پاکستانی ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ و پروڈیوسر جویریہ سعود غیر معمولی طور پر حجاب میں اپنی تصاویر شیئر کر کے نئے سفر کی نوید سنادی جس نے قیاس آرائیوں کو جنم دے دیا۔
جویریہ سعود جو شادی سے پہلے جویریہ جلیل کے نام سے جانی جاتی تھیں سال 2005 میں فلم اسٹار سعود کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں۔
جویریہ سب سے پہلے 1993 میں بطور کم سن نعت خواں ٹی وی پر دکھائی دیں اس کے بعد سال 1995 میں انہوں نے اداکاری کے میدان میں قدم رکھ دیا۔
اپنے کریئر میں انہوں نے ٹیپو سلطان، دی ٹائیگر لارڈ، منزلیں، پیا کا گھر پیارا لگے، کالی آنکھیں، ماں ، تھوڑی خوشی تھوڑا غم جیسے ان گنت ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
جویریہ تقریباً 3 دہائیوں سے ٹی وی سے وابستہ ہیں اور حال ہی میں ان کا ڈرامہ بجو کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا ہے جس میں ان کی ایک ہی طرح کے کردار کرنے کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔
اداکارہ نے رواں برس ایکسپریس ٹی وی پر رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی بھی کی تھی۔
جویریہ اور سعود کے دو بچے ہیں جن میں بیٹی کا نام جنت جبکہ بیٹے کا ابراہیم ہیں، مین اسٹریم میڈیا کے علاوہ اداکارہ سوشل میڈیا پر خاصی متحرک ہیں اور یوٹیوب پر باقاعدگی کے ساتھ اپنے ولاگز اپلوڈ کرتی ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ وہ انسٹاگرام پر بھی اپنے چاہنے والوں کے ساتھ رابطے میں رہتی ہیں، تاہم انسٹاگرام پر ان کے حالیہ پوسٹ نے قیاس آرائیوں کو جنم دے دیا ہے۔
اداکارہ نے سنہرے رنگ کے حجاب میں اپنی تصویر شیئر کی جس کے ساتھ انہوں نے حجابی کیپ بھی پہنی ہوئی تھی، اس کے ساتھ انہوں نے اولیو گرین کلر کا عبایا نما لباس بھی پہنا ہوا تھا جبکہ بھرپور میک کے ساتھ وہ خوبصورت نظر آئیں۔
ان تصاویر کے ساتھ انہوں نے کیپشن میں لکھا کہ ‘بسمہ اللہ۔۔ ایک نیا سفر شروع ہوچکا ہے اور میں پرجوش ہوں کہ یہ مجھے کہاں لے کر جاتا ہے، کاش یہ میرے لیے ترقی، سبق، کامیابی اور خوشی لائے، آمین’۔
اگرچہ جویریہ نے کیپشن میں ایک نئے سفر کے آغاز کی نوید دی لیکن انہوں نے واضح نہیں کیا کہ کیا یہ کسی پروجیکٹ کے بارے میں ہے یا ان کے حجاب لینے کے حوالے سے ہے، جس نے قیاس آرائیوں کو جنم دیا۔
زیادہ تر افراد نے تصویر پر کمنٹ کرتے ہوئے ان کی تعریف میں ماشااللہ لکھا اور ان کی استقامت کے لیے دعا کرتے نظر آئے۔
البتہ کچھ سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ کی بنا حجاب کی تصاویر بدستور پروفائل پر موجود ہونے کی وجہ سے اندازہ ظاہر کیا کہ شاید یہ ان کے حجاب کے برانڈ کی لانچنگ کی بات ہورہی ہے۔