All posts by Khabrain News

پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں21 روپے 30 پیسے اضافے کی سفارش

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی دو سفارشات منظوری کے لیے وزیراعظم کو ارسال کردی ہیں، جس میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 21 روپے تیس پیسے جبکہ جی ایس ٹی اور لیوی کے ساتھ فی لیٹر قیمت میں 83 روپے 50 پیسے اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔
اوگرا نے پیٹرولیم لیوی اور جی ایس ٹی کی کم سے کم اور زیادہ زیادہ شرح کی بنیاد پر دو سفارشات تیار کی ہیں، جس میں سے پہلی میں ٹیکسز کی موجودہ شرح کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 51 روپے 32 پیسے اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔
اوگرا کی پہلی سفارش میں پیٹرولیم لیوی ،جی ایس ٹی کی موجودہ شرح کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 21 روپے 30 پیسے فی لیٹر جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 36 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز کی گئی ہے۔
اسی طرح اوگرا نے لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 38 روپے 89 پیسے فی لیٹر، پٹرول اور ڈیزل پر لیوی 30 روپے اور جی ایس ٹی 17 فیصد بڑھانے کی تجویز کی گئی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 119 روپے فی لیٹر بڑھانے کی سفارش کی گئی ہے۔
اوگرا نے دوسری ورکنگ میں پٹرول کی قیمت میں 83 روپے 50 روپے فی لیٹر، مٹی کے تیل کی قیمت میں 77 روپے 56 پیسے اضافے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 77 روپے 31 پیسے اضافے کی تجویز کی گئی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی حتمی منظوری وزیراعظم شہباز شریف دیں گے جس کے بعد نئی قیمتوں کا اطلاق سولہ اپریل کی رات 12 بجے سے ہوگا۔

سونے کی قیمت میں معمولی اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) سونے کی نرخوں میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافہ ہوا، جس کے باعث مقامی صرافہ بازاروں میں بھی فی تولہ اور دس گرام کے ریٹ میں معمولی اضافہ ہوا۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 1 ڈالر کے اضافے سے 1978 ڈالر کی سطح پر پر پہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں جمعرات کو بھی سونے کی فی تولہ اور دس گرام کی قیمتوں میں باالترتیب 350روپے اور 300روپے کا اضافہ ہوگیا۔
کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 130700 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت گھٹ کر 112054 روپے کی سطح پر آگئی
دوسری جانب اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1520 روپے فی تولہ پر مستحکم رہی اور 10 گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 1303.15 روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے استعفیٰ دے دیا

سردار عبدالقیوم نیازی نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
تحریک انصاف کے 25 اراکین اسمبلی کی جانب سے اپنی ہی جماعت کے وزیراعظم کے خلاف قانون ساز اسمبلی میں جمع کرائی گئی عدم اعتماد کی قرار داد پر رائے شماری سے قبل استعفیٰ دیکر وزارت عظمیٰ کے امید وارسردار تنویرالیاس کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر دی ہیں۔
خیال رہے کہ سردار عبدالقیوم نیازی نے آج صبح ہی اپنے چند وزرا کو وزارت سے نکال دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق وزرا کے وزارت سے نکالنے کے بعد اب وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے اپنا استعفیٰ صدر مملکت کو منظوری کے لئے ارسال کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت عظمیٰ عمران خان کی امانت تھی واپس کر رہا ہوں۔
قبل ازیں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے 5 وزراء کو کابینہ سے فارغ کر دیا۔
کابینہ سے فاروغ ہونے والوں میں سینئر وزیر تنویر الیاس، عبد الماجد خان، علی شان سونی، خواجہ فاروق اور اکبر ابراہیم شامل ہیں۔ وزراء کو مس کنڈکٹ، بد عنوانی اور مشکوک سرگرمیوں کی وجہ سے ہٹایا گیا۔
خیال رہے گزشتہ روز وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی۔ سیکریٹری قانون ساز اسمبلی کے دفتر میں تحریک عدم اعتماد ڈپٹی اسپیکر چوہدری ریاض، وزیر خوراک علی شان سونی اور پارلیمانی سیکریٹری بحالیات اکبر ابراہیم نے جمع کرائی۔
تحریک عدم اعتماد پی ٹی آئی کے 25 ارکان اسمبلی اور وزراء کے دستخطوں کے ساتھ جمع کرائی گئی۔ قانون ساز اسمبلی کے کل 53 ارکان میں سے پی ٹی آئی کے ارکان کی تعداد 31 ہے۔ تحریک عدم اعتماد پر 14 روز کے اندر قانون ساز اسمبلی میں ووٹنگ ہوگی۔

سال 2014 میں زمینی فضا میں پراسرار خلائی پتھر پھٹ پڑا تھا؛ امریکی خفیہ رپورٹ

خفیہ امریکی دستاویز کے مطابق اب سے آٹھ برس قبل زمینی فضا میں ایک شہابِ ثاقب پراسرار انداز میں پھٹ پڑا تھا۔ اس کی رفتار بھی غیرمعمولی تھی اور وہ ہمارے نظامِ شمسی کی بجائے کسی اور نظام سے تعلق رکھتا تھا۔
2014 میں مشہور جزیرے پاپوا نیو گنی کے آسمان پر ایک جرمِ فلکی (آسمانی جسم) بہت زوردار آواز سے پھٹ پڑا تھا۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس کی رفتار بہت زیادہ تھی، یہی وجہ ہے کہ اس پر تحقیق میں بہت وقت لگا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق یہ چھوٹا سا شہابی پتھر تھا جس کی لمبائی صرف ڈیڑھ فٹ تھی اور 8 جنوری 2014 کو زمین کے قریب سے دولاکھ دس ہزار کلومیٹر فی گھنٹہ کی برق رفتاری سے گزرا تھا۔ یہ عام شہابیوں سے بھی بہت زیادہ رفتار ہے۔ 2019 میں تحقیق کے بعد معلوم ہوا کہ اس کا تعلق ہمارے نظامِ شمسی سے نہ تھا۔
2019 کی تحقیق سے سے یہ بھی پتا چلتا ہے کہ اس آسمانی پتھر کا راستہ اور مدار ہمارے نظامِ شمسی سے تعلق نہیں رکھتا تھا بلکہ یہ نظامِ شمسی سے باہر کہیں سے آیا تھا۔ 99 فیصد خیال ہے کہ یہ ملکی وے کہکشاں کی دبیز ڈسک یا کسی اور نظامِ شمسی کا باسی تھا۔ لیکن یہ ریسرچ پیپر نہ ہی باضابطہ طور پر کسی ریسرچ جرنل میں اشاعت کےلیے بھیجا گیا اور نہ ہی دیگر متعلقہ ماہرینِ فلکیات کو دکھایا گیا، کیونکہ اس کی تصدیق نہیں ہورہی تھی اور اسے پری پرنٹ سرور پر پوسٹ کردیا گیا۔
لیکن اس کی وجہ خود امریکی حکومت ہے جس نے ایک عرصے تک اس کا ڈیٹا خفیہ رکھا اور سائنسدانوں کو بھی نہیں بتایا۔ اب امریکی لیفٹننٹ جرنل جان ای شا نے چھ اپریل کو اس کی معلومات ٹوئٹر پر دی ہیں اور کہا ہے کہ آتشیں گولے نما پراسرار شئے درحقیقت دوسری دنیا کا شہابیہ تھا۔
اس پر تحقیقی مقالہ ہارورڈ کے نظری فلکی طبیعیات داں عامر سراج نے لکھا ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ جہاں مقالہ ختم ہوا ہے وہاں سے سائنسی برادری اس پر تحقیق آگے بڑھائے۔ ان کے خیال میں شہابئے کے کچھ پتھر جنوبی بحرِالکاہل کے پانیوں میں بھی گرے ہیں اور سمندری فرش میں موجود ہوسکتے ہیں۔ لیکن ان کی تلاش ایک مشکل کام ہوگا۔
تاہم عامر کہتے ہیں کہ اگر اس کا کوئی ٹکڑا ہمیں مل جاتا ہے تو دیگر نظام ہائے شمسی کے متعلق ہماری معلومات میں غیرمعمولی اضافہ ہوسکے گا۔

نیشنل سیکیورٹی کونسل جیسے سنجیدہ فورم کو سازشی ڈرامے کیلئے استعمال کیا گیا، مریم نواز

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کی پریس بریفنگ کے بعد سابق وزیر اعظم عمران خان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج تمہارے جھوٹ تار تار ہو گئے، اقتدار سے چمٹے رہنے کے لیےتم نے خطرناک کھیل کھیلا اور نیشنل سیکیورٹی کونسل (این ایس سی)جیسے سنجیدہ فورم کو سازشی ڈرامے کے لیے استعمال کیا۔
انہوں نے عمران خان کا نام لیے بغیر سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ ایبسولیوٹلی ناٹ (Absoluately Not) کا جھوٹا نعرہ ان اڈوں کےلیےلگایا جو کبھی مانگے ہی نہیں گئے تھے، این آر او کے لیے اسٹیبلشمنٹ کےترلے کیے اور جھوٹ بولا کہ انہوں نے آپشن دیےتھے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ وقت آ گیا ہے تمہارے ایک ایک جھوٹ کا محاسبہ کیا جائے، کرسی کی خاطر قومی سلامتی سے کھیلنے کی قابل مذمت کوششوں کا محاسبہ کیا جائے۔
نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے پی ٹی آئی کے چئیرمین کو مخاطب کرکے کہا کہ ’حوصلہ رکھو اب سامنا کرنا، ہمیشہ کی طرح بھاگ نہ جانا کیونکہ یہ قوم تمہیں اب بھاگنے نہیں دے گی۔

شہبازشریف کے وزیراعظم بننے پر امریکی تہنیتی پیغام کا شکریہ’

پاکستان نے شہبازشریف کے وزیر اعظم بننے پر امریکی تہنیتی پیغام کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہبازشریف کے وزیر اعظم بننے پر امریکی تہنیتی پیغام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے باہمی مفاد پر مبنی دیرینہ وسیع تعلقات ہیں پاک امریکاتعلقات خطےکی ترقی اور امن کےمفادمیں ہے۔
امریکا نے شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعاون کو آگے بڑھانے کے منتظر ہیں۔
وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعاون کو آگے بڑھانے کے منتظرہیں، خوشحال، جمہوری پاکستان دونوں ملکوں کے مفاد کیلئے اہم ہے۔
یاد رہےشہباز شریف کے وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے پر وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں کسی ایک سیاسی جماعت کی حمایت نہیں کرتے۔

فارن فنڈنگ کیس؛ عدالت کا الیکشن کمیشن کو 30 روز میں فیصلہ کرنے کا حکم

اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) کو فارن فنڈنگ کیس کا 30 روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے محفوظ فیصلہ جاری کردیا جبکہ عدالت نے اکبر ایس بابر کو فارن فنڈنگ کیس کی کارروائی سے الگ کرنے اور انہیں ریکارڈ دینے سے روکنے کی پی ٹی آئی کی درخواست بھی مسترد کردی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف نے 25 جنوری اور 31 جنوری کو دائر درخواستیں مسترد کرنے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کیا۔ فارن فنڈنگ کیس نومبر 2014 سے الیکشن کمیشن میں زیر سماعت ہے۔

امریکی میئر نے امریکا کا مسلمان صدر دیکھنے کی امید ظاہر کردی

امریکی شہر ہیوسٹن کے میئر نے مستقبل میں مسلمان امریکی صدر آنے کی خواہش ظاہر کردی۔
ان خیالات کا اظہار امریکی شہر ہیوسٹن کے میئر سلوسٹر ٹرنر نے اپنی میزبانی میں منعقد ہونے والے امریکا کے سب بڑے افطار ڈنر میں کیا، جس میں رکن کانگریس ایل گرین، منتخب نمائندوں اور غیر ملکی سفارت کاروں سمیت دو ہزار افراد شریک تھے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا میں مسلمانوں کی بڑی تعداد آباد ہے جو امریکی معاشرے کا کلیدی حصّہ ہیں۔
‎فطار ڈنر کے موقع پر رکن کانگریس ایل گرین نے افطار کی انتظامی کمیٹی کو تعریفی شیلڈ پیش کی، اس موقع پر انہوں نے امریکی مسلمانوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

ایلون مسک نے ٹوئٹر کو 43 ملین ڈالر میں خریدنے کی پیشکش کردی

ٹیسلا اور نجی خلائی کمپنی اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے ٹوئٹر کو 43 ملین ڈالر میں خریدنے کی پیشکش کردی۔
بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق بلین ائیر ایلون مسک نے کمپنی میں بورڈ کی ممکنہ نشست کو مسترد کرنے کے بعد جمعرات کو یو ایس سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن فائلنگ میں ٹوئٹر کو خریدنے کی پیشکش کا اعلان کیا۔
رپورٹ کے مطابق ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کے شیئر کی خریداری کے بعد عالمی ٹریڈنگ مارکیٹ میں کمپنی کے 189 فیصد حصص بڑھ گئے ہیں۔
ایلون مسک نے اپریل کے شروع میں ٹوئٹر کے 9.2 فیصد حصص خریدنے کا اعلان کیا تھا، جن کی تعداد 7 کروڑ 34 لاکھ سے زائد ہے اور ان کی کل مالیت تقریبا 3 ارب ڈالرز ہے۔
دوسری جانب ٹوئٹر نے اپنے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ممبرشپ کیلئے بھی ایلون مسک کی نامزدگی کا بھی اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے ایلون مسک نے کہا کہ اُن کا مقصد ہوگا کہ ٹوئٹر کی کارکردگی کو مزید بہتر کریں اور اس کی ترقی کا باعث بنیں۔
اس سے قبل نجی خلائی کمپنی اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے کہا تھا کہ اظہارِ رائے کی آزادی کیلئے نیا سوشل میڈیا پلیٹ فارم بنانے پر سنجیدگی سے غور کررہا ہوں۔

ورلڈ بینک نے پاکستان کی اقتصادی ترقی کی شرح میں 1 فیصد کی کمی کردی اور 2023 میں ترقی کی شرح مزید گرنے کا خدشہ ظاہر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈ بینک نے اپنی اقتصادی رپورٹ جاری کر دی، جس میں پاکستان کی 2020 میں اقتصادی ترقی کی شرح ایک فیصد کم کر کے چار اعشاریہ تین فیصد تک کر دی گئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ 2023 میں یہ ترقی کی شرح مزید گر کر چار فیصد تک رہنے کا خدشہ ہے ، سابق حکومت نےتوانائی میں سبسڈی سے بجٹ پراضافی بوجھ اور آئی ایم ایف کے پروگرام کو بھی خطرہ میں ڈالا ہے ، قیمتوں میں کٹوتی،سبسڈیزکی فنانسنگ بجٹ پراضافی بوجھ پیداکرسکتی ہے۔
ورلڈ بینک نے اپنی رپورٹ میں تسلیم کیا کہ بڑھتی ہوئی قیمتوں اور سیاسی چیلنجز نے عمران خان کی حکومت کو بجلی اور تیل میں ریلیف دینے پر مجبور کیا تاہم قیمتوں میں ریلیف آگے بڑھتے ہوئے مالیاتی خطرات کو بڑھا سکتے ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ روس یوکرین تنازع سے جنوبی ایشیا کے ممالک میں اقتصادی ترقی کی شرح مزید سست ہوسکتی ہے۔۔