All posts by Khabrain News

نیدرلینڈز میں سمندری طوفان یونائس سے تباہی، 3افرادہلاک

نیدرلینڈز : (ویب ڈیسک) نیدرلینڈز میں سمندری طوفان یونائس کے باعث نظام زندگی بری طرح متاثر ہو گیا۔ حادثات میں 3 افراد ہلاک ہو گئے۔
نیدر لینڈز میں سمندری طوفان یونائس نے تباہی مچادی۔ تیز ہواوں کے باعث درخت گرنے سے 3 افراد مارے گئے۔ دی ہیگ میں طوفانی ہواؤں کے باعث عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔
ڈچ ایمرجنسی سروسز کا کہنا ہے کہ فٹ بال اسٹیڈیم سمیت کئی عمارتوں کی چھتیں اڑ گئیں۔ ملک بھر سے 300 سے زائد پروازیں منسوخ کی گئی ہیں جبکہ ٹرینیں اور پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام بھی بند ہے۔
ایمرجنسی حالات کے باعث کئی علاقوں میں اسکول بند کر دیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق ملک میں 141 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلتی رہی ہیں۔ طوفان کے باعث ریڈ الرٹ جاری کیا گیاہے۔
واضح رہے کہ سمندری طوفان یونائس نے برطانیہ اور آئرلینڈ میں بھی تباہی مچائی ہے۔

نیوزی لینڈ کی جنوبی افریقہ کو پہلے ٹیسٹ میں ایک اننگز اور 276 رنز سے شکست

کرائسٹ چرچ: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو پہلے ٹیسٹ میں ایک اننگز اور 276 رنز سے شکست دے دی، میٹ ہنری مین آف دی میچ قرار دیئے گئے۔
کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں جنوبی افریقی بلے باز کیوی بالرز کے آگے بے بس ہوگئے۔ پہلی اننگز کی ناکامی کے بعد دوسری اننگز میں بھی مہمان ٹیم 111 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، ٹم ساؤتھی نے 5 اور میٹ ہنری نے 2 شکار کیے۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 482 رنز اسکور کیے تھے، دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں میزبان کیویز کو ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

لوگ رابطے میں ہیں، تحریک عدم اعتماد لائیں گے: رانا ثناء اللہ

لاہور: (ویب ڈیسک) رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے لوگ رابطے میں ہیں، تحریک عدم اعتماد لائیں گے، اپوزیشن لانگ مارچ کا آپشن بھی استعمال کر رہی ہے، اگر کوئی خطرہ نہیں تو حکومت وزارتیں کیوں بانٹ رہی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثناء اللہ نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کیخلاف کیسز میں نیب کو ناکامی ہوئی، نیب کی ناکامی کے بعد اب ایف آئی اے کو پیچھے لگا دیا، اسلام آباد ہائیکورٹ اب نیب سے سوالوں کا جواب مانگ رہا ہے، اب نیب بھاگ رہا ہے، اب نیب اسلام آباد ہائیکورٹ سے مہلت مانگ رہا ہے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ 4 سال میں مخالفین کو للکارنے، مقدمات بنانے کے سوا وزیراعظم نے کچھ نہیں کیا، ملک میں امن و امان کی صورتحال بدتر، ملک گراوٹ کی جانب گامزن ہے، وزیراعظم نے جو اعتماد کا ووٹ لیا اس میں صرف 7 یا 8 ووٹ کا فرق تھا، پی ٹی آئی کے اپنے لوگ ان کے ساتھ آئندہ کا الیکشن نہیں لڑنا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اپنے لوگ انہیں چھوڑنے کیلئے تیار اور ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں، حکومت کہتی تھی ہمیں اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں پھر وزارتیں کیوں بانٹنے لگے ہیں، ہم کسی ایمپائر کی انگلی کی طرف نہیں دیکھ رہے، آئین پر عملدرآمد سے ہی ملک آگے بڑھے گا۔

عمران خان کی حکومت کو وفاق اور پنجاب میں بھی کوئی خطرہ نہیں: فواد چودھری

پنڈدادنخان: (ویب ڈیسک) فواد چودھری نے کہا ہے کہ عدم اعتماد کی باتیں کرنے والوں پر ان کے گھر والے اعتماد نہیں کرتے، عمران خان کی حکومت کو وفاق اور پنجاب میں بھی کوئی خطرہ نہیں، جہانگیر ترین پارٹی کو کوئی نقصان نہیں پہنچائیں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے پنڈ دادنخان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی آواز کو عالمی سطح پر پذیرائی ملتی ہے، سیاسی مخالفین کی آواز عالمی سطح پر نہیں سنی جاتی، عمران خان کے لیول کا کوئی شخص پاکستان میں نہیں، بلاول، مریم نواز، فضل الرحمان، شہبازشریف سیاسی بونے ہیں، مریم نواز مثبت سوچ رکھتی ہیں تو اپنا پیسہ پاکستان میں لائیں، شریف خاندان کا پیسہ اگر پاکستان آ جائے تو معاشی حالات بہتر ہو جائیں گے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کے ساتھ احترام کا تعلق ہے، وہ پارٹی کیساتھ ہیں، جہانگیر ترین پارٹی کو کبھی نقصان نہیں پہنچائیں گے، جو عدم اعتماد لانا چاہتے ہیں ان پر ان کے گھر والے اعتماد نہیں کرتے، حکومت مضبوط ہے، وفاق اور نہ ہی پنجاب میں خطرہ ہے، یہ منہ اور مسور کی دال، یہ کیا عدم اعتماد لائیں گے، عدم اعتماد شوق سے لائیں، ان کو منہ کی کھانا پڑے گی، اپوزیشن سینیٹ میں اکثریت کے باوجود ہارتی رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مراد سعید کیخلاف غلط زبان استعمال کی گئی، پوری قوم مراد سعید کیساتھ کھڑی ہے، مراد سعید کوسراہتا ہوں انہوں نے آگے بڑھ کر ایف آئی آر کرائی۔

اب وفاقی وزرا انتخابی مہم چلا سکیں گے، کابینہ نے آرڈیننس کی منظوری دیدی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) انتخابی مہم میں حصہ لینے کے حوالے سے وفاقی حکومت کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا۔ اب ارکان پارلیمان اور وزرا بھی انتخابی مہم میں حصہ لے سکیں گے۔
وفاقی کابینہ نے الیکشن کمیشن کے کوڈ آف کنڈکٹ میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔ انتخابات کی مہم میں وزرا، اراکین اسمبلی سب حصہ لے سکیں گے۔ اس سے پہلے وزراء اور ارکان پارلیمنٹ کی الیکشن کمپین میں حصہ لینے پر پابندی تھی۔ حصہ لینے پر ارکان پارلیمنٹ کو الیکشن کمیشن کے شوکاز نوٹسز کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔
تمام سیاسی جماعتوں نے الیکشن کمیشن کے اس ضابطہ اخلاق پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ اب اس میں تبدیلی کے لئے وفاقی کابینہ نے نئے آرڈیننس کی منظوری دے دی ہے۔

لاہور: شمالی چھاؤنی کے علاقے میں ڈور پھرنے سے نوجوان زخمی، اسپتال منتقل

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور میں شمالی چھاؤنی کے علاقے میں ڈور پھرنے سے نوجوان زخمی ہوگیا، جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
لاہور شہر میں پولیس پتنگ بازی روکنے میں ناکام ہوگئی۔ زخمی نوجوان عبداللہ کو جوڑے پل کے قریب گردن پر ڈور پھری۔ سربراہ لاہور پولیس فیاض احمد دیو نے ڈور پھرنے کے واقعہ پر نوٹس لے لیا۔ سی سی پی او لاہور نے ایس پی کینٹ عیسیٰ سکھیرا سے رپورٹ طلب کر لی۔
سی سی پی او کا کہنا تھا کہ ڈور پھرنے کے واقعات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ سی سی پی او لاہور نے شہر بھر میں پتنگ بازوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پتنگ بازی میں ملوث افراد کسی رعائت کے مستحق نہیں۔

انوکھی واردات: دکان مالک کی آنکھوں میں مرچیں ڈال کر موبائل شاپ لوٹ لی

صادق آباد: (ویب ڈیسک) صادق آباد میں موبائل شاپ پر ڈکیتی کی انوکھی واردات، مسلح ڈاکو دوکاندار کی آنکھوں میں مرچیں ڈال کر 2 لاکھ نقدی اور موبائل فون لے اڑے۔
ڈکیتی کی واردات قومی شاہراہ پر تھانہ سٹی صادق آباد کے علاقے اولڈ بس سٹینڈ ایریا میں واقع موبائل اور ایزی پیسہ شاپ پر پیش آئی، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ مسلح ڈاکوؤں نے دکان میں داخل ہوتے ہی دکاندار کی آنکھوں میں مرچیں ڈال دیں، جس کے بعد ڈاکوؤں نے دکاندار پر اسلحہ تان لیا اور کاؤنٹر سے 2 لاکھ نقدی اور موبائل فون چھین کر باآسانی فرار ہوگئے۔
تحصیل بھر میں چوری و ڈکیتی کی مسلسل وارداتوں میں اضافے سے شہر میں تشویش کی لہر پائی جارہی ہے اور پولیس جرائم پر قابو پانے میں بری طرح ناکام ہوگئی۔

پی ایس ایل 2022: لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں آج مدمقابل

لاہور: (ویب ڈیسک) پی ایس ایل سیون دوسرے راؤنڈ کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں آج ایک میچ کھیلا جائے گا، جس میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پی ایس ایل 2022 کا میلہ اختتامی مراحل کی جانب گامزن ہے۔ ایونٹ کا 27 واں میچ لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان شام ساڑھے سات بجے قذافی اسٹیڈٰیم میں زور کا جوڑ پڑے گا۔
کراچی کنگز کے خلاف 22 رنز کی شکست کا سامنا کرنے والی لاہور قلندرز وننگ ٹریک پر واپس آنے کے لیے پر عزم ہے جبکہ دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی جیت کے ساتھ پلے آف کی ٹکٹ کنفرم کرنے کی ٹھان لی۔
دونوں ٹیموں کے مابین آخری پانچ مقابلوں میں اسلام آباد کو سبقت حاصل ہے جبکہ تین مرتبہ لاہور کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم روان سیزن میں یونائیٹڈ کو شکست دینے کے بعد قلندرز کا مورال ہائی ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر لاہور دوسرے جبکہ اسلام آباد چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

اپوزیشن رہنماؤں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں: عثمان بزدار

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن رہنماؤں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں، عوام جانتے ہیں ماضی میں انہی جماعتوں نے معیشت کو تباہ و برباد کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا کہ اپوزیشن عناصر نے ثابت کیا ہے کہ ان کی سیاست کسی اصول یا نظریے کی بنیاد پر نہیں اور نہ ہی اُنہیں عوام کے مسائل سے کوئی سروکار ہے، عوام جانتے ہیں کہ ماضی میں انہیں جماعتوں نے معیشت کو تباہ و برباد کیا، مسترد شدہ عناصر ملک کو درست سمت پر چلتا دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اپوزیشن رہنماؤں کو یاد رکھنا چاہیے کہ دکھی انسانیت کی خدمت خالی تقریروں سے نہیں ہوتی، عوام ان سیاست دانوں کی منفی سیاست سے متنفر ہو چکے ہیں، اپوزیشن نے اپنی تمام توانائی صرف زبانی جمع خرچ پر صرف کی ہے۔

محکمہ موسمیات کی ملک کے بیشترعلاقوں میں آج موسم خشک رہنے کی پیشگوئی

لاہور: (ویب ڈیسک) موسم کا حال بتانے والوں نے آج ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا میں موسم خشک رہے گا۔ گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد ہے، کچھ علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی کئی درجے نیچے ہے۔ کشمیر میں کچھ مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی ہے۔