All posts by Khabrain News

ایک ہفتہ ہوگیا امپورٹڈ حکومت کابینہ تک تشکیل نہیں دے سکی، فرخ حبیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ ایک ہفتہ ہوگیا ہے پاکستان میں امپورٹڈ حکومت آئے ہوئے ابھی تک کابینہ تشکیل نہیں دی جاسکی۔
انہوں نے موجودہ حکومت کو ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ٹوئٹ کی کہ صرف شو بازی کے لئے پاکستان سپیڈ اور خادم پاکستان کے القابات استعمال ہورہے ہے۔
فرخ حبیب نے یہ بھی لکھا کہ شہباز شریف نے تنخواؤں اور پینشن میں اضافہ پر جھوٹ بول کر یوٹرن لے لیا۔

18سالہ ٹیبل ٹینس کھلاڑی روڈ حادثے میں ہلاک

تامل ناڈو : (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست تامل ناڈو میں 18سالہ ٹیبل ٹینس کھلاڑی وشوا دینادیلان روڈ حادثے میں ہلاک ہو گیا۔
ٹیبل ٹینس فیڈریشن کا کہنا ہے کہ وشوا دینادیلان ٹیکسی کے ذریعے گوہاتی سے شیلانگ جارہا تھا جس کے راستے میں حادثہ پیش آیا۔
وشوا 83ویں سینئر نیشنل اور انٹر اسٹیٹ ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں حصہ لے رہا تھا، جو آج سے شروع ہو رہا ہے۔
ٹیکسی میں وشوا کے ساتھ ان کے تین اور ساتھی بھی موجود تھے، جو حادثے میں شدید زخمی ہوئے ہیں، لیکن ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حادثے میں ٹیکسی ڈرائیور کی اسی وقت موت واقع ہو گئی، تاہم وشوا کو قریبی اسپتال منتقل کیا، لیکن ان کی زندگی نہیں بچائی جا سکی۔

سانحہ سیالکوٹ کا فیصلہ آج کوٹ لکھپت جیل میں سنایا جائے گا

لاہور: (ویب ڈیسک) انسداددہشتگردی عدالت لا ہورسانحہ سیالکوٹ کا فیصلہ آج کوٹ لکھپت جیل میں سنائے گی ۔
قتل کیس میں گواہان کے بیانات قلمبند کرنے اور فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔ سری لنکن شہری کو بچانے کی کوشش کرنے والے فیکٹری مینجر نے بھی اپنا بیان ریکارڈ کروایا تھا۔
واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سیالکوٹ میں سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کے قتل کیس میں 89 ملزمان پر فرد جرم عائد کی تھی ۔
ایک ملزم عدنان کو اعتراف جرم کرنے پر سے تین ماہ قبل ایک سال کی قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی۔ عدنان نے واقعے کی ویڈیو یوٹیوب پر اپ لوڈ کی تھی جس میں ملزمان کے کردار کو درست قرار دیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ 3 دسمبر2021 کو سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم نے سری لنکا سے تعلق رکھنے والے مقامی فیکٹری کے منیجر پر توہین مذہب کا الزام عائد کرتے ہوئے بہیمانہ تشدد کرکے قتل کیا اور ان کی لاش نذرِ آتش کردی تھی۔

عامر خان کا فلسطین کے لیے 50 ہزار پاؤنڈ کی امداد کا اعلان

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان بھی اسرائیلی جارحیت کے لیے بول پڑے، کہا فلسطین کے حالات پریشان کن ہیں، فلسطینیوں کے ساتھ مسلسل بدسلوکی اور انہیں اذیتیں دی جا رہی ہیں۔
عامر خان نے فلسطینی عوام کے لیے 50 ہزار پاونڈ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میری دعائیں فلسطین کے لوگوں کے ساتھ ہیں، اس مہم میں شامل ہونے والوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں۔
عامر خان نے اپنی ٹوئٹ میں فلسطین میں کیے جانے والے مظالم کی تصاویر بھی شئیر کیں۔
دوسری جانب قابض اسرائیلی فورسز نے مسجد اقصیٰ پر ایک بار پھر حملہ کر دیا، مسجد اقصیٰ میں داخل ہوکر نمازیوں کو تشدد کا نشانہ بناںے سے 17 فلسطینی شدید زخمی ہوگئے۔
نہتے فلسطینیوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا تو اسرائیلی فورسز نے آنسو گیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ بھی کی، جبکہ اسرائیلی فورسز نے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا۔
یاد رہے جمعے کے روز اسرائیلی فوج نے نماز فجر میں آئے نمازیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا، جس میں 152 نمازی زخمی اور 3 سو سے زائد افراد گرفتار ہوئے تھے۔

انٹربینک میں ڈالر 15 پیسے مہنگا ہو گیا، سٹاک مارکیٹ میں 108 پوائنٹس اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر ریٹ 15 پیسے بڑھ گیا، سٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان دیکھا گیا۔
امریکی ڈالر 15 پیسے اضافے سے انٹربینک میں 181 روپے 70 پیسے پر ٹریڈ ہوا، دوسری جانب کاروباری ہفتے کے آغاز پر سٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی، 108 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 100 انڈیکس 46 ہزار 709 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنا ہمارا قومی کھیل بن چکا: ماریہ واسطی

لاہور: (ویب ڈیسک) اداکارہ ماریہ واسطی نے کہا ہے کہ ہر شعبے میں ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنا ہمارا قومی کھیل بن چکا، شوبز کی دنیا میں کسی کی کامیابی دوسروں کو جلد ہضم نہیں ہوتی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک انٹرویو میں اداکارہ ماریہ واسطی نے کہا کہ شوبز کی دنیا میں بڑی مشکلات دیکھی ہیں مگر مسلسل محنت اور لگن کی وجہ سے خدا کی ذات نے کامیابیاں عطا کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شوبز میں کامیابی کے سفر کے دوران بغور دیکھا کہ کسی فنکار کی کامیابی سے دوسرا خوش نہیں ہوتا، ہمیں ایک دوسرے کی کامیابیوں سے خوش ہونا چاہئے لیکن شاید یہ ہمارے لئے مشکل کام ہے۔

حکومتی لاپرواہی، کم عمر ترین ورلڈ چیمپئن کو سکالرشپ ملی نہ ہی رہائش میسر آئی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کیلئے بڑا اعزاز حاصل کرنے والے کم عمر ترین ورلڈ چیمپئن کو ایک ماہ سے زائد کا عرصہ بیت گیا، کسی حکومتی عہدیدار نے حوصلہ افزائی نہ کی۔ احسن رمضان کو سکالرشپ ملی نہ ہی رہائش کیلئے کوئی جگہ فراہم کی گئی۔
دوحہ میں ہونے والی آئی بی ایس ایف مینز ورلڈ چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنے والے 16 سالہ احسن رمضان نے پوری دنیا میں سبز ہلالی پرچم لہرایا، احسن رمضان کو ورلڈ چیمپئن بنے ایک ماہ ہوگیا مگر بدقسمتی سے کسی بھی حکومتی عہدیدار نے نوجوان چیمپئن کی حوصلہ افزائی نہ کی۔
احسن رمضان کے والدین وفات پاچکے جبکہ نوجوان چیمپئن ایک سنوکر کلب کے کمرے میں اپنی زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ احسن رمضان نے جولائی میں امریکہ میں شیڈول ورلڈ گیمز کیلئے بھی کوالیفائی کیا ہے۔
نجی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے احسن رمضان نے کہا کہ جب سنوکر چیمپئن بنا تو امید تھی کہ حکومت میری حوصلہ افزائی کرے گی، اب حکومت تبدیل ہوئی ہے تو امید جاگی ہے کہ اپنی چھت ملے گی اور روز گار میسر ہوگا۔
سنوکر اکیڈمیز اینڈ کلب ایسوسی ایشن کے صدور فیصل اکرم اور عمران نوشاہی کہتے ہیں کہ جب محمد آصف چیمپئن بنے تھے تو اس وقت کے وزیرِ اعلیٰ شہباز شریف نے فوری طور پر مالی امداد کی تھی، امید ہے اس نوجوان کی صلاحیتوں کو بھی سراہا جائے گا۔ احسن رمضان نے ورلڈ چیمپئن شپ کے فائنل میں ایران کے عامر سرخوش کو شکست دی تھی۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 10 بہترین بلے بازوں کی فہرست جاری، بابر اعظم کا تیسرا نمبر

دبئی: (ویب ڈیسک) آئی سی سی نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے ٹاپ 10 بلے بازوں کی فہرست جاری کردی، قومی کپتان بابر اعظم 682 رنز بنا کر تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
حال ہی میں ٹیسٹ کپتانی سے استعفی دینے والے انگلش بلے باز جو روٹ گیارہ سو پچھتر رنز بنا کر پہلے نمبر پر موجود ہیں جبکہ آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ کی دوسری پوزیشن ہے۔
پاکستانی اوپنر عبداللہ شفیق بھی فہرست میں شامل ہیں جو پانچ سو سنتالیس رنز کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔ بھارت اور جنوبی افریقہ کے دو، دو کھلاڑی بھی ٹاپ ٹین بلے بازوں میں شامل ہیں۔

کراچی میں عید بازار سج گیا، خواتین کی ملبوسات، جیولری اور سینڈلز کی خریداری

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں عید بازار سج گیا، خواتین نے ملبوسات، جیولری اور سینڈلز کی خریداری شروع کر دی، ڈیزائنرز نے نئے ٹرینڈز متعارف کروا دیئے۔
رمضان کا دوسرہ عشرہ، عید کی تیاری کے لیے خواتین نے کمر کس لی۔ ایسے میں کراچی میں عید ایگزیبیشن کا بھی اہتمام کیا گیا جہاں ایک ہی چھت تلے ملبوسات، جیولری اور سینڈلز سمیت اشیا خواتین کیلئے موجود تھیں۔ ڈیزائنرز نے عید سمر کلیکشن پیش کر دی۔
خواتین کہتی ہیں کہ فیشن میں جدت تو آئی ہے مگر روایت کا دامن نہیں چھوڑا، عید پر مشرقی انداز ہی بھلا لگتا ہے۔ جیولری میں مصری اور ترکش انداز بھی توجہ کا مرکز بنا رہا۔

بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) امریکا کے محکمہ خارجہ نے بھارت کو انسانی حقوق کی خلاف وزریوں کا مرتکب قرار دیتے ہوئے اپنی رپورٹ میں مسلمانوں کے خلاف بدترین انسانی حقوق کی خلاف وزریوں کی نشاندہی بھی کر دی۔
انسانی حقوق سے متعلق امریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ میں بھارت اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کا ماورائے عدالت قتل، تشدد، کرناٹک میں سکولوں کی طالبات پر حجاب پہننے پر پابندی، جسمانی استحصال، تعصب، زبردستی نقل مکانی کے واقعات کا زکر کیا گیا ہے۔
گائے کی اسمگلنگ کا الزام پر حوالات اور جیل میں ظالمانہ، غیر انسانی، ذلت آمیز سلوک عام ہے، بھارت نے سوشل میڈیا کی تقریر پر مقدمہ، آزادی اظہار اور انٹرنیٹ کی آزادی پر پاپندی کے ساتھ ساتھ این جی اوز، سول سوسائٹی کی فنڈنگ اور آپریشنز پر حد سے زیادہ سخت قوانین نافذ کر رکھے ہیں۔