All posts by Khabrain News

سی ٹی ڈی سندھ کو پنجاب کی طرزپربنانےکا فیصلہ ، وزیراعلیٰ کی 2.8 ارب روپےکی منظوری

کراچی : (ویب ڈیسک) کراچی سمیت سندھ بھر میں دہشتگردی کے بڑھتے سائے ، وزیراعلٰی سندھ نے سی ٹی ڈی کو پنجاب کی طرزپرکھڑا کرنےکافیصلہ کرلیا۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن کے مطابق سی ٹی ڈی سندھ کو پنجاب کی طرزپر بنانے کیلئے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے2.8 ارب روپےکی منظوری دے دی ۔
رقم سے پنجاب کی طرزپرمحفوظ کامپلیکس بنائےجائیں گے، ان کامپلیکس میں افسران کےدفاتراوررہائش ہوں گی، نئی گاڑیاں خریدی جارہی ہیں جن میں زیادہ ترآرمڈوہیکلز ہیں، سی ٹی ڈی میں نئی بھرتیاں کی جارہی ہیں، فی الحال500 اےایس آئیزٹریننگ مکمل کرکےجوائن کرچکےہیں۔
آئی جی سندھ کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی میں سینیئر افسران کی کمی کودورکیاجارہاہے، دنیاکےبہترین جدید سافٹ ویئرزاوراسلحہ خریداجارہا ہے، اس سےسی ٹی ڈی کی استعدادکار میں بہت اضافہ ہوجائےگا جبکہ سندھ کےہر ضلع میں قابل افسران تعینات کیےجارہےہیں۔
غلام نبی میمن نے کہا کہ منظور شدہ رقم کاایک بڑاحصہ سندھ پولیس کوموصول ہوگیا ہے ، دہشتگردی کےعلاوہ سی ٹی ڈی اسلحہ اسمگلنگ کےخلاف کام کررہی ہے، اب تک متعدد گینگزکوختم کیاجاچکا ہے ۔

اغوا برائے تاوان سے زیادہ خوفزدہ جرم کوئی نہیں، حکومت توجہ دے: فواد چودھری

لاہور: (ویب ڈیسک) رہنما پاکستان تحریک انصاف اور سابق وفاقی وزیر داخلہ فواد چودھری نے کہا ہے کہ سندھ میں اغوا برائے تاوان کے واقعات میں بہت اضافہ ہوا ہے، اس سے زیادہ خوفزدہ کرنے والا جرم کوئی نہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فواد چودھری نے لکھا کہ تمام وہ لوگ جو سرمایہ کاری کر سکتے ہیں اس طرح وہ بوریا بستر لپیٹ کر باہر چلے جائیں گے اور آپ کے پاس کچھ نہیں بچے گا۔
سابق وزیر کا مزید کہنا تھا کہ حکومت سندھ میں اغواء برائے تاوان کی انتہائی دل گرفتہ صورتحال پر فوری توجہ دے۔

عمران خان ہماری ریڈ لائن، پوری قوم اسکی حفاظت کریگی: مسرت جمشید

لاہور: (ویب ڈیسک) رہنما پاکستان تحریک انصاف اور سابق ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان ہماری ریڈ لائن ہیں اور اس لائن کی حفاظت پاکستانی قوم کرے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ہم لوگ پاکستان کے مستقبل کی خاطر سر پر کفن باندھ کے نکلے ہیں، حکومت نے رجیم چینج آپریشن سے پاکستان کو پہلے ہی کئی دہائی پیچھے کر دیا ہے، اب یہ پاکستان کے مستقبل سے کھیلنا چاہتے ہیں۔
سابق ترجمان پنجاب حکومت کا مزید کہنا تھا کہ ‏ہم کسی صورت امپورٹڈ ٹولے کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے، امپورٹڈ حکومت چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف کوئی بھی سازش کرنے سے پہلے ہزار دفعہ سوچے۔

کھلاڑیوں کے درمیان احترام کا رشتہ ضروری، الفاظ سے میچ نہیں جیتے جا سکتے: حفیظ

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل سینیئر آل راؤنڈر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں ان کی کوشش ہو گی کہ کارکردگی سے اپنی سلیکشن کو درست ثابت کریں اور ساتھ ہی نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ اپنا تجربہ شیئر کریں تاکہ ان کو فائدہ ہو۔
تجربہ کار کرکٹر محمد حفیظ نے کہا کہ اس بار کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ بننے پر وہ خوش ہیں، پی ایس ایل ایک بہترین برانڈ ہے جس میں شرکت کر کے اور پرفارم کر کے مزہ آتا ہے، یہ ایک بہت سخت ٹورنامنٹ ہے جس میں پرفارم کرنے کیلئے پوری تیاری کے ساتھ آنا پڑتا ہے، اگر تیاری کے ساتھ نہیں آئے تو پرفارمنس نہیں ہوگی۔
حفیظ کا کہنا تھا کہ کراچی کنگز کے خلاف جیت سے اعتماد ملا ہے امید ہے اس سلسلے کو جاری رکھا جائے گا، کراچی کنگز کے خلاف میچ میں پلیئرز میں جیت کی بھوک نظر آرہی تھی، امید ہے اسی رویے کو دیگر میچز میں بھی برقرار رکھا جائے گا۔
تجربہ کار آل راؤنڈر نے کہا کہ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہونے والے میچز ہمیشہ ہی زبردست ہوتے ہیں، پی ایس ایل کی تاریخ میں دیکھا جائے تو کوئٹہ اور پشاور کے میچز ہمیشہ آخری گیند تک گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ٹیموں کو اندازہ ہوگا کہ ایک دوسرے کے خلاف تگڑا میچ ہوتا ہے اور دونوں اچھے اعتماد کے ساتھ میدان میں اتریں گے، ٹیم کا کامبی نیشن کافی اچھا بنا ہوا ہے، کوئٹہ کے پاس بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں اچھے پلیئرز موجود ہیں۔

کم جونگ ان کی بہن نے امریکا کو خبردار کردیا

سیئول : (ویب ڈیسک) امریکا اور جنوبی کوریا کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقوں پر شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کی بہن کم یوجونگ نے امریکا کے لیے انتباہ جاری کر دیا۔
ورکر پارٹی کوریا سنٹرل کمیٹی کی ڈائریکٹر کم یو جونگ نے امریکا اور جنوبی کوریا کی مشقوں کے بعد بالواسطہ یا بلاواسطہ ردعمل کا امکان ظاہر کردیا ، شمالی کوریا نے 2 روز قبل ایک اور بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔
شمالی کوریا کے میزائل تجربات کے بعد شمالی کوریا کےخلاف جنوبی کوریا نے نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں ، جبکہ جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے پڑوسی ملک شمالی کوریا کے میزائل تجربات کی مذمت کی ہے۔
خیال رہے کہ امریکا اور جنوبی کوریا کی یہ مشق شمالی کوریا کی جانب سے جاپان کے مغربی ساحل کے قریب سمندر میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل Hwasong-15 کے تجربے کے ایک دن بعد ہوئی۔
اس حوالے سے امریکی انڈو پیسیفک کمانڈ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا کے تازہ ترین میزائل لانچ سے کوئی فوری خطرہ نہیں ہے ۔
دوسری جانب شمالی کوریا کے تجربات پر جاپان کے وزیراعظم نے سلامتی کونسل سے ہنگامی اجلاس بلانے کے لیے کہا ہے۔

سابق امریکی صدر جمی کارٹر کا ہسپتال کی دیکھ بھال گھر میں حاصل کرنے کا فیصلہ

نیویارک : (ویب ڈیسک) امریکا کے 98 سالہ سابق صدر جمی کارٹر نے ہسپتال کے بجائے گھر پر ہی ہاسپیس کیئر حاصل کرنے اور اپنا باقی وقت گھر میں اپنے خاندان کے ساتھ گزارنے کا فیصلہ کیا ہے، 98 سال کی عمر میں کارٹر سب سے طویل عرصے تک زندہ رہنے والے امریکی صدر ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کارٹر سنٹر ( سابق صدر کی فاؤنڈیشن ) نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ کارٹر نے ہسپتال میں مختصر قیام کے سلسلے کے بعد اپنا باقی وقت گھر پر اپنے خاندان کے ساتھ گزارنے اور اضافی طبی مداخلت کے بجائے ہسپتال کی دیکھ بھال حاصل کرنے کا فیصلہ کیا۔
کارٹر سنٹر کا کہنا تھا کہ سابق صدر کو اس فیصلے میں اپنے خاندان اور اپنی طبی ٹیم کی مکمل حمایت حاصل ہے جبکہ ان کا خاندان اس وقت کے دوران پرائیویسی کا مطالبہ کرتا ہے اور اپنے مداحوں کی طرف سے ظاہر کی گئی تشویش کے لیے شکر گزار ہے۔
جمی کارٹر ایک ڈیموکریٹ سیاستدان تھے جنہوں نے جنوری 1977 سے جنوری 1981 تک صدر کے طور پر خدمات انجام دیں، کارٹر کو حالیہ برسوں میں صحت کے کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے بشمول میلانوما نامی بیماری جو ان کے جگر اور دماغ تک پھیل گئی ہے۔
مونگ پھلی کے سابق کاشتکار نے اس وقت کے صدر جیرالڈ آر فورڈ کو صدارتی انتخابات میں شکست دی تھی، اپنی صدارت کے دوران کارٹر نے اسرائیل اور مصر کے درمیان امن معاہدے کی ثالثی کی تھی، وہ ایک مدت کیلئے ہی صدر منتخب ہوئے تھے ، دوسری مدت کیلئے انہوں نے صدارتی انتخاب میں حصہ تو لیا تھا تاہم ریپبلکن حریف رونلڈ ریگن کے ہاتھوں ہار گئے تھے۔
کارٹر کو 2002 میں بین الاقوامی تنازعات کے پرامن حل تلاش کرنے، جمہوریت اور انسانی حقوق کو آگے بڑھانے، اقتصادی اور سماجی ترقی کو فروغ دینے کے لیے انتھک کوششوں کے اعتراف میں نوبل امن انعام سے بھی نوازا گیا تھا۔

روس کا ایک بار پھر یوکرین پر ’’ فالس فلیگ‘‘ حملے کی منصوبہ بندی کا الزام

ماسکو : (ویب ڈیسک) روس نے ایک بار پھر سے الزام عائد کیا ہے کہ یوکرین اقوام متحدہ کے اہم اجلاس سے قبل ماسکو پر الزام لگانے کے لیے اپنی سرزمین پر جوہری واقعے کا منصوبہ بنا رہا ہے تاہم روس کی جانب سے اس الزام کے ثبوت فراہم نہیں کے گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کی وزارت دفاع نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کیف بڑے پیمانے پر اشتعال انگیزی کی تیاری کر رہا ہے جس کے لئے تابکار مادے کو ایک نامعلوم یورپی ملک سے یوکرین پہنچایا گیا ہے جبکہ اس اشتعال انگیزی کا مقصد روس کی فوج پر مبینہ طور پر یوکرین میں خطرناک تابکار تنصیبات پر اندھا دھند حملے کرنے کا الزام لگانا ہے۔
دوسری جانب یوکرین اور اس کے اتحادیوں نے ان الزامات کو غلط معلومات پھیلانے کی مذموم کوشش قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے اور روس پر الزام لگایا ہے کہ وہ یوکرین کو مورد الزام ٹھہرانے کے لیے خود ہی ایسے ہی واقعات کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
ماسکو کے الزامات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب یوکرینی حکام نے امریکی حکام پر زور دیا کہ وہ امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ پر F-16 لڑاکا طیارے بھیجنے کے لیے دباؤ ڈالیں کیونکہ یہ طیارے یوکرین کی روسی میزائل یونٹوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کو بڑھا دیں گے۔
بائیڈن نے پچھلے مہینے یوکرین کی F-16 طیاروں کے حوالے سے کی گئی درخواست کو منظور کرنے سے انکار کیا تھا اور بائیڈن انتظامیہ کے عہدیداروں نے بھی یہی کہا ہے کہ امریکا کو ایسے ہتھیاروں کی فراہمی پر توجہ دینی چاہیے جو میدان جنگ میں فوری طور پر استعمال ہو سکیں بجائے ایسے لڑاکا طیاروں کے جنہیں استعمال کرنے کے لئے وسیع تربیت کی ضرورت ہو، لیکن انہوں نے واضح طور پر F-16 کی فراہمی کو مسترد نہیں کیا۔
اقوام متحدہ میں امریکی سفیر لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں اور مہینوں کے دوران طیاروں کی فراہمی کے حوالے سے بات چیت جاری رہے گی، اگرچہ F-16 کی تمام صلاحیتوں میں مہارت حاصل کرنے کے لیے کم از کم ایک سال کی تربیت درکار ہے لیکن یوکرین کے پائلٹوں کو کچھ مہینوں میں محدود تعداد میں کچھ چیزوں بارے تربیت دی جا سکتی ہے۔

ترکیہ زلزلہ : دو صوبوں کے علاوہ باقی تمام علاقوں میں امدادی سرگرمیاں ختم

انقرہ : (ویب ڈیسک) ترکیہ میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے دو ہفتوں کے بعد ملک کے دو صوبوں کے علاوہ باقی تمام علاقوں میں امدادی سرگرمیاں ختم کر دی گئی ہیں، کہرامنماراس اور ہاتائے میں ریسکیو آپریشن جاری رہے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 6 فروری کو آنے والے 7.8 شدت کے زلزلے کا مرکز کہرامنماراس میں تھا، جنوب مشرقی ترکیہ اور شمالی شام میں 44,000 سے زیادہ افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے، ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے، ترکیہ میں تقریباً 345,000 اپارٹمنٹس تباہ ہو چکے ہیں اور بہت سے لوگ ابھی تک لاپتہ ہیں۔
ڈیزاسٹر ایجنسی کے سربراہ یونس سیزر نے انقرہ میں صحافیوں کو بتایا کہ ہمارے بہت سے صوبوں میں تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے دبے افراد کی تلاش اور بچاؤ کی کوششیں مکمل ہو چکی ہیں تاہم دو صوبوں میں تقریباً 40 عمارتوں میں تلاش اور بچاؤ کی کوششیں جاری ہیں۔
دریں اثناء امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن ترکیہ پہنچ گئے ہیں اور انہوں نے انسانی امداد کی مد میں 100 ملین ڈالر کا اعلان کیا ہے، دو سال قبل عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ان کا ترکیہ کا پہلا دورہ ہے، انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ زلزلہ متاثرین کیلئے نئی امداد جلد ہی منتقل ہو جائے گی، شام میں امداد فراہم کرنا بہت، بہت مشکل تھا۔
انٹونی بلنکن آج ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ ملاقات سے قبل ریسکیو آپریشنز کا جائزہ لینے کے لیے ترکیہ کے صوبے ہاتائے کا بھی دورہ کریں گے۔

پی ایس ایل 8 میں آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی مدمقابل

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن میں آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی مدمقابل ہوں گے۔
پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن میں آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کا مقابلہ کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ارینا میں ہو گا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی قیادت قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد اور پشاور زلمی کی قیادت موجودہ کپتان بابر اعظم کریں گے۔
ایونٹ میں اب تک کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 2 میچ کھیل چکی ہے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اپنے پہلے میچ میں ملتان سلطانز سے 9 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی جبکہ کراچی کنگز کو 6 رنز سے ہرایا تھا۔
دوسری جانب پشاور زلمی بھی اب تک 2 ہی میچ کھیل چکی ہے، اپنے پہلے میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو آؤٹ کلاس کردیا تھا جبکہ دوسرے میچ میں اسے ملتان سلطانز کے ہاتھوں بڑے مارجن سے شکست ہوئی تھی۔

نقیب اللہ قتل کیس میں راؤ انوار سمیت دیگر کی بریت کے خلاف اپیل دائر

کراچی: (ویب ڈیسک) نقیب اللہ قتل کیس میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار سمیت دیگر ملزمان کی بریت کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں اپیل دائر کردی گئی ہے۔
رواں برس 23 جنوری کو کراچی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس کا فیصلہ سنایا تھا اور اس وقت کے ایس ایس پی ملیر راؤ انوار سمیت 18 دیگر ملزمان کو بری کردیا تھا۔
کیس میں ملزمان کی بریت کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔
ملزمان کی بریت کے خلاف اپیل نقیب اللہ کے بھائی شیر عالم کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزمان کو بری کر کے شواہد کو نظر انداز کیا ہے، اس لئے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔