All posts by Khabrain News

ضمنی الیکشن میں شکست کا معاملہ، حکومتی اتحادی آج سر جوڑ کر بیٹھیں گے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پنجاب کے ضمنی الیکشن کے بعد کی صورتحال پر غور کے لیے حکومتی اتحادی آج سر جوڑ کر بیٹھیں گے۔
وزیراعظم نے اہم اجلاس طلب کرلیا، آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی شرکت بھی متوقع ہے، اجلاس میں بڑے فیصلوں کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں ضمنی انتخابات میں شکست بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا، وفاقی حکومت کے مستقبل کے حوالے سے اہم مشاورت بھی ہوگی۔
ادھر وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے بھی کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پراتحادی جماعتوں کا اہم اجلاس آج ہو گا، وزیراعظم نے پی ڈی ایم قائدین کو لاہور میں اپنی رہائش گاہ پردعوت دی ہے۔
دوسری جانب ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ بھی بلا لی گئی ہے، پنجاب اسمبلی میں فعال کردار اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت ہوگی، مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ن لیگ کا اجلاس ہوا تھا جس میں انہیں ض٘نی الیکشن ہارنے کی وجوہات پر مبنی رپورٹ پیش کی گئی تھی۔

یوکرینی صدر نے خفیہ ایجنسی کے سربراہ اور پراسیکیوٹر جنرل کو عہدوں سے ہٹادیا

کیف: (ویب ڈیسک) یوکرین کے صدر ولادمیر زیلینسکی نے انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ اور پراسیکیوٹر جنرل کو عہدوں سے ہٹا دیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق صدر ولادمیر زیلیسنکی نے یہ فیصلہ انٹیلی جنس ایجنسی ایس بی یو اور پراسیکیوٹر جنرل آفس میں بغاوت کے کئی کیسز سامنے آنے کے باعث کیا ہے۔ یوکرین کے صدر نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ ملکی سلامتی کے دو اہم ستونوں میں سنگین نوعیت کے جرائم کا سامنے آنا ان اداروں کے سربراہوں کے کردار پر سنجیدہ سوالات کو جنم دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف مجوعی طور پر بغاوت اور اس میں معاونت کے 650 سے زائد مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، دونوں اداروں کے 60 سے زائد سابق ملازمین روس کے زیر تسلط علاقوں میں یوکرین کے خلاف کام کر رہے ہیں۔
عہدوں سے فارغ ہونے والے یوکرین کی انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ اور پراسیکیوٹر جنرل کی جانب سے کسی قسم کا ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
دوسری جانب یوکرینی صدر کے مشیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ انٹیلی جنس سربراہ اور پراسیکیوٹر جنرل کو برطرف نہیں کیا گیا، بلکہ محض عہدوں سے ہٹایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں اداروں کے ملازمین کے خلاف تحقیقات جاری ہیں، جس کے باعث ان کے سربراہان کو عہدوں سے ہٹایا گیا ہے تاکہ وہ تحقیقات میں اثر انداز نہ ہوسکیں۔

ملائیشیا: کروڑوں ڈالر کے ہاتھی دانت، جانوروں کے اعضاء سمگل کرنیکی کوشش ناکام

کوالالمپور: (ویب ڈیسک) ملائیشین حکام نے ایک کروڑ اسی لاکھ ڈالر مالیت کے ہاتھی دانت اور دیگر جانوروں کے جسمانی اعضا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
کسٹم حکام نے سیلانگور کی بندرگاہ سے ایک کنٹینر کو قبضے میں لیا جس میں چھ ٹن ہاتھی دانت، سمندری گھوڑے کی سم، اور دیگر جانوروں کے جسمانی حصے چھپائے گئے تھے۔ ان نوادرات کی عالمی مارکیٹ میں قیمت اٹھارہ ملین ڈالر کے برابر تھی جنہیں افریقہ سے نا معلوم مقام پر منتقل کرنے کی کوشش ہورہی تھی۔
کنٹینر سے ہاتھی دانت کے علاوہ پنگوئن کا چمڑا ، چیتے کی ہڈیاں اور کئی دیگر اشیاء شامل تھیں۔

5لوگ غیر حاضر رہے تو پرویز الٰہی وزارتِ اعلیٰ ڈھونڈتے پھریں گے، رانا ثناء

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے اعتراف کرتے ہوئے کہا ہےکہ پنجاب میں ضمنی الیکشن کے دوران مسلم لیگ ن جن امیدواروں کو نامزدکیا ان پر گزشتہ حکومت کی کارکردگی کابوجھ تھا۔ اس وقت پی ٹی آئی کے پاس 188 ووٹ ہیں جبکہ ہمارے پاس 180 ووٹ موجود ہیں۔ اگر اس دن 5 لوگ غیر حاضر رہے تو پرویز الٰہی وزارتِ اعلیٰ ڈھونڈتے پھریں گے۔
لاہور میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے ہمراہ میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ایک پاگل شخص جیت کربھی کہہ رہا ہے دھاندلی ہوئی، کیا 20کی 20سیٹیں جیتوگے توپھرشفاف الیکشن ہوں گے؟ اپنا گھٹیا پن اس سے چھپائے نہیں چھپتا، جب تم حکومت میں تھے تو تم نے الیکشن میں دھاندلی کروائی، جب تم حکومت میں تھے توتم نے الیکشن کا عملہ اغوا کروایا، ضمنی الیکشن میں کسی بھی الیکشن عملے کواغوا نہیں کیا گیا، اس کے باوجود تم الیکشن کمشنرکی ذات کونشانہ بنارہے ہو۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اس مہم جوئی کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتی ہے، تم اداروں سے دھونس، بلیک میلنگ کرکے اپنی بات نہیں منوا سکتے۔ اداروں کے خلاف گھٹیا گفتگو کی جا رہی ہے، ہم اس حوالے سے بھرپورجواب دیں گے، چیف الیکشن کمشنراوران کے تمام ممبران پر پوری قوم کو اعتماد اور انکے ساتھ کھڑے ہیں، ہم توہارنے کے باوجود الیکشن کمیشن پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں، یہ تو جیت کر بھی کہہ رہا ہے دھاندلی ہوئی ہے، فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ محفوظ ہوا ہے، اس لیے ایسی گفتگو کر رہا ہے، آج اس نے بے معنی اورآوارہ قسم کی گفتگوکی گئی۔ یہ آدمی ہروقت اداروں کے خلاف الزام لگاتا ہے، اداروں کواس کی بلیک میلنگ میں نہیں آنا چاہیے، یہ تاریخ کا پہلا الیکشن ہے جس میں کوئی جانی ومالی نقصان نہیں ہوا۔ہم اس کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے، ادارے جھوٹے بدمعاش کے چکروں میں نہ آئیں، جب اس کوسختی سے ہینڈل کیا گیا تو پھر ڈی چوک سے ہی تقریر کر کے چلا گیا تھا۔
عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ آج سے 15 دن پہلے ایک خاتون کے خلاف ہم نے شواہد پیش کیے تھے، القادرٹرسٹ کی زمین پر50ارب کی رشوت وصول کی گئی، آپ کوتویہ بھی نہیں پتا آپ کے کتنے بچے کہاں،کہاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دعوے سے کہتا ہوں عمران خان نے چیف الیکشن کمشنرسے چور دروازے سے ملاقات کرنے کی کوشش کی، جب چیف الیکشن کمشنرنے ملاقات سے انکار کیا تو اس طرح کی گفتگو شروع کر دی۔ صاف شفاف ضمنی انتخابات قوم کے سامنے ہے، بیس حلقوں میں جن کوامیدوارنامزد کیا تھا ساڑھے تین سالوں کابوجھ ان کے سر پر تھا، پارٹی کے ووٹرزسے بھی امیدواروں کومکمل سپورٹ نہ مل سکی، مسلم لیگ(ن) کے لوگوں نے بھی ان کا دفاع نہیں کیا، آئندہ الیکشن میں بہترامیدواروں کا انتخاب کریں گے، پنجاب میاں نوازشریف کا تھا اوراگلے الیکشن میں ثابت کریں گے، نوازشریف نے ملک کوایٹمی قوت بنایا۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ جو بھی اتحادی جماعتیں فیصلہ کریں گی وہی فیصلہ ہو گا، بعض دوستوں کی رائے تھی بدبخت، پاگل شخص کو بھی مبارکباد دی جائے، جس طرح آج گفتگوکی گئی اس کے بعد مناسب نہیں سمجھا، شہبازشریف نے ہمیشہ نوازشریف کواپنا قائد سمجھا، اگرعمران خان الیکشن کے لیے مخلص ہوتا تو پہلے وفاق، پنجاب، خیبرپختونخوا کی حکومت چھوڑتے، اگرہم کل کو الیکشن کا اعلان کردیتے ہیں تو پھریہ کہے گا پہلے چیف الیکشن کمشنر کو تبدیل کرو، یہ نوجوانوں کو گمراہ اورقوم کوتقسیم کرنا چاہتا ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران میاں جاوید لطیف کی پریس کانفرنس کے دوران رانا ثناء اللہ نے جواب دینے سے گریز کیا اور اتنا کہہ دیا چھوڑو یار کوئی اور بات کرو۔
انہوں نے کہا کہ فری اینڈ فیئرالیکشن کرانا (ن) لیگ کی جیت ہے، آئندہ بھی الیکشن شفاف ہوگا، کوئی مداخلت نہیں ہوگی۔ عمران خان کو ہمارے ساتھ بیٹھ کر بات چیت کرنی پڑے گی۔ پنجاب میں ان کے پاس 188 ارکان ہیں، ہمارے پاس 180 ہیں۔ 22 جولائی کو وزارت اعلیٰ ملنا اتنا آسان نہ ہوگا۔ اگر اس دن 5 لوگ غیر حاضر رہے تو پرویز الٰہی وزارتِ اعلیٰ ڈھونڈتے پھریں رہیں گے۔ عمران خان پاگل شخص پوری قوم اور خاص طور پر نوجوانوں کو گمراہ کرنا چاہتا ہے اور ملک کو تقسیم کرنا چاہتا ہے۔

اداکارہ بابرہ شریف کے گھر چوری کی واردات ناکام

لاہور: (ویب ڈیسک) لالی وڈ انڈسٹری کی نامور اداکارہ بابرہ شریف کے گھر میں گھسنے والے چور سی سی ٹی وی کیمرے دیکھ کر بھاگ گئے ۔
بابرہ شریف کا کہناہے کہ چار نامعلوم مسلح افراد ایک لڑکی کے ہمراہ ماسک پہنے گھر میں داخل ہوئے،گھر کے اندر لگے سکیورٹی کیمرے دیکھ کر چور گھر سے نکل گئے۔
مسلح افراد کے گھر میں گھسنے اور ڈکیتی کی کوشش کرنے کی درخواست تھانہ گلبرگ میں دے دی ہے، واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی گئی ہے۔

تحریک انصاف کور کمیٹی کی پرویز الہٰی کی بطور وزیر اعلی پنجاب نامزدگی کی توثیق

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے چودھری پرویز الہٰی کی بطور وزیراعلیٰ پنجاب نامزدگی کے فیصلے کی توثیق کردی ہے۔
چیئرمین عمران خان کی زیرِصدارت تحریک انصاف کی کورکمیٹی کا اجلاس میں پنجاب کے ضمنی انتخاب میں کامیابی اور بعد کے لائحہ عمل پر تبادلۂ خیال اور آئندہ کی تنظیمی و سیاسی حکمت عملی پر گفتگو ہوئی۔
پنجاب کے ضمنی انتخابات کے بعد سندھ میں بلدیاتی اور ضمنی انتخابات پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ اور سندھ کے انتخابات کے حوالے سے حکمتِ عملی کے اہم نکات کی بھی منظوری دی گئی،اجلاس میں ملک گیر رکنیت سازی میں تیزی لانے پر بھی اتفاق ہوا۔
اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ سنگین دباؤ کے باوجود کامیاب انتخابی مہم پر ذمہ داران اور کارکنان کی محنت قابل تحسین ہے، پاکستان کلمہ لاالٰہ الا اللہ کی نظریاتی اساس پر قائم ریاست ہے۔یہ نظریاتی اساس ملک و ملت کو ناقابلِ شکست بندھن میں جوڑتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نظریاتی اساس کو کمزور کرنے والے ملک کو کمزور کرتے ہیں،قوم ایک انقلاب کی دہلیز پر کھڑی ہے، جس پر رب کریم کے شکرگزار ہیں،انتخابات میں ساری قوتیں یکجا تھیں مگر معاملہ روایتی سیاست سے اوپر اٹھ چکا ہے۔
چئیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر نے دھاندلی کرنے والوں کی سہولت کاری کا فریضہ سرانجام دیا،عوامی قوت کو حقیر سمجھنے کی غلطی کبھی نہ کی جائے ہمارے معاشی مسائل کا حل ملت کے احیاء میں پوشیدہ ہے،بیرونِ ملک پاکستانی حقیقی اثاثہ ہیں۔
امپورٹڈ کرائم منسٹر اور اسکی حکومت نے خودمختاری داؤ پر لگا کر دنیا بھر میں پاکستانیوں کی تضحیک کی،تحریک انصاف کی حکومت نے دنیا میں اہلِ پاکستان کے وقار میں اضافہ کیا،سٹینفورڈ یونیورسٹی کی رپورٹ ہے کہ پاکستان فلاحی ریاست کی جانب بڑھ رہا ہے، دیکھ کر خوشی ہوئی،پارٹی کو جدید بنیادوں پر نچلی ترین سطح تک منظم کرنا چاہتا ہوں ۔

گالف کلب میں حملہ آور بگلوں کو بھگانے کے لیے عقاب بھرتی کرلیے گئے

اسکاٹ لینڈ: (ویب ڈیسک) اسکاٹ لینڈ کے گالف کلب کے کھلاڑی سمندری بگلوں (سی گل) سے بہت پریشان تھے اور اب علاج کے طور پر انہیں بھگانے کے شکاری عقاب پالے گئے ہیں۔
ملک کے مشرقی ساحل پر سینٹ اینڈریو کا علاقہ گالف کے میدانوں کے ضمن میں عالمی شہرت رکھتا ہے لیکن یہاں کے لوگ سمندری بگلوں سے پریشان ہیں جو لوگوں کے ہاتھ سے کھانے کی اشیا لے کر اڑجاتے ہیں اور یہاں تک کہ کسی بم کی طرح انسانی سر سے ٹکراکر انہیں ٹھونگیں تک مارتے ہیں۔
اوپن چیمپیئن شپ نامی گالف کا ایک مشہور مقابلہ جلد ہی یہاں منعقد ہوگا اور خدشہ ہے کہ شرارتی بگلے ہزاروں مداحوں کو سخت پریشان کرسکتے ہیں۔ دوسری جانب گالف کھیلتے ہوئے کھانا پینا بھی مشکل ہوجائے گا کیونکہ یہ پرندے کسے اور کے ہاتھ میں کھانا دیکھ کر اسے اچک لیتے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ گالف کورس میں دو عقاب اور ایک شکاری الو بھی بھرتی کیا گیا ہے اور انہیں مقابلے لیے کرائے پر لیا گیا ہے۔ ان پرندوں کے مالکان خونخوار عقابوں کو لے کر گالف کورس میں چہل قدمی کریں گے اور جوں ہی پرندے کی عقابی نگاہوں میں کوئی سمندری بگلا آتا ہے تو یہ تیزی سے اڑ کر اسے پکڑنے کی کوشش کرے گا۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اس طرح بگلوں سے محفوظ یہ طویل مقابلہ خوش اسلوبی سے منعقد ہوسکے گا۔
عقابوں کے مالکان کہتے ہیں کہ سمندری بگلوں کی نگاہ بہت تیز ہوتی ہے اور جب انہیں ہمارے بازو پر بیٹھے شکاری عقاب دیکھیں گے تو خود ہی قریب آنے سے احتراز کریں گے۔

کوئٹہ میں زمین کے تنازع پر فائرنگ ،ایک شخص جاں بحق

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت میں زمین کے تنازع پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق کر دیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں اسمنگلی کے علاقے کلی نوحصار میں فائرنگ ہوئی، جس کی زد میں آ کر ایک شخص جاں بحق ہو گیا، جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت زمان مندوخیل کے نام سے ہوئی ہے، اس کی نعش کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زمین کے تنازعے کی وجہ سے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔

رنبیر اور عالیہ کی نئی فلم کا گانا ’’کیسریا‘‘ پاکستانی گانے کا چربہ نکلا

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی معروف جوڑی رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی نئی فلم ’’برہماسترا‘‘ کا ریلیز ہونے والا گانا ’’کیسریا‘‘ پاکستانے گانے کی کاپی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کیسریا پاکستان کے مشہور گانے ’’لاری چھوٹی‘‘ کی دھن پر ترتیب دیا گیا ہے جسے راک بینڈ ’’کال‘‘ نے گایا تھا۔ بھارتی موسیقاروں کی چوری مداحوں نے پکڑ لی اور شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ کئی سوشل میڈیا صارفین نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ اتنی بھی چوری اچھی نہیں ہوتی۔
ایک فلمی پرستار نے لکھا لاری چھوٹی اتنا معروف گانا ہے کہ کاپی کرنے والوں کو اتنی بھی عقل نہیں یا انہوں نے سوچا تک نہیں کہ لوگ چوری پکڑ لیں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ کیسریا گانے کو پریتم نے ترتیب دیا جبکہ ارجیت سنگھ نے گایا ہے۔
خیال رہے کہ رنبیر اور عالیہ پہلی مرتبہ بالی ووڈ فلم برہماستر میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔ دوسری جانب یہ جوڑی حقیقی زندگی میں والدین بھی بننے والی ہے۔

الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد سنائے: مریم نواز کا مطالبہ

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد سنائے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انہوں نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ اپنی ہی 20 سیٹوں پر 5 ہار جانے پر زیادہ زعم میں آنے کی ضرورت نہیں۔
ن لیگی نائب صدر نے لکھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان پر آپ کا اٹیک وہ دھاندلی نہیں جو ہوئی ہی نہیں،بلکہ فارن فنڈنگ فیصلے کا خوف ہے۔
مریم نواز نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ آپ کو معلوم ہے کہ اس میں آپ کے خلاف ناقابلِ تردید شواہد سامنے آ چکے ہیں جن کا منظرِ عام ہر لایا جانا ناگزیر ہے۔ ECP جلد فیصلہ سنائے۔