All posts by Khabrain News

قاسم علی شاہ الحمرا آرٹس کونسل کے چیئرمین بورڈ آف گورنرز تعینات

لاہور: (ویب ڈیسک) نامور سکالر، دانشور اور موٹیویشنل سپیکر قاسم علی شاہ کو چیئرمین بورڈ آف گورنرز لاہور آرٹس کونسل تعینات کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق قاسم علی شاہ کو 3 برس کے لئے چیئرمین کے عہدے پر فائز کیا گیا ہے، دیگر اراکین میں عمران قریشی، قدسیہ رحیم، عباس تابش، رضی احمد، ساجدہ ونڈل شامل ہیں۔
شاہد محمود ندیم، محمد احمد شاہ، حماد غزنوی، سلیمہ ہاشمی، صوفیہ بیدار اور ڈاکٹر نیلم ناز بھی گورننگ باڈی کا حصہ ہوں گی۔
الحمراء آرٹس کونسل کی گورننگ باڈی وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر تشکیل دی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق یہ باڈی ادب و ثقافت کے میدان میں نئی نئی پالیسیز تشکیل دیتی ہے اور نئے رخ متعین کرتی ہے۔

بھارتی اداکار رنویر سنگھ کی ملالہ یوسف زئی کے ساتھ سیلفی وائرل

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) بھارتی اداکار رنویر سنگھ نے پاکستان کی نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کے ساتھ سیلفی لے لی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
ملالہ اور رنویر کی ملاقات این بی اے کی باسکٹ بال گیم کے موقع پر ہوئی جہاں ہالی ووڈ کے دیگر مشہور اداکار بھی موجود تھے۔
رنویر سنگھ نے اپنے انسٹاگرام پر متعدد تصاویر شیئر کی ہیں جس میں وہ مختلف فنکاروں کے ساتھ نظر آرہے ہیں۔
ایک تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ ملالہ یوسفزئی اور ان کے شوہر عصر ملک کے ساتھ ہیں اور موبائل سے تینوں کی سیلفی لے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ ملالہ یوسفزئی اپنے شوہر کے ساتھ امریکن لیگ کے آل سٹارز ویک اینڈ کی تقریب میں شرکت کیلئے آئی تھیں۔

پٹھان دنیا بھر سے 1 ہزار کروڑ کمانے والی پہلی ہندی فلم بن گئی

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے کنگ شاہ رُخ خان کی فلم ’پٹھان‘ دنیا بھر سے 1 ہزار کروڑ کمانے میں کامیاب ہوگئی۔
یش راج فلمز کی جانب سے سوشل میڈیا پر یہ اعلان کیا گیا ہے کہ پٹھان نے دنیا بھر سے ایک ہزار کروڑ انڈین روپے کما لیے ہیں۔
ایکشن اور تھرلر سے بھرپور اس ہندی فلم نے بھارت سے اپنی ریلیز کے پہلے ہی ہفتے میں 500 کروڑ کمائے جبکہ ریلیز کے چوتھے ہفتے میں بھارت سمیت دنیا بھر سے 1 ہزار کروڑ کما کر پٹھان نے گزشتہ تمام ہندی فلموں کے ریکارڈ تور دیئے ہیں۔
پٹھان ریلیز کے پہلے مرحلے اور چوتھے ہفتے میں 1 ہزار کروڑ کا بزنس کرنے والی پہلی ہندی فلم کا اعزاز بھی اپنے نام کر چکی ہے۔
یاد رہے کہ باکس آفس پر دھوم مچانے والی فلم پٹھان رواں سال 25 جنوری کو ریلیز ہوئی تھی فلم میں شاہ رُخ خان، سٹائل کوئین ڈیپکا پڈوکون اور جان ابراہم سمیت سلمان خان نے بھی کیمیو رول ادا کیا تھا۔
خیال رہے کہ 4 سال کے وقفے کے بعد سکرین پر جلوہ گر ہونے والے شاہ رُخ خان کی دو اور بڑی فلمیں جوان اور ڈنکی بھی جلد سنیما گھروں کی زینت بنیں گی۔

میرا نیا گیت ‘وش ملے’ بلوچی ثقافت کو خراج تحسین ہے: آئمہ بیگ

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی گلوکار آئمہ بیگ نے کہا ہے کہ ان کا نیا گیت “وش ملے” بلوچستان کی ثقافت کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ہے۔
آئمہ بیگ کے گیت کا عنوان ’وش ملے‘ ہے اور اس میں ان کے ساتھ معروف گلوکار ساحر علی بگا نے پرفارم کیا۔
انسٹاگرام پوسٹ میں آئمہ بیگ نے لکھا کہ ان کا گیت پاکستان کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان کی ثقافت کیلئے ایک خراج تحسین ہوگا۔
انہوں نے لکھا کہ میں بلوچستان کی میٹھی زبان اور خوبصورت روایات پر ایک گیت بنانا چاہتی تھی اور اس گیت کے ذریعے ایک بڑے صوبے کی ثقافت کو منایا جائے گا۔
گلوکارہ نے لکھا کہ میں ہمیشہ سے اپنے ملک کی ثقافت کی حامی رہی ہوں چاہے وہ پنجابی ہو یا سرائیکی اور یہ ہم پر قرض ہے کہ ہم فراموش شدہ علاقوں کی ثقافت کو فروغ دیں۔
ساحل علی بگا اور آئمہ بیگ نے اپنے گانے کا تازہ پوسٹر بھی جاری کیا ہے اور اس میں بلوچی ثقافت کی جھلک نظر آتی ہے۔

ویمنز ٹی20: ندا ڈار نے انیسہ، میگن اور ایلکس پیری کو پیچھے چھوڑ دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) ویمنز ٹی 20 کرکٹ میں پاکستانی آل راؤنڈر ندا ڈار نے تاریخ رقم کر دی۔
آل راؤنڈر ندا ڈار نے 130 میچز میں 126 وکٹیں اپنے نام کر کے ویسٹ انڈین سپنر انیسہ محمد اور میگن شٹ کو پیچھے چھوڑ دیا، وہ اب ویمنز ٹی 20 کرکٹ میں زیادہ وکٹیں اڑانے والی بولر بن گئیں۔
ویمنز ٹی 20 کرکٹ میں دوسرے نمبر پر انیسہ محمد نے 125 وکٹیں، میگن شٹ 122 وکٹوں کے ساتھ دوسرے اور الیس پیری 122 وکٹیں لے کر چوتھے نمبر پر ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ندا ڈار کو آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ٹیم آف دی ایئر 2022 میں بھی شامل کیا گیا تھا، ندا نے کپتان بسمہ کی عدم دستیابی پر انگلینڈ سے میچ میں قیادت سنبھالی تھی، انہوں نے اس مقابلے میں 47 رنز دے کر ایک وکٹ اپنے نام کی۔

شاہد آفریدی نے شاہین کو باؤلنگ بہتر کرنے کیلئے مفید مشورہ دیدیا

کراچی: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے شاہین کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سٹمپ سے بہت دور باؤلنگ کررہے ہیں جس کی وجہ سے انہیں رنز پڑ رہے ہیں۔
مقامی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ لاہور قلندرز کے کپتان شاہین کو گیند کی لائن اور لینتھ ٹھیک کرنا پڑے گی، وہ سٹمپ سے دور گیند بازی کررہے ہیں، انہیں وسیم اکرم کی طرح سٹمپ میں گیند کو اندر لانے کی کوشش کرنی چاہیے۔
انہوں نے شاہین کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی پرانی ویڈیوز دیکھنے کی ضرورت ہے، وہ اننگز کے اختتامی اوورز میں یارکر کی کوشش میں فل ٹاس گیندیں کروا رہے ہیں جس سے حریف ٹیم کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔

ٹی 20 میں 15 ہزار رنز مکمل کرنا ہدف، ابھی ریٹائرمنٹ کا نہیں سوچ رہا: شعیب ملک

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے کرکٹر شعیب ملک نے کہا ہے کہ میں ابھی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے نہیں سوچ رہا، میں نے ٹی 20 میں 15 ہزار رنز مکمل کرنے ہیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں قومی کرکٹر کا کہنا تھا کہ جب تک فٹ ہوں ٹی 20 کرکٹ کھیلتا رہوں گا اور جب بوجھ محسوس کروں گا تو پھر ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دوں گا۔
شعیب ملک کا کہنا تھا کہ میری رائے ہے احسان اللہ اور عباس آفریدی جیسے ٹیلنٹڈ نوجوان کھلاڑیوں کو فوری ٹیم میں نہیں لانا چاہیے، پہلے ان کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل لیول کا فٹ ہونا چاہیے تاکہ جس طرح احسان اللہ 145 کی سپیڈ سے گیند کرتا ہے، وہ چار اوور کے بعد بھی اسی سپیڈ سے گیند کرے۔
شعیب ملک کا کہنا تھا کہ جب بھی میری بیٹنگ یا باؤلنگ آئے تو بہترین کرنے کی کوشش کرتا ہوں، لاہور ایک مضبوط سائیڈ ہے، اس کو ہرا کر اعتماد ملا ہے، ان کا باؤلنگ اٹیک بہت مضبوط ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملتان سلطان اپنے ہوم گراؤنڈ میں بہت اچھا کھیل رہی ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ ملتان کے کمزور پوائنٹس پر اٹیک کریں۔
شعیب ملک نے مزید کہا کہ افتخار احمد بہت اچھا کھیل رہے ہیں، میں نے انہیں بنگلہ دیش پریمیم لیگ میں کھیلتے دیکھا ہے۔

روس نے امریکا کے جارحانہ انداز پرامریکی سفیرکوطلب کرلیا

ماسکو : (ویب ڈیسک) روس نے یوکرین تنازعہ کے حوالے سے امریکا کے جارحانہ انداز اپنانے پر امریکی سفیر کو طلب کرلیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کی وزارت خارجہ نے امریکی سفیر لین ٹریسی کو یوکرین روس جنگ میں بڑھتی ہوئی مداخلت پر طلب کیا۔
وزارت کے ایک بیان کے مطابق روس نے امریکی سفیر کو بھیجے گئے خط میں کہا ہے کہ یوکرین کی فوج کو ہتھیاروں کے لیے اُکسانا اور روسی سرزمین پر حملے کرنے کے لیے انٹیلی جنس کی منتقلی امریکا کے دعووں کی عدم مطابقت اور جھوٹ کو ثابت کرتی ہے ، اور امریکا تنازعہ کا فریق نہیں ہے۔
روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ روس کے ساتھ تمام شعبوں میں محاذ آرائی بڑھانے کے لیے امریکا کا موجودہ جارحانہ انداز نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔
اس سے قبل روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے امریکا کے ساتھ جوہری ہتھیاروں کے آخری معاہدے ’’ سٹارٹ ‘‘ سے الگ ہونے کا بھی اعلان کیا ہے ۔
دوسری جانب امریکی صدر بائیڈن نے کیف کے لیے 500 ملین ڈالر کی اضافی امریکی فوجی امداد کا بھی اعلان کیا ہے ۔
جاپان نے بھی یوکرین کیلئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ساڑھے 5 ارب ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے ، اس حوالے سے وزیراعظم فومیو کشیدا نے کہا ہے کہ جاپان ایسی پوزیشن میں ہے کہ وہ روسی جارحیت کے خلاف یوکرین کی حمایت کیلئے دنیا کی کوششوں کی رہنمائی کرسکے اور قانون کی حکمرانی پر مبنی ایک آزاد بین الاقوامی نظام قائم کرے۔

بھارت : مارک شیٹ دینے میں تاخیر، طالبعلم نے پیٹرول چھڑک کرکالج پرنسپل کوآگ لگا دی

نیو دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں سابق طالبعلم نے مارک شیٹ دینے میں تاخیر پر پیٹرول چھڑک کر کالج کی پرنسپل کو آگ لگا دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست مدھیا پردیش کے شہر اندور میں پیر کے روز انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں فارمیسی کالج کے سابق طالبعلم آشوتوش شریواستو نے مارک شیٹ دینے میں تاخیر پر کالج کی پرنسپل کو اس وقت آگ لگائی جب وہ گھر کیلئے واپس جا رہی تھیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ لگتے ہی پرنسپل کالج کی عمارت کی طرف بھاگیں جس کے بعد عملے نے فوری طور پر آگ بجھائی اور انہیں ہسپتال پہنچایا۔
اس حوالے سے اندور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کا بتانا ہے کہ کالج کی پرنسپل ویمکتا شرما کا 90 فیصد جسم جھلس چکا ہے اور ان کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ ملزم کے ہاتھ اور سینے پر بھی زخم آئے۔
واقعے کے فوراً بعد جائے وقوعہ پر موجود کالج کے چوکیدار نے ملزم کو پکڑ لیا اور پولیس کے حوالے کردیا جہاں اس نے اپنے جرم کا اعتراف کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ اس کے ساتویں اور آٹھویں سمسٹر کے امتحانات کا نتیجہ جولائی 2022 میں آیا تھا لیکن کئی بار درخواست کرنے کے بعد بھی کالج اسے مارک شیٹ فراہم نہیں کر رہا تھا جس کی وجہ سے اسے پرنسپل پر شدید غصہ تھا اسی لیے اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا ۔

مالی : سڑک کنارے بم پھٹنے سے اقوام متحدہ امن مشن کے 3 اہلکار ہلاک

بماکو: (ویب ڈیسک) وسطی مالی میں سڑک کے کنارے نصب بم پھٹنے سے اقوام متحدہ کے امن مشن دستے کے تین اہلکار ہلاک اور پانچ شدید زخمی ہو گئے ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مالی میں اقوام متحدہ کے امن مشن ( ایم آئی این یو ایس ایم اے ) نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ دیسی ساختہ بم پھٹنے کے باعث قافلے کے تین اہلکار ہلاک جبکہ پانچ زخمی ہوگئے ہیں، بیان میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق مالی 2012 میں ایک شمالی علیحدگی پسند تحریک کے طور پر شروع ہونے والے تنازعے سے دوچار ہے، برکینا فاسو سمیت ہمسایہ ممالک میں لڑائی پھیل چکی ہے اور خطے میں سکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال نے انسانی بحران کو جنم دیا ہے۔
مالی میں 2013 میں تشکیل دیا گیا اقوام متحدہ کا امن مشن 13,500 سے زیادہ فوجی اور پولیس اہلکاروں کے ساتھ عالمی ادارے کے سب سے بڑے امن دستوں میں سے ایک ہے لیکن صرف سڑک کے کنارے نصب بموں کی وجہ سے اسکے کم از کم 281 فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔
خیال رہے کہ مالی میں اگست 2020 میں جمہوری طور پر منتخب صدر ابراہیم بوبکر کیٹا کو مبینہ بدعنوانی اور بگڑتی سکیورٹی کے خلاف مہینوں کے بڑے پیمانے پر احتجاج کے بعد ایک فوجی بغاوت میں ہٹا دیا گیا تھا۔