All posts by Khabrain News

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کا بڑا اقدام، عوام اب گھر پر خود ہی کورنا ٹیسٹ کرسکیں گے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کا بڑا اقدام، عوام کو کورونا ٹیسٹ کرانے کے لیے اسپتالوں، سینٹروں سے نجات، اب گھر بیٹھ کر خود ہی ٹیسٹ کرسکیں گے۔
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ جس کے مطابق عوام کو اپنا کورونا ٹیسٹ کے لیے اوور دی کاؤنٹر کٹ فروخت کی اجازت ہوگی، میڈیکل اسٹورز اور فارمیسز پر کورونا ٹیسٹ کٹ دستیاب ہوگی، اب شہری گھر پر ہی کورونا ٹیسٹ کرسکیں گے۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر اے این ایف کی کارروائی، منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
غیر ملکی ائیرلائن کے ذریعے اسلام آباد سے دوہا جانیوالے مسافر شاہ زیب حسن سے 850 گرام چرس برآمد کر لئے۔ برآمد شدہ چرس اخروٹوں کے اندر مہارت سے چھپائی گئی تھی۔ گرفتار ملزم کے پیٹ میں منشیات بھرے کیپسولوں کی موجودگی کا شبہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ ملزم کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

علی زیدی کا امریکی سیکرٹری ٹرانسپورٹ کیساتھ ویڈیو کانفرنس میں ٹرانسپورٹیشن سمیت امور پر تبادلہ خیال

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی اور امریکی سیکریٹری ٹرانسپورٹ پیٹ بٹگیگ کے مابین ویڈیو کانفرنس ہوئی جس میں لاجسٹکس اور ٹرانسپورٹیشن سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کانفرنس میں امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلر، سی ای او پی آئی اے سمیت سیکرٹری میری ٹائم افیئرز، ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ اور دیگرشریک ہوئے۔ وفاقی وزیر نے امریکی بندرگاہوں پر پاکستانی بحری جہازوں کو درپیش مسائل پر بھی روشنی ڈالی اور درخواست کی کہ کراچی میں امریکی قونصل خانے میں ایک ونڈو وقف کی جائے جس کے قیام سے سی فیررز کے ویزوں کی کارروائی کم وقت میں کی جا سکے گی۔
اس موقع پر امریکی سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے متعلقہ حکام کے ساتھ معاملے کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا، کانفرنس میں امریکہ اور پاکستان کی بندرگاہوں کے درمیان ممکنہ شراکت داری اور سسٹر پورٹ کے معاہدوں پر بھی گفتگو ہوئی، فریقین نے مسائل کو حل کرنے کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنے پر اتفاق کیا، امریکی سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے دورہ پاکستان کی دعوت کو خوش دلی سے قبول کرلیا۔

محکمہ زراعت کے ملازمین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں: پرویز الہٰی

لاہور: (ویب ڈیسک) چودھری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ محکمہ زراعت، واٹر مینجمنٹ کے ملازمین کی تنخواہ اور دیگر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔
سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے محکمہ زراعت کے واٹر مینجمنٹ ونگ کے پروجیکٹ ملازمین کے 1362 رکنی نمائند ہ وفد نے اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر پرویز الٰہی نے کہا کہ ملک میں روزگار کا پہلے ہی مسئلہ ہے، نئے ملازمین بھرتی کرنے کی بجائے پرانے تربیت یافتہ ملازمین کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہئے، ملازمین کو محکمہ زراعت کے نیشنل پروگرام فار امپروومنٹ واٹر کورسز II میں منتقل کر دیا جائے، اس طرح کی غلطی دوبارہ نہ کریں، جب راولپنڈی میں ڈینگی آیا تو پرانے ملازمین کو فارغ کر کے نئے افراد بھرتی کئے۔
چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ جن میں تجربے کی کمی تھی، جس کی وجہ سے بہت زیادہ نقصان ہوا، حکومت محکمہ زراعت، واٹر مینجمنٹ کے پرانے تجربہ کار ملازمین کی تنخواہ اور دیگر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔

اٹارنی جنرل کا خط زیر سماعت مقدمے پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے: شہباز شریف

لاہور: (ویب ڈیسک) صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے اٹارنی جنرل کی جانب سے نوازشریف کی واپسی سے متعلق لکھے گئے خط کا جواب دے دیا۔
نواز شریف کے معاملہ پر بیان حلفی کا معاملہ ،شہباز شریف نے جوابی خط میں کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے اٹارنی جنرل نے خط وفاقی کابینہ کی ہدایت پر لکھا، یہ شریف خاندان کے میڈیا ٹرائل اور زیر سماعت مقدمےپر اثر انداز ہونے کی کوشش ہے، ہر قسم کی قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتا ہوں۔ بیان حلفی کی ایک بھی خلاف ورزی نہیں کی۔ معاملہ پر ہائی کورٹ کے فیصلہ کے مندرجات کو نہیں دیکھا گیا۔ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ اٹارنی جنرل نے میرے بیان حلفی کا آخری پیرا کیوں نہیں دیکھا۔
انہوں نے خط میں مزید کہا کہ مجھے یقین ہے یہ خط سیاسی مقاصد اور متعلقہ قوانین نظرانداز کرکے لکھا گیا ، اس میں میڈیکل بورڈ کے قیام کے عمل ،کارروائی اور سفارشات کو نظر انداز کیا گیا، معاملہ لاہور ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے جس کے باعث اٹارنی جنرل کا خط توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔

سندھ ہائیکورٹ: دودھ کی قیمتوں میں من مانے اضافے کیخلاف درخواستوں پر سماعت ملتوی

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ ہائیکورٹ نے دودھ کی قیمتوں میں من مانے اضافے کے خلاف درخواستوں کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔
دوران سماعت کمشنر کراچی کی سربراہی میں قیمتوں سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی، سرکاری وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا کہ شہر بھر میں دودھ کی قیمت 120 روپے کر دی گئی ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز نے اس بات اتفاق کر لیا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیئے کہ شہر میں ابھی بھی دودھ 140 روپے سے زائد فروخت ہو رہا ہے ، ضلعی انتظامیہ کمیٹی کے فیصلے پر عمل درآمد کرانے میں ناکام رہی۔ عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔

صدارتی نظام نہ عدم اعتماد اور نہ ہی ڈیل یا ڈھیل کا امکان ہے: شیخ رشید

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے ملک میں صدارتی نظام، ایمرجنسی یا عدم اعتماد کا کوئی امکان نہیں اور نہ ڈیل یا ڈھیل دے رہے ہیں، 7 فروری کوسعودی عرب کے وزیرداخلہ پاکستان آئیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نوازشریف بدقسمت آدمی ہیں جو ملک سے بھاگے ہوئے ہیں، جعلی رپورٹ پر بیرون ملک گئےاور جعلی رپورٹ پر ہی لندن میں مقیم ہیں۔ کہا جا رہا ہے نوازشریف کورونا کی وجہ سےعلاج نہیں کرا سکے۔ اپوزیشن کے تلوں میں تیل نہیں، اس کے رنگ پسٹن بیٹھے ہوئے ہیں، یہ کہتے ہیں اسلام آباد کی جانب کورونا کے دوران مارچ کریں، عمران خان کئی بار کہہ چکا یہ اپنا شوق پورا کر لیں۔ 27 فروری اور 23 مارچ کو سب دیکھ لیں گے۔ 23 مارچ کو فلائی پاسٹ ہو گا، عوام وہ دیکھیں گے یا ان کے چہروں پر نظر لگائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان چین کے اہم دورے پر جا رہے ہیں جہاں چینی قیادت کے ساتھ سی پیک اور دوسرے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ سعودی عرب کے وزیرداخلہ 7 فروری کو پاکستان آئیں گے، صدرمملکت اور وزیراعظم سےملاقاتیں کریں گے، سعودی عرب کے ساتھ ہمارا رشتہ ہمالیہ سے بھی بلند ہے۔

ویکسی نیشن مہم تیز، 24 گھنٹے میں 12 لاکھ 54 ہزار 125 افراد کو ویکسین لگائی گئی: این سی او سی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) این سی او سی نے کورونا ویکسی نیشن مزید تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ 24 گھنٹے میں 12 لاکھ 54 ہزار 125 افراد کو ویکسین لگائی گئی، ملک بھر اب تک 17 کروڑ 74 لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد کو ویکسین لگائی گئی۔
دوسری جانب ملک میں کورونا کے پھیلاؤ نے پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی، چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح نو اعشاریہ آٹھ آٹھ پانچ فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کورونا وائرس سے 29 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 29 ہزار 330 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 14 لاکھ 36 ہزار 413 ہوگئی۔

کراچی: اورنگی میں ڈکیتی واردات کے دوران دکاندار زخمی، ڈیفنس میں فیملی گھر کی دہلیز پر لٹ گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے اورنگی ٹاون امروہی گوٹھ میں ڈکیتی واردات کے دوران دکاندار کو گولیاں مار دی گئیں، ڈیفنس فیز 6 میں فیملی کو گھر کی دہلیز پر لوٹ لیا گیا، دونوں وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
شہر قائد میں سٹریٹ کرائم کی وارداتیں تھم نہ سکیں، شہری جان بچائیں یا مال پولیس کی کارکردگی صفر ہے۔ اورنگی ٹاون میں رئیس امروہی گوٹھ میں موبائل کی دکان میں ڈکیتی کی وردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔ دکان میں لوہے کی گرل لگے ہونے کی وجہ سے ملزمان دکان میں داخل نہ ہوسکے۔ داخلے میں ناکامی پر ملزم نے دکاندار پر فائرنگ کر دی۔ دکاندار خود کو بچانے کے لیے کاوئنٹر کے نیچے چھپا لیکن ملزم جاتے جاتے شہری کو دو گولیاں مارکر زخمی کر گیا۔
دوسری جانب ڈیفنس فیز 6 میں فیملی کو گھر کی دہلیز پر لوٹ لیا گیا، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی۔ فیملی سنارسے زیورات خرید کر گھر پہنچی تھی۔ ڈیفنس خیابان بدرمیں گھر کے باہر رکشے سے اترتے ہوئے واردات ہوئی۔ ملزمان خاتون سے لاکھوں روپے کے زیورات اور موبائل فونز لیکر فرار ہو گئے۔ دونوں واقعات کی اطلاع پولیس کو موصول ہونے کے باوجود کوئی کارروائی نہ ہوسکی۔

ملک میں مہنگائی کی شرح دو سال کی بلند ترین سطح پر ہے: شیری رحمان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شیری رحمان نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی شرح دو سال کی بلند ترین سطح پر ہے، مہنگائی کا سونامی تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کی نائب صدر و سینیٹر شیری رحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ 0.39 فیصد اضافے کے ساتھ مہنگائی کی شرح اب 13 فیصد ہو چکی ہے، سالانہ بنیاد پر کوکنگ آئل کی قیمت میں 54.33 فیصد، دال 41.3 فیصد، جبکہ بجلی کے ٹیرف 56 فیصد بڑھے، ‏مالی سال پہلے 7 ماہ میں پیٹرول کی قیمت 35 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 30 روپے فی لیٹر مہنگا ہوا، ایک سال کے اندر صحت کے شعبے میں 9.15 فیصد مہنگائی ہوئی۔