All posts by Khabrain News

3 ماہ میں سیمنٹ کی بوری 400 روپے مہنگی ہوگئی

لاہور: (ویب ڈیسک) سیمنٹ فیکٹریوں کی جانب سے قیمتوں میں اضافےکا سلسلہ جاری ہے، سیمنٹ کی بوری مزید 100روپے اضافے سے 1100 روپے ہوگئی ہے۔
تین ماہ میں سیمنٹ کی ایک بوری کی قیمت میں 400 روپےکا اضافہ ہوچکا ہے اور سیمنٹ کی 50 کلو کی بوری کی قیمت 1100 روپےتک پہنچ گئی ہے۔
سیمنٹ ڈیلرز کا کہنا ہےکہ کمپنیوں کی طرف سے قیمت میں اضافے اور ٹرانسپورٹ اخراجات بڑھنے سے قیمتیں بڑھی ہیں۔
ذرائع کےمطابق سیمنٹ کی قیمت میں اضافےکی بڑی وجہ مہنگا کوئلہ، زیادہ شرح سود اور بڑھتے ہوئے ٹرانسپورٹ اخراجات ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہےکہ صورت حال یہی رہی تو قیمتیں مزید بڑھنےکا خدشہ ہے، عام آدمی کے لیےگھر بنانا مشکل ہی نہیں ناممکن ہو جائےگا۔

مفتاح اسماعیل خودکہہ رہے ہیں کہ ملک دیوالیہ کےقریب ہے، شاہ محمود

ملتان: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہےکہ مفتاح اسماعیل کا اکنامک سروے ہمارے دور کی معیشت کی تعریف کر رہا ہے، وہ خود کہہ رہے ہیں کہ ملک دیوالیہ کے قریب ہے۔
ملتان میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی پیٹرول کی قیمت مزید بڑھانےکی بات کر رہے ہیں، بلاول کہتے تھے یہ پی ٹی آئی ایم ایف ہیں، آپ تو نہیں ہیں، تو آئی ایم ایف کو مسترد کردو، ان کا مقصد نیب کو ختم کرنا تھا کردیا، میثاق معیشت یہ کس سے کرنا چاہتےہیں؟
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی کی بیس نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں ن لیگ کے سرکاری امیدواروں نے 14 سیٹوں پر کامیابی کا ابھی سے دعویٰ کردیا ہے، ایسی صورت حال میں عام انتخابات کے کیا نتائج ہوسکتے ہیں اس بات کا اندازہ لگایا جاسکتاہے۔
انہوں نےکہا کہ مشاورت اور دوستوں کے اتفاق رائے سے زین قریشی کو ٹکٹ دیا، ہم یہ الیکشن اس وقت لڑ رہےہیں جب حکومت ہمارے خلاف ہے، آج پارٹی پرمشکل وقت ہے ہم نے خود کو آزمائش کے لیے پیش کیا ہے، ہم میدان میں اتر کر فرسودہ نظام کو بدلنا چاہتےہیں، الیکشن سے پہلے ہی سرکاری امیدوار فنڈز کا اعلان کر رہے ہیں، ٹرانسفر پوسٹنگ ہو رہی ہیں لیکن سرکاری امیدوار کے خلاف حریفوں کا نقطہ نظر نہیں سنا جا رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں کچھ حرف آخر نہیں، سراج الحق ہمارے ووٹوں پر سینیٹر منتخب ہوئے۔
صحافی نے سوال کیا کہ کیا لانگ مارچ کی کال دے رہے ہیں؟ اس پر انہوں نے جواب دیا کہ انتظار فرمائیے۔

بجٹ کے بعد ملک میں ہنگامہ اور خوف ہے، بجٹ مسترد کر تے ہیں، سراج الحق

لاہور: (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ کے بعد ملک میں ہنگامہ اور خوف ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے لاہور میں توہین رسالت ﷺ کے خلاف نکالے گئے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہمیں روک کر ہندوستانی سفارتخانے کی حفاظت میں مصروف ہے جبکہ حکمران بھارت کے ساتھ دوستی اور تجارت کی بات کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی مسلمان ملک نے بھارتی سفیر کو ملک بدر نہیں کیا لیکن ہمیں اپنے حصے کا فرض ادا کرنا ہو گا۔ بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ ظلم وبربریت کا سلسلہ جاری ہے اور ہماری پولیس بھارتی سفارتکاروں کی حفاظت کے لیے نہیں ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ بھارت میں سرکاری پارٹی کے رہنماؤں نے نبی کریمﷺ کی شان میں گستاخی کی اور عالم اسلام اس وقت قبرستان کا منظر پیش کر رہا ہے۔ بھارتی سفیر کو اسلام آباد میں نہیں چاہیے۔
بجٹ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجٹ کے بعد ملک میں ہنگامہ اور خوف ہے۔ حکومت نے بجٹ میں سود کی رقم رکھی ہم اس بجٹ کو مسترد کرتے ہیں۔ حکومت نے آئی ایم ایف کی ہدایات پر بجٹ تیار کیا ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ شہباز شریف کی حکومت نے آتے ہی پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کیا اور جو کام پی ٹی آئی کر رہی تھی وہی پی ڈی ایم کر رہی ہے۔

بابر اعظم اور امام الحق کی جوڑی اہم سنگ میل کے قریب

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور نوجوان اوپننگ بلے باز امام الحق کی جوڑی اہم سنگ میل کے قریب پہنچ گئی۔
گذشتہ روز کھیلے گئے میچ میں دونوں بیٹرز کے درمیان دوسری وکٹ پر 100 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی، دونوں بیٹرز 2021ء سے اب تک 8 مواقعوں پر 100 رنز سے زائد کی شراکت داری کرچکے ہیں۔
امام الحق اور بابراعظم کو ماضی کے لیجنڈز بیٹرز محمد یوسف اور یونس خان کی جوڑی کا ریکارڈ توڑنے کے لئے صرف ایک سینچری درکار ہے۔
اس سے قبل یونس خان اور محمد یوسف کی جوڑی نو بار سینچری شراکت داری کرچکے ہیں۔
اس تاریخی شراکت داری کے دوران بابر اعظم اور امام الحق نے انفرادی طور پر مسلسل چھ ففٹی پلس اننگز سکور کیں، محمد یوسف نے بھی لگاتار 6 نصف سنچریاں بنائی ہیں جبکہ جاوید میانداد 9 نصف سینچریوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔
کرکٹ مبصرین بابر اور امام کی جوڑی کو پاکستان بیٹنگ لائن کا ستون قرار دے چکے ہیں۔
امام اور بابر اعظم اس وقت 27 اننگز کے دوران 80.80 کی ایوریج سے 2101 رنز بنا چکے ہیں۔ ان 27 اننگز میں 8 سنچریاں اور 10 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

ایران اور وینزویلا کے درمیان آئندہ 20 سال کیلئے تعاون کے معاہدے پر دستخط

تہران: (ویب ڈیسک) ایران اور وینزویلا کے درمیان آئندہ 20 سال کیلئے تعاون کے معاہدے پر دستخط ہوگئے۔
امریکی پابندیوں کا سامنا کرنے والے دونوں ممالک ایران اور وینزویلا کے درمیان ہونے والے معاہدے میں تیل، پیٹرو کیمیکل، سیاحت اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون شامل ہے۔
وینزویلا کے صدر نکولس مدورو نے دورہ ایران کے دوران باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے۔

برکینا فاسو میں مسلح افراد کا پولیس چیک پوسٹ حملہ؛ 10 اہلکار ہلاک

اواگادوگو: (ویب ڈیسک) مغربی افریقی ملک برکینا فاسو میں مسلح افراد نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 10 پولیس اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افریقی ملک برکینا فاسو میں ساحلی صوبے سینو میں پولیس قافلے کو گھات لگا کر نشانہ بنایا گیا۔ مسلح افراد کی اندھا دھند فائرنگ میں 10 پولیس اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
برکیینا فاسو کی فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ مسلح افراد نے اہم سکیورٹی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا جس پر اہلکاروں نے سخت مزاحمت کی اور جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی مارے گئے۔ تاہم انھوں نے تعداد نہیں بتائی۔
کسی گروپ نے پولیس چیک پوسٹ پر حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن برکینا فاسو میں القاعدہ اور داعش سے منسلک عسکریت پسند گروپ سیکیورٹی فورسز پر حملے کرتے رہے ہیں۔

پاکستان کی تاریخ کے معمر ترین گینیز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کے معمر ترین 70 سالہ شخص کے نسیم الدین کو گینیز ورلڈ ریکارڈ کی طرف سے 2 سرٹیفکیٹ موصول ہوگئے۔
کراچی سے تعلق رکھنے والے لوہار نسیم الدین نے ایک ہاتھ سے سیب توڑنے کے مقابلے میں انگلینڈ کو شکست دی تھی، انہوں نے 13 کے مقابلے میں 18 سیب توڑ کر شکست دی تھی۔
گینیز ورلڈ ریکارڈ نے نسیم الدین کی ویڈیو اپنے آفیشل پیج پر اپلوڈ کی ہے۔
خیال رہے کہ نسیم الدین نے پھر اپنے ریکارڈ کو 21 مرتبہ سیب توڑ کر مزید بہتر کیا تھا۔
نسیم الدین 70 سال کی عمر میں گینیز ورلڈ ریکارڈ بنانے والے پاکستان کی تاریخ کے معمر ترین ورلڈ ریکارڈ ہولڈر بن گئے ہیں۔

روبوٹ کے لیے مصنوعی جِلد کی تیاری میں مزید پیش رفت

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) روبوٹ کے انسانوں کی طرح دنیا میں گھومنے پھرنے میں تو شاید وقت لگے لیکن سائنس دانوں نے ان مشینوں کو انسان کے جیسا قریب روپ دینے کے لیے انسان جیسی جِلد لگانے کے مقصد کی جانب ایک قدم اور بڑھا دیا ہے۔
اس پیش رفت میں روبوٹ کی انگلی کو صرف جِلد کی طرح کی ساخت ہی نہیں دی گئی بلکہ اسے پانی سے مدافعت کرنے اور خود سے ٹھیک ہونے کی خصوصیات بھی دی گئی ہیں۔
حتی الامکان انسانوں کی مشابہت رکھنے والے انسان نما روبوٹ عموماً صحت کے شعبے اور سروس انڈسٹری میں لوگوں کے ساتھ باہمی معاملات رکھتے ہیں۔
محققین کا کہنا ہے کہ ان مشینوں کا انسان کی طرح ظاہر ہونا مواصلات میں بہتری اور ان کو مزید قابلِ قبول بنا سکتا ہے۔
جاپان کی یونیورسٹی آف ٹوکیو کے پروفیسر اور تحقیق کے مرکزی منصنف شوجی ٹیکوئیچی کا کہنا تھا کہ انگلی معمولی سی پسینہ آلود دِکھتی ہے، چوں کہ انگلی برقی موٹر سے چلائی جاتی ہے لہٰذا انگلی کی حرکت کے ساتھ حقیقی انگلی کی طرح کٹ کٹ کی آواز کا آنا کافی دلچسپ ہے۔
بہر کیف روبوٹس کے لیے سلیکون کی بنائی گئی یہ جلد انسان کے ظاہر کی تو نقل کرسکتی ہے لیکن اس میں انسانی جِلد کی باریکیاں نہیں ہیں جیسا کہ جھریوں کا ہونا اور یہ انسانی جِلد کی طرح کام بھی نہیں کرسکتیں۔
اس معاملے میں سب سے مشکل مرحلہ روبوٹ کو ڈھکنے کے لیے جلد کی پرتوں کا بنانا اور اس مشین کی غیر ہموار سطحوں پر ہمواری کے ساتھ لگانا ہے۔
پروفیسر ٹیکوئیچی کا کہنا تھا کہ اس کام کے لیے آپ کو ماہر ہاتھوں کی ضرورت ہوگی جو جِلد کی ان چادروں کو کاٹ سکیں اور لگا سکیں۔

پرویز الٰہی سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ملاقات

لاہور: (ویب ڈیسک) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی سے سردار عثمان بزدار اور سابق وزراء کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں فاروق اعوان، حسنین بہادر دریشک، علی عباس شاہ اور سبطین خان بھی شریک تھے۔ وفد نے چودھری پرویزالٰہی کو حکومت کی جانب سے اپنے خلاف ہونے والی کارروائیوں سے آگاہ کیا ۔
پرویزالٰہی نے تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف دہشت گردی کے پرچے درج کروانے اور ہراساں کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس ارکان پنجاب اسمبلی اور سٹاف کو بے جا ہراساں کر رہی ہے، بجٹ اجلاس کی تیاری کرنے والے اسمبلی سٹاف کو گرفتار کیا جا رہا ہے، جب اسمبلی سٹاف کو گرفتار کر لیا جائے گا تو بجٹ اجلاس کیسے ہوگا، جعلی حکمران معزز ارکان اسمبلی کے خلاف دہشت گردی کے پرچے کٹوا کر پارلیمانی روایات کو پامال کر رہے ہیں۔

تھانوں میں خواتین ہیڈ محرر تعینات کرنے کا فیصلہ

کراچی: (ویب ڈیسک) آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ خواتین پولیس اہل کاروں کو تھانوں میں بطور ہیڈ محرر تعینات کیا جائے گا۔
سندھ بھر میں خواتین پولیس ملازمین کو مزید مواقع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے،خواتین کو تھانوں میں ڈیوٹی افسر بھی تعینات کیا جائیگا،اس سے قبل مختلف تھانوں میں لیڈی ایس ایچ اوز بھی تعینات ہیں۔
آئی جی سندھ کا کہنا ہے کہ نئی بکتر بند گاڑیاں لانے کی کوشش کریں گے، کچے کے علاقوں میں آپریشن مزید تیز کیا جائیگا ضرورت پڑنے پرایئر ایمبولینس کا استعمال بھی کریں گے۔
غلام نبی میمن کا کہناہے کہ اچھے افسران کی حوصلہ افزائی کیلئے انہیں انعامات سے نوازا جائے گا اور ساتھ ہی بری شہرت رکھنے والے افسران و اہلکار کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔
تھانوں کے لاک اپ اور کمروں میں سی سی کیمرے بھی لگائے جائیگے تاکہ ملزمان کی حرکت و سکنات پر نظر رکھی جائے اس کے علاوہ تھانوں کے باہر بھی کیمرے نصب کئے جائیں گے۔