All posts by Khabrain News

وفاقی کابینہ نے غلام نبی میمن کو آئی جی سندھ بنانے کی منظوری دے دی

کراچی: (ویب ڈیسک) وفاقی کابینہ نے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) کراچی غلام نبی میمن کو آئی جی سندھ لگانے کی منظوری دے دی ہے۔
پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ 21 کے افسر غلام نبی میمن ان دنوں ایڈیشنل آئی جی کراچی کے عہدے پر کام کر رہے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے انہیں آئی جی سندھ لگانے کی سفارش کی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ میں اس سلسلے میں کئی ناموں پر غور و خوض کیا گیا تاہم غلام نبی میمن کو انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ تعینات کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
غلام نبی میمن اس سے قبل بھی ایڈیشنل آئی جی کراچی رہ چکے ہیں جب کہ وہ ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ بھی تعینات رہے ہیں۔

فواد خان اقوام متحدہ کے خیرسگالی کے سفیرمقرر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اداکار فواد خان کو اقوام متحدہ کے پروگرام برائے ترقی (یو این ڈی پی) کے لئے خیرسگالی کا سفیرمقررکردیا گیا۔
یو این ڈی پی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق معروف اداکار فواد خان پاکستان میں اقوام متحدہ کے چارٹر اورپائیدار ترقی کےترجمان کے طورپر کام کریں گے۔
اداکار فواد خان کو خیرسگالی کا سفیر مقررکر نے کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں یواین ڈی پی کے پاکستان میں ریذیڈینٹ نمائندے نٹ اوسٹبائی اورفوادخان نے معاہدے پردستخط کئے۔تقریب میں یواین ڈی پی کی ڈپٹی ریزیڈنٹ ریپریزنٹیٹو مس الیونا نکولیٹا، ہیڈ آف کمیونیکیشن یونٹ عائشہ بابر اوریو این ڈی پی میں بطور گرین سوشل انٹرپرینیو کام کرنے والوں نے شرکت کی۔تقریب میں ماحولیاتی تبدیلی پرایو این ڈی پی کی دستاویزی فلم ’ڈونٹ چوز ایکسٹینکشن‘ دکھائی گئی جس کی اردو زبان میں ڈبنگ فواد خان نے کی ہے۔یواین ڈی پی کے نمائندے کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ فواد خان کو خیرسگالی کا سفیر مقررکرنے پرفخر ہے۔
فواد خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں یواین ڈی پی کے خیرسگالی کا سفیرمقررہونا اعزاز کی بات ہے۔مجھے یقین ہے کہ پائیدار ترقی کے اہداف عوام کی خوشحالی اورترقی کا روڈ میپ ہیں۔

بابراعظم کی کپتانی میں قومی ٹیم نے اپنے معیار کو بلند کیا ہے، محمد رضوان

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپرمحمد رضوان کا کہنا ہے کہ ٹی20 ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ کے دوران ہمیں نہیں معلوم تھا کہ قوم ہمیں اس طرح سپورٹ کرے گی۔
تربیتی کیمپ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان نےکہا کہ انگلش کاؤنٹی کے دوران بہت سے کرکٹرز نے پاکستانی ٹیم کی تعریف کی، بابراعظم کی کپتانی میں قومی ٹیم نے اپنے معیار کو بلند کیا ہے۔
محمد رضوان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم میں مثبت تبدیلیاں آئی ہیں، کھلاڑی یک جان ہوکر محنت کررہے ہیں، ہماری کوشش ہوتی ہے ہر میچ میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کریں۔
وکٹ کیپر بلےباز نے کہا کہ شاہین آفریدی اور حسن علی بہترین فارم میں ہیں، دونوں کی کارکردگی کے دوران ہمارا بولنگ اسٹینڈرڈ بڑھا ہے، ویسٹ انڈیز کے خلاف اعلان کردہ اسکواڈ پورے پاکستان کی نمائندگی کرتا ہے۔

سابق سری لنکن کپتان نے وسیم اکرم مشکل ترین بولر قرار دیدیا

لندن: (ویب ڈیسک) سری لنکا کے سابق کپتان مہیلا جے وردھنے نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم کو کیرئیر کا سب سے مشکل بولر قرار دیدیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ڈیجیٹل شو گفتگو کرتے ہوئے سابق سری لنکن کپتان نے کہا کہ پاکستانی پیسر وسیم اکرم کو کیرئیر کا سب سے مشکل بولر سمجھتا ہوں، وہ ہمیشہ ایک قدم آگے ہوتے تھے۔
سابق سری لنکن کپتان نے اعتراف کیا کہ میں نے اپنے کیرئیر کا جب آغاز کیا تو وسیم اکرم شہرت کی بلندیوں پر تھے، انکی باؤلنگ کا کسی بلےباز کے پاس کوئی جواب نہیں ہوتا تھا۔ وسیم اکرم کا ایکشن بیٹرز کو کسی بھی وقت شکست دینے کی صلاحیت رکھتا تھا۔
مہیلا جے وردھنے نے کہا کہ میں نے بین الاقوامی سطح پر 26 ہزار سے زائد رنز بنائے لیکن وسیم اکرم کیخلاف کھیلنا ہمیشہ مشکل رہا کیونکہ وہ دونوں طرف بال سوئنگ کرتے تھے اور یہی انکی کوالٹی تھی۔

بھارت میں کالج میں نماز پڑھنے پرپروفیسرکوجبری رخصت پربھیج دیا گیا

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں کالج میں نماز پڑھنے پرپروفیسرکوجبری رخصت پربھیج دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش کے شہرعلی گڑھ کے ایک کالج میں قانون پڑھانے والے مسلمان پروفیسرکونماز پڑھنے پرجبری رخصت پربھیج دیا گیا۔کالج انتظامیہ نے مسلمان دشمن حکمران جماعت بی جے پی اوردیگر ہندوانتہاپسندوں کی دھمکیوں اوراحتجاج کے بعد پروفیسر ایس آر خالد کو ایک مہینے کی جبری رخصت پربھیج دیا۔پروفیسرخالد کی کالج کے لان میں نماز ادا کرتے ہوئے تصویرسامنے آئی تھی۔
کالج انتظامیہ پروفیسر خالد کے خلاف مزید کارروائی کے لئے تحقیقات کررہی ہے اورابتدائی طورپرانہیں ڈسپلن کی خلاف ورزی کا مرتکب قراردیا جا چکا ہے۔

اسرائیلی فورسزکی بربریت، خاتون صحافی کے جنازے پر بھی شیلنگ کر دی

مقبوضہ بیت المقدس: (ویب ڈیسک) اسرائیلی فورسز نے فلسطینی شہریوں کا جینا محال کر دیا، گزشتہ روز شہید ہونے والی خاتون صحافی کے جنازے پر بھی شیلنگ کر دی، فائرنگ کر کے ایک اور نوجوان شہید کر دیا۔
اسرائیلی فورسز نے فلسطینیوں پر ظلم و بربریت کی انتہا کر دی، بیت اللحم میں بھی احتجاج کے دوران فائرنگ کر دی جس سے 29 سالہ نوجوان شہید ہو گیا جس کی شناخت ایمن کے نام سے ہوئی۔
گذشتہ روز اسرائیلی فائرنگ سے شہید ہونے والی فلسطینی خاتون صحافی غفران وارثنا کاجنازہ اٹھا تو اس پر بھی اسرائیلی فورسز نے آنسو گیس کے شیل برسا دئیے، اکتیس سالہ خاتون کو گزشتہ روز سینے میں گولی مار کر شہید کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فورسز کی تاریخ مظالم سے بھری ہوئی ہے، اس سے قبل اسرائیل کی بدنام زمانہ فوج الجزیرہ کی خاتون صحافی کے جنازے پر بھی لاٹھی چارج کرچکی ہے۔

ماسکو نے 2 لاکھ بچوں کو زبردستی روس منتقل کردیا، یوکرینی صدر کا الزام

کیف: (ویب ڈیسک) یوکرینی صدر زیلنسکی نے الزام عائد کیا ہے کہ ماسکو نے دو لاکھ بچوں کو زبردستی روس منتقل کر دیا ہے۔
ویڈیو بیان میں صدرزیلنسکی کا کہنا تھا کہ روس نے نہ صرف بچوں کو زبردستی اپنے ملک منتقل کیا بلکہ انہیں مختلف حصوں میں رکھا تاکہ وہ واپس یوکرین نہ آ سکیں، جنگ کے دوران روسی فورسز نے 243 بچوں کی جان لی، مختلف واقعات میں 446 بچے زخمی جبکہ 139 اب تک لاپتہ ہیں۔
اُدھر مشرقی یوکرین میں روسی فوج کی پیش قدمی جاری ہے، یوکرینی فورسز کو روسی فوج کے شدید حملوں کے سبب سویئرڈونٹیسک سمیت لوہانسک سے پسپا ہونا پڑ رہا ہے۔یوکرین کو امریکہ سمیت یورپی ممالک مسلسل اسلحہ فراہم کر رہے ہیں اس کے باوجود روسی فوج کی پوزیشن مضبوط ہے۔

شکر والی کافی پینے کی عادت بھی زندگی بڑھا سکتی ہے

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چینی ماہرین نے مسلسل سات برس تک لاکھوں افراد پر تحقیق کے بعد کہا ہے کہ کافی میں شکر ہو یا نہ ہو تب بھی اس سے زندگی کی طوالت پر فرق پڑ سکتا ہے۔ بالخصوص شکر والی کافی کے صحت پر بہتر اثرات دیکھے گئے ہیں جو ایک تعجب کن نتیجہ ہے اور اس پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
چین کی سدرن میڈیکل یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے برطانوی بایو بینک سے 171,000 بالغ افراد کا ڈیٹا لیا ہے اور ان کا سات برس تک مطالعہ کیا ہے۔ اس میں دیکھا گیا ہے کہ روزانہ ڈیڑھ سے ساڑھے تین کپ چینی والی کافی پینے سے قبل ازوت موت کا خطرہ 31 فیصد کم ہوجاتا ہے اور بغیر شکر کے کافی پینے والوں میں موت کی شرح 21 فیصد تک کم ہوسکتی ہے۔
سروے میں شریک تمام افراد دل کے مرض اور کینسر وغیرہ سے دور اور بظاہر تندرست تھے۔ تاہم ان سے بالخصوص کافی پینے کے متعلق پوچھا گیا اور یہ عمل سات برس تک جاری رہا۔
مجموعی طور پر شکر کے بغیر کافی پینے والوں میں اس مدت میں مرنے کی شرح 16 سے 21 کم دیکھی گئی جبکہ حیرت انگیز طور پر شکر والی کافی پینے سے اموات کی شرح میں 31 فیصد تک کم تھی۔ تاہم ان افراد نے روزانہ ڈیڑھ دو پیالی کافی سے لے کر ساڑھے تین کپ کافی پینے کو اپنایا تھا۔
تاہم ماہرین نے کہا کہ سروے میں لوگوں نے بتایا کہ انہوں نے کافی میں شکر کی مقدار بہت ہی کم استعمال کی تھی تاہم اس پرمزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

ویسٹ انڈیز کیخلاف چھکے مارتا نظر آوں گا، شاہین شاہ آفریدی

لاہور : (ویب ڈیسک) قومی کرکٹر شاہین آفریدی ملتان میں 14سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کے لئے پرعزم ہیں۔باولنگ کے ساتھ بیٹنگ کی بھی پریکٹس کررہا ہوں۔ ویسٹ انڈیز کیخلاف چھکے مارتا نظر آوں گا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہین آفریدی نے کہا کہ ویسٹ انڈیز ٹیم کو کمزور حریف نہیں سمجھتے ۔ ہمیشہ پرائڈ کے لئے کھیلا ہے ۔ کوشش ہوتی ہے کہ جہاں بھی موقع ملے اچھا پرفارم کروں ۔
ان کا کہنا تھا کہ ملتان کے گرم موسم میں کھیلنے کا کوئی مسئلہ نہیں۔گرمی ہے لیکن ٹیم پرجوش ہے۔ہم سب تیار ہیں، رواں سال بھی اچھا کھلیں گے۔ون ڈے سیریز میں اچھا پرفارم کریں گے۔گرمی میں فاسٹ باولر کے لیے لمبے اسپیل کرنا مشکل ہوگا۔ ورلڈکپ کے لیے یہ سیریز بہت اہم ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ چودہ سالہ بعد ملتان میں انٹرنیشنل کرکٹ کا انعقاد خوش آئند ہے ۔کراچی ۔ لاہور اور پنڈی میں تو میچ ہوتے رہے ہیں اب ملتان کے فینز کو بھی اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ کاوئنٹی کا تجربہ بہت اچھا رہا۔ وہاں کی کنڈیشنز کا تجربہ حاصل کرنا چاہتا تھا۔جب پاکستان ٹیم انگلینڈ کا دورہ کریگی تو اس تجربے سے فائدہ ہوگا۔
ایک سوال کے جواب میں شاہین آفریدی نے کہا کہ وہ باولنگ کے ساتھ بیٹنگ کی بھی پریکٹس کررہے ہیں ۔۔ ویسٹ انڈیز کیخلاف چھکے مارتا نظر آوں گا۔
اپنی پرفارمنس سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا ہے کہصرف سپیڈ سے کچھ نہیں ہوتا جب تک لائن، لنتھ اور سوئنگ نہ ہو۔’لائن اور لنتھ نہ ہو تو فاسٹ بولرز کو بھی چھکے لگتے ہیں۔ خواہش ہوتی ہے تین میچز میں 15 یا 16 آؤٹ کروں۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم پانچ جون کو اسلام آباد پہنچ رہی ہے۔ سیریز میں تین میچ کھیلے جائیں گے اور پہلا میچ آٹھ جون کو ملتان میں ہو گا۔

ضمنی انتخابات، ن لیگ کا پی ٹی آئی کے ڈی سیٹ اراکین کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ

لاہور : (ویب ڈیسک) پنجاب کے 20 صوبائی حلقوں میں ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن نے پی ٹی آئی کے تمام ڈی سیٹ ہونے والے اراکین کو ضمنی انتخابات میں ٹکٹ دینے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلی پنجاب نے صوبائی وزراء عطاء اللہ تارڑ اور سردار اویس لغاری سمیت دیگر کو ضمنی انتخابات کی حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کر دی، وزیراعلی کی ہدایت پر صوبائی وزراء نے ترین گروپ سے رابطے شروع کر دیئے ہیں جبکہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن نے ترین گروپ کو مکمل حمایت کی یقین دہانی بھی کرادی ہے۔
صوبائی وزراء نے ڈی سیٹ ہونے والے ترین گروپ کے اراکین کو حمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل کی گھڑی میں ساتھ دینے والوں تنہاء نہیں چھوڑیں گے، ضمنی انتخابات والے حلقوں میں پاکستان پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی مقامی قیادت بھرپور تعاون کریں گی، پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی ترین گروپ کے کسی امیدوار کے مقابل اپنا امیدوار کھڑا نہیں کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ترین گروپ نے ن لیگ کی ٹکٹ پر ضمنی انتخابات میں حصہ لینے یا نہ لینے پر مشاورت شروع کردی ہے، ترین گروپ کا علیحدہ تشخص برقرار رکھتے ہوئے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے پر غور کیا جا رہا ہے، حتمی فیصلہ گروپ کے سربراہ جہانگیر ترین کریں گے، حتمی فیصلے سے قبل ترین گروپ وزیر اعلی پنجاب سے ملاقات بھی کرے گا۔