All posts by Khabrain News

آڈیو لیکس کے معاملےپر وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس کل طلب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے آڈیو لیکس کے معاملے پروفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس کل طلب کرلیا۔
وفاقی کابینہ کا ہنگامی اجلاس کل طلب کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں آڈیو لیکس کا معاملہ زیر غور آئےگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی جائےگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ہونےو الےقومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں آڈیو لیکس کے معاملے پر تحقیقات کے لئے اعلی اختیاراتی کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دی گئی تھی ۔ وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ اس کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔
اجلاس میں مشاورت کے بعد سائیبرسکیورٹی سے متعلق’ لیگل فریم ورک‘ کی تیاری کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔وزیراعظم ہاﺅس سمیت دیگر اہم مقامات، عمارات اور وزارتوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے ہنگامی اقدامات پر اتفاق کیا گیا تھا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے چکلالہ کرکٹ گراؤنڈ کا افتتاح کر دیا

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 501 سنٹرل ورکشاپ کرکٹ گراونڈ کا افتتاح کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 501 سنٹرل ورکشاپ کرکٹ گراونڈ کا افتتاح کر دیا، گراؤنڈ میں کرکٹ شائقین کیلئے خاص کر جڑواں شہروں کے نوجوانوں کیلئے جدید سپورٹس سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 501 سنٹرل ورکشاپ کرکٹ گراؤنڈ کا افتتاح کیا ہے، گراونڈ کا نام چکلالہ کرکٹ گراؤنڈ رکھا گیا ہے۔
گراؤنڈ میں کرکٹ شائقین کیلئے خاص کر جڑواں شہروں کے نوجوانوں کیلئے جدید سپورٹس سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ طالبعلم اور جڑواں شہر کے کلب گراونڈ استعمال کر سکیں گے، آرمی چیف نے پرانے گراونڈ کو جدید بنانے پر راولپنڈی کور کی کوششوں کو سراہا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے شہر میں کرکٹرز کو سہولتیں فراہم کرنے پر راولپنڈی کور کی تعریف بھی کی ہے۔

شہباز، زرداری حکومت میں ہر طبقے کی کمر ٹوٹ چکی ہے: عمر سرفراز چیمہ

لاہور: (ویب ڈیسک) مشیر اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ شہباز، زرداری حکومت آڈیو میں مان چکی ہے کہ سائفر حقیقت ہے، کیا عمران خان اپنے خلاف سازش پر خاموش ہوجاتے؟ سائفر کے حوالے سے حقیقت قوم کے سامنے آنا ضروری ہے مگر تحقیقات کرواتے ہوئے امپورٹڈ ٹولے کی کانپیں ٹانگتی ہیں۔
عمر سرفراز چیمہ نے اپنے رد عمل میں کہا کہ شہباز زرداری حکومت سمجھتی ہے کہ سائفر غیر اہم ہے تو بلاتاخیر اس کی تحقیقات کروائے، چیئرمین عمران خان کئی مرتبہ اعلیٰ عدلیہ سے بھی سائفر کے حوالے سے تحقیقات کی استدعا کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فاشسٹ حکومت کے دور میں کسان سڑکوں پر اپنے حقوق مانگ رہے ہیں، امپورٹڈ حکومت کسانوں کے حقوق اور آواز دبانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے، شہباز زرداری حکومت میں ہر طبقے کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔
مشیراطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ مہنگا ڈیزل ،پٹرول، کھاد، بجلی اور جان لیوا ٹیکس کسانوں پر قہر بن کر ٹوٹے ہیں، عمران خان کے دور میں بہترین زرعی پالیسیوں سے کسان خوشحال ہوا، فصلوں کی ریکارڈ پیداوار، زرعی نظام میں اصلاحات ہوئیں۔

عمران نیازی کی آڈیو نے منافقانہ سیاست کا پردہ چاک کر دیا: حمزہ شہباز

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی کی آڈیو نے منافقانہ سیاست کا پردہ چاک کر دیا، سائفر کے معاملے پر مسلسل جھوٹ بول کر سازش کا بیانیہ گھڑا گیا۔
رکن صوبائی اسمبلی حمزہ شہباز نے عمران خان کی آڈیو لیک پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ریاست پاکستان کے خارجہ تعلقات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا، سازش کا بیانیہ مفاد پرستی اور موقع پرستی کا مظہر ہے، 35 پنکچر، اسلامی ٹچ اور کبھی سائفر پر کھیلنا انتشار اور فساد کی سیاست کا خلاصہ ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا مزید کہنا تھا کہ عمران نیازی سائفر پر نہیں سیاسی مفاد کے لئے ریاست پاکستان کے مفادات سے کھیلا ہے، اقتدار کی ہوس میں ملک کے اداروں پر بہتان اور دشنام طرازی کی گئی ہے۔

عمران خان سے ڈاکٹر ثانیہ کی ملاقات، سیلاب متاثرین کیلئے جمع عطیات سے متعلق گفتگو

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ سیلاب سے بڑی آبادی متاثر ہوئی، دنیا بھر سے دل کھول کر عطیہ کرنے والے افراد کا شکرگزار ہوں۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ملاقات کی ،ملاقات کے دوران ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے سیلاب متاثرین کیلئے جمع عطیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا، انہوں نے امداد کی فراہمی کے شفاف اور تیز ترین طریقہ کار پر بھی بریفنگ دی۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دنیا بھر سے دل کھول کر عطیہ کرنے والے افراد کا شکرگزار ہوں، مخیر افراد ہمیشہ کی طرح اب بھی مشکلات میں گھِرے بھائیوں کیلئے آگے بڑھیں،عطیات کو نہایت شفاف انداز میں مستحقین تک پہنچائیں گے۔

فیصل واوڈا نااہلی کیس 4 اکتوبر سے روزانہ کی بنیاد پر سنیں گے، چیف جسٹس

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چییف جسٹس عمر عطا بندیال نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما فیصل واوڈا کے کیس کی سماعت 4 اکتوبر سے روزانہ کی بنیاد پر سننے کا اعلان کر دیا۔
سپریم کورٹ میں فیصل واوڈا کی تاحیات نااہلی کیس کی سماعت چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔
سماعت شروع ہوئی تو چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہم آج اس کیس کو مکمل نہیں کر پائیں گے اور 4 اکتوبر سے روزانہ کی بنیاد پر کیس سنیں گے۔
فیصل واوڈا کے وکیل وسیم سجاد نے مختصر دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پہلے بھی کیس 4 سے 5 مرتبہ بغیر سماعت ملتوی ہو چکا ہے۔
بعد ازاں عدالت نے سماعت 4 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت سے روزانہ کی بنیاد پر اپیل پر سماعت کی جائے گی۔

اے ٹی آر 77 طیارے کی شمولیت،دفاع کی صلاحیت بڑھے گی، جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی

کراچی: (ویب ڈیسک) جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کہا ہے کہ اے ٹی آر 77 طیارے کی شمولیت سے دفاع کی صلاحیت بڑھے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کراچی میں اے ٹی آر 77 طیارے کی شمولیت اور اے ٹی آر 79 طیارے کو رول آؤٹ کرنے کی تقریب ہوئی۔ جس کے مہمان خصوصی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا تھے۔
دونوں طیارے جدید ترین ٹیکنالوجی اور ہتھیاروں سے لیس ہیں جبکہ جہازوں کی شمولیت سے پاک بحریہ کے بیڑے میں آپریشنل صلاحیت بڑھے گی۔
جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بحرہند میں ابھرتے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مضبوط بحریہ کا ہونا ضروری ہے اور پاکستان کے لیے ایک مضبوط میری ٹائم دفاع اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید طیاروں کی شمولیت سے بحریہ کی سمندری حدود کی حفاظت و دفاع کی صلاحیت بڑھے گی۔

کے الیکٹرک صارفین کیلئے خوشخبری، بجلی4 روپے 87 پیسے فی یونٹ سستی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیپرا نے کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی 4 روپے 87 پیسے فی یونٹ سستی کر دی۔
کے الیکٹرک کی جانب سے اگست کی فیول ایڈجسمنٹ میں 4 روپے 21 پیسے فی یونٹ بجلی سستی کرنے کی تجویز دی گئی تھی تاہم نیپرا نے کے الیکٹرک کےلیے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 4 روپے 87 پیسے کمی کی منظوری دے دی۔
نیپرا حکام کا کہنا ہے کہ بجلی سستی ہونے سے کے الیکٹرک صارفین کو 7 ارب 21 کروڑ روپے سے زائد کا ریلیف حاصل ہوگا۔
نیپرا حکام کے مطابق کے الیکٹرک کی اپنی بجلی پیداوار کی لاگت 38 روپے فی یونٹ ہے، جبکہ کےالیکٹرک جو بجلی خریدتا ہے اس کی لاگت 13.61 روپے فی یونٹ ہے۔
سماعت کے دوران چیئرمین نیپرا نے سوال کیا کہ کے الیکٹرک بجلی کی پیداواری لاگت کم کرنے کیلئےکیا کررہی ہے، جس پر کے الیکٹرک حکام نے کہا کہ پیداواری لاگت کم کرنے کیلئےقابل تجدید توانائی اور گیس پر پیداوار بڑھانے کا پروگرام ہے۔
توصیف ایچ فاروقی نے کہا کہ کےالیکٹرک کو پیداوار سے 24 روپے فی یونٹ سستی بجلی مل رہی ہے، کے الیکٹرک اپنی سستی پیداوار بڑھانے کیلئے اپنے اقدامات پر ریگولیٹر کو بتائے۔
اس دوران نیپرا کے کیس افسر نے کہا کہ حکومت 15 روپے فی یونٹ ٹیرف میں سبسڈی دے رہی ہے۔
چیئرمین نیپرا نے کہا کہ کےالیکٹرک والے لوگوں کو نئے پلانٹس لگانے کے خواب نہ دکھائیں اور کے الیکٹرک والے خود کچھ نہیں کرتے بلکہ دوسروں کی طرف دیکھتے ہیں، کے الیکٹرک والے ساری دنیا سے پہلے مانگتے ہیں بعد میں خود کچھ کرتے ہیں۔
دوسری جانب نیپرا کے مطابق بجلی کی قیمت میں کمی اگست میں فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے اور بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق کے الیکٹرک کے لائف لائن صارفین پر نہیں ہو گا۔

کسان اتحاد کا دھرنا، اسلام آباد میں ٹریفک کی روانی متاثر

اسلا م آباد: (ویب ڈیسک) کسان اتحاد نے جناح ایونیو پر دھرنا دےدیا۔ احتجاج کے باعث اسلام آباد میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔
مطالبات کی منظوری کے لیے کسانوں کا جناح ایونیو پر احتجاج اور دھرنا جاری ہے۔ وفاقی دارالحکومت کےعلاقے بلیو ایریا جانے والے راستے بند ہونے کے باعث اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
زیروپوائنٹ سے فیصل ایونیو جانے والا راستہ بند ہونے کے باعث شہریوں کو شدید ٹریفک جام کا سامنا ہے۔،کسان احتجاج کے باعث سرینگر ہائی وے پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
کسانوں کا مطالبہ ہے کہ کھاد کی قیمتوں میں کمی کی جائے اور بلیک مارکیٹنگ کو روکا جائے ۔سیلاب زدہ علاقوں میں کھاد اور بیج مفت فراہم کیاجائے۔
کسان اتحاد نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ دودھ کی قیمتیں بڑھائی جائیں۔گندم کی قیمت 4ہزاراورگنے کی 400روپے فی من مقررکی جائے ۔ زراعت کوصنعت کا درجہ دیا جائے۔

چھوٹا قد، بڑا ٹیلنٹ، بگ باس 16 کا پہلا کھلاڑی

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان مشہور ریئلٹی شو ’بگ باس‘ کے سیزن 16 کے ساتھ ایک بار پھر چھوٹی پردہ اسکرین پر واپس آچکے ہیں۔
جس کے لیے سلمان خان نے بگ باس 16 کے پہلے کھلاڑی کا اعلان کر دیا ہے جو تاجکستان سے تعلق رکھنے والے دنیا کے سب سے چھوٹے قد کے سنگر اور موسیقار عبدو روزک ہیں۔
عبدو روزک کی سلمان خان سے پہلی ملاقات آئفا ایوارڈز کے دوران ابوظہبی میں ہوئی، جہاں ان کے ٹیلنٹ نے سلمان خان کو اتنا متاثر کیا کہ وہ بالی ووڈ اداکار کی نئی آنے والی فلم میں بھی نظر آئیں گے۔
شو لانچنگ پر سلمان خان کا کہنا تھا کہ عبدوروزک ہندی اتنی اچھی بولنا نہیں جانتے، لیکن وہ ہندی زبان میں گانا گانے کا ہنر جانتے ہیں۔
روزک دیکھنے میں چھوٹے لگتے ہیں لیکن ان کی عمر 18 سال سے اوپر ہے، اور وہ دبئی میں مقیم ہیں، انہیں دنیا میں سب سے چھوٹے قد کے سنگر کے طور پر جانا جاتا ہے، کیونکہ ان کا قد صرف 100 سینٹی میٹر ہے۔
سوشل میڈیا پر اپنی منفرد پہچان رکھنے والے روزک کے یوٹیوب پر 5 لاکھ 80 ہزار سبسکرائبرز ہیں۔ روزک سلمان خان کی دسمبر میں آنے والی فلم ” کسی کا بھائی کسی کی جان” میں جلوہ گر ہوں گے۔
واضح رہے بگ باس کا سیزن 16، یکم اکتوبر سے شروع ہورہا ہے جبکہ سپر اسٹار سلمان خان 2010 سے ’بگ باس‘ کی میزبانی کررہے ہیں۔