All posts by Khabrain News

طاقتور ترین زلزلہ: جب چلی کی سرگرمی سے نیوزی لینڈ میں سونامی آگیا

چلی: (ویب ڈیسک) ماہرین نے انسانی تاریخ کا سب سے طاقتور اور وسیع اثر رکھنے والے زلزلے کے آثار ملے ہیں۔ اب سے 3800 برس قبل رونما ہونے والے زلزلے کا مرکز چلی میں تھا لیکن اس سے بننے والی سونامی نیوزی لینڈ میں بھی محسوس کی گئی تھی۔
اس زلزلے کی شدت سے چلی کی ساحلی پٹی شدید متاثر ہوئی اور مقامی شکاری افراد اتنے خوفزدہ ہوئے تھے کہ وہ اگلے 1000 برس تک ساحل سے دور رہنے پر مجبور تھے۔
ماہرین نے اسے انسانی معلومہ تاریخ کا سب سے طاقتور زلزلہ قرار دیا ہے۔ اگرچہ اس وقت تحریر کا کوئی رواج نہ تھا لیکن قدیم آثار اور قبروں سے اس پر کچھ روشنی پڑی ہے۔ دوسری جانب اس سے انسانی معاشرے کا ایک اور پہلو بھی سامنے آیا ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ کس طرح حادثات سے خود کو بچاتا ہے اور اپنی زندگی جاری رکھتا ہے۔
جامعہ چلی کے پروفیسر گیبریئل ایسٹون اور ان کے ساتھیوں نے وہاں کے مشہور اتاکاما ریگستان میں کئی برس گزارے ہیں۔ انہوں نے مغربی ساحلی علاقے سے قدیم سونامی کے کئی آثار معلوم کئے ہیں۔ کئی مقامات پر انہیں ریت اور مٹی کے ایسے ڈھیر ملے ہیں جو سونامی کی لہروں نے وہاں لاکر پٹخے تھے۔ ان میں کوئلے، سمندری سیپیوں اور دیگر آثار سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ واقعہ قریباً 3800 سال قبل پیش آیا تھا۔
عین یہی آثار بہت وسیع رقبے پر پھیلے ہوئے اور ان کی وجہ ایک غیرمعمولی سرگرمی ہی ہوسکتی ہے کیونکہ سمندری جاندار اور سیپیاں وہاں سونامی کی بدولت ہی پہنچ سکتی تھیں۔
پاکستان کے ساحلِ مکران کی طرح چلی کے ساحل کے پاس ایک قدرتی سبڈکشن زون موجود ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ ایک ارضیاتی پلیٹ وہاں دوسری ارضیاتی پلیٹ کے نیچے دھنس رہی ہے اور اسی وجہ سے سونامی اور زلزلے رونما ہوتے رہے ہیں۔
اگرچہ ہم اس علاقے میں زلزلوں کی حتمی تاریخ سے واقف نہیں لیکن یہاں کم کم زلزلے ریکارڈ ہوئے ہیں۔ ان میں سے سب سے طاقتور زلزلہ 1960 میں والڈیویا کا زلزلہ تھا جس کی ریکٹر اسکیل پر شدت 9.5 تھی اور اسی بنا پر انسانی معلومہ تاریخ کا سب سے بڑا زلزلہ بھی کہلایا تھا۔
ماہرین متفق ہے کہ چلی کا یہ علاقہ غیرمعمولی بڑے زلزلوں کا مقام ہوسکتا ہے۔ اگرچہ اتاکام ریگستان دنیا کا خشک ترین خطہ بھی ہے لیکن اس کے ساحلوں پر انسان 12000 برس سے آباد ہے اور یہی وجہ ہے کہ مچھیروں اور شکاریوں کی بستیاں پہلے بھی یہاں آباد تھیں۔
ماہرین کے مطابق اس زلزلے سے جو سونامی پیدا ہوئی وہ 5000 میل دور کا سفر کرکے نیوزی لینڈ تک محسوس کی گئی تھی۔ یہ اثرات نیوزی لینڈ کے قریب ایک چھوٹے سے جزیرے، کیتھم آئی لینڈ تک محسوس کئے گئے تھے اور وہاں کی مٹی سے بھی اس کی تصدیق ہوئی ہے۔

پاکستانی اسپن جال کمزور پڑنے لگا، ٹیم مینجمنٹ پریشان

لاہور: (ویب ڈیسک) اسپن بولنگ کا جال کمزور پڑنے پر مینجمنٹ فکر مند ہے جب کہ آسٹریلیا سے ہوم ٹیسٹ سیریز میں ساجد خان اور نعمان علی رنگ نہ جماسکے۔
آئندہ 12 ماہ میں ایک مصروف سیزن پاکستان کا منتظر ہے، قومی ٹیم نے مجموعی طور پر 7 ٹیسٹ، 17 ون ڈے اور 25 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلنا ہیں،رواں سال اے سی سی ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ اور آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھی شیڈول ہیں۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم 3ون ڈے میچزجون میں راولپنڈی میں کھیلے گی،جولائی اور اگست میں پاکستان ٹیم کو دورہ سری لنکا میں 2 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے مقابلوں میں شرکت کرنا ہے، اگست میں نیدر لینڈز میں 3 ون ڈے ہیں، ستمبر، اکتوبر میں انگلینڈ کی میزبانی کرنا ہے، انگلش ٹیم کو دوبارہ پاکستان میں 3 ٹیسٹ میچ کھیلنے آنا ہے، دسمبر ، جنوری میں نیوزی لینڈ کیخلاف 2 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے مقابلے ہیں، جنوری میں گرین شرٹس کے ہوم 3 ٹی ٹوئنٹی میچز ویسٹ انڈیز سے ہیں۔
اپریل، مئی میں نیوزی لینڈ ٹیم پاکستان میں 5 ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیل رہی ہوگی،آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اور دورہ نیدر لینڈ کے علاوہ دیگر مقابلے ہوم اور ایشیائی کنڈیشنز میں ہیں،اس طرح کی صورتحال میں اسپنرز کا کردار اہم ہوتا ہے لیکن پاکستان اس معاملے میں وسائل کی کمی کا شکار دکھائی دیتا ہے۔
آسٹریلیا کیخلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں میزبان ٹیم کی شکست کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ اسپنرز توقعات کے مطابق پرفارم نہیں کرسکے،ساجد خان پوری سیریز میں 156اوورز میں 119.25کی اوسط سے صرف 4وکٹیں ہی حاصل کرپائے، بہترین بولنگ 167رنز کے عوض 2وکٹیں رہی۔
نعمان علی نے بھی تینوں میچ کھیلے اور 121.1اوورز میں 42.22کی ایوریج سے 9شکار کیے،ان میں سے 6وکٹیں راولپنڈی ٹیسٹ کی ایک اننگز میں تھیں جب انہوں نے سیریز میں اپنی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 107رنز کے بدلے میں یہ شکار کیے تھے۔
زاہد محمود کو آزمانے کی ضرورت نہیں تھی، دوسری طرف ناتھن لیون نے بظاہر اجنبی کنڈیشنز میں 12وکٹیں حاصل کیں جن میں کراچی ٹیسٹ کی میچ وننگ بولنگ بھی شامل تھی، ناتجربہ کار مچل سویپسن نے 2میچ کھیل کر ان کا ساتھ نبھایا، ون ڈے میچز میں زاہد محمود نے پاکستان کیلیے 45.25کی اوسط سے 4شکار کیے،بہترین بولنگ 59رنز دیکر 4وکٹیں رہی۔
افتخار احمد 56اور خوشدل شاہ 53کی ایوریج سے 2،2وکٹیں لے پائے،دوسری جانب آسٹریلوی اسپنر ایڈم زیمپا نے 26کی اوسط سے 6شکار کئے، بہترین بولنگ 38رنز دیکر 4شکار رہی،واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں عثمان قادر کی پرفارمنس بہتر رہی مگر عمومی طور پر ان کی کارکردگی میں بھی تسلسل کا فقدان نظر آتا ہے، اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے پاکستان کے اسپن بولنگ وسائل اور پلان پر نظر ثانی کی ضرورت پیش آرہی ہے۔
ٹیسٹ میچز کیلیے ڈومیسٹک کرکٹ سے نئے چہروں کی تلاش ہوگی، وائٹ بال میں کرکٹ میں شاداب خان کے فٹنس مسائل پریشانی کا باعث ہیں مگر ان کی واپسی سے اس شعبے میں بہتری آسکتی ہے،پی ایس ایل میں بھی غیر معمولی صلاحیتوں کے بولر نظر نہیں آئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور سابق شہرہ آفاق اسپنر ان مسائل پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور جلد ہی سلوبولرز کی صلاحیتیں نکھارنے کیلیے ایک خصوصی پلان بنایا جائے گا،نیشنل اسٹیڈیم میں اسپنرز کیمپ لگانے پر بھی غور کیا جارہا ہے،ڈومیسٹک کرکٹ کے پرفارمرز کو بلاکر صلاحیتیں نکھارنے کیلیے کام کیا جائے گا۔

ٹائپ ٹو ذیابیطس سے بچنا ہے تو گوشت کم کھائیں

ہارورڈ: (ویب ڈیسک) ایک سروے سے معلوم ہوا ہے کہ ضرورت سے زائد گوشت کھانا بھی ذیابیطس کو دعوت دینا ہے اور اگر سبزیوں کو مناسب استعمال بطور غذا کیا جائے تو ٹائپ ٹو ذیابیطس کے خطرے کو ٹالا جاسکتا ہے۔
ماہرین کا اصرار ہے کہ پھلوں، سبزیوں، پھلی دار میووں، سبز چائے اور دالوں کو روزمرہ کھانوں میں ان کا جائزہ مقام دینا بہت ضروری ہے۔
اسی طرح میٹھے مشروبات، فاسٹ فوڈ اور مرغن غذاؤں سے جتنا ممکن ہو اجتناب ضروری ہے۔ ہارورڈ ٹی ایچ چین اسکول کے پروفیسر فرینک ہو اور ان کے ساتھیوں نے اس ضمن میں ایک طویل اور دلچسپ تحقیق کی ہے جس کی تفصیلات ڈائبیتولوجیا میں8 اپریل کو شائع ہوئی ہیں۔
اس ضمن میں تین بڑے ڈیٹا بیس سے استفادہ کیا گیا جن کا تعلق امریکا سے تھا۔ اس ضمن میں 10600 افراد شامل تھے جن کی اوسط عمر 54 برس اور نسل سفید فام تھی۔ تمام شرکا کا باڈی ماس انڈیکس (بی ایم آئی) 25 اعشاریہ 6 تھا۔ معلوم ہوا کہ گوشت خور افراد ٹائپ ٹو ذیابیطس کے زیادہ شکار ہوتے ہیں اور سبزیاں کھانے والے اس سے محفوظ رہتے ہیں۔
تاہم اس تحقیق میں خاندانی پس منظر، ورزش کرنے یا نہ کرنے، منشیات اور تمباکو نوشی سمیت دیگر کئی معاون کیفیات کو بھی مدِ نظر رکھا گیا تھا۔ یہ سروے ایک سوالنامے پر مبنی تھا جسے ایک طویل عرصے تک جاری رکھا گیا۔
جن افراد نے سبزیوں، دالوں اور پھلوں وغیرہ کا زیادہ استعمال کیا ان میں ذیابیطس کی شرح اور خطرات کم دیکھے گئے۔ اگرچہ اس ضمن میں مزید تحقیق درکار ہے لیکن اس سروے کی شماریاتی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

3 سال کے دوران پاکستان میں منصوبوں کی کامیابی کی شرح بہتر ہوئی ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا ہے کہ گزشتہ 3 سال کے دوران پاکستان میں منصوبوں کی کامیابی کی شرح بہتر ہوئی ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک(اے ڈی بی)کے انڈیپنڈنٹ ایویلیوایشن (آئی ای ڈی) شعبہ کی ”سالانہ ایویلیوایشن رپورٹ 2022” کے مطابق اس عرصے کے دوران منصوبوں کی کامیابی کی شرح میں 6 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
سال 2018-2020 میں یہ شرح 58 فیصد تھی تاہم سال 2019-2021 کے لیے منصوبوں کی کامیابی کی شرح 64 فیصد تک بڑھ گئی۔ اس عرصے کے لیے وسطی اور مغربی ایشیا کے ممالک میں منصوبوں کی کامیابی کی شرح 66 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
خطے کے بعض بڑے ممالک میں بڑے منصوبوں کی کامیابی کی شرح میں اضافہ ہوا ہے اور پاکستان میں سال 2018-2020 میں یہ شرح 58 فیصد تھی تاہم 2019-2021 میں 64 فیصد تک بڑھ گئی۔

پاکستان میں خوراک اور توانائی کی بڑھتی قیمتیں بد امنی کا باعث بن سکتی ہیں، برطانوی جریدے کا دعویٰ

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی جریدے نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان میں خوراک اور توانائی کی بڑھتی قیمتیں بد امنی کا باعث بن سکتی ہیں۔
ایک برطانوی جریدے نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان اور تیونس میں خوراک اور توانائی کی بڑھتی قیمتیں بد امنی کو ہوا دے رہی ہیں۔
ایک نجی ٹی وی کے مطابق برطانوی جریدے دی اکانومسٹ کے مطابق سری لنکا کا دیوالیہ ہونا بہت سے غریب ملکوں کے دیوالیہ ہونے کی طرف پہلا قدم ہو سکتا ہے، بھارت اور یورپ کو بھی توانائی کی قیمتوں میں اضافے کا سامنا ہے جبکہ امریکا کو بھی کساد بازاری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

تھیٹر کیساتھ ٹی وی اور فلم میں اصلاحات ضروری ہیں: صبا پرویز

لاہور: (ویب ڈیسک) سینئر اداکارہ صبا پرویز نے کہا ہے کہ مجھے سنجیدہ اور مزاحیہ کردار ادا کرنے میں مہارت حاصل ہےمگر مزاحیہ اداکاری مشکل کام ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سینئر اداکارہ کا کہنا تھا کہ فلم اور ٹی وی پر کام کرنے کے ساتھ سٹیج کی دنیا میں بھی اداکاری کر چکی ہوں مگر بدقسمتی سے آج کا تھیٹر اس طرح کا نہیں جو ہمارے دور میں ہوا کرتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آج نہ صرف تھیٹر بلکہ ٹی وی ڈرامہ اور فلم میں بھی مزید اصلاحات کی ضرورت ہے۔ شوبز کی دنیا میں دو دہائیوں سے زائد کا عرصہ گزارنے کے باوجود آج بھی کیمرے کے سامنے اس طرح آتی ہوں جیسے آج میرا پہلا دن ہے۔

نئی دہلی میں ہندووں کے جلوس پر نامعلوم افراد کا پتھراو، آگرہ میں مسلمانوں کے گھر جلا دیئے گئے

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) نئی دہلی میں ہندووں کے مذہبی جلوس پر پتھراو کے بعد ہنگامے پھوٹ پڑے، مسلم اکثریتی علاقے سے نامعلوم افراد کے پتھراو کے بعد ہندووں نے مسلمانوں کے گھر جلا دیئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق مشتعل ہجوم نے پولیس کی متعدد گاڑیاں جلا دیں۔ مسلم علاقوں میں ہندووں کے حملوں کے پیش نظر سکیورٹی بڑھا دی گئی، پولیس کی بھاری نفری علاقے میں بھیج دی گئی۔
ادھر اترپردیش کے شہر آگرہ میں ہندوتوا ہجوم نے مسلمانوں کے 2 گھروں کو نذرآتش کر دیا، کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دھرم جاگرن سمانوئے سنگھ کے ہندو وادی ارکان نے شہر کے علاقے روناکتہ میں ایک جم کے مالک ساجد کے گھر کو آگ لگا دی۔

صدر آزاد کشمیر نے پیر کی صبح قانون ساز اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا

مظفرآباد: (ویب ڈیسک) صدر آزاد کشمیر نے کل (بروز پیر) صبح دس بجے قانون ساز اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا ہے، قائد ایوان کا انتخاب ایجنڈے میں شامل ہے۔
نئے قائد ایوان کی دوڑ میں تحریک انصاف کے سردار تنویر الیاس اُمیدوار ہیں جبکہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے چودھری یاسین کے نام پر اتفاق کیا ہے۔ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں تحریک انصاف کے دو اتحادی جماعتوں کے ممبران سمیت چونتیس اراکین ہیں۔
دوسری جانب اپوزیشن کے پاس اُنیس ووٹ ہیں، جیت کے لئے امیدوار کو کم از کم ستائیس ووٹ درکار ہوں گے۔

تین چینی خلابازوں کی چھ ماہ بعد زمین پر باحفاظت واپسی

بیجنگ: تین چینی خلاباز 183 دن خلا میں رہنے کے بعد ہفتے کے روز زمین پر واپس آ گئے جس سے سب سے بڑی خلائی طاقت بننے کی رہا گامزن چین کے سب سے بڑے عملے کا خلائی مشن اختتام کو پہنچا۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق شین زو۔13 نامی خلائی جہاز مریخ پر اتارنے اور چاند پر تحقیقات بھیجنے کے بعد امریکا کا مقابلہ کرنے کے لیے یہ بیجنگ کی مہم کا تازہ ترین مشن تھا۔

ریاستی نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کی لائیو فوٹیج میں دھول کے بادلوں کے ساتھ کیپسول لینڈنگ کرتے دکھایا گیا ہے اور زمینی عملہ جس نے لینڈنگ کی جگہ کو ہیلی کاپٹروں میں کیپسول تک پہنچنے کے لیے دوڑتے ہوئے صاف رکھا تھا۔

دو مرد اور ایک خاتون زہائی زیگینگ، یی گوانگ فو اور وانگ یاپنگ چین کے مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے سے کچھ دیر پہلے چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن کے تیانھے کور ماڈیول پر چھ ماہ کے بعد زمین پر واپس آئے۔

زمینی عملے نے تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا اور تینوں خلابازوں نے باری باری یہ اطلاع دی کہ وہ اچھی جسمانی حالت میں ہیں۔

مشن کمانڈر زہائی پہلے شخص تھے جو لینڈنگ کے تقریباً 45 منٹ بعد کیپسول سے ہاتھ لہراتے ہوئے نکلے اور کیمروں کی طرف مسکراتے ہوئے دیکھا جس کے بعد زمینی عملے نے ایک خاص طور پر ڈیزائن کی گئی کرسی پر بٹھا کر کاندھوں پر اٹھا لیا۔

زائی نے کیپسول چھوڑنے کے فوراً بعد سی سی ٹی وی کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ مجھے اپنے بہادر ملک پر فخر ہے، میں بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں۔

یہ 22-2021 میں ملک کے پہلے مستقل خلائی اسٹیشن تیانگونگ سے بھیجے گئے چار خلائی مشن میں سے دوسرا مشن تھا اور ان تینوں کو اصل میں گزشتہ سال اکتوبر میں چین کے شمال مغربی صحرا گوبی سے شینزو 13 میں لانچ کیا گیا تھا۔

وینگ یاپنگ گزشتہ نومبر میں خلا میں قدم رکھنے والی پہلی چینی خاتون بن گئیں کیونکہ انہوں نے اور ان کے ساتھی زائی نے 6گھنٹے کے دورانیے میں خلائی اسٹیشن کا سامان نصب کیا۔

55 سالہ ژائی ایک سابق فائٹر پائلٹ ہیں جنہوں نے 2008 میں چین کی پہلی اسپیس واک کی تھی جب کہ یی گوانگ فو پیپلز لبریشن آرمی کے پائلٹ ہیں۔

شہباز گل کا وزیر اعظم پر ٹھیکیدار بدلنے کا الزام

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل نے وزیر اعظم شہباز شریف پر ٹھیکیدار بدلنے کا الزام عائد کر دیا۔
پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ شہباز شریف نے ترقیاتی کاموں میں ٹھیکیداروں کو بدلنا شروع کر دیا۔
انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے کمیشن بنانے کے لیے اپنے ٹھیکیدار لانے شروع کر دیئے ہیں کیونکہ انہیں پتہ ہے ان کے پاس وقت کم ہے۔
شہباز گل نے کہا کہ عمران خان نے تمام منصوبے شفاف طریقے سے چلائے۔