All posts by Khabrain News

فوجی عدالتوں میں سویلینز ٹرائل کیس میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کا تذکرہ

سپریم کورٹ میں زیر سماعت فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کیس میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے متعلق بات بھی زیر بحث آئی۔

سماعت کے دوران جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ نے مرکزی فیصلے میں آرمی ایکٹ کی شق 2 ڈی کو کالعدم قرار دیا۔ آرمی ایکٹ کی اس شق کو کالعدم قرار دینے سے مجموعی اثر کیا ہوگا؟۔

جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ کیا اب کلبھوشن یادیو جیسے ملک دشمن جاسوس کا کیس ملٹری کورٹس میں چل سکتا ہے؟، جس پر وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے جواب دیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے ملک دشمن جاسوس کا بھی ملٹری کورٹس میں ٹرائل نہیں چل سکتا۔

سابق آرمی چیف کے طیارے کو ہائی جیک کرنے کا تذکرہ
جسٹس جمال خان مندوخیل نے پوچھا کہ ہم اپنے پراسیکیوشن کے نظام کو مضبوط کیوں نہیں کر رہے۔ جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیے کہ جی ایچ کیو پر پہلے بھی ایک حملہ ہوا جس میں شہادتیں ہوئیں۔ کراچی میں دہشت گردی کی کارروائی میں ایک کورین طیارے کو تباہ کیا گیا، اس میں بھی شہادتیں ہوئیں۔ طیارہ سازش کیس میں ایک آرمی چیف بیرونی دورے پر تھے، ان کے جہاز کو ہائی جیک کرنے کی کوشش کی گئی۔ جسٹس جمال خان مندوخیل نے اس موقع پر کہا کہ وہ محض الزام تھا۔

جسٹس حسن اظہر رضوی  نے ریمارکس دیے کہ ان واقعات میں فوجی تنصیبات پر حملے ہوئے، شہادتیں ہوئیں۔ یہ تمام مقدمات کہاں چلائے گئے؟۔ ہم ایسے واقعات کا ڈیٹا فراہم کریں۔

جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ کیس ملٹری کورٹس کے وجود کا نہیں بلکہ اختیار سماعت کا کیس ہے۔ کون سا کیس ملٹری کورٹس میں چلے گا کون سا نہیں چلے گا، یہ تفریق کیسے کی جاتی ہے؟۔

9 مئی واقعات کیسز کے ٹرائل کا فیصلہ کیسے؟
جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیے کہ آپ سوالات کی بھری ہوئی باسکٹ لے کر جا رہے ہیں۔ ایک باسکٹ میں میرا سوال بھی لے جائیں۔ 9 مئی واقعات میں 103 ملزمان کیخلاف ملٹری کورٹس میں کیس چلا۔ باقی کیسز انسداد دہشت گردی عدالتوں میں چل رہے ہیں۔ یہ تفریق کیسے کی گئی کہ کون سا کیس ملٹری کورٹس میں جائے گا،  اور کون سا کیس انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں جائے گا؟۔

جسٹس نعیم اختر افغان نے استفسار کیا کہ ملزمان کو فوج کی تحویل میں دینے کا انسداد دہشت گردی عدالتوں کا تفصیلی فیصلہ کدھر ہے؟۔

جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ کسی جرم پر کون اور کیسے طے کرتا ہے کیس کہاں جائے گا؟۔ مقدمات کہاں چلنے ہیں، اس کی تفریق کیسے اور کن اصولوں پر کی جاتی ہے؟۔

پسوڑی گرل شے گِل کا اصلی نام: گلوکارہ کا انکشاف

پاکستان کی مشہور گلوکارہ شے گل، جو اپنے عالمی مقبول گانے ’پسوڑی‘ کے لیے جانی جاتی ہیں، نے حال ہی میں اپنے نام سے متعلق انکشاف کیا ہے۔

اداکارہ دنانیر مبین کے پروگرام میں شے گل نے انکشاف کیا ہے کہ ان کا اصل نام انوشے بابر گل ہے تاہم انہیں میوزک انڈسٹری میں شے گل نام سے جانا جاتا ہے۔

 گلوکارہ نے بتایا کہ ’شے‘ کا نِک نام ان کے یونیورسٹی کے دنوں میں وجود میں آیا، جب ان کے ایک دوست نے ان کی مشابہت مشہور ڈرامہ سیریز ’گیم آف تھرونز‘ کے ایک کردار سے کی اور انہیں ’شے‘ کہنا شروع کر دیا۔

یہ نام وقت کے ساتھ ان کی شناخت کا حصہ بن گیا، اور انہوں نے اپنے اصل خاندانی نام کے ساتھ اسے اپنا اسٹیج نام بنا لیا۔ یوں ’شے گل‘ ان کا پیشہ ورانہ نام بن گیا، جو میوزک انڈسٹری سمیت ان کے مداحوں کے درمیان مقبول ہے۔

یاد رہے کہ شے گل نے اپنی منفرد گائیکی اور ’پسوڑی‘ جیسے ہٹ گانے کی بدولت مقامی اور بین الاقوامی سطح پر شہرت حاصل کی۔ ان کی آواز اور انداز نے موسیقی نے شائقین کو بےحد متاثر کیا ہے۔ شے گل اپنے منفرد اسلوب کی بدولت پاکستانی موسیقی میں ایک نمایاں مقام رکھتی ہیں۔

بھارتی فضائیہ کے سربراہ کا پالیسیوں کی ناکامی کا اعتراف

بھارتی فضائیہ کا غیرپیشہ ورانہ طرزعمل ایک بار پھرمنظرعام پر آگیا، مودی سرکار کے دورحکومت میں بھارتی فضائیہ کی نااہلی کھل کر سامنے آگئی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل اے پی سنگھ  نے جنگی طیاروں کی کمیشن میں تاخیر پر شدید ردعمل دیا اور کہا کہ تیجس پروجیکٹ کا آغاز 1986 میں ہوا جبکہ پہلا طیارہ اس کے آغاز کے 17 برس بعد اڑا، ٹیسٹنگ کے 16 سال بعد یہ طیارہ بھارتی فضائیہ میں شامل ہوا۔

سربراہ بھارتی فضائیہ نے کہا کہ اب تک بھارتی فضائیہ میں 40 طیارے بھی شامل نہیں ہوسکے، یہ نااہلی ہماری صلاحیتوں پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے، وقت کی حساسیت کو نہ سمجھتے ہوئے ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ نے اپنی اہمیت کھو دی۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فضائیہ نے ناکامی کے ڈر سے وقت ضائع کر دیا ہے، جو ملک اہم پروجیکٹس کو بر وقت مکمل نہیں کر سکتا، اسے ٹیکنالوجی کا کوئی فائدہ نہیں۔

رپورٹس میں کہا گیا کہ طیاروں کی مینوفیکچرنگ میں مسلسل توسیع نے بی جے پی حکومت کی ناکام پالیسیوں کو بے نقاب کر دیا، مودی کے دور حکومت میں بھارتی فضائیہ بے شمار حادثات کا شکار ہوئی، گزشتہ 5 سالوں میں 46 فضائی حادثات میں ہلاک ہونے والے بھارتی پائلٹس کی تعداد 42 ہے۔

رپورٹ کے مطابق مودی سرکار کی جانب سے اس طرح کے اقدامات نے یہ واضح کر دیا کہ بھارتی حکومت مالی فائدے کے لیے ملک کے اہم اداروں کو تباہ کر سکتی ہے، آئے روز بھارتی فضائیہ کے طیاروں کے حادثات بھارتی فضائیہ کے غیر پیشہ ورانہ طرز عمل کا واضح ثبوت ہیں۔

فلمی دنیا کیلئے اپنا نام تبدیل کرنیوالے بالی وڈ سپر اسٹارز

بالی وڈ کے مشہور اسٹارز کی جانب سے انڈسٹری میں پہچان بنانے کے لیے اپنے نام کو تبدیل کرنے کا چلن نیا نہیں، گزرے برسوں میں کئی بالی وڈ ستاروں نے لائم لائٹ میں آنے سے پہلے اپنے نام تبدیل کرنے کا انتخاب کیا ہے، یا تو انہیں زیادہ یادگار، دلکش یا منفرد بنانے کے لیے۔

ان تبدیلیوں نے اکثر اسکرین پر انہیں مشہور شخصیات بنانے میں کردار ادا کیا ہے، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ شوبز میں نام بھی ایک کیریئر کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

اس میں کئی ستارے ایسے بھی ہیں جو اپنے فلمی نام سے اس قدر مقبول ہوئے کہ اصل نام جاننے کے باوجود آج تک انہیں صرف فلمی نام سے ہی یاد کیا جاتا ہے۔

اگر ماضی میں نام تبدیل کرنے والی بالی وڈ سیلیبریٹیز پر نظر دوڑائی جائے تو اس میں سب سے مشہور نام دلیپ کمار کا آتا ہے جو یوسف خان کے نام کے ساتھ پیدا ہوئے لیکن اپنے فلمی نام سے دنیا بھر میں پہچان بنائی۔

اسی طرح انڈسٹری میں اپنی مسکان سے دلوں کو گھائل کرنے والی مدھو بالا کا بھی اصلی نام جان پر آپ حیران رہ جائیں گے جو بیگم ممتازجہاں دہلوی تھا۔

ان کے علاوہ معروف اداکارہ مینا کماری اصل میں ماہ جبین بانو تھی جبکہ لیجنڈری گلوکار کشور کمار اصل میں ابھاس کمار گنگولی تھے جبکہ اداکار اشوک کمار کا نام کموڈیل گنگولی تھا۔

یہ تو ذکر تھا کچھ ماضی کے بالی وڈ اسٹارز کا اب آئیے بالی وڈ کے کچھ موجودہ مشہور ستاروں کو جانتے ہیں جنہوں نے کامیابی کے لیے خود کو ری برینڈ کیا!

اکشے کمار

اکشے کمار کا شمار بالی وڈ کے سب سے کامیاب اور ورسٹائل اداکاروں میں ہوتا ہے جو راجیو ہری اوم بھاٹیہ کے نام سے پیدا ہوئے۔

فلمی دنیا کیلئے اپنا نام تبدیل کرنیوالے بالی وڈ سپر اسٹارز

اداکار بننے سے پہلے اکشے کا کیریئر مختلف تھا، انہوں نے ابتدا میں ایک شیف کے طور پر کام کیا اور بعد میں مارشل آرٹس میں مہارت حاصل کی جس سے انہیں ایکشن فلموں میں کردار ادا کرنے میں مدد ملی۔

ان کی فلمی شروعات 1987 میں ایک معمولی کردار کے ساتھ ہوئی لیکن ان کی کامیابی کا سفر کھلاڑی (1992) سے شروع ہوا جس نے انہیں بالی وڈ میں ایک اہم ایکشن ہیرو کے طور پر اپنی پہچان بنانے میں مدد دی۔

امیتابھ بچن

امیتابھ بچن، جنہیں اکثر بالی وڈ کا ‘شہنشاہ’ کہا جاتا ہے، انقلاب سریواستو کے نام سے پیدا ہوئے۔

ان کا خاندانی نام سریواستو ہی تھا اور ‘بچن’ ان کے والد کا تخلص تھا جس کا استعمال انہوں نے اپنی تحریروں کے لیے کیا۔

فلمی دنیا کیلئے اپنا نام تبدیل کرنیوالے بالی وڈ سپر اسٹارز

جب اداکار کے والد معروف شاعر ہری ونش رائے بچن انہیں اسکول میں داخل کروانے کے خواہاں تھے، تو انہوں نے اور امیتابھ کی والدہ نے فیصلہ کیا کہ خاندان کا نام شریواستو کے بجائے بچن ہونا چاہیے۔

چنانچہ اسی سر نیم نام کے ساتھ ہی امیتابھ نے فلموں میں ڈیبیو کیا اور اسی نام کو دیگر تمام عملی مقاصد کے لیے استعمال کیا یو بچن نام ان کے خاندان کی پہچان بن گیا۔

کارتک آریان

اسی طرح بھول بھلیاں فیم اور معروف اداکار کارتک آریان کا بھی حقیقی نام کارتک تیواری ہے۔

فلمی دنیا کیلئے اپنا نام تبدیل کرنیوالے بالی وڈ سپر اسٹارز

انہوں نے بالی وڈ میں قدم رکھنے سے پہلے اپنا نام بدل کر کارتک آریان رکھ لیا، کیونکہ انہیں لگا کہ یہ انڈسٹری کے لیے زیادہ موزوں ہوگا۔

خیال کیا جاتا ہے کہ “آریان” کا نام زیادہ دلکش اور جدید آواز کے لیے اپنایا گیا تھا، جس نے بطور اداکار ان کی مضبوط شناخت بنانے میں مدد کی۔

کترینہ کیف

ان کے علاوہ بالی وڈ کی کامیاب اور خوبصورت اداکاراؤں میں سے ایک کترینہ کیف کی پیدائش کترینہ ٹورکوٹ کے نام سے ہوئی۔

فلمی دنیا کیلئے اپنا نام تبدیل کرنیوالے بالی وڈ سپر اسٹارز

تاہم بعد میں انہوں نے اپنے والد محمد کیف کا نام اختیار کرنے کا انتخاب کیا۔

جب وہ بھارتی فلم انڈسٹری میں داخل ہوئیں تو انہوں نے اپنا نام بدل کر کترینہ کیف رکھ لیا، کیونکہ ان کا خیال تھا کہ یہ ناظرین کے لیے آسان اور زیادہ پر کشش رہے گا۔

کیارا ایڈوانی

ان کے علاوہ معروف اداکارہ کیارا ایڈوانی کا اصل نام عالیہ ایڈوانی ہے، بالی وڈ میں داخل ہونے سے پہلے انہوں نے اپنا نام بدل کر کیارا رکھ لیا۔

فلمی دنیا کیلئے اپنا نام تبدیل کرنیوالے بالی وڈ سپر اسٹارز

کیارا نے مبینہ طور پر فلم انجانا انجانی میں اداکارہ پریانکا چوپڑا کے کردار سے متاثر ہو کر اس نام کا انتخاب کیا۔

کیارا نے 2014 میں فلم فگلی سے بالی وڈ میں قدم رکھا لیکن کرن جوہر کی پروڈکشن کبیر سنگھ (2019) میں شاہد کپور کے ساتھ اپنے کردار سے انہیں بڑے پیمانے پر پہچان ملی۔

رجنی کانت

بھارت کے سب سے زیادہ پیار کیے جانے والے لیجنڈری اداکار وں میں سے ایک رجنی کانت شیواجی راؤ گائیکواڑ کے نام کے ساتھ پیدا ہوئے۔

فلمی دنیا کیلئے اپنا نام تبدیل کرنیوالے بالی وڈ سپر اسٹارز

جب وہ فلم انڈسٹری میں داخل ہوئے تو انہوں نے اپنا نام بدل کر رجنی کانت رکھ لیا اور جلد ہی یہ نام سپر اسٹارڈم کا مترادف بن گیا۔

فلم لیجنڈ بننے سے پہلے، رجنی کانت نے بس کنڈکٹر کے طور پر کام کیا اور بعد میں اداکاری میں کریئر کو آگے بڑھانے کے لیے مدراس فلم انسٹی ٹیوٹ سے تربیت حاصل کی۔

سشمیتا سین نے معروف کولڈ ڈرنک برینڈ سے بدلہ لینے کا دلچسپ قصہ سنادیا

بالی وڈ کی دلکش اداکارہ سشمیتا سین نے مداحوں کو مس یونیورس بننے کے بعد معروف کولڈ ڈرنک برینڈ ‘پیپسی‘ سے لیے جانے والے اپنے بدلے کے حوالے سے مداحوں سے اہم انکشاف کردیا۔

اداکارہ سشمیا سین کی ایک دبنگ ویڈیو ‘انسٹاگرام’ پر وائرل ہورہی ہے جس میں مداح خاموش رہنے والی  اداکارہ سشمیتا سین کے ان دیکھے اوتار  کی تعریف کرتے نظر آرہے ہیں۔

سابقہ ​​مس یونیورس و اداکارہ سشمیتا سین کی انسٹاگرام رِیل ان کے ‘ریونج گیم‘ کی بدولت سوشل میڈیا پر مداحوں کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی جوکہ دیکھتے ہی دیکھتے انسٹاگرام پر تیزی سے مقبول ہوگئی۔

اداکارہ سشمیتا سین کی انسٹاگرام پر وائرل ہونے والی ویڈیو ایک ‘ٹیڈ ٹاک’ کی ہے جس میں اداکارہ مداحوں کو خوداعتمادی کے حوالے سے موٹیویٹ کررہی تھیں۔

ویڈیو میں اداکارہ سشمیتا سین کو کہتے سنا جاسکتا ہے کہ ‘جب میں نے ماڈلنگ شروع کی تو مجھے ایک مشہور کولڈ ڈرنک برینڈ پیپسی نے آڈیشن کیلئے ممبئی بلایا‘۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ‘میں نے اپنی جانب سے بہت بہترین آڈیشن دیا لیکن برینڈ نے مجھے ری جیکٹ کردیا، مجھے لگا کہ میں یہ بات بھول جاؤں گی لیکن میں نہیں بھولی‘۔

سشمیتا نے مداحوں کو مزید بتایا کہ ‘پھر جب میں مس یونیورس کا ٹائٹل جیت کر ممبئی واپسی آئی تو وہی کولڈ ڈرنک کمپنی (پیپسی) مس یونیورس کو اپنا برینڈ فیس بنایا چاہتی تھی لیکن میں نے ان کے بجائے ان کے حریف (کوکا کولا) کا ایڈورٹائزمنٹ کیمپین کیا‘۔

اداکارہ نے مداحوں کا بتایا کہ ‘یہ بدلے کا اقدام نہیں تھا، ہوتا کچھ یوں ہے کہ جب آپ کہیں سے ری جیکٹ ہوجاتے ہوتو آپ میں احساس کمتری پیدا ہوتی ہے کہ شاید میں ہی اس مقام کیلئے ٹھیک نہیں تھی‘۔

سشمیتا نے مزید کہا کہ ‘اس لیے میں نے دوسرے برینڈ کا ایڈ کیا تاکہ انہیں (پیپسی) کو بتاسکوں کہ میں نہیں بلکہ آپ میرے معیار پر پورا نہیں اترے اس لیے میں آپ کو اپنی جانب سے ری جیکٹ کردیا‘۔

واضح رہے کہ اداکارہ سشمیتا سین نے سال 1994 میں ‘مس انڈیا’ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا جس کے بعد اسی سال وہ امریکا میں سجے مقابلہ حسن میں ‘حسینہ عالم’ یعنی مس یونیورس کا تاج بھی اپنے سر پر سجانے میں کامیاب ہوئی تھیں۔

ہانیہ عامر نے فالوورز کی دوڑ میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا

پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر نے انسٹاگرام فالوورز کی دوڑ میں ایک اور سنگِ میل عبور کرلیا۔

ڈمپل گرل ہانیہ عامر اپنے ڈانس، مزاحیہ سوشل میڈیا پوسٹس، ٹرینڈنگ رِیلز میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی وجہ سے سوشل میڈیا پر اپنا ایک نمایاں مقام رکھتی ہیں۔

پاکستانی ڈول ہانیہ عامر اپنی خوبصورتی، ٹیلنٹ، اور معصومیت کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہیں۔ چاہے وہ ان کی ڈراموں میں بہترین اداکاری ہو یا انسٹاگرام پر ان کے دلکش پوسٹس ہانیہ ہمیشہ خبروں میں رہتی ہیں۔

ان کے پاس انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی پاکستانی سیلیبرٹی ہونے کا اعزاز تو تھا ہی لیکن اب انہوں نے اپنےا س ریکارڈ کو مزید پختہ بنادیا اور ساتھی فنکاروں کو ٹکر دے دی۔

یہ نیا سنگِ میل ہانیہ عامر کو پاکستان کی ان چند سیلیبریٹیز میں شامل کرتا ہے جنہوں نے دنیا بھر میں اتنی بڑی فین فالوونگ حاصل کی۔

ہانیہ عامر انسٹاگرام پر 17 ملین فالورز حاصل کرنے والی پاکستان کی پہلی اداکارہ بن گئی ہیں۔

ہانیہ عامر کو ناصرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں مداح خوب محبت اور احترام سے نوازتے ہیں، اس کی واضح دلیل انکا دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ میں اسٹیج پر جانا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے لطیف کھوسہ کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سینیئر وکیل لطیف کھوسہ کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔

جسٹس محسن اخترکیانی نے لطیف کھوسہ کا ای سی ایل سے نام نکلوانے کی درخواست پر سماعت کی۔ سردار لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ نام ای سی ایل میں ہے اور ایک مقدمہ درج ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ چالان جمع کروا دیا گیا ہے کیا؟ سرکاری وکیل نے بتایا کہ ابھی چالان جمع نہیں کروایا گیا۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی ہے یہ 7 اے ٹی اے کیا ہے، کیا انہیں گرفتار کرنا ہے؟ ڈی ایس پی لیگل نے جواب دیا کہ گرفتار تو نہیں کرنا لیکن میں پوچھ لیتا ہوں۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ یہ 188 کے کتنے پرچے دیے اب تک، ہزاروں میں ہوں گے، سب کا نام ای سی ایل میں ڈالا کیا،  کوئی ایک بات سمجھا دیں تاکہ ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے، کیا یہ بھاگ جائیں گے اور واپس نہیں آئیں گے۔

سرکاری وکیل سے استفسار کرتے ہوئے عدالت نے کہا کہ ٹرائل کورٹ کیوں روکے گی ان سوالوں کے جواب دے دیں۔

لطیف کھوسہ نے کہا کہ پانچ کو فلائٹ تھی لیکن نہیں جانے دیا، اب کل کینیڈا جانا ہے۔

عدالت نے لطیف کھوسہ کو ہدایت کی کہ آپ ٹرائل کورٹ میں بیان حلفی دیں کہ جب عدالت بلائے پیش ہوں گے۔ ہائیکورٹ نے لطیف کھوسہ کو بیرون جانے کی اجازت دیتے ہوئے ہدایات کے ساتھ سماعت ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ لطیف کھوسہ کے خلاف تھانہ سیکریٹریٹ میں سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کا مقدمہ درج ہے۔

پسند کی شادی کرنا جرم بن گیا، باپ کی بیٹی پر فائرنگ

پسند کی شادی جرم بن گیا جس پر باپ  نے بیٹی کو جان سے مارنے کی کوشش کی اور   باپ نے بیٹی پر فائرنگ کر دی۔

رپورٹ کے مطابق اوکاڑہ میں بیٹی نے والدین کی مرضی کے خلاف اپنی پسند سے شادی کی، نافرمانی کی سزا دینے کے لیے باپ نے بیٹی پر فائرنگ کردی۔

ترجمان سیف سٹیز نے بتایا کہ 15 پر کال کی گئی جس پر ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن نے پولیس کا رابطہ کالر سے کروایا، کالر نے بتایا کہ بیٹی کا باپ اسلحہ لیکر اسے مارنے شوہر کے گھر آیا ہے۔

ترجمان کے مطابق پولیس کی بروقت کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ لڑکی اور اس کے شوہر کو بحفاظت ریسکیو کیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔

ترجمان نے کہا کہ خواتین گھر،دفتر یا عوامی مقامات پر خود کو غیر محفوظ محسوس کریں تو 15 پر کال کریں، خواتین کسی بھی سنگین صورتحال میں فوری ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن سے رابطہ کریں۔

اسٹاک ایکسچینج میں آج بھی مندی ؛ انڈیکس ایک لاکھ 13 ہزار پوائنٹس کی سطح پر

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج بھی مندی کا رجحان ہے، جس کے سبب انڈیکس ایک لاکھ 13 ہزار پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کررہا ہے۔

جمعرات کے روز بازارِ حصص میں کاروبار کا آغاز 232 پوائنٹس کی مندی سے ہوا، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس گھٹ کر 113915 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔ بعد ازاں پی ایس ایکس میں 628 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی، جس نے انڈیکس کو 113519 پوائنٹس تک گرا دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی دیکھی گئی تھی، جس کے نتیجے میں ہنڈرڈ انڈیکس 3 سطحیں کھو گیا تھا۔

حج درخواستیں جمع کروانے سے رہ جانے والے عازمین کے لیے خوشخبری

حج درخواستیں جمع کروانے سے رہ جانے والے عازمین کے لیے حج درخواستوں کی وصولی آئندہ ہفتے شروع کی جائے گی۔

ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت باقی رہ جانے والے پانچ ہزار کے کوٹے پر درخواستیں وصول کی جائیں گی۔

نئی حج درخواستوں پر قرعہ اندازی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر کنفرم حج ٹکٹ دیا جائے گا۔

حج درخواستوں کی وصولی کے لیے پانچ روز مقرر کیے جانے کی تجویز زیر غور ہے۔

واضح رہے کہ قبل ازیں، سرکاری حج اسکیم کے تحت 81 ہزار 500 حج درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔