، تیمور جھگڑا، علی امین گنڈا پور، علی ظفر ایڈووکیٹ، بابر اعوان، جمشید چیمہ، اعجاز چودھری، فردوس شمیم نقوی، عثمان بزدار، سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان شریک ہوئے۔
اجلاس میں ڈاکٹر یاسمین راشد، عاطف خان، عمر ایوب، سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال، میاں محمود الرشید، سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب، قاسم سوری اور پارٹی کے دیگر رہنما بھی شریک ہوئے۔
بابر اعوان اور علی ظفر کی طرف سے اجلاس کے شرکا کو آئینی اور قانونی معاملات پر بریفنگ دی گئی، اسمبلی سے مستعفی ہونے کے لئے آئینی مرحلہ سے آگاہ کیا گیا، اجلاس میں حکومت مخالف تحریک کے مزید آپشنز کا بھی جائزہ لیا گیا۔