All posts by Khabrain News

اوہائیو: ایف بی آئی کے دفتر میں گھسنے والے شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا

نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست اوہائیو میں ایف بی آئی کے دفتر میں گھسنے والے شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔
حکام کے مطابق واقعہ سنسیناٹی شہرمیں اس وقت پیش آیا جب مسلح شخص نے امریکی تحقیقاتی ادارے کی وزیٹر سکریننگ والی عمارت میں داخل ہونے کی ناکام کوشش کی۔
فرارہونے پر جب اس کا پیچھا کیا گیا تو پولیس کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں وہ مارا گیا۔ ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت بیالیس سالہ رکی شفر کے نام سے کی گئی ہے۔

روس اور یوکرین نیوکلیئر پاور پلانٹ سے فوج اور اسلحہ دور رکھیں: انتونیو گوترس

نیویارک: (ویب ڈیسک) سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتیرس نے زوردیا ہے کہ روس اور یوکرین نیو کلیئر پاور پلانٹ سے فوج اور اسلحہ دور رکھیں۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے یوکرین کے زاپوروزئے جوہری پاور پلانٹ کو نقصان پہنچانے کو ناقابل قبول عمل قرار دیا۔ انہوں نے زور دیا کہ کیف اور ماسکو کو کسی بھی فوجی کارروائی کے لیے آپس میں بات چیت کرنی چاہیے۔
واضح رہے کہ روس کے زیر قبضہ یوکرینی شہر اینرگودر میں واقع پاور پلانٹ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران کئی بار حملوں کا نشانہ بن چکا ہے۔

قومی ٹیم تین ون ڈے میچز کی سیریز کے لئے نیدرز لینڈ روانہ

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم تین ون ڈے میچز کی سیریز کے لئے نیڈرز لینڈ روانہ ہو گئی۔
پاکستان ون ڈے سکواڈ بابر اعظم کی قیادت میں براستہ دبئی ایمسٹرڈیم پہنچے گا، تین ون ڈے میچز کی سیریز روٹر ڈیم میں کھیلی جائے گی، ون ڈے میچز سولہ، اٹھارہ اور اکیس اگست کو کھیلے جائیں گے۔
تینوں ون ڈے میچز آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہیں، قومی کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ سیریز کے لیے اچھی تیاری کی ہے، حریف ٹیم کو آسان نہیں سمجھیں گے۔

انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 2 روپے 38 پیسے سستا

کراچی: (ویب ڈیسک) انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 2 روپے 38 پیسے سستا ہو گیا۔
انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں مسلسل کمی، امریکی ڈالر 2 روپے 38 پیسے سستا ہونے کے بعد 216 روپے 50 پیسے پر ٹریڈ ہوا۔ ، واضح رہے کہ امریکی کرنسی کی قیمت میں انٹربینک میں بلند ترین سطح سے 23 روپے 44 پیسے کی کمی ہو چکی ہے، 28 جولائی کو ڈالر 239 روپے 94 پیسے کی بلند ترین سطح پر پہنچا تھا۔

پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے ڈرائیور کی اہلیہ کی ضمانت منظور

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے شہباز گل کے ڈرائیور کی اہلیہ کی ضمانت منظور کرلی۔
اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے شہباز گل کے ڈرائیور کی اہلیہ کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔
عداالت نے شہباز گل کے ڈرائیور کی اہلیہ کی 30 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی۔
یاد رہے کہ اسلام آباد پولیس نے گزشتہ روز شہباز گل کے فون کی برآمدگی کے لیے ان کے ڈرائیور اظہار کے گھر چھاپہ مارا تاہم ڈرائیور فرار ہوگیا۔
پولیس نے چھاپے کے دوران ڈرائیور کی اہلیہ اور برادر نسبتی کو گرفتار کیا جب کہ خاتون اور اس کے بھائی کے خلاف تھانہ آبپارہ میں کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے: پرویزالٰہی

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ قوم کو اپنے باصلاحیت نوجوانوں سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں، ملکی ترقی میں نوجوان کا کردار کلیدی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کی تعمیر میں نوجوانوں کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں نے زندگی کے ہرشعبے میں اپنی خداداد صلاحیتوں سے ملک کا نام روشن کیا ہے۔ارشد ندیم اور نوح بٹ نے کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈلز جیت کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں کوبااختیار بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے اور مواقع فراہم کریں گے۔

شہباز گل کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اداروں کے خلاف بیانات اور اکسانے کے مقدمے میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد عدالت میں پیش کر دیا گیا۔
شہباز گل کو ڈیوٹی مجسٹریٹ عمر شبیر کی عدالت میں پیش کیا گیا ہے، اسلام آباد پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی رہنما کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی ہے۔ عدالت نے شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی اور پی ٹی آئی رہنما کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
دریں اثناء عدالت نے لیگل ٹیم کو پی ٹی آئی رہنما شہباز گل سے ملاقات کی اجازت بھی دیدی، لیگل ٹیم نے شہباز گل سے کمرہ عالت میں ملاقات کی۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کارکنان کو عدالت کی طرف جانے سے روک دیا، اس موقع پر پی ٹی آئی کارکنان نے عدالت کے باہر ن لیگ کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔
یاد رہے کہ تین روز قبل شہباز گل کو اداروں کے خلاف اشتعال انگیز بیانات دینے اور ان کے سربراہوں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

کورونا کی چھٹی لہر میں پھر تیزی، مزید 11 افراد جان کی بازی ہار گئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کورونا کی چھٹی لہر میں پھر تیزی، مزید 11 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کی رپورٹ کے مطابق چوبیس گھنٹے میں 624 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی اور مثبت کیسز کی شرح 3.38 فیصد رہی ہے۔ این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 16 ہزار 299 ٹیسٹ کئے گئے، 624 مثبت کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں۔ قومی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں عالمی وباء کورونا وائرس کے شکار 142 مریضوں کی حالت ابھی بھی تشویشناک ہے۔

کوئٹہ کے سریاب روڈ پر پولیس موبائل پر دستی بم حملہ

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) کوئٹہ کے سریاب روڈ پر پولیس موبائل پر دستی بم حملہ ہوا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او سریاب عجب خان ایریگیشن کالونی کے قریب گشت کررہے تھے کہ نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر دستی بم پھینکا جو پولیس موبائل کے قریب سڑک پر گر کر پھٹ گیا۔
دستی بم پھٹنے سے زوردار دھماکہ ہوا تاہم ایس ایچ او سریاب سمیت دیگر پولیس اہلکار دستی بم حملے میں محفوظ رہے ۔
دھماکے سے پولیس موبائل کو جزوی نقصان پہنچا۔ پولیس اور ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
صوبائی مشیر داخلہ میر ضیاء لانگو نے سریاب روڈ کے قریب دستی بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

شمالی کوریا کے سربراہ کی حالت تشویشناک، بہن نے تصدیق کردی

پیانگ یانک: (ویب ڈیسک) شمالی کوریا کے صدر کی بہن نے تصدیق کی ہے کہ کم جونگ ان میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد سے اُن کی حالت تشویشناک ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کی حالت کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے باعث شدید تشویشناک ہے جس کی تصدیق ان کی بہن کم یو جونگ بھی کرچکی ہیں۔
کم یو جونگ نے پڑوسی ملک جنوبی کوریا پر الزام عائد کیا کہ جنوبی کورین حکام شمالی کوریا کے خلاف منفی پروپیگنڈا کررہے ہیں کہ کورونا وائرس ہماری وجہ سے پھیل رہا ہے۔
کم یو جونگ نے متنبہ کیا کہ اگر جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے خلاف منفی پروپیگنڈا بند نہیں کیا تو انہیں سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا میں کورونا کے حالیہ لہر کے دوران جنوبی کوریا نے گیس کے غباروں کے ذریعے منفی پروپیگنڈے کے پمفلٹ سرحد کے اس پار بھیجے تاکہ شمالی کوریا کو بدنام کیا جاسکے۔