All posts by Khabrain News

عمران خان منحرف اراکین اسمبلی کی نااہلی کیلئے متحرک، سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) منحرف اراکین کی نا اہلی کے لیے چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔ عدالت میں تاحیات نااہلی کیلئے آرٹیکل 163/ اے کے تحت آئینی درخواست دائر کر دی۔
وکیل بابر اعوان کے ذریعے دائر درخواست میں الیکشن کمیشن، اسپیکر قومی اسمبلی، سیکریٹری قانون اور سیکریٹری کابینہ کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت عظمیٰ قرار دے کہ منحرف اراکین کی نااہلی تاحیات ہوگی، جو بھی رکن پارٹی چھوڑنا چاہتا ہے وہ پہلے اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دے، پارٹی سے منحرف ہونے والے اراکین صادق اور امین نہیں رہتے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ منحرف ارکان کا ووٹ گنتی میں شمار نہیں ہونا چاہیے، سپریم کورٹ اپنے فیصلوں میں انحراف کو ناسور قرار دے چکی ہے، اس لیے کوئی وجہ نہیں کہ منحرف ارکان کی نااہلی تاحیات قرار نہ دی جائے۔

عمران نیازی کا ایجنڈا پاکستان میں اداروں کو بدنام کرنا اور انتشار پھیلانا ہے: احسن اقبال

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران نیازی کا ایجنڈا پاکستان میں اداروں کو بدنام کرنا اور انتشار پھیلانا ہے۔
عمران خان کے پشاور جلسے سے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ فکر نہ کرو پاکستان کا ایٹمی پروگرام محفوظ ترین ہاتھوں میں ہے، جنہوں نے پروگرام شروع کیا اور پایہ تکمیل تک پہنچایا، تم تو اسے بھی بیچ دو گے۔ احسن اقبال نے مزید کہا کہ کیا فارن فنڈنگ کرنے والے کے اشارے پر ملک میں افراتفری پیدا کی جا رہی ہے؟۔

‘اقلیتوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی، یکساں مواقع فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے’

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیرعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اقلیتوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی، ان کے جان و مال کا تحفظ اور انہیں ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، آئین پاکستان کے تحت ملک میں بسنے والی تمام اقلیتی برادریوں کو یہاں رہنے اور کام کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے سکھ برادری کو ویساکھی کے تہوار پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب ویساکھی کے تہوار پر سکھ برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں، پاکستان ہم سب کا ہے اور اسے ہم نے ملکر مضبوط اور عظیم بنانا ہے، پنجاب سمیت پاکستان میں سکھ برادری کے مقدس مقامات موجود ہیں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان میں سکھ برادری سمیت دیگر مذاہب کے ماننے والوں کو اپنے عقائد کے مطابق زندگی بسر کرنے کی مکمل آزادی ہے، سکھ برادری کے گوردواروں کی دیکھ بھال، تزئین و آرائش اور سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکھ برادری کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے ہرطرح کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، پنجاب حکومت نے سکھ برادری سمیت تمام اقلیتوں کی فلاح وبہبود کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا پی ٹی آئی ارکان کے استعفے منظور کرنے سے انکار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے تحریک انصاف کے اراکین کے استعفے منظور کرنے سے انکار کر دیا۔
پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے استعفوں کا معاملہ، اسمبلی سیکرٹریٹ نے استعفے منظور کرنے سے انکارکر دیا۔ ذرائع کے مطابق سیکرٹریٹ کی جانب سے موقف اپنایا گیا ہے کہ انفرادی تصدیق کے بغیر کسی بھی رکن کا استعفی الیکشن کمیشن کو بھجوانہیں سکتے، ڈپٹی سپیکر قاسم سوری 22 اپریل تک تمام استعفے منظور کرنا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب قاسم سوری کی جانب سے یہ موقف سامنے آیا ہے کہ پی ٹی آئی اراکین کے استعفے منظور کر کے ہی جاؤں گا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی نے شہباز شریف کے وزیراعظم بننے پر اپنی نشستوں سے استعفے دینے کا اعلان کیا تھا حتی کہ ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے اجلاس کی صدارت سے بھی معذرت کر لی تھی۔ تحریک انصاف کا موقف ہے کہ شہباز شریف کی حکومت بیرونی سازش کے تحت قائم کی گئی ہے۔

پاک سری لنکا خواتین ٹیموں کے مابین ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کا شیڈول جاری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاک سری لنکا خواتین ٹیموں کے مابین ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا شیڈول جاری کردیا۔
پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں اپنے سفر کا آغاز سری لنکا کے خلاف سیریز سے کرے گی۔ دونوں ٹیموں کے مابین ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز 24، 26 اور 28 مئی کو کھیلے جائیں گے جبکہ تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سیریز یکم جون سے شروع ہوگی۔
باقی دو میچز تین اور پانچ جون کو شیڈول ہیں ۔ تمام میچز کراچی کے ساؤتھ اینڈ کلب میں کھیلے جائیں گے۔

اینڈریو مکڈونلڈ تین برس کے لیے آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر

سڈنی: (ویب ڈیسک) کرکٹ آسٹریلیا نے اینڈریو مکڈونلڈ کو تین برس کے لیے آسٹریلین کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔
دورہ پاکستان میں ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کے بعد کرکٹ آسٹریلیا نے عبوری کوچ اینڈریومکڈونلڈ کو مستقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، مکڈونلڈ کو جسٹن لینگر کے بعد ٹیم کا عبوری کوچ مقرر کیا گیا تھا۔
آسٹریلوی کرکٹ بورڈ سے معاہدہ کے بعد اینڈیرو مکڈونلڈ کا کہنا ہے کہ اب تک کا سفر خوشگوار رہا ہے، ٹیم کی کوچنگ اعزاز کی بات ہے۔

گیس کمپنیوں کے لئے ماہ اپریل میں ایل این جی کی قیمتوں میں کمی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اوگرا نے اپریل کے لئے گیس کمپنیوں کے لئے ایل این جی کی قیمت میں کمی کر دی، سوئی نادرن اور سوئی سدرن کے لئے ایل این جی 0.20 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو سستی کردی گئی ہے۔
اوگرا نے اپریل میں گیس کمپنیوں کے لئے ایل این جی کی نئی قیمتیں جاری کردی ہیں، سوئی نادرن کے لئے ایل این جی کی نئی قیمت 15.61 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔ اس سے قبل مارچ میں سوئی نادرن کے لئے ایل این جی کی قیمت 15.81 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر تھی۔
اوگرا کی جانب سے سوئی سدرن کے سسٹم پر اپریل کے لئے ایل این جی کی نئی قیمت 16.91 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی گئی ہے، اس سے قبل مارچ میں سوئی سدرن کے لئے ایل این جی کی قیمت 17.11 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی ہو مقرر تھی۔ اوگرا نے اپریل کے لئے ایل این جی کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

صیہونی فورسز کی ظالمانہ کارروائیاں جاری، 14 سالہ لڑکے سمیت 3 فلسطینی شہید

مقبوضہ بیت المقدس: (ویب ڈیسک) مغربی کنارے میں صیہونی فورسز کی ظالمانہ کارروائیوں کے نتیجے میں 14 سالہ لڑکے سمیت 3 فلسطینی شہید ہو گئے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق تینوں فلسطینیوں کو گولیاں مار کر شہید کیا گیا۔ فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والوں میں چودہ سالہ لڑکا بھی شامل ہے۔
اس سے قبل بھی اسرائیلی فورسز نے چونتیس سالہ فلسطینی شہری کو گولی مار کر شہید کیا تھا جس کی شناخت محمد حسن محمد آصف کے نام سے ہوئی تھی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس تاخیر سے بلانے کا اقدام اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی کا اجلاس تاخیر سے بلانے کا اقدام اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ ڈپٹی اسپیکر کے اقدام کے خلاف درخواست مسلم لیگ ن کے مرتضی جاوید عباسی نے دائر کی۔
درخواست میں ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری، سیکریٹری پارلیمانی آفئیرز اور سیکریٹری اسمبلی کو فریق بنایا گیا۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ قومی اسمبلی اجلاس 22 اپریل تک ملتوی کرنے کا 13 اپریل کا حکم آئین سے متصادم ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کو اسپیکر اسمبلی کے الیکشن کے لیے فوری اجلاس بلانے کی ہدایت کی جائے، سیکریٹری پارلیمانی امور اور سیکریٹری اسمبلی کو 16 اپریل کو اجلاس بلانے کی ہدایت کی جائے، ڈپٹی اسپیکر کو اسپیکر قومی اسمبلی کے اختیارات استعمال کرنے سے روکا جائے۔

تیار رہیے! چار سیارے ایک سیدھ میں آنے والے ہیں

کراچی: آسمانی مشاہدے کا شوق رکھنے والے آئندہ ہفتے میں ایک زبردست نظارے کےلیے تیار رہیں کیونکہ نظامِ شمسی کے چار سیارے یعنی زحل، مریخ، زہرہ اور مشتری ایک سیدھ میں آجائیں گے۔

ماہرینِ فلکیات کے مطابق، ان سیاروں کے سیدھ میں آنے کا سلسلہ 17 اپریل سے شروع ہوگا۔

20 اپریل کے روز یہ چاروں سیارے مکمل سیدھ میں ہوں گے، جس کے بعد ان میں سیدھ بتدریج کم ہوتے ہوتے بالآخر مکمل ختم ہوجائے گی۔

 

یہ خوبصورت منظر پاکستان سمیت، شمالی نصف کرے کے تقریباً تمام ملکوں میں سورج غروب ہونے کے کچھ دیر بعد تک دیکھا جاسکے گا۔

واضح رہے کہ جب آسمان میں تین یا زیادہ سیارے ایک سیدھ میں دکھائی دینے لگیں تو اس منظر کو ’’سیاروں کی پریڈ‘‘ (پلینٹ پریڈ) کہا جاتا ہے۔

ایسے مواقع بہت کم دیکھنے کو ملتے ہیں۔ تاہم 2022 اس لحاظ سے منفرد ہے کیونکہ اس سال سیاروں کی پریڈ تین مرتبہ واقع ہوگی۔

اس سلسلے کا پہلا موقع 28 مارچ کو آچکا ہے کہ جب عطارِد، زہرہ، مریخ، مشتری اور زحل ایک سیدھ میں تھے۔ دوسرا موقع 20 اپریل کو آئے گا، جس کی تفصیل بیان کی جاچکی ہے۔

البتہ 2022 میں سیاروں کی تیسری اور سب سے عظیم الشان پریڈ 24 جون کو ہوگی، جس میں سات سیارے ایک سیدھ میں ہوں گے۔

ان میں سے عطارِد، زہرہ، مریخ، زحل اور مشتری کو صرف آنکھ سے بھی دیکھا جاسکے گا جبکہ دوربین کی مدد سے اِن کی سیدھ میں نیپچون اور یورینس کو بھی دیکھا جاسکے گا جو بہت مدہم ہیں۔

واضح رہے کہ سیاروں کی پریڈ میں سیارے درحقیقت ایک دوسرے کی سیدھ میں نہیں آتے بلکہ صرف زمین سے دیکھنے پر ایسے دکھائی دیتے ہیں۔

یہ قدرت کا منفرد اور خوبصورت نظارہ ہوتا ہے جس کا کسی کی قسمت سے کوئی تعلق نہیں۔