All posts by Khabrain News

سیلاب زدگان کی امداد کیلئے چین سے مزید دو پروازوں کی کراچی آمد

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان میں سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں کے متاثرین کی امداد کیلئے چین سے مزید دو پروازیں پاکستان پہنچی ہیں۔
چائنیز ائیر فورس کے دو ٹرانسپورٹ طیاروں نے بدھ کی شام ایک ساتھ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کیا۔
وزارت خارجہ کے نمائندے اور پاک فوج کے فائیو کور کے میجر فرقان اور دیگر نے کراچی ائیرپورٹ پر پروازوں کا استقبال کیا۔
سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان لے کر چین سے اب تک چار پروازیں پاکستان پہنچ چکی ہیں۔
امدادی سامان میں کپڑے، خیمے، ادویات اور اشیائے خوردونوش شامل ہیں۔ ممکنہ طور پر یہ سامان بلوچستان یا سندھ کے سیلاب متاثرین میں تقسیم کیا جائے گا۔

روس نے جرمنی کو گیس سپلائی عارضی طور پر معطل کر دی

ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی کمپنی نے جرمنی کو گیس سپلائی عارضی طور پر معطل کر دی۔
روسی کمپنی کے مطابق نارڈ اسٹریم ون گیس سپلائی مرمتی کام کے لیے روکی گئی ہے، نارڈ اسٹریم ون پائپ لائن سے جرمنی کو تمام گیس سپلائی معطل کی ہے، گیس کمپریسر یونٹ پر آج سے کام شروع کیا جائے گا جو تین روز تک جاری رہے گا۔
روسی گیس معطلی پر جرمن نیٹ ورک ریگولیٹر کا کہنا ہے کہ جرمنی نارڈ اسٹریم ون گیس بندش کے لیے پوری طرح تیار ہے، جرمنی کے پاس گیس کا 85 فیصد ذخیرہ موجود ہے جو سردیوں میں بھی استعمال ہوسکتا ہے۔
جرمن نیٹ ورک ریگولیٹر کے مطابق گیس کی بچت کر رہے ہیں، ایل این جی کے ٹرمینلز بھی آ رہے ہیں،جرمنی میں بیلجیئم، نیدرلینڈز اور ناروے کی بدولت گیس ضروریات پوری ہو رہی ہیں۔

ایل پی جی کی قیمت میں کمی کا اعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ستمبرکیلئے مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی قیمتوں میں 6 روپے 36 پیسے فی کلوکمی کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ستمبر کیلئے ایل پی جی کی نئی قیمت 211 روپے 55 پیسے فی کلو ہوگی۔

حکومت کا شوکت ترین کی آڈیو کا فرانزک کروانے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سابق وفاقی وزیر خزانہ اور پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر شوکت ترین کی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزراء خزانہ کے ساتھ آڈیو لیک کی فرانزک تحقیقات کروائی جائینگی۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ایک تکلیف دہ بات ہمارے سامنے آئی، وہ سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے خزانہ محسن لغاری اور تیمور جھگڑا کے ساتھ گفتگو تھی، ہم جب پارلیمان میں جاتے ہیں تو ایک حلف اٹھاتے ہیں، جس میں کہتے ہیں ملکی مفاد کے خلاف عمل اور کوئی کام نہیں کریں گے، جب بطور وزیر حلف لیتے ہیں تو وزرا، وزرائے اعلیٰ اور وزرائے اعظم کے حلف میں ایک فرق ہے، وہ یہ ہے میں اپنے کارہائے منصبی انجام دیتے ہوئے صرف اور صرف قانون اور ضابطے کا خیال رکھوں گا، کسی کی نہیں سنوں گا۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس گفتگو کے بعد یہ لگا تحریک انصاف کے وزیر خزانہ خیبرپختونخوا سے وہ شاید اپنے حلف کی پاسداری سے بھی گئے، سابق وزیر خزانہ سے حدیں ہی عبور کر دیں، انہوں نے سیاست کو مقدم رکھ کے ریاست کو پس پشت ڈالنے کی کوشش کی۔ نہ صرف یہ ملکی مفاد کے منافی ہے بلکہ مملکت خداد سے منافقت اور بغاوت کے زمرے میں آتا ہے، اور پاکستان میں بسنے والے تمام لوگوں کے دل دکھے ہوں گے۔
وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ حکومت بھی اس بارے میں وزارت قانون اور وزارت داخلہ میں مشاورت کر رہی ہے، ہم نے آڈیو گفتگو کی فرازک آڈٹ کا فیصلہ کیا ہے، رپورٹ آنے کے بعد مشاورت کا عمل مکمل ہوتا ہے تو اس پر بھی قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، پاکستان کی ریاست کی طرف اٹھنے والے ہاتھ، پاکستانی مفاد کے خلاف بولنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو گی، اور آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

سیلاب متاثرین سے اظہار یکجہتی، یوم دفاع و شہداء کی مرکزی تقریب ملتوی

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) 6 ستمبر کو یوم دفاع و شہداء کی مناسبت سے ہونے والی مرکزی تقریب ملتوی کر دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے ڈائریکٹر جنرل ( ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا گیا کہ ملک میں آنے والے بدترین سیلاب سے متاثر ہونے والوں سے اظہار یکجہتی کے لیے راولپنڈی کے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں 6 ستمبر کو یوم دفاع و شہدا کی مناسبت سے ہونے والی مرکزی تقریب ملتوی کر دی گئی ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج بے مثال سیلاب سے متاثرہ ہمارے بھائیوں اور بہنوں کی خدمت جاری رکھے گی۔

تاثر ہے عمران خان کچھ حلقوں کے لاڈلے ہیں: وفاقی وزیر قانون

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ توہین عدالت کیس میں عمران خان کو موقع فراہم کیا گیا، تاثر پایا جاتا ہے وہ کچھ حلقوں کے لاڈلے ہیں۔ عمران خان کے خلاف توہین عدالت کے سنگین نوعیت کے کیس میں بطور وکیل مجھے تھوڑا عجیب لگا کہ لارجر بینچ نے نرم دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں ایک اور موقع دیا۔
وفاقی وزیر قانون نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب توہین عدالت کے مقدمات چلے تو کئی فیصلوں میں کہا گیا کہ عمومی طور پر توہین عدالت کے حوالے سے عدالتوں کو آہستہ ہونا چاہیے، اگر ایک بار کورٹ توہین عدالت کا معاملہ لے، اور جس نے توہین کی ہے وہ اپنے کیے ہوئے پر شرم محسوس نہ کرے، اور ڈھٹائی کے ساتھ کہے کہ ہاں میں نے یہ بات کی ہے، اور میری نظر میں یہی بات درست ہے، تو پاکستان کی تاریخ میں شاید ہی کبھی یہ ہوا ہو کہ اس شخص کو سزا کے بغیر عدالت سے رخصت کیا گیا ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے بارے میں تاثر پایا جاتا ہے یہ کچھ حلقوں کے لاڈلے ہیں، اس تاثر کو زائل کرنے کے لیے یہ ضروری ہے کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 25 کی روح کو سامنے رکھتے ہوئے جب ان پر قانون کا اطلاق کیا جائے تو اسی آنکھ کے ساتھ کیا جائے، جس آنکھ کے ساتھ پاکستان کے دیگر سیاست دانوں کے مقدمات کا فیصلہ ماضی قریب میں ہوا۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ 2012 میں پاکستان کے منتخب وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو توہین عدالت کے مقدمے میں نہ صرف وزارتِ عظمیٰ سے فارغ کیا گیا بلکہ ان کی پارلیمان کی رکنیت بھی گئی، 18-2017 میں یکے بعد دیگرے سپریم کورٹ آف پاکستان نے تین مقدمات لیے، ان مقدمات میں طلال چوہدری، دانیال عزیز اور نہال ہاشمی کو توہین عدالت کے کیس میں سزا دی گئی اور انہیں اسمبلی کی رکنیت سے بھی ہاتھ دھونا پڑا جبکہ نہال ہاشمی کو جیل بھی بھگتنا پڑی۔
وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ ایک جلسے میں احتجاج کے دوران سینہ کوبی کرنے پر قصور کے ممبر قومی اسمبلی وسیم شیخ، دیگر وکلا اور کچھ شہریوں کو نہ صرف 7 اے ٹی کے مقدمے میں چالان کرکے جیل میں ڈالا گیا بلکہ توہین عدالت کے اندر انہیں سزائیں دی گئی اور انہیں بھی نااہلی کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان کے عوام یہ توقع رکھتے ہیں کہ اعلیٰ عدالتوں کے فیصلے مساویانہ ہونے چاہئیں، ان میں تسلسل اور یکسانیت نظر آنی چاہیے، یہی پریکٹس رکھیں گے تو یہ ملک آگے بڑھے گا اور ملک کا عدالتی نظام آگے بڑھے گا، عدالتی نظام اور خودمختاری کے لیے جو سب سے بڑا ٹیسٹ شفافیت ہے، عدالتی کارروائیوں میں شفافیت اسی صورت میں ہوتی ہے جب آپ انور، اکبر اور اصغر کے لیے ایک جیسا انصاف رکھیں، ایک جیسا معیار رکھیں۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ یہ کیس عدالت میں زیرِ سماعت ہے، اس لیے بطور وکیل مجھے تھوڑا عجیب لگا کہ سنگین نوعیت کے توہین عدالت کے مقدمے میں جس میں لارجر بینچ بنایا گیا ہے، جواب ملاحظہ کرنے کے بعد عدالت نے نرم دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اور موقع فراہم کیا کہ آپ اپنے رویے پر مزید نظر ثانی کریں اور آپ سے یہ درخواست کی جاتی ہے کہ آپ ایک اور جواب داخل کرنے کے بارے میں سوچیں تاکہ آپ کو راستہ مل سکے۔ عدالتی سماعت میں بسا اوقات ایسا ہوتا ہے لیکن یہ اس صورت میں ہوتا ہے کہ جب توہین عدالت کرنے والا بار بار یہ استدعا کرے کہ مجھے جواب داخل کرتے ہوئے تھوڑی سی کنفویژن ہوئی تھی، مجھے موقع فراہم کیا جائے، یہ بات طلال چوہدری کے کیس میں کی گئی تھی لیکن انہیں اجازت نہیں دی گئی، یہ شیخ وسیم کے کیس میں بھی ہوئی تھی لیکن انہیں بھی اجازت نہیں ملی تھی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان کا ریاستی نظام آئین پاکستان کے تابع چل رہا ہے، اور آئین پاکستان کے تابع ہی دیگر قوانین بنائے گئے ہیں، جن قوانین پر عمل درآمد اور ان پر صحیح معنوں میں عمل درآمد ہی ریاست کے فائدے اور بقا میں ہے، اگر زیرِ سماعت مقدمات میں سٹنگ ججز کو جلسوں میں بارہا للکارئیں گے۔ بار ایسوسی ایشنز میں میری ساتھی خواتین وکیل ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم بہت رنجیدہ اور دل گرفتہ ہیں کہ ہمارے معاشرے میں جنسی مساوات کی بات کی جاتی ہے، خواتین کے بارے میں اس طرح کی زبان استعمال کرنا کبھی بھی اس کو برداشت نہیں کیا گیا اور اس سے چشم پوشی کی بھی نہیں جانی چاہیے کیونکہ خاتون جج کسی کی بہن، بیٹی اور کسی کی ماں بھی ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ایک ایسا شخص جو وزیراعظم پاکستان کے منصب پر فائز رہا ہو، اسے تو گھر کے بڑے کی حیثیت حاصل ہو جاتی ہے، اس کی گفتگو بہت نپی تلی ہونی چاہیے، عمران خان جب اسٹیج پر ہوتے ہیں تو ان کے جذبات کا بہاؤ نہ عدلیہ کو ٹہرنے دیتے ہیں نہ انہوں نے افواج پاکستان کو ٹہرنے دیا، نہ انہوں نے عزت افزائی میں پارلیمان کے لیے کوئی کسر چھوڑی، نہ انہوں نے الیکشن کمیشن کو کسی قسم کی رعایت دی ہے، جس طرح کی زبان انہوں نے استعمال کی اور جس طرح کی للکار انہوں نے آئینی ادارے الیکشن کمیشن آف پاکستان، اس کےممبران اور سربراہ کو دی ہیں وہ بھی انتہائی تکلیف دہ ہیں۔ 2015 میں بھی عمران خان کے خلاف ایک کیس کا فیصلہ ہوا تھا، اس وقت کے چیف جسٹس انور جمالی اس بینچ کی سربراہ تھے، جب انہوں نے الیکشن پروسیس کے دوران عدالتی اور عدلیہ کے کردار کو شرمناک کہا تھا اس وقت بھی انہیں وارننگ دے کر چھوڑا گیا تھا، ان سے انڈرٹیکنگ لی تھی کہ آئندہ ایسا نہیں کریں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بطور شہری میں سمجھتا ہوں کہ قانون اپنا راستہ لے گا، عمران خان کے خلاف توہین عدالت کے اس کیس میں بھی اس معیار کو سامنے رکھا جائے گا، جس قانون کو سامنے رکھتے ہوئے ماضی میں پاکستانی سیاست دانوں بشمول وزرائے اعظم فیصلہ کیا گیا۔ ایک اور تکلیف دہ بات ہمارے سامنے آئی، وہ سابق وزیر خزانہ کے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے خزانہ کے ساتھ گفتگو تھی، ہم جب پارلیمان میں جاتے ہیں تو ایک حلف اٹھاتے ہیں، جس میں کہتے ہیں ملکی مفاد کے خلاف عمل اور کوئی کام نہیں کریں گے، جب بطور وزیر حلف لیتے ہیں تو وزرا، وزرائے اعلیٰ اور وزرائے اعظم کے حلف میں ایک فرق ہے، وہ یہ ہے کہ میں اپنے کارہائے منصبی انجام دیتے ہوئے صرف اور صرف قانون اور ضابطے کا خیال رکھوں گا، کسی کی نہیں سنوں گا۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا ان کی گفتگو کے بعد یہ لگا کہ پاکستان تحریک انصاف کے وزیر خزانہ خیبرپختونخوا سے وہ شاید اپنے حلف کی پاسداری سے بھی گئے، سابق وزیر خزانہ سے حدیں ہی عبور کر دیں، انہوں نے سیاست کو مقدم رکھ کے ریاست کو پس پشت ڈالنے کی کوشش کی۔ نہ صرف یہ ملکی مفاد کے منافی ہے بلکہ مملکت خداد سے منافقت اور بغاوت کے زمرے میں آتا ہے، اور پاکستان میں بسنے والے تمام لوگوں کے دل دکھے ہوں گے، حکومت بھی اس بارے میں وزارت قانون اور وزارت داخلہ میں مشاورت جاری ہے، ہم نے آڈیو گفتگو کی فرازک آڈٹ کا فیصلہ کیا ہے، رپورٹ آنے کے بعد مشاورت کا عمل مکمل ہوتا ہے تو اس پر بھی قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، پاکستان کی ریاست کی طرف اٹھنے والے ہاتھ، پاکستانی مفاد کے خلاف بولنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو گی، اور آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

وقت آ گیا ہے کہ قوم کو اب حقیقی آزادی دلائی جائے، عمران خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ قوم کو اب حقیقی آزادی دلائی جائے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم جنگ میں کسی کے ساتھ نہیں دیں گے،امن میں سب کا ساتھ دیں گے، ہم اس ملک میں انصاف کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ بڑے ڈاکو پہلےچوری کرتے ہیں پھر بلیک میل کر کے این آر او لیتے ہیں، ملک میں غریب اورامیر کیلئے یکساں قانون چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قانون کی حکمرانی کےبغیرکوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے 5 ستمبر سے ممبرشپ شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایس ایف کے کارکنان یونیورسٹیوں اور کالجز میں ممبرشپ شروع کریں۔

بارش اور سیلاب سے 10ارب ڈالر کے نقصان کا خدشہ ہے، احسن اقبال

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیراحسن اقبال نے کہا ہے کہ بارش اورسیلاب سے 10ارب ڈالر کے نقصان کا خدشہ ہے، ترقیاتی ممالک میں بھی اتنی بڑی تباہی سے تنہا نہیں نمٹ سکتے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سیلاب کے نقصانات کا سروے ہو رہا ہے جس کے بعد دوست ممالک ہماری مزید مدد کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کی سال بھر کی کمائی تباہ ہوئی ہے، وفاقی حکومت تمام صوبائی حکومتوں کی مدد کر رہی ہے،ہم نے ماضی میں بھی بڑی بڑی قدرتی آفات دیکھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان غیر معمولی بارشوں اور سیلاب سے تباہی کا سامنا کر رہا ہے، بلوچستان اور سندھ میں لوگوں کا مال اور خوراک تباہ ہوچکا ہے،ڈیرہ اسماعیل خان اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ بارشیں ماحولیاتی تبدیلیوں کا نتیجہ ہے،سیلاب سے ایک ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہارچکے ہیں، فصلوں اور لائیواسٹاک کو بڑے پیما نے پر نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان اور ایران سے پیاز اورٹماٹر کی درآمد شروع کرنے کی منظوری دیدی۔

سیلاب زدگان کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک نے 3 ملین ڈالر امداد کی منظوری دیدی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان میں آنے والے بدترین سیلاب کے بعد عالمی برادری کی طرف سے امداد آنے کا سلسلہ جاری ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک نے بھی 3 ملین ڈالر امداد کی منظوری دیدی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے بتایاگیا کہ ایشیا پیسیفک ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈ (APDRF) سے مالی اعانت فراہم کی جانے والی یہ گرانٹ سیلاب زدگان کی امداد کے لیے خوراک کے سامان، خیموں اور دیگر امدادی سامان کی خریداری کے لیے فنڈ فراہم کرے گی۔ ایشیا پیسیفک ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈ ایک خصوصی فنڈ ہے جو قدرتی خطرات سے پیدا ہونے والی آفات سے متاثرہ ADB کے ترقی پذیر رکن ممالک کو تیزی سے گرانٹ دینے کے لیے بنایا گیا۔
اے ڈی بی کے ڈائریکٹر جنرل برائے وسطی اور مغربی ایشیا یوگینی زوکوف نے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم اس قدرتی آفت کے تباہ کن اثرات پر قابو پانے اور متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کرنے میں پاکستان کی مدد کرنے کے لیے حکومت اور دیگر ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
پاکستان کے لیے ADB کے کنٹری ڈائریکٹر یونگ یی نے کہا کہ ہماری ٹیم طویل مدتی بحالی کی کوششوں میں مدد کرنے اور سیلاب سے ہونے والے نقصان کا اندازہ لگانے میں بھی مدد کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ موسلادھار بارشوں نے سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی جھیلوں کے پھٹنے کو جنم دیا ہے۔ جولائی میں ملک میں صرف 3 ہفتوں کے دوران مون سون کی اوسط سالانہ سے 60 فیصد زیادہ بارش ہوئی۔
ایک اندازے کے مطابق 33 ملین سے زیادہ لوگ سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں جن میں 1,000 سے زیادہ اموات اور تقریباً 1,500 زخمی ہوئے ہیں۔ تقریباً نصف ملین لوگ اس وقت ریلیف کیمپوں میں ہیں۔
پاکستان نے کئی ترجیحی ضروریات کی نشاندہی کی ہے، جن میں غذائی تحفظ، زراعت اور لائیوسٹاک، صحت، پانی، صفائی، حفظان صحت، پناہ گاہ اور غیر غذائی اشیاء شامل ہیں۔

ٹماٹر، پیاز ایران اور افغا نستان سے درآمد کرنے کا فیصلہ، ٹیکس چھوٹ کی منظوری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت نے ٹماٹر، پیاز ایران اور افغانستان سے درآمد کرنے کا فیصلہ کرلیا، وفاقی کابینہ نے ٹیکس چھوٹ کی بھی منظوری دیدی، فیصلہ ٹماٹر اور پیاز کی قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ سے ایف بی آر سمری کی منظوری سرکولیشن کے ذریعے لی گئی جس میں پیاز اور ٹماٹر کی درآمد پر سیلز ٹیکس اور ود ہولڈنگ ٹیکس کی چھوٹ دی گئی ہے، یہ ٹیکس چھوٹ 31 دسمبر 2022 تک برقرار رہے گی۔
وفاقی وزیر تجارت نوید قمر نے بھی وفاقی کابینہ کے فیصلے کی تصدیق کر دی ہے۔
واضح رہے کہ ابتدائی تخمینے کے مطابق سیلاب سے سندھ میں ٹماٹر اور پیاز کی 80 فیصد فصل تباہ ہو چکی ہے۔