All posts by Khabrain News

سعودی ولی عہد کی شہباز شریف کو وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد

لاہور: (ویب ڈیسک) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے شہباز شریف کو وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم پاکستان کا حلف اٹھانے پر شہباز شریف کو مبارک باد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس سے قبل روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بھی شہبازشریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ، چین کی جانب سے بھی شہباز شریف کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔ دریں اثنا ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے بھی شہباز شریف کو ٹیلی فون کرکے مبارکباد دی اور کہا کہ آپ کے وزیراعظم منتخب ہونے کی خبر پر بے حد مسرور ہوں۔ صدر اردوان کا کہنا تھا کہ یقین ہے کہ آپ کی قیادت میں پاکستان اور ترکی کے برادرانہ تعلقات میں مزید مضبوطی آئے گی، پاکستان اور ترکی با اعتماد بھائی ہیں، دونوں کے تعلقات میں مزید قربت لانا چاہتے ہیں۔

وفاقی حکومت کا 2 اہم افسران کا تبادلہ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کا حکم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے دو اہم افسران کو تبدیل کر دیا۔ دونوں افسران کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کا حکم دے دیا۔
وفاقی حکومت نے ایڈیشنل ڈی جی سائبر کرائم ایف آئی اے بابر بخت قریشی کا تبادلہ کر کے اسٹیبلیشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کا حکم دے دیا۔ اسی طرح ایڈیشنل سیکرٹری فوڈ سیکیورٹی طاہر خورشید کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ طاہر خورشید کا تبادلہ کر کے وفاقی اسٹیبلیشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیراعلی پنجاب کیلئے ہمارے مشترکہ امیدوار پرویز الہٰی کامیاب ہوں گے: گورنر پنجاب

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے گورنرپنجاب عمر سرفراز چیمہ سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماوں کا کہنا ہے کہ وزیراعلی پنجاب کے لئے انشاءاللہ ہمارے مشترکہ امیدوار چوہدری پرویز الہٰی کامیاب ہوں گے۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار گورنر ہاوس پہنچے اور گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ سے ملاقات کی۔ جس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور نامزد وزیراعلی کے انتخاب کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ پرویز الہی پارٹی کے نامزد وزیر اعلی پنجاب کے امیدوار ہیں، پارٹی کے تمام ایم پی ایز اور قیادت ان کی کامیابی کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر کام کر کر رہے ہیں۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ انشاءاللہ ہمارے مشترکہ امیدوار چودھری پرویز الہٰی کامیاب ہوں گے، اتحادی اور ہم ایک ہیں، عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف متحد ہے۔

بیرونی سازش کے تحت پاکستان میں ایک امپورٹڈ وزیراعظم مسلط کیا گیا: فرخ حبیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) فرخ حبیب نے کہا ہے کہ صاف اور شفاف انتخابات منعقد کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، بیرونی سازش کے تحت پاکستان میں ایک امپورٹڈ وزیراعظم مسلط کیا گیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے سیاسی فنڈ ریزنگ کی بنیاد رکھی، پی ٹی آئی نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے فنڈ ریزنگ کی، نواز شریف اسامہ سے پیسے لیکر پیپلزپارٹی کی حکومت گرانے کی کوشش کرتے تھے، فضل الرحمان لیبیا سے فنڈنگ لیتے تھے۔
فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے 64 کروڑ کا حساب دینا ہے، پیپلزپارٹی نے بھی 35 کروڑ روپے کا حساب دینا ہے، ہم الیکشن کمیشن میں پیش ہو رہے ہیں، ن لیگ اور پیپلزپارٹی الیکشن کمیشن سے بھاگ رہی ہے، مریم نواز اور بلاول بھٹو اگلی سماعت پر خود آئیں، ہمارا مقابلہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی سے ہے، اکبر ایس بابر کی کوئی حیثیت نہیں۔

یوکرین جنگ کی وجہ سے امریکا میں ریکارڈ مہنگائی

امریکہ : (ویب ڈیسک) امریکہ میں گزشتہ بارہ ماہ کے دوران افراط زر کی شرح میں 7.9 فیصد تک اضافہ ہوا جو ایک ریکارڈ ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکہ میں گزشتہ چالیس سال میں ہونے والی مہنگائی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں ۔ امریکہ میں مہنگائی میں تیز ترین اضافہ یوکرین جنگ کے بعد ہوا ہے۔
ماسکو کے خلاف مغربی ممالک کی پابندیوں کے نتیجے میں پٹرول کے ساتھ ساتھ دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔
ماہرین کے مطابق مہنگائی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے کیوں کہ توانائی اور خوراک کی طویل عرصے تک جاری رہنے والی ترسیل میں رکاوٹوں کے خطرات بڑھ چکے ہیں۔

مجھے نہ کبھی کوئی ہار دیا گیا نہ ہی میں نے اسے فروخت کیا ہے، زلفی بخاری

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیر و پی ٹی آئی کے رہنما زلفی بخاری نے توشہ خانہ سے قیمتی ہار بیچنے سے متعلق میڈیا پر چلنے والی خبروں کی تردید کر دی ہے۔
زلفی بخاری نے ٹوئٹ میں ہار بیچنے والی خبروں کو کھلا جھوٹ قرار دیا، انہوں نے لکھا کہ مجھے نہ کبھی کوئی ہار دیا گیا اور نہ ہی میں نے اسے فروخت کیا ہے۔
انہوں نے ایسی خبر چلانے والے میڈیا ہاؤس کا نام لے کر سرزنش کی اور لکھا کہ کہ بی گریڈ میڈیا ہاؤس کی طرف سے سابق وزیر اعظم کو بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
واضح رہے میڈیا پر سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان سے متعلق خبریں گردش کر رہی ہیں کہ انہوں نے بیرون ملک سے تحفے میں ملنے والا قیمتی ہار زلفی بخاری کی مدد سے فروخت کیا۔
دوسری جانب سابق وزیراعظم عمران خان کے سابق معاون خصوصی زلفی بخاری نے برطانوی شہریت چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے۔
زلفی بخاری نے بیان دیا ہے کہ جب حکومت آئے تھی تب ہی کہہ دیا تھا کہ پاکستان میں رہوں گا اور میں پاکستان میں مکمل طور پر شفٹ ہوچکا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اپنا برطانوی پاسپورٹ سرنڈر کرنے کے لیے برطانیہ جارہا ہوں،اب میرے پاس صرف پاکستان کی شہریت ہی ہوگی۔ آئندہ انتخابات لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں پھر اضافہ

لاہور: (ویب ڈیسک) عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا۔ جس کے بعد برینٹ خام تیل 4 ڈالر 25 سینٹ اضافے سے 105.23 ڈالر فی بیرل کا ہو گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روس یوکرین جنگ شروع ہونے کے بعد سے خام تیل کی قیمتوں میں کمی وبیشی کا سلسلہ جاری ہے اور عالمی مارکیٹ میں ایک بار پھر خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہونا شروع ہو گیا۔
عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت میں 4 ڈالر 25 سینٹ کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد برینٹ خام تیل 105.23 ڈالر فی بیرل کا ہو گیا جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت 3 ڈالر 56 سینٹ اضافے سے 101.20 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔
واضح رہے کہ روس یوکرین جنگ شروع ہونے کے چند دن بعد ہی گزشتہ ماہ مارچ کے اوائل میں خام تیل کی قیمتیں ریکارڈ 10 سال کی بلندی کو چھو گئی تھیں اور خام تیل پہلی بار 119.84 ڈالر فی بیرل کا ہو گیا تھا۔ بعد ازاں تیل کی قیمتوں میں گراوٹ نظر آئی جس کے بعد تیل کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ جاری ہے۔

اگر کوئی پیغام دینا ہے تو کھل کے دیں، شہباز گل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ ایسے شخص کو وزیر اعظم بنایا گیا جو خود کرپشن میں ملوث ہے۔ اگر کوئی پیغام دینا ہے تو کھل کے دیں۔
وزیر اعظم کے سابق معاون خصوصی شہباز گل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قانونی پراسیس مکمل کیے بغیر نام اسٹاپ لسٹ میں ڈالا گیا لیکن ہم جو کام کررہے ہیں اسے آپ نہیں روک سکتے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کسی کے ساتھ کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی اور ہر سیاسی جماعت اپنے بیانیہ کے ساتھ عوام میں جائے تو اسے اپنی حیثیت کا پتہ چل جائے گا۔
شہباز گل نے کہا کہ مجھے چپ کرانے کے لیے ایسے ہتھکنڈے استعمال نہ کریں اور اگر کوئی پیغام دینا ہے تو کھل کے دیں۔
انہوں نے کہا کہ جو تگڑی اور ترش باتیں کرتے ہیں وہ اپنے پوائنٹ سے نہیں ہٹتے۔ 2 ووٹوں کے فرق سے ایسے شخص کو وزیر اعظم بنایا گیا جو خود کرپشن میں ملوث ہے۔

محمد رضوان کا ویڈیو پیغام

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کا ویڈیو پیغام انگلش کاؤنٹی سسکس کی جانب سے اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر شئیر کیا گیا ہے۔
جس میں محمد رضوان انتہائی خوشگوار موڈ میں گراونڈ میں نظر آرہے ہیں، ویڈیو میں قومی ٹیم کے ویکٹ کیپر بیٹر نے سب سے پہلے اپنا تعارف کرایا اور اس کے بعد اپنے مداحوں کو بتایا کہ میں سسکس فیملی کا حصہ بننے پر بہت خوش ہوں۔
محمد رضوان نے کہا کہ ان سے ٹورنامنٹ شروع ہونے کا انتظار نہیں ہو رہا۔

روسی جنگ: یوکرین کے دو تہائی بچے بے گھر ہوگئے

امریکا : (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسف نے کہا ہے کہ روس کے یوکرین پرحملے کے باعث ڈیڑھ ماہ میں یوکرین کی آبادی کے دو تہائی بچے اپنے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔
یوکرین کا دورہ کرنے والے یونیسیف کے ایمرجنسی پروگرام کے ڈائریکٹر مانویل فونٹین کا کہنا ہے کہ یوکرین کے 75 لاکھ بچوں میں سے 48 لاکھ کا جنگ سے متاثر ہونا اور اتنی قلیل مدت میں گھروں کو چھوڑنا ناقابل یقین ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنی 31 برس کی پیشہ ورانہ زندگی میں اس سے قبل انہوں نے کہیں بھی ایسا ہوتا نہیں دیکھا۔
انہوں نے کہا ہے کہ 48 لاکھ بے گھر بچوں میں سے 28 لاکھ یوکرین کے اندر بے گھر ہوئے جبکہ 20 لاکھ کے لگ بھگ دوسرے ملکوں میں گئے ہیں۔
یونیسف کی رپورٹ کے مطابق نوجوانوں کی مصدقہ ہلاکتوں کی تعداد 142 ہے لیکن خدشہ ہے کہ اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔
مانویل فونٹین نے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کو بتایا کہ جنگ نے ان بچوں کو مجبور کیا کہ وہ اپنی ہر چیز چھوڑ کر جان بچائیں۔ گھر، سکول اور خاندان کے افراد سمیت ان کو سب کچھ چھوڑنا پڑا۔
دوسری جانب اقوام متحدہ میں یوکرین کے سفیر سرگئی کیسلیٹسیا نے دعویٰ کیا ہے کہ روس نے یوکرین سے ایک لاکھ 21 ہزار سے زائد بچوں کو تحویل میں لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ان بچوں کو اب ایک قانون سازی کے ذریعے یتیم ظاہر کر کے روسی شہریوں کے حوالے کیا جا رہا ہے حالانکہ ان میں سے بہت سے بچوں کے والدین اور رشتہ دار موجود ہیں۔