All posts by Khabrain News

چاہت فتح علی خان کے چرچے، بھارت کا ‘مدمقابل’ میدان میں!

اپنے منفرد انداز سے گائیگی کرنے والے چاہت فتح علی خان ’’اپنے مداحوں‘‘ میں خوب مقبولیت حاصل کررہے ہیں۔ لیکن اب بھارت نے بھی ان کا ’’مدمقابل‘‘ تیار کرلیا ہے۔

’’خودساختہ‘‘ گلوکار کے لقب سے پہچانے جانے والے چاہت فتح علی خان کی مقبولیت سے نالاں بھارت نے اب انھیں ٹکر دینے کےلیے اپنا ’’خودساختہ‘‘ گلوکار متعارف کروادیا ہے۔

سوشل میڈیا پر بھارت سے تعلق رکھنے والے گلوکار کشور وادھوانی کی میوزک ویڈیوز خوب وائرل ہورہی ہیں، جسے صارفین چاہت فتح علی خان کا ’’جواب‘‘ قرار دے رہے ہیں۔

کشور وادھوانی نے بالی ووڈ کے کئی مشہور گانے کے ری میک تیار کیے ہیں اور انھیں اپنے یوٹیوب چینل کے ساتھ انسٹاگرام پروفائل پر بھی شیئر کررہے ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین نے کشور وادھوانی کو گلوکار چاہت فتح علی خان کا مقابل قرار دیا ہے۔ صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے بھی کیے جارہے ہیں اور پوچھا جارہا ہے کہ ’’دونوں میں سے کس کی آواز میں زیادہ درد ہے؟‘‘

فلمی دنیا کیلئے اپنا نام تبدیل کرنیوالے بالی وڈ سپر اسٹارز

بالی وڈ کے مشہور اسٹارز کی جانب سے انڈسٹری میں پہچان بنانے کے لیے اپنے نام کو تبدیل کرنے کا چلن نیا نہیں، گزرے برسوں میں کئی بالی وڈ ستاروں نے لائم لائٹ میں آنے سے پہلے اپنے نام تبدیل کرنے کا انتخاب کیا ہے، یا تو انہیں زیادہ یادگار، دلکش یا منفرد بنانے کے لیے۔

ان تبدیلیوں نے اکثر اسکرین پر انہیں مشہور شخصیات بنانے میں کردار ادا کیا ہے، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ شوبز میں نام بھی ایک کیریئر کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

اس میں کئی ستارے ایسے بھی ہیں جو اپنے فلمی نام سے اس قدر مقبول ہوئے کہ اصل نام جاننے کے باوجود آج تک انہیں صرف فلمی نام سے ہی یاد کیا جاتا ہے۔

اگر ماضی میں نام تبدیل کرنے والی بالی وڈ سیلیبریٹیز پر نظر دوڑائی جائے تو اس میں سب سے مشہور نام دلیپ کمار کا آتا ہے جو یوسف خان کے نام کے ساتھ پیدا ہوئے لیکن اپنے فلمی نام سے دنیا بھر میں پہچان بنائی۔

اسی طرح انڈسٹری میں اپنی مسکان سے دلوں کو گھائل کرنے والی مدھو بالا کا بھی اصلی نام جان پر آپ حیران رہ جائیں گے جو بیگم ممتازجہاں دہلوی تھا۔

ان کے علاوہ معروف اداکارہ مینا کماری اصل میں ماہ جبین بانو تھی جبکہ لیجنڈری گلوکار کشور کمار اصل میں ابھاس کمار گنگولی تھے جبکہ اداکار اشوک کمار کا نام کموڈیل گنگولی تھا۔

یہ تو ذکر تھا کچھ ماضی کے بالی وڈ اسٹارز کا اب آئیے بالی وڈ کے کچھ موجودہ مشہور ستاروں کو جانتے ہیں جنہوں نے کامیابی کے لیے خود کو ری برینڈ کیا!

اکشے کمار

اکشے کمار کا شمار بالی وڈ کے سب سے کامیاب اور ورسٹائل اداکاروں میں ہوتا ہے جو راجیو ہری اوم بھاٹیہ کے نام سے پیدا ہوئے۔

اداکار بننے سے پہلے اکشے کا کیریئر مختلف تھا، انہوں نے ابتدا میں ایک شیف کے طور پر کام کیا اور بعد میں مارشل آرٹس میں مہارت حاصل کی جس سے انہیں ایکشن فلموں میں کردار ادا کرنے میں مدد ملی۔

ان کی فلمی شروعات 1987 میں ایک معمولی کردار کے ساتھ ہوئی لیکن ان کی کامیابی کا سفر کھلاڑی (1992) سے شروع ہوا جس نے انہیں بالی وڈ میں ایک اہم ایکشن ہیرو کے طور پر اپنی پہچان بنانے میں مدد دی۔

امیتابھ بچن

امیتابھ بچن، جنہیں اکثر بالی وڈ کا ‘شہنشاہ’ کہا جاتا ہے، انقلاب سریواستو کے نام سے پیدا ہوئے۔

ان کا خاندانی نام سریواستو ہی تھا اور ‘بچن’ ان کے والد کا تخلص تھا جس کا استعمال انہوں نے اپنی تحریروں کے لیے کیا۔

جب اداکار کے والد معروف شاعر ہری ونش رائے بچن انہیں اسکول میں داخل کروانے کے خواہاں تھے، تو انہوں نے اور امیتابھ کی والدہ نے فیصلہ کیا کہ خاندان کا نام شریواستو کے بجائے بچن ہونا چاہیے۔

چنانچہ اسی سر نیم نام کے ساتھ ہی امیتابھ نے فلموں میں ڈیبیو کیا اور اسی نام کو دیگر تمام عملی مقاصد کے لیے استعمال کیا یو بچن نام ان کے خاندان کی پہچان بن گیا۔

کارتک آریان

اسی طرح بھول بھلیاں فیم اور معروف اداکار کارتک آریان کا بھی حقیقی نام کارتک تیواری ہے۔

انہوں نے بالی وڈ میں قدم رکھنے سے پہلے اپنا نام بدل کر کارتک آریان رکھ لیا، کیونکہ انہیں لگا کہ یہ انڈسٹری کے لیے زیادہ موزوں ہوگا۔

خیال کیا جاتا ہے کہ “آریان” کا نام زیادہ دلکش اور جدید آواز کے لیے اپنایا گیا تھا، جس نے بطور اداکار ان کی مضبوط شناخت بنانے میں مدد کی۔

کترینہ کیف

ان کے علاوہ بالی وڈ کی کامیاب اور خوبصورت اداکاراؤں میں سے ایک کترینہ کیف کی پیدائش کترینہ ٹورکوٹ کے نام سے ہوئی۔

تاہم بعد میں انہوں نے اپنے والد محمد کیف کا نام اختیار کرنے کا انتخاب کیا۔

جب وہ بھارتی فلم انڈسٹری میں داخل ہوئیں تو انہوں نے اپنا نام بدل کر کترینہ کیف رکھ لیا، کیونکہ ان کا خیال تھا کہ یہ ناظرین کے لیے آسان اور زیادہ پر کشش رہے گا۔

کیارا ایڈوانی

ان کے علاوہ معروف اداکارہ کیارا ایڈوانی کا اصل نام عالیہ ایڈوانی ہے، بالی وڈ میں داخل ہونے سے پہلے انہوں نے اپنا نام بدل کر کیارا رکھ لیا۔

کیارا نے مبینہ طور پر فلم انجانا انجانی میں اداکارہ پریانکا چوپڑا کے کردار سے متاثر ہو کر اس نام کا انتخاب کیا۔

کیارا نے 2014 میں فلم فگلی سے بالی وڈ میں قدم رکھا لیکن کرن جوہر کی پروڈکشن کبیر سنگھ (2019) میں شاہد کپور کے ساتھ اپنے کردار سے انہیں بڑے پیمانے پر پہچان ملی۔

رجنی کانت

بھارت کے سب سے زیادہ پیار کیے جانے والے لیجنڈری اداکار وں میں سے ایک رجنی کانت شیواجی راؤ گائیکواڑ کے نام کے ساتھ پیدا ہوئے۔

جب وہ فلم انڈسٹری میں داخل ہوئے تو انہوں نے اپنا نام بدل کر رجنی کانت رکھ لیا اور جلد ہی یہ نام سپر اسٹارڈم کا مترادف بن گیا۔

فلم لیجنڈ بننے سے پہلے، رجنی کانت نے بس کنڈکٹر کے طور پر کام کیا اور بعد میں اداکاری میں کریئر کو آگے بڑھانے کے لیے مدراس فلم انسٹی ٹیوٹ سے تربیت حاصل کی۔

ورون دھون اپنی کو اسٹار کا نمبر چھپاتے کیوں تھے؟

ساؤتھ کی جانی مانی اسٹار اداکارہ کیرتھی سریش جنہوں نے حال ہی میں ہندی فلموں میں بھی ڈیبیو کیا ہے، انہوں نے ورون ڈھون کے ساتھ ہندی فلم ’بے بی جون‘ میں لیڈ ایکٹریس کا کردار ادا کیا ہے۔

ایک انٹرویو میں ورون ڈھون نے انکشاف کیا تھا کہ بالی وڈ کے کئی اداکار کیرتھی کا نمبر ان سے مانگا کرتے تھے لیکن انہیں منع کردیا کرتے تھے کیونکہ انہیں معلوم تھا کہ کیرتھی سنگل نہیں ہیں۔

اس انٹرویو کو سن کر کیرتھی نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا اور اپنے ہی ایک انٹرویو میں بتایا کہ ورون نے آخر کیوں ان سے یہ بات چھپائی۔

کیرتھی کا کہنا تھا کہ اگر مجھے اس بات کا پہلے علم ہوتا تو میں بہت اچھا محسوس کرتی کہ لوگ میرا نمبر مانگ رہے ہیں لیکن چونکہ ورون جانتے تھے کہ میں سنگل نہیں ہوں اس لیے انہوں نے میرا نمبر نہیں دیا۔

کیرتھی سریس نے حالیہ دنوں میں ایک انٹرویو میں اپنی لواسٹوری بھی شیئر کی اور جب ان سے پوچھا گیا کہ انہوں نے اور اینٹونی نے اپنے تعلق کو اتنے سالوں تک خفیہ کیسے رکھا تو کیرتھی نے کہا کہ کسی کو پتہ نہیں تھا، صرف بہت قریبی دوستوں کو معلوم تھا اور انڈسٹری میں بھی سمانتھا کو پتہ تھا،جگدیش شروع سے ہی ہماری کہانی کا حصہ رہا ہے، ایٹلی اور پریا اور وجے سر کو بھی پتہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم دونوں راز رکھنے میں بہت مہارت رکھتے ہیں، درحقیقت، ہم اپریل 2022 سے اس شادی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، میں نے سوچا تھا کہ یہ راز پہلے ہی سامنے آجائے گا، ہم دونوں کو اپنی پرائیویسی پسند ہےاور انٹونی میڈیا کے حوالے سے شرمیلا ہے،ہم پبلک میں محبت کا اظہار نہیں کر سکتے ،اس لیے ہم ہاتھ پکڑ کر نہیں گھومتے۔

دسمبر 2024 میں اداکارہ کیرتھی سریش اور انٹونی تھٹل نے گوا میں ایک شاندار ڈیسٹینیشن ویڈنگ کی جس کی تصاویر انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئیں تھی۔

کلیس کی ہدایت کاری میں بنی فلم’ بیبی جان ‘ایک بڑی ناکامی ثابت ہوئی، فلم کا عالمی باکس آفس ابھی تک 50 کروڑ روپے کے نشان کو عبور نہیں کر سکا جبکہ اس کا بجٹ 160 کروڑ روپے بتایا جاتا ہے۔

دیپیکا پڈوکون نے چھٹی کے دن کام کی تجویز مسترد کر دی

ورک اینڈ لائف بیلنس کےحوالے سے اکثر بحث و مباحثے ہوتے رہتے ہیں، طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ لمبے ورکنگ ڈے ملازمین کی مینٹل ہیلتھ پر منفی اثر ڈال سکتے ہیں۔

مغربی ممالک نے ورک لائف بیلنسڈ کلچر کو فروغ دیا اور ہفتے میں دو دن چھٹیاں اور زیادہ سے زیادہ 8 گھنٹے کام کرنے کی پالیسی بنائی۔

یورپی ملک سویڈن تو اس سے بھی آگے نکل گیا جب اس نے ہفتے میں 3 دن چھٹی کی پالیسی بنائی اور پھر یہ بھی ثابت ہوا کہ ورک اینڈ لائف بیلنس سے ملازمین بہتر طریقے سے کام کرتے رہتے ہیں۔

حال ہی میں بھارت کی ایک ملٹی نیشنل کمپنی ایل اینڈ ٹی کے چیئرمین ایس این سبرامنیم نے بیان دیا کہ ان کا بس چلے تو وہ ملازمین کو اتوار کو بھی آفس بلائیں۔

ایس این سبرامنیم کا کہنا تھا کہ گھر پر بیٹھ کر اپنی بیوی کو گھورنے سے بہتر ہے کہ ملازمین ہفتے میں 90 گھنٹے کام کریں۔

ایک ملٹی نیشنل کمپنی کے چیئرمین کے اس بیان پر عام لوگ تو بھڑک ہی اٹھے لیکن بالی وڈ اسٹارز جو خود اپنے مصروف شیڈول کے باعث اپنی فیملی کو زیادہ وقت نہیں دے پاتے انہوں نے بھی اس بیان کی مذمت کی۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ پر بالی وڈ اسٹار دیپیکا پڈوکون نے اس معاملے پر کھل کر اپنی رائے کا اظہار کیا اور ایک اسٹوری جس میں اس معاملے کو بیان کیا گیا ہے، اس کو کیپشن دیتے ہوئے کہا کہ وہ حیرت زدہ ہیں کہ اتنی سینئر پوزیشن پر بیٹھے لوگ بھی ایسی باتیں کرسکتے ہیں۔ انہوں نے ساتھ میں ہیش ٹیگ #Mentalhealthmatter بھی مینشن کیا جس کا مقصد ذہنی سکون کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔

ایس این سبرامنیم سے پہلے بھارت کی معروف کمپنی انفوسس کے شریک بانی نارائن موتی نے بھی ملازمین کے ایک ہفتے میں 70 گھنٹے کام کرنے کی تجویز دی تھی جس کی کافی مخالفت کی گئی تھی لیکن اب ایس این سبرامنیم تو دونوں ہاتھ آگے نکل گئے ہیں۔

ایل اینڈ ٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ آپ اپنی بیوی کو کتنی دیر تک گھور سکتے ہیں؟ انہوں نے ملازمین کو کم وقت گھر میں گزارنے اور زیادہ وقت دفتر میں دینے پر زور دیا اور کہا کہ مجھے افسوس ہے کہ میں آپ کو اتوار کو کام پر نہیں لگا سکتا، اگر میں آپ کو اتوار کو کام پر لگا سکتا تو مجھے زیادہ خوشی ہوتی، کیونکہ میں خود اتوار کو کام کرتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا گھر پر بیٹھ کر آپ کیا کرتے ہیں؟ اپنی بیوی کو کتنی دیر تک دیکھتے رہیں گے؟ آئیں، دفتر آئیں اور کام شروع کریں۔”

اپنے خیالات کی حمایت میں سبرامنیم نے ایک چینی فرد کے ساتھ ہونے والی گفتگو کا واقعہ شیئر کیا، ان کے مطابق، اس شخص نے دعویٰ کیا کہ چین امریکہ کو اس لیے پیچھے چھوڑ سکتا ہے کیونکہ چینی ورکرز فی ہفتہ 90 گھنٹے کام کرتے ہیں جبکہ امریکی 50 گھنٹے کام کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا اگر آپ دنیا کے سب سے آگے رہنا چاہتے ہیں تو آپ کو فی ہفتہ 90 گھنٹے کام کرنا ہوگا۔

یہ ویڈیو جو سب سے پہلے ریڈٹ پر شیئر کی گئی تھی اب وائرل ہو چکی ہے اور نیٹیزنز کی جانب سے تنقید کا سامنا کر رہی ہے۔

کئی صارفین نے سبرامنیم کے کام اور زندگی کے توازن کے فہم پر سوال اٹھایا، جبکہ کچھ نے اوور ورک کو فروغ دینے والے کلچر پر تنقید کی۔

کس اداکار کی پرانی جیکٹ سے 100 پاؤنڈ نکلے؟

عاصم محمود ایک معروف پاکستانی اداکار اور میزبان ہیں، جو اپنی بہترین اداکاری اور خوبصورت شخصیت کی وجہ سے مشہور ہیں، عاصم نے اپنے کیریئر کا آغاز ٹی وی انڈسٹری سے کیا اور جلد ہی اپنی صلاحیتوں کی بدولت ناظرین کے دل جیت لیے، وہ مختلف ڈرامہ سیریلز میں مرکزی اور معاون کرداروں میں نظر آئے، جہاں ان کی اداکاری کو بہت سراہا گیا۔

عاصم محمود نے 2012 میں پاکستان کے مشہور رئیلٹی شو “پاکستان آئڈل” میں حصہ لیا اور شہرت حاصل کی، اس کے بعد انہوں نے ڈرامہ انڈسٹری میں قدم رکھا اور مختلف ڈراموں میں یادگار کردار ادا کیے۔ ان کے مقبول ڈراموں میں “کلیری کلنک”, “یہ کیسے ہوئے بے نام” اور “نا جانے کیوں” شامل ہیں۔

اداکار عاصم محمود نے ایک ٹی وی شو میں اپنے ساتھ پیش آنے والے ایک دلچسپ واقعے کا ذکر کیا ، انہوں نے بتایا کہ انہوں نے سیالکوٹ کے گورنمنٹ کالج آف کامرس سے بی کام کیا ہے، اس کالج کے قریب ہی لنڈا بازار لگتا کرتا تھا۔

ان کا کہناتھا کہ وہ ایک دن اپنے دوستوں کےساتھ لنڈا بازار سے گزر رہے تھے کہ انہوں نے وہاں خریداری کا ارادہ کیا اور ایک جیکٹ خریدی ، اس جیکٹ میں بہت ساری جیبیں تھیں، دکاندار نے اس جیکٹ کی قیمت 150 روپے مانگی تھی اور میں نے 100 روپے میں یہ جیکٹ خرید لی تھی۔

انہوں نے کہا کہ گھر جا کر فوراً اس جیکٹ کو دھونے کے لیے ڈال دیا ، دھلنے کے بعد اس کی استری بھی کی ، استری کرتے ہوئے ایسا لگا کہ ایک جیب میں کچھ رکھا ہوا ہے، جیب کو چیک کیا تواس میں سے 100 پاونڈ کا نوٹ نکل آیا جو اُس دور میں بھی بڑی رقم تھی کیونکہ اگلے دن میں نے اسے کرنسی ڈیلر سے ایکسچینج کروایا تو اس کے بدلے مجھے 9 ہزار روپے ملے ۔

انہوں نے کہا کہ اس زمانے میں انہیں ہفتے کی پاکٹ منی 500 روپے ملتی تھی اور جب مجھے یہ نوٹ ملا تو بہت خوشی ہوئی، ان پیسوں کی میں نے دوستوں کی پارٹی کی ، گھر کے لیے کچھ خریداری کی اور باقی پیسوں سے اپنے لیے خوب ڈٹ کر خریداری کی۔

کمار سانو کا خفیہ افیئر؟

بالی وڈ میں سائیڈ رولز کے لیے جانے جانے والی اداکارہ کُنیکا سدھانند، جو فلموں’ بیٹا‘،’ گمراہ اور’ کھلاڑی‘ میں اپنے کرداروں کے لیے مشہور ہیں، انہوں نے 90 کی دہائی میں کئی فلموں میں اپنے کرداروں سے گہری چھاپ چھوڑی ہے۔

اداکارہ نے حال ہی میں اعتراف کیا کہ وہ گلوکار کمار سانو کے ساتھ ریلیشن شپ میں تھیں حالانکہ وہ شادی شدہ تھے، ایک انٹرویو میں کُنیکا نے انکشاف کیا کہ گلوکار اپنی ازدواجی زندگی کی وجہ سے ڈپریشن میں مبتلا تھے اور اس کا ان پر گہرا اثر تھا۔

کُنیکا نے بتایا کہ ان کی پہلی ملاقات کمار سانو سے ایک دوست کے گھر پر ہوئی جہاں وہ ریکارڈنگ کے لیے آئے تھے،ایک مداح ہونے کے ناطے وہ ان کے پاس گئیں اور دونوں کے درمیان ڈائٹ اور فٹنس پر ایک گھنٹے سے زیادہ گفتگو ہوئی۔

انہوں نے یاد کیا کہ انہوں نے کمار سانو کو میٹھے کی جگہ ایک سویٹنر پیش کیا اور ان سے اپنی صحت کا خیال رکھنے کو کہا، اداکارہ کے مطابق اس پر کمار سانو نے ان کا شکریہ ادا کیا اور ان کی پیشانی پر بوسہ دیا۔

ان کی دوسری ملاقات ایک فلم شوٹ کے دوران اوٹی کے مقام پر ہوئی، جہاں کمار سانو اپنی بہن اور بھتیجے کے ساتھ چھٹیاں منا رہے تھے،کُنیکا کے مطابق کمار سانو کی شادی ناخوشگوار تھی اور ان کی اہلیہ انہیں گالیاں دیا کرتی تھیں۔

کُنیکا نے ایک خاص جذباتی واقعہ یاد کیا اور کہا کہ ہم ڈنر کر رہے تھے اور کمار سانو بہت زیادہ شراب پی چکے تھے،وہ رونے لگے اور ہوٹل کی کھڑکی سے کودنا چاہتے تھے، وہ گہرے ڈپریشن میں تھے، ان کی بہن، بھتیجے اور مجھے انہیں روکنا پڑا، میں بہت جذباتی ہوگئی کیونکہ وہ واقعی تکلیف میں تھے، وہ اپنی شادی ختم نہیں کرنا چاہتے تھے اور نہ ہی اپنے بچوں کو چھوڑنا چاہتے تھے، انہیں پرسکون کرنے کے بعد میں نے انہیں ان کی ذمہ داریوں کی یاد دہانی کرائی جو ان کے بچوں اور کام کے حوالے سے تھیں،میرا خیال ہے کہ اس لمحے نے ہمیں ایک دوسرے کے قریب کر دیا۔

اس کے بعد وہ واپس آئے اور میرے قریب ایک فلیٹ میں منتقل ہوگئے، ہم نے کھانے کا تبادلہ کرنا شروع کیا اور میں نے ان کا وزن کم کرنے میں مدد دی، اسی طرح ہمارا تعلق شروع ہوا۔

کُنیکا نے انکشاف کیا کہ ان کا تعلق چھ سال تک رہا لیکن کمار سانو کے خاندان اور بچوں کے احترام میں اسے نجی رکھا گیا، انہوں نے کہا ہم صرف عوام میں اس وقت نظر آتے تھے جب شوز میں ایک ساتھ پرفارم کرتے تھے، میں ان کے کپڑے منتخب کرنے میں مدد کرتی اور ان کے پرفارمنس کے انتظامات کرتی، میں ان کی بیوی جیسی تھی اور انہیں اپنے شوہر کی طرح سمجھتی تھی۔

کُنیکا نے مزید دعویٰ کیا کہ کمار سانو کی اہلیہ ریتا بھٹاچاریہ کو ان کے تعلق کے بارے میں پتہ چل گیا تھا اور انہوں نے ردعمل میں ان کی کار کو ہاکی اسٹک سے توڑ دیا تھا۔

واضح رہے کہ کمار سانو نے اپنی پہلی بیوی ریتا بھٹاچاریہ سے 1980 میں شادی کی تھی اور 1994 میں طلاق لے لی تھی،اس سابق جوڑے کے تین بچے ہیں، 2001 میں کمار سانو نے سلونی بھٹاچاریہ سے شادی کی جن سے ان کے دو بچے ہیں۔

بشریٰ انصاری: اسلام آباد کی اداسی اور تکالیف

پاکستان کی سینیئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سے جڑی اپنی زندگی کی تلخ یادوں سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ یہ شہر انہیں اداس کردیتا ہے۔

اپنے یوٹیوب چینل پر اپلوڈ کردہ ولاگ میں گفتگو کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے اسلام آباد میں اپنی مصروفیات کا احوال سنناتے ہوئے یہاں اپنے اوپر گزری آزمائش کا بھی اشارہ دیا۔

اگرچہ اداکارہ نے کھل کر خود کو درپیش مسائل بتانے سے گریز کیا لیکن ان کی گفتگو سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان کی پہلی شادی خاصی پریشانی اور مشکلات کا شکار تھی۔

اداکارہ نے کہا کہ میں اسلام آباد میں مقیم رہی ہوں، یہاں پی ٹی وی اسلام آباد سینٹر پر کام بھی کیا ہوا ہے، یہاں بچوں کو اسکول چھوڑنے بھی جاتی تھیں، بہت سی تکلیف دہ یادیں بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں اسلام آباد 1989 میں آئی اور 1991 میں واپس گئی اور ان دو برس میں نے بہت تکلیف اٹھائی، بہت پریشان رہتی ہیں لیکن اپنے مسائل میں نے آپ کو نہیں بتائے، سڑکوں پر ماری ماری پھرتی تھی، بچوں کو لانا لے جانا پھر انہیں کھلانا پلانا حالانکہ میرے دل میں سوراخ تھا۔

اداکارہ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ دکھ بھرے دل کے ساتھ مائیں سب کام کرتی ہیں، مائیں بچوں کو نہیں پتا چلنے دیتیں ، ان پر جو بھی گزر رہی ہوں بچوں کی زندگیوں میں پریشانی نہ آئے، بہت کچھ ہورہا ہوتا ہے لیکن مائیں چھپاتی ہیں اور کوشش کرتی ہیں کہ بچے متاثر نہ ہوں۔

انہوں نے گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ لیکن بچوں کو معلوم ہوجاتا ہے یہ بھی میں نے محسوس کیا، شروع میں میں چاہتی تھی کہ انہیں کچھ پتا نہ چلے، انہیں سلا کر چپکے سے کمرے میں بند ہو کر رویا کرتی تھی لیکن آہستہ آہستہ بچے متاثر ہوتے ہیں۔

بشریٰ انصاری نے کہا کہ چاہے آپ کی کوشش ہو کہ انہیں کچھ پتا نہ چلے کچھ چیزیں وہ اپنی آنکھوں سے دیکھ لیتے ہیں اور کچھ چیزیں وہ سمجھ جاتے ہیں، اس کے بڑے اثرات ہوتے ہیں۔

انہوں نے یاد کیا اس وقت نریمان (بڑی بیٹی) کو انزائٹی اٹیک ہوتا تھا لیکن اس وقت مجھے پتا ہی نہیں تھا کہ یہ کیا ہوتا ہے اور اسے سانس کا مسئلہ تھا تو اس کی سانس رک جاتی تھی تو میں سمجھتی تھی کہ اس کی طبیعت خراب ہے لیکن وہ سب کچھ دیکھ رہی تھی جو مجھ پر گزر رہی تھی اور زیادہ متاثر ہورہی تھی البتہ چھوٹی بیٹی خاموش ہوگئی تھی۔

اداکارہ نے کہا کہ اسلام آباد آکر مجھے یہاں گزارے ساڑھے 3 سال یاد آجاتے ہیں، اگرچہ دیگر شہروں میں بھی وہی عجیب و غریب معاملات درپیش تھے لیکن میں نے یہاں بہت مصیبتیں اٹھائیں اور بہت مسائل تھے، اس لیے اسلام آباد مجھے بہت اداس کردیتا ہے، میرا دل گھبرا جاتا ہے اور میں یہاں نہیں رہنا چاہتی۔

خیال رہے کہ بشریٰ انصاری نے پہلی شادی پروڈیوسر اقبال انصاری سے کی تھی اور شادی کے 36 سال بعد ان کے طلاق لے لی تھی۔

اداکارہ نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ انہیں جب پہلی بار انہیں طلاق لینے کا خیال آیا، اس وقت ان کی بچیاں اسکول جاتی تھیں اور انہوں نے یہ سوچ کر طلاق لینے کا فیصلہ ٹال دیا کہ لوگ ان کی بچیوں کو کیا کہیں گے؟

بشریٰ انصاری نے بتایا کہ جب ان کی بیٹیوں کی شادیاں ہوگئیں اور ان کے بچے بھی ہوگئے، تب انہوں نے طلاق لینے کا فیصلہ کیا۔

بشریٰ انصاری نے پہلی بار مئی 2023 میں دوسری شادی کا اعتراف کیا تھا، تاہم ان کی دوسری شادی کی خبریں نومبر 2019 میں آنا شروع ہوئی تھیں کہ انہوں نے ڈراما نگار اقبال حسین سے دوسری شادی کرلی۔

انوکھا مشورہ: ناراض بیوی کو منانے کا طریقہ، ریمبو کا انکشاف

پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار جان ریمبو نے حال ہی میں ایک ٹی وی شو میں ازدواجی تعلقات کے مسائل پر اپنے خیالات کا اظہار کیا، جو سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گیا۔

ریمبو کا کہنا تھا کہ ازدواجی جھگڑوں میں مسئلہ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب دونوں فریق ایک ساتھ غصے میں آجاتے ہیں اور ان کا مشورہ یہ ہے کہ جب آپ کی بیوی غصے میں ہو اور آپ سے ناراض ہو، تو آپ خاموش رہیں۔

یہ مشورہ سن کر شاید کچھ لوگوں کو سمجھداری کا گمان ہو، لیکن ریمبو کی بات یہیں ختم نہیں ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا، “پانچ منٹ بعد وہ خود آکر معافی مانگے گی اور ساتھ چائے بھی لائے گی۔”

رمبو نے خبردار کیا کہ اگر شوہر بھی بیوی کی طرح چیخنا شروع کرے تو سنگین نتائج بھگتنے پڑ سکتے ہیں۔ اگر آپ بھی شور کریں گے تو بیوی اپنی ماں کو فون کرے گی، اور پھر اس کی ماں آپ کے گھر پہنچ جائے گی۔

اداکار کا یہ بیان سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بن گیا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ ریمبو نے اپنے مشورے میں خواتین کو قصوروار ٹھہرا کر ازدواجی مسائل کو ایک طرفہ انداز میں پیش کیا ہے۔

شاہین آفریدی اور نسیم شاہ ٹیم سے باہر؟

قومی ٹیم جنوبی افریقا سے شکست کے بعد اب ویسٹ انڈیز سے ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ کرکٹ سیریز کیلیے تیار ہے جس کا ممکنہ اسکواڈ سامنے آگیا۔

ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان دو ٹیسٹ میچز ملتان اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جس کے لیے مہمان ٹیم دو روز قبل پاکستان پہنچ چکی ہے۔

اسکواڈ میں کون ان کون آؤٹ ہوسکتا ہے؟

جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ٹخنے کی انجری کا شکار صائم ایوب اس سیریز میں ایکشن میں نظر نہیں آئیں گے کیونکہ ڈاکٹرز نے انہیں 6 ہفتے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں صائم کی جگہ عبداللہ شفیق کی شمولیت کا قوی امکان ہے۔

کپتان شان مسعود شفیق اور بابر اعظم کے ساتھ مل کر پاکستان کا ٹاپ آرڈر بنائیں گے جنہوں نے دورہ جنوبی افریقہ میں شاندار اننگز کھیلی تھیں۔

اس کے علاوہ مڈل آرڈر میں کامران غلام، سعود شکیل اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان، سلمان علی آغا شامل ہوں گے۔

امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں سلمان علی آغا ہوم گراؤنڈ اور پچ کا بھرپور فائدہ اٹھائیں گے تاہم یہ امکان بھی ہے کہ سلمان علی آغا کو چیمپئنز ٹرافی کی وجہ سے آرام کا موقع دے کر اُن کی جگہ قاسم اکرم کو اسکواڈ میں جگہ دی جائے۔

شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کے لیے کوئی جگہ نہیں؟

جہاں شاہین آفریدی کام کے بوجھ کے انتظام کی وجہ سے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں، وہیں ان کے دیرینہ ساتھی نسیم شاہ کو بھی آئندہ ویسٹ انڈیز سیریز کے لیے نظر انداز کیا جا سکتا ہے۔

دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز کو سپر اسپورٹ پارک میں سیریز کے افتتاحی میچ میں خراب کارکردگی کے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے الیون سے ڈراپ کیا گیا تھا۔

جنوبی افریقا میں شاندار باؤلنگ کرنے والے محمد عباس ممکنہ طور پر ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھیں گے۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میں نسیم شاہ کو آرام کا موقع دینے کا مقصد چیمپئنز ٹرافی پر فوکس ہے۔ پی سی بی ان کے کام کے بوجھ کو سنبھالنے اور اسے اگلے ماہ سہ فریقی سیریز اور چیمپئنز ٹرافی کے لیے تازہ دم رکھنے کا فیصلہ کر سکتا ہے۔

شاہین اور نسیم کی غیر موجودگی میں میر حمزہ اور خرم شہزاد ممکنہ طور پر فارم میں محمد عباس کے ساتھ پاکستان کی تیز رفتار بیٹری کی قیادت کریں گے۔

دریں اثنا، ساجد خان اور نعمان علی کی مضبوط اسپن باؤلنگ جوڑی انگلینڈ کی ہوم سیریز میں پاکستان کی تاریخی فتح میں اہم کردار ادا کرنے کے بعد اسپن کے شعبے کی قیادت کریں گے۔

ویسٹ انڈیز ٹیسٹ کے لیے پاکستان کا ممکنہ اسکواڈ

شان مسعود (سی)، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، کامران غلام، سعود شکیل، محمد رضوان (ڈبلیو کے)، آغا سلمان، میر حمزہ، محمد عباس، نعمان علی، ساجد خان، خرم شہزاد، حسیب اللہ خان (ڈبلیو کے)، محمد ہریرہ ، قاسم اکرم

رام کپور کے بیان نے ایکتا کو مشکل میں ڈال دیا

انڈین ڈرامہ سیریز “بڑے اچھے لگتے ہیں” کے پہلے متنازعہ کسنگ سین پر رام کپور کے تبصرے کے بعد ایکتا کپور کا سخت ردعمل سامنے آیا۔

مشہور پروڈیوسر ایکتا آر کپور نے سوشل میڈیا پر ایک مبہم پوسٹ شیئر کی ہے، جس میں “غیر پیشہ ورانہ اداکاروں” پر تنقید کی گئی۔

اگرچہ پوسٹ میں کسی کا نام نہیں لیا گیا، لیکن ان کی یہ پوسٹ اداکار رام کپور کے حالیہ انٹرویو کے بعد سامنے آئی ہے، جس میں انہوں نے ڈرامہ “بڑے اچھے لگتے ہیں” کے مشہور کسنگ سین کے بارے میں تبصرہ کیا۔

رام کپور نے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ یہ سین بالی وڈ کے بجائے ٹیلی ویژن پر ایک انوکھا قدم تھا۔

انہوں نے بتایا کہ: “ایکتا وہی ہیں جنہوں نے یہ سین لکھا اور اسے کرنے پر اصرار کیا… میں نے ان سے پوچھا، ‘کیا آپ واقعی یقین رکھتی ہیں؟ یہ ٹیلی ویژن پر پہلے کبھی نہیں ہوا۔ تین نسلیں ایک ساتھ یہ شو دیکھتی ہیں، لیکن ایکتا پُر اعتماد تھیں کہ ہمیں یہ سین کرنا چاہیے۔”

رام نے مزید کہا کہ انہوں نے اپنی بیوی گوتمی سے اجازت لی اور ساکشی تنور سے بھی ان کی رضامندی کے بارے میں بات کی، تاکہ وہ سین کے دوران مکمل آرام دہ ہوں۔

رام کے انٹرویو کے بعد، ایکتا نے انسٹاگرام پر لکھا: “غیر پیشہ ورانہ اداکاروں کو میرے شوز کے بارے میں جھوٹ بولنا بند کرنا چاہیے! غلط معلومات اور جھوٹی کہانیاں… لیکن خاموشی میں بھی وقار ہوتا ہے۔”

ڈرامہ “بڑے اچھے لگتے ہیں” نے مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ دیے تھے۔ اس کی کہانی درمیانی عمر کے دو افراد کے گرد گھومتی ہے، جو ایک سمجھوتہ شدہ شادی میں محبت تلاش کرتے ہیں۔

رام کپور اور ساکشی تنور کی جوڑی کو ناظرین نے بے حد پسند کیا، خاص طور پر ان کی کیمسٹری نے مداحوں کو متاثر کیا۔