All posts by Khabrain News

شاہد آفریدی کا اپنی اہلیہ کے لئے پیار بھرا پیغام

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے اپنی اہلیہ نادیہ آفریدی کے لئے پیار بھرا پیغام جاری کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی اہلیہ کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے شاہد خان آفریدی نے پیغام میں لکھا کہ میری پیاری بیوی، بہترین جیون ساتھی بننے کیلئے آپ کا بہت شکریہ، میں اس سب کے لئے اپ کا بہت شکر گزار ہوں۔
اپنے پیغام میں سابق کپتان نے مزید لکھا کہ ہمارے گھر میں تمام محبت، خوشی، گرمجوشی اور ہنسی لانے کے لیے آپ کا شکریہ، جو میرے ساتھ ہوا اس میں آپ ہمیشہ سب سے اچھی رہیں گے، میں آپ سے پیار کرتا ہوں۔
خیال رہے کہ شاہد آفریدی اور ان کی اہلیہ کو اللہ نے 5 خوبصورت بیٹیوں سے نوازا ہے جن کے ساتھ سابق کپتان اکثر اپنی تصاویر شیئر کرتے رہتے ہیں، لیکن شاہد آفریدی کی اہلیہ نادیہ شاہد بہت کم تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتی ہیں۔

یورپین اوپن ٹینس ڈبلز، ڈین ایونز اور جونی اومارا کو کوارٹر فائنل میں شکست

برسلز: (ویب ڈیسک) بھارتی ٹینس کھلاڑی روہن بھوپنا اور ان کے نیدرلینڈز کے جوڑی دار میٹ وی میڈل کوپ یورپین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں مردوں کے ڈبلز مقابلوں کےسیمی فائنل رائونڈ میں پہنچ گئے۔
فاتح جوڑی نے مردوں کے ڈبلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل رائونڈ میں ڈین ایونز اورجونی اومارا پر مشتمل برطانوی جوڑی کو شکست دی۔اے ٹی پی کے زیر اہتمام یورپین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ بیلجیم کے شہر اینٹورپ میں جاری ہے۔
مردوں کے ڈبلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل رائونڈ میچ میں ابتدائی رائونڈ میچ میں بھارتی ٹینس کھلاڑی روہن بھوپنا اور ان کے نیدرلینڈز کے جوڑی دار میٹ وی میڈل کوپ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈین ایونز اورجونی اومارا پر مشتمل برطانوی جوڑی کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 1-6 سے شکست دے کر سیمی فائنل راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کر لیا ، جہاں فاتح جوڑی کا مقابلہ نیدرلینڈز کی جوڑی سے ہوگا۔

شاہین آفریدی بھارتی کپتان روہت شرما کے اعصاب پر سوار ہوگئے

میلبرن: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی اِن سوئنگ بولنگ کا مقابلہ کرنے کے لیے بھارتی کپتان روہت شرما نے نئی حکمت عملی تیار کرلی۔
میڈیا رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ بھارتی کپتان روہت شرما نے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی اِن سوئنگ بالنگ کا مقابلہ کرنے کے لیے نیٹس میں لفٹ آرم پیسر کو کھیلتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
گزشتہ سال ٹی20 ورلڈکپ کے دوران بھارتی اوپنرز کے ایل راہول اور روہت شرما شاہین آفریدی کی اِن سوئنگ بالنگ پر جلد وکٹیں گنوا بیٹھے تھے جس کے باعث بھارت بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہا تھا۔
پاکستان نے اس میچ میں بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست سے دوچار کیا تھا، جو ٹی20 مقابلوں بھارت کی سب سے بڑی ہار تھی۔ شاہین آفریدی نے بھارت کے خلاف میچ میں 4 اوورز میں 31 رنز دیکر 3 سرکردہ بلےبازوں کو آؤٹ کیا تھا۔
واضح رہے کہ دونوں روایتی حریف 23 اکتوبر کو میلبرن کے تاریخ کرکٹ گراؤنڈ میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔

ویرات کوہلی سے متاثر ہوکرانوشکا شرما نے بھی کرکٹ بیٹ اٹھا لیا

کولکتہ: (ویب ڈیسک) بھارتی اداکارہ انوشکا شرما کی نئی فلم ’چکدے ایکسپریس‘ کی شوٹنگ کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
اداکارہ اپنی فلم کی شوٹنگ کیلئے کولکتہ میں میں مصروف ہیں اور فلم بھارتی خاتون کرکٹر جھولن گوسوامی کی زندگی پر بنائی جا رہی ہے۔
تصاویر میں انوشکا شرما نے سفید شرٹ اور کتھئی رنگ کی اسکرٹ والا اسکول یونیفارم پہنا ہوا ہے اور ان کے بال بھی بالکل کسی کھلاڑی کی طرح چھوٹے کٹے ہوئے ہیں۔
انوشکا شرما کو میدان میں کرکٹ کھیلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اس سے قبل اداکارہ لندن میں ایک فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھیں اور انہوں نے فلم سیٹ سے تصاویر اپلوڈ کرکے مداحوں کو اپنی مصروفیات سے آگاہ رکھا ہوا تھا۔

راکل پریت سنگھ نے شادی سے متعلق افواہوں کو بکواس قرار دیدیا

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ راکل پریت سنگھ نے اپنے قریبی دوست جیکی بھگنانی سے شادی کے بارے میں اٹھنے والی افواہوں کو مسترد کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق راکل پریت سنگھ اور ان کے بوائے فرینڈ جیکی بھگنانی ایک ساتھ ممبئی میں دیوالی کی پارٹی میں دیکھے گئے جہاں فوٹو گرافرز کی جانب سے ان سے شادی کے بارے میں سوال کیا گیا کہ “سب کو پتا چل گیا”۔
شادی سے متعلق سوال کے جواب میں راکل پریت سنگھ نے کہا کہ “کیا؟ سب بکواس ہے”، تاہم دیوالی کی پارٹی سے قبل تصاویر بنواتے وقت راکل پریت سنگھ اور جیکی بھگنانی کافی خوش گوار موڈ میں دکھائی دئیے تھے اور اس سوال کے جواب کے بعد بھی دونوں مسکراتے ہوئے نظر آئے۔
واضح رہے کہ بھارتی میڈیا میں یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ راکل پریت سنگھ اور جیکی بھگنانی 2023 میں شادی کرنے والے ہیں تاہم راکل پریت سنگھ کے اس جواب کے بعد یہ بات سچ ہوتی دکھائی نہیں دے رہی۔

ایک گھنٹے میں 249 کپ چائے بنانے کا عالمی ریکارڈ

کیپ ٹاؤن: (ویب ڈیسک) جنوبی افریقا میں ایک خاتون نے ایک گھنٹے میں 249 چائے کے کپ بنا کر گینیز عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقی قصبے وُپرٹل سے تعلق رکھنے والے اِنگر ویلینٹائن کو گینیز ورلڈ ریکارڈ حاصل کرنے کے لیے 150 پیالیوں سے زیادہ چائے بنانی تھی۔
اِنگر ویلینٹائن کو توقع تھی کہ انہوں نے ریکارڈ کے لیے 170 کے قریب پیالیاں بنائیں ہیں۔ لیکن پیالیوں میں ڈالنے کے بعد یہ تعداد 250 کی بنی۔
گینیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق 250 کپ چونکہ مکمل نہیں بھرا تھا اس لیے اس کو ریکارڈ کے لیے کی جانے والے گنتی میں شامل نہیں کیا گیا۔

منہ میں 150 موم بتیاں جلانے کا گینیز ریکارڈ

آئیڈاہو: (ویب ڈیسک) امریکا کے ایک شخص نے 30 سیکنڈوں تک 150 موم بتیاں منہ میں جلا کر گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔
امریکی ریاست آئیڈاہو سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ رش کا کہنا تھا کہ وہ اس سے پہلے بھی اس ریکارڈ کی کوشش کر چکے ہیں لیکن کچھ موم بتیاں منہ سے گِر جانے کی وجہ سے وہ ریکارڈ نہیں بنا سکے تھے۔
ریکارڈ بنانے کے لیے کی جانے والی حالیہ کوشش کے بعد ڈیویڈ رش کا کہنا تھا کہ تمام موم بتیوں کا وزن اتنا تھا کہ منہ میں لعاب کی بہتات کی وجہ سے موم بتیاں پھسلنے لگیں۔ صرف 5 سیکنڈز میں وہ منہ سے پھسل کر گرتی محسوس ہوئیں اس لیے پھر انہوں نے موم بتیوں کو داتوں سے مزید سختی سے پکڑ لیا۔
انہوں نے کہا کہ اس کوشش کے دوران انہوں نے آنکھ پر حفاظتی شیلڈ لگائی ہوئی تھی لیکن موم بتیوں کے دھوئیں سے مشکل کا سامنا تھا۔
اس سے قبل شمالی کیرولائنا کے جیریٹ جیمز 2021 میں 105 موم بتیوں سے یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔
واضح رہے ڈیوڈ رش اپنی اسٹیم ایجوکیشن کے فروغ کے لیے 250 کے قریب گینیز ریکارڈ توڑ چکے ہیں۔

مگرمچھوں میں زہریلے کیمیا کی موجودگی کا انکشاف

شمالی کیرولائنا: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست شمالی کیرولائنا کے کیپ فیئر دریا کے اطراف میں موجودمگرمچھوں کے خون میں 14 زہریلے کیمیائی اجزا کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔
ریپٹائلز کے خون میں ’پرفلوروالکائلس اور پولی فلورو الکائلس (پی ایف ایز)‘ کی سطح پر کی جانے والی اس تحقیق نے سائنس دانوں کی تشویش میں اضافہ کیا ہے کہ یہ کیمیا ان جانوروں کے جینیاتی اور مدافعتی نظام کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
مگرمچھ ایک انتہائی حساس جانور ہوتا ہے جو انسانوں کو درپیش ماحولیاتی خطرات سے قبل از وقت خبردار کرتا ہے۔
شمالی کیرولائنا اسٹیٹ یونیورسٹی میں حیاتیات کے ایسوسی ایٹ پروفیسر اسکاٹ بیلچر کا یونیورسٹی کی جانب سے ایک نیوز ریلیز میں کہنا تھا کہ مگرمچھ کبھی کبھار کسی انفیکشن میں مبتلا ہوتے ہیں۔ انہیں زخم لگتے ہیں لیکن وہ جلد صحت یاب ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انفیکشن زدہ زخموں کا مناسب طریقے ٹھیک نہ ہونا ایک تشویش ناک بات تھی۔ اس ہی وجہ سے پی ایف ایز کے افشا ہونے اور مگرمچھوں کے مدافعتی نظام کے درمیان تعلق کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔
امریکا کے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف انوائرنمنٹل ہیلتھ سائنسز کے مطابق پی ایف ایز ہماری روز مرہ کی متعدد اشیاء میں موجود ہوتے ہیں جن میں برتن، شیمپو، کاسمیٹکس وغیرہ شامل ہیں۔
اسکاٹ بیلچر کی رہنمائی میں کام کرنے والی ٹیم نے 2018 سے 2019 کے درمیان کیپ فیئر دریا کے اطراف میں موجود 49 مگرمچھوں کے خون کے نمونے لے کر ان کی صحت کا معائنہ کیا۔
ان کےخون کے نمونوں کا موازنہ دریا سے 48.28 کلو میٹر کے فاصلے پر موجود واکاما جھیل کے 26 مگرمچھوں کے خون کے نمونوں سے کیا گیا۔
محققین نے 23 پی ایف ایز کو دیکھا اور دونوں گروہوں کے خون کے نمونوں میں کیمیا کی اقسام اور سطح کی موجودگی میں واضح فرق پایا۔
اسکاٹ بلیچر کا کہنا تھا کہ سائنس دانوں نے کیپ فیئر دریا کے نمونوں میں اوسطاً 10 مختلف پی ایف ایز کی نشان دہی کی۔ جبکہ واکاما جھیل کے مگرمچھوں میں اوسطاً پانچ مختلف پی ایف ایز موجود تھے۔

واٹس ایپ نے نیا کال لنک فیچر متعارف کرادیا

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) مشہور انسٹنٹ میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ نے صارفین کے لیے نیا کال لنک فیچر متعارف کروا دیا۔
گزشتہ چند ماہ سے واٹس ایپ صارفین کے تجربے کو بہتر سے بہترین بنانے کے لیے متعدد نئے فیچرز پر کام کر رہا ہے۔ ان فیچرز میں میں خود کو اسٹِکر بنانے کی صلاحیت، چیٹ گروپس میں 1024 افراد کی شمولیت، گروپ میں پولز کی تشکیل سمیت کئی فیچرز شامل ہے۔
متعارف کروائے جانے والے کال لنک فیچر کے متعلق پچھلے مہینے میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ نے اعلان کیا تھا جس کی مدد سے وائس اور ویڈیو کال لنکس کو شیئر کیا جاسکے گا۔ ان کالز میں ایک وقت میں 32 افراد شرکت کر سکیں گے جبکہ کال لنک 90 روز تک فعال رہے گا۔
صارفین کال لنک بنانا چاہتے ہیں تو کال ٹیب میں جائیں اور کال لاگ کے اوپر دیکھیں ایک نئے بٹن کا اضافہ کیا گیا ہے۔ ’کریئٹ کال لنک‘ کو دبانے کے بعد ایک نیا پیج کھلے گا جس پر وائس یا ویڈیو کال کے آپشن ہوں۔ آپشن کے انتخاب کے بعد آپ دعوت کا لنک نقل کر کے اپنے واٹس ایپ روابط کو بھیج سکتے ہیں۔
واضح رہے جن سے آپ ان لنکس کے ذریعے کال پر بات کرنا چاہتے ہوں ان کا واٹس ایپ صارف ہونا ضروری ہوگا۔

پُرامن احتجاج کریں! عمران خان کی مظاہرین کو ہدایت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنی نااہلی کے خلاف مظاہرین کو پرامن احتجاج کی ہدایت کردی۔
بنی گالہ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کو ہوا نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا، عمران خان نے مظاہرین کو ہدایت دی ہے کہ پُرامن احتجاج کیا کریں۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے پر بھی بریفنگ دی گئی، پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ سینئر قیادت کے مشاورتی اجلاس میں لانگ مارچ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل الیکشن کمیشن پاکستان نے عمران خان نیازی کو توشہ خانہ کیس میں 5 سال کیلئے نا اہل قرار دیتے ہوئے ان کی قومی اسمبلی کی نشست خالی قرار دے دی ہے اور ساتھ ہی عمران خان کے خلاف فوج داری کارروائی شروع کرنے کا بھی حکم دیا ہے جس کے بعد ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں۔