اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزراتِ خزانہ کے ترجمان مزمل اسلم نے کہا ہے کہ کرنسی کی قدر کم ہونے کی وجہ سے پاکستان میں مہنگائی بڑھی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم نے کہا کہ کورونا کے باعث عالمی سطح پر مہنگائی بڑھنے سے پاکستان بھی متاثر ہوا، ہم جو اشیا درآمد کررہے ہیں اُن میں مشکلات کا سامنا ہے۔
مزمل اسلم نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے کئی ممالک کی کرنسی کی ویلیو کم ہوئی، پاکستان کی کرنسی میں تسلسل دیکھنے کو آرہا ہے، روپے کی قدر کم ہونے کی وجہ سے پاکستان میں مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔
وزارت خرانہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ نومبر کے مقابلے میں دسمبر میں مہنگائی نہیں بڑھی، کھانے پینے کی چیزیں اور گھل جانے والی اشیا کی قیمتیں بھی برقرار ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی بر آمدات میں 18فیصد اضافہ اور درآمدات میں 23 فیصد کمی ہوئی، جس سے اب ہمارا تجارتی خسارہ کم ہوگا۔
ترجمان نے کہا کہ کورونا کے دوران پاکستان کے ذخائر بلند ترین سطح پر رہے، ہمارا خسارہ پانچ ارب ڈالرز سے کم ہوکر اب تین ارب ڈالرز تک پہنچ گیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال کی نسبت اس سال انڈوں اور آٹے کی قیمتوں میں استحکام رہا، اب ہمیں چینی درآمد کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ ملک میں وافر مقدار میں چینی موجود ہے جو اس وقت پاکستان میں 83 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہورہی ہے۔
مزمل اسلم کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں استعمال ہونے والا 80 فیصد کوکنگ آئل ہم درآمد کرتے ہیں، جس کا اثر عام آدمی پر پڑ رہا ہے جبکہ اب ہمیں گندم باہر سے منگوانی نہیں پڑے گی۔
All posts by Khabrain News
پاکستان اور مصر کا فلموں اور ڈراموں کی ڈبنگ کیلئے سینٹرز کھولنے پر اتفاق
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری اور مصر کے سفیر ڈاکٹر طارق دروگ پاکستان اور مصر کی فلموں اور ڈراموں کا ترجمہ کرنے کیلئے ڈبنگ سینٹرز کھولنے پر اتفاق کرلیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری سے مصر کے سفیر ڈاکٹر طارق دروگ نے ملاقات کی، ملاقات میں ڈرامہ، فلم سمیت علاقائی و عالمی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر فواد چودھری نے کہا پاکستان اور مصر کے دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں، دونوں ممالک کے لوگ مذہبی، ثقافتی اور بھائی چارے کے رشتوں سے جڑے ہیں، پاکستان اور مصر کے درمیان عظیم ثقافتی ورثہ موجود ہے۔
ملاقات میں افغانستان کی صورتحال اور وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عالمی امور پر پاکستان اور مصر کا یکساں موقف رہا ہے، افغانستان میں بڑا انسانی المیہ جنم لے رہا ہے، اس صورتحال میں افغان عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جا سکتا، افغان عوام کی مدد کے لئے دنیا کو آگے آنا ہوگا، اس ضمن میں مصر بھی اپنا کردار ادا کرے، وزیراعظم عمران خان اپنے دورہ چین کے دوران افغانستان کے مسئلہ پر بھی بات کریں گے۔
مصر کے سفیر نے کہا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔
الیکشن کمیشن نے جلد بلدیاتی قانون بنانے کا کہا تھا، وزیراعلیٰ سندھ
کراچی: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے جلد بلدیاتی قانون بنانے کا کہا تھا، ہمارے پاس صرف 9 روز کا وقت تھا، اسمبلی میں حزب اختلاف سے تجاویز مانگی گئیں اور ایکٹ بھی ایوان نے پاس کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کراچی میں جماعت اسلامی کے مرکز پہنچے جہاں پر بلدیاتی نظام میں ترامیم سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا میں نے کہا تھا ہرپارٹی چاہتی ہے تمام اختیارات منتقل کر دو تو پھر باقی لوگ کیا کریں گے، سب کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں، امین الحق سے کہا تھا جب کہیں گے ہم مذاکرات کریں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ احتجاج والے دن واقعہ ہوا تومیں نے انہیں کہا افسوس کرنے اکٹھے جائیں گے، وزیراعظم نے کرپشن کا الزام لگا کرمنصوبے کو رکوا دیا تھا، وفاق سے پانی کا اپنا حصہ لیں گے، جماعت اسلامی کے ساتھ بات چیت پر کسی کواعتراض نہیں ہونا چاہیے، گرین لائن میں 80 بسیں چل رہی ہے، اچھی بات ہے اچھا پراجیکٹ ہے۔
اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنما حافظ نعیم الرحمان نے کہا آبادی کے تناسب سے یونین کمیٹیوں کو وسائل فراہم کرنے پراتفاق ہوا ہے، دوہفتے میں کابینہ اجلاس میں بہت ساری چیزیں ٹھیک ہوجائیں گی، سپریم کورٹ فیصلے کا ہم نے خیرمقدم کیا ، خوشی ہے ہمارے معاہدے کی سندھ کابینہ نے منظوری دی، اگروفاق ہمیں پانی کے معاملے پراگنور کررہا ہے توصوبائی حکومت معاملہ حل کرے ۔
فرانس نے ماسک پہننے کی شرط ختم کر دی
پیرس: (ویب ڈیسک) فرانس نے ملک میں عوامی مقامات پر ماسک پہننے کی پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فرانس میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی سے کمی آ گئی ہے جس کے بعد حکومت فرانس نے ماسک پہننے سمیت کورونا کی کئی پابندیوں میں نرمی کرنے کا اعلان کر دیا۔
فرانس میں کورونا وائرس کی کمی کے باعث حکومت نے 2 مراحل میں کورونا کی پابندیاں ہٹانے کا اعلان کیا ہے۔ پہلے مرحلے کا آغاز 2 فروری سے کر دیا گیا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں پابندیوں میں نرمی کا اطلاق 16 فروری سے ہو گا۔
فرانسیسی حکومت نے پہلے مرحلے میں عوامی مقامات پر فیس ماسک کی شرط ختم کی ہے اور کھیلوں کے مقابلوں، کنسرٹس ہالز اور دیگر تقاریب میں حاضرین و ناظرین کی تعداد کی پابندی بھی ختم کی گئی ہے۔
حکومت فرانس نے گھر سے ہی دفتری امور نمٹانے کی شرط بھی ختم کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم عوام سے اپیل کی کہ بہتر ہو گا وہ گھر سے ہی کام کریں۔
دوسرے مرحلے میں 16 فروری سے نائٹ کلبس کھول دیئے جائیں گے جبکہ میوزک کنسرٹس، کھیلوں کے مقابلوں اور بارز میں کھڑے رہنے کی بھی اجازت ہو گی۔ اس کے علاوہ عوامی مقامات، پبلک ٹرانسپورٹ اور سینما گھروں میں کھانے پینے پر پابندی کا خاتمہ بھی 16 فروری سے ہو گا۔
واضح رہے کہ رواں برس کے آغاز کے ساتھ ہی فرانس میں کورونا کی وبا نے خطرناک صورت حال اختیار کرلی تھی، جس پر حکومت کی جانب سے کئی پابندیوں کا اطلاق کیا گیا تھا۔
حکومتی پابندیوں کے خلاف عوامی سطح پر شدید رد عمل سامنے آیا تھا اور ہر ہفتے کے روز ملک کے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے تھے تاہم اب فرانس میں کورونا کی لہر میں واضح کمی کے بعد حکومت نے عائد پابندیاں ہٹانے کا اعلان کیا ہے۔
امریکا میں اسکول اور کالج میں فائرنگ، طالبعلم سمیت 3 افراد ہلاک
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا میں الگ الگ واقعات میں اسکول اور کالج میں فائرنگ کے واقعات میں ایک طالبعلم اور 2 سیکیورٹی گارڈز ہلاک ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فائرنگ کا پہلا واقعہ امریکی ریاست منی سوٹا کے اسکول میں پیش آیا جہاں فائرنگ سے ایک طالب علم ہلاک اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا جب کہ مسلح ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
اسی طرح ریاست ورجینیا کے ایک کالج میں مسلح حملہ آور نے اندھا دھند فائرنگ کر کے کالج کے 2 محافظوں کو ہلاک کر دیا۔ سیکیورٹی گارڈز نے مسلح شخص کو کالج میں داخل ہونے سے روک دیا تھا۔
ورجینیا پولیس نے موقع پر پہنچ کر مسلح شخص کو گرفتار کر لیا تاہم اب تک فائرنگ کے واقعے کے پیچھے وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔ تفتیشی عمل جاری ہے۔
امریکا میں فائرنگ کے واقعات میں اضافے کے باوجود تاحال اسلحے کی خرید و فروخت کے قانون میں سختی کے لیے کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی ہے۔ امریکی قانون ساز حکومت پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔
مریم اور کنیزیں 6 ماہ سے نوازشریف کی واپسی کی گردان کررہی تھیں: فیاض الحسن
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کے وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ مریم نواز اور ان کی کنیزیں چھ ماہ سے نوازشریف کی واپسی کی گردان کررہی تھیں، تاثر دیا جارہا تھا کہ نیلسن منڈیلا آرہا ہے، ہم صرف بڑھکیں نہیں مارتے، ہیلتھ کارڈ کی خدمت مدتوں یاد رکھی جائے گی۔
وزیر جیل پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ بیٹی اور کنیزوں نے چھ مہینوں سے ماحول بنایا تھا کہ نوازشریف ملک آرہے ہیں، جتنے پھرتی سے نواز شریف جہاز کی سیڑھیوں پر چڑھے اتنی پھرتی سے تو گلہری بھی درخت پر نہیں چڑھتی ، منڈیلا کو بچانے کے لیے سپریم کورٹ بار کو استعمال کیا گیا ، تمام اخبارات میں شائع ہوا ان کو نئی بیماری ٹاٹا شابو ہوجائے گی ۔
انہوں نے مزید کہا بلاول کہہ رہے ہیں کہ مارچ توکریں گے لیکن کامیابی کی کوئی گارنٹی نہیں، بلاول کوسمجھ آگئی ہے کہ ان کے تلوں میں تیل نہیں، وفاق میں 15سے 20 ایم این ایز، پنجاب سے 25 ایم پی ایز ہمارے ساتھ چل رہے ہیں، بلاول ڈیفیکٹوشرلی ہیں ، یہ نہیں چلنی۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان نے پچھلی دفعہ 2 ارب کی دیہاڑی لگائی تھی، اس بار بھی مریم صفدرسے دیہاڑی لگائیں گے، نوازشریف کی بیماری شائد جنوبی افریقہ کے بندروں کو ہوتی ہے، پتہ نہیں یہ کونسی بیماری ہے جس کے بارے سن کرحیران ہوں۔
تنقید کرنے پر سرفراز احمد نے سلمان بٹ کو آڑے ہاتھوں لے لیا
کراچی:(ویب ڈیسک) سلمان بٹ نے اپنا ویڈیو پیغام یوٹیوب پر شیئر کیا، جس میں انہوں نے گلیڈی ایٹرز کے کپتان کو تنقید کا نشانہ اور شکست کا ذمہ دار قرار دیا۔
اپنے ویڈیو میں اُن کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد غصہ زیادہ اور بات کم کرتے ہیں، اسی وجہ سے ان کی ٹیم کو ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
سلمان بٹ نے الزام عائد کیا کہ سرفراز احمد اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں سے کوئی مشورہ نہیں کرتے بلکہ اپنا فیصلہ اُن پر تھوپ دیتے ہیں۔
سابق بلے باز نے کہا کہ سرفراز احمد دوسرے کھلاڑیوں کی فکر چھوڑ پر اپنی کارکردگی پر توجہ دیں۔
اس کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے سلمان بٹ کا نام لیے بغیر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ردعمل دیا۔
سرفراز احمد نے لکھا کہ ’پاکستان کو آن ڈیوٹی فروخت کرنے والا فکسر جب نیت پر بھاشن دے گا تو پھر اللہ ہی حافظ ہے‘۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان کی اس ٹویٹ پر کرکٹ شائقین اور بالخصوص اُن کے مداحوں نے تبصرے کرتے ہوئے جارحانہ انداز اپنانے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’سرفراز بھائی آپ کا لیول الگ ہے، ان لوگوں کے لیول پر نہ جائیں، آپ اپنی پرفارمنس سے ان کے منہ بند رکھیں‘۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 7 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اب تک 3 میچز کھیلے، جن میں سے انہیں دو میں شکست جبکہ ایک میں فتح حاصل ہوئی ہے۔
پی ایس ایل 7: پشاور زلمی کا لاہور قلندرز کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ
لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے لئے پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جارہے ایونٹ کے 9 ویں میچ میں وہاب ریاض پشاور زلمی اور شاہین شاہ آفریدی لاہور قلندرز کی قیادت کررہے ہیں۔
دونوں ٹیمیں ایونٹ میں اب تک ایک جیت اور ایک ہار کا مزہ چکھ چکی ہیں۔
ایکواڈور میں بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ میں 22 افراد ہلاک
کیٹو: (ویب ڈیسک) جنوبی امریکی ملک ایکواڈور میں مسلسل بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر واقعات میں مجموعی طور پر 22 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایکواڈور میں بارشوں کا 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ شدید ترین بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب نے تباہی مچادی جس میں لینڈ سلائیڈنگ سمیت مختلف واقعات میں 22 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔
دارالحکومت کے ایک علاقے میں کئی گھر اور گاڑیاں سلائیڈنگ میں تباہ ہوگئیں جب کہ والی بال کا میدان کیچڑ کے سیلاب میں مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ متاثرہ علاقوں سے شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بارشوں کا سلسلہ مزید دو دن جاری رہنے گا امکان ظاہر کیا ہے۔ اسپتالوں اور میونسپل اداروں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ حفاظتی مراکز قائم کردیئے گئے تاہم کیمپوں میں پینے کے پانی اور کھانے پینے کی اشیا کا فقدان ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان کو فون
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان کو فون کرکے متحدہ عرب امارات کے خلاف حوثیوں کی جانب سے میزائل حملے کی حالیہ کوشش کی شدید مذمت کی، اور متحدہ عرب امارات کے بروقت اور موثر فضائی دفاعی ردعمل کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے حملوں میں حالیہ اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا، اور مذاکرات کے ذریعے علاقائی امن و سلامتی کی کوششوں میں پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا، جب کہ اعلیٰ سطح پر راوبط جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔