All posts by Khabrain News

سوال پوچھنا جرم بن گیا: سپریم کورٹ کے باہر فواد چودھری اور صحافیوں میں تلخ کلامی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ کے باہر فواد چودھری اور صحافیوں میں تلخ کلامی ہو گئی۔ صحافی کا سوال پوچھنا جرم بن گیا۔
پی ٹی آئی رہنما اسد عمر اور فواد چودھری سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کر رہے تھے کہ اس دوران صحافی نے سوال کیا جس پر فواد چودھری سیخ پا ہو گئے اور صحافی کو کرائے کا آدمی کہا تو موقع پر موجود صحافیوں نے شدید احتجاج کیا جبکہ صحافی اور فواد چودھری کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، صحافیوں نے فواد چودھری سے معافی کا مطالبہ کیا جو نہ ماننے پر بائیکاٹ کر دیا گیا۔
قبل ازیں اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے کہا قومی سلامتی کمیٹی میں اس لئے نہیں گیا کیونکہ کوئی اور اپوزیشن کا رکن مدعو نہیں تھا، سفیر کے تبادلے کا 4 ماہ پہلے اعلان ہوچکا تھا، قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ ہوا تمام معاملہ پارلیمان کے سامنے رکھا جائے، کل مریم نواز نے پریس کانفرنس کی اور کہا کہ مراسلہ جعلی ہے۔

ایوان صدر کا الیکشن کمیشن کو عام انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے خط

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ایوان صدر نے الیکشن کمیشن کو عام انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے خط لکھ دیا۔ خط میں الیکشن کمیشن کو 90 دن کے اندر الیکشن کرانے کیلئے تاریخ دینے کا کہا گیا۔
خط میں کہا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 48 کی شق 5 اور آرٹیکل اے 224 (2) کے تحت صدر مملکت عام انتخابات کرانے کی تاریخ مقرر کریں گے، قومی اسمبلی کے انتخابات کیلئے اسمبلی کی تحلیل کے 90 دن کے اندر اندر انتخابات کرانا ہوتے ہیں، عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان کیلئے الیکشن ایکٹ 2017 ء کے تحت الیکشن کمیشن سے مشاورت ضروری ہے۔

کوئٹہ میں گرانفروشوں کی من مانی، ٹماٹر، لیموں اور کھیرے کی قمیتوں میں ریکارڈ اضافہ

کوئٹہ : (ویب ڈیسک) کوئٹہ میں گرانفروشوں کی من مانی کے سبب ٹماٹر ،لیموں اور کھیرے کی قمیتوں میں ریکارڈ اضافہ ہو گیا، سبزیاں مہنگی فروخت کرنے والوں سے کوئی پوچھنے والا نہیں، انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹی کہیں دکھائی نہیں دے رہی۔
کوئٹہ میں مہنگائی نے سبزی منڈی کو بھی لپیٹ میں لے لیا، رمضان شروع ہوتے ہی روز مرہ استعمال ہونے والی سبزیوں کے نرخ آسمان پر پہنچ گئے،شہر کے مختلف علاقوں میں چالیس سے پچاس روپے میں فروخت ہونےوالے ٹماٹر فی کلو 180 روپے تک بکنے لگے ہیں۔
رمضان المبارک میں ہر اک کی خواہش ہے کہ افطاری کےوقت توانائی کی بحالی کے لئے لیموں پانی اور کھانے کےلئے دسترخوان پر سلاد ہو، 100 روپے فی کلو بکنےوالے لیموں 400 روپے فی کلو اورکھیرا 80 روپے اضافے کے بعد 120 روپے میں فروخت ہونے لگا ہے۔
شہریوں کا گلہ ہے کہ گراں فروشوں نے ماہ رمضان میں اپنا کاروبار چمکا رکھا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پرائس کنٹرول کمیٹیاں نظر تک نہیں آرہیں اور ان کی کیفیت گدھے کے سر پر سینگ جیسی ہے۔

بابر اعظم آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کیلئے نامزد

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد کر دیا۔

آئی سی سی کی جانب سے پلیئر آف دی منتھ کے لیےنامزدگیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان کے کپتان بابر اعظم کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے کریگ بریتھ ویٹ اور آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز کو پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد کیا ہے۔

سپریم کورٹ: ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ میں ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت جاری ہے۔
چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کر رہا ہے۔ مسلم لیگ ن کے وکیل اعظم نذیر تارڑ روسٹرم پر آگئے اور عدالت کو بتایا کہ ڈپٹی اسپیکر نے آج شام کو اجلاس بلایا تھا، لاہور میں حالات کشیدہ ہیں، اسمبلی کا عملہ ڈپٹی اسپیکر کا حکم نہیں مان رہا، لگتا ہے آج بھی وزیراعلی کا الیکشن نہیں ہو سکے گا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آج بہت اہم کیس سن رہے ہیں، کوشش ہے کہ مقدمہ کو نمٹایا جائے، عدالت پر الزام لگایا جا رہا ہے کہ فیصلہ نہیں کر رہی، سیاسی طور پر مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کریں، یکطرفہ فیصلہ کیسے دے سکتے ہیں؟۔
تحریک انصاف کے وکیل بابر اعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم، تحریک لبیک، پی ٹی ایم، جماعت اسلامی کیس میں فریق نہیں، راہ حق پارٹی اور باپ بھی پارلیمان کا حصہ ہیں لیکن کیس میں فریق نہیں، ازخود نوٹس کی ہمیشہ عدالت کے اندر اور باہر حمایت کی ہے، عدالت کا مشکور ہوں کہ قوم پر مہربانی کرتے ہوئے نوٹس لیا، عدالت کو کہا گیا ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ بدنیتی پر مبنی اور غیر آئینی ہے۔
وکیل بابر اعوان نے کہا کہ سپریم کورٹ آرٹیکل 63 اے پر کسی نے لفظ بھی نہیں کہا، ان کا دعویٰ ہے کہ پارلیمانی جمہوریت کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، پٹیشنر کہتے ہیں کہ عدالت ان کے حق میں شارٹ آرڈر بھی جاری کر دے، شہباز شریف نے پریس کانفرنس میں کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا ہے، درخواست گزار نیشنل سکیورٹی کمیٹی کا رولنگ میں دیئے حوالہ کو نظر انداز کرنا چاہتی ہیں، اپوزیشن چاہتی ہے عدالت ان کے حق میں فوری مختصر حکم نامہ جاری کرے۔

صحافی کا فون چھیننے کا واقعہ، سلمان خان عدالت میں پیش

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارت کی مقامی عدالت میں صحافی کا فون چھیننے کے واقعے پر سلمان خان کو محافظ سمیت طلب کر لیا گیا جس پر اداکار ممبئی ہائیکورٹ پہنچ گئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سلمان خان نے ممبئی ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے کہ ان کے خلاف طلبی کا نوٹس خارج کیا جائے۔ واضح رہے کہ اداکار اور صحافی کے درمیان تنازع 24 اپریل 2019 میں اس وقت ہوا جب سلمان خان نے موٹرسائیکل پر سوار ہوتے ہوئے مبینہ طور پر ایک صحافی کا موبائل فون چھین لیا جو ان کی تصویر لینے کی کوشش کر رہا تھا۔

فارن فنڈنگ کیس میں عمران نیازی کی چوری پکڑی گئی: احسن اقبال

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) احسن اقبال نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں عمران نیازی کی چوری پکڑی گئی، تحقیقات سے بچنے کیلئے پاکستان کے امریکا سے تعلقات کو داؤ پر لگا دیا۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں عمران نیازی نے امریکا سے منی لانڈرنگ کی، عمران نیازی نے امریکا میں غیر قانونی سرگرمیاں کیں، عمران خان نے اپنی کرسی بچانے کیلئے آئین توڑا، انہوں نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کو داؤ پر لگا دیا پاکستان کو آئینی بحران میں دھکیل دیا گیا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہر شہری کا فرض ہے کہ آئین کے تحفظ کیلئے کھڑا ہو، امریکا ہماری سب سے بڑی ایکسپورٹ مارکیٹ ہے، ایک شخص نے اپنی چوری چھپانے کیلئے پاک امریکا تعلقات داؤ پر لگائے، آپ نے ہمارے خلیجی ممالک کیساتھ بھی تعلقات سرد ترین کر دیئے، عمران نیازی ! آپ پاکستان کیلئے شرمساری کا باعث بن چکے، کسی بھی ریاست میں سب سے پہلے آئین ہوتا ہے۔

برطانیہ کا جی سیون اور نیٹو ممالک سے روسی بحری جہازوں پر پابندی لگانے کا مطالبہ

لندن: (ویب ڈیسک) روسی معیشت کو مزید کمزورکرنے کے لیے برطانیہ نے نئی حکمت عملی اپنا لی، جی سیون اور نیٹو ممالک سے روسی بحری جہازوں اور بندر گاہوں پر پابندی لگانے کا مطالبہ کر دیا۔
یوکرائن کے ساتھ جنگ، روس کے لیے مزید معاشی مشکلات پیدا ہو گئیں۔ برطانوی سیکریٹری خارجہ کا کہنا ہے کہ موجودہ پابندیوں نے روس کے لیے 350 ارب ڈالر اور 60 فیصد غیر ملکی ذخائر کا حصول نا ممکن بنا دیا۔
دوسری جانب امریکی ٹیکنالوجی کمپنی انٹیل نے بھی روسی اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے ماسکو سے کاروباری تعلقات منقطع کر دیئے۔ ادھر میکسیکو میں موجود امریکا جانے کے خواہشمند سیکڑوں یوکرائنی شہریوں کو سپورٹس سینٹر منتقل کردیا گیا جسے حال ہی میں حکومتی شیلٹرمیں تبدیل کیا گیا تھا۔
گزشتہ ماہ امریکی صدر جوبائیڈن نے ایک لاکھ یوکرائنی شہریوں کو ملک بھرمیں آباد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

غیر ملکی طاقت نے میر جعفروں اور میر صادقوں کے ذریعے وار کیا: وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم نے کہا ہے کہ غیر ملکی طاقت نے میر جعفروں اور میر صادقوں کے ذریعے وار کیا، عوام سب سے بڑے حملے کے دفاع کیلئے باہر نکلیں۔
وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عوام ملکی خود مختاری اور جمہوریت کے مضبوط ترین محافظ ہوتے ہیں، عوام کو گھروں سے باہر نکلنا ہوگا۔

ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر، سٹاک ایکس چینج میں 425 پوائنٹس کا اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) ڈالر ایک مرتبہ پھر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، سٹاک ایکس چینج میں 425 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے۔
کاروباری ہفتے کے تیسرے روز ڈالر 77 پیسے مہنگا ہو کر 186 روپے کی سطح پر پہنچ گیا، دوسری جانب سٹاک مارکیٹ میں آج مثبت رجحان دیکھا گیا، 425 پوائنٹس اضافے سے 100 انڈیکس 44 ہزار 354 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ ہوا۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز بھی ڈالر کی اونچی اڑان دیکھنے میں آئی، ایک روپے 14 پیسے اضافے سے انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت 184 روپے 9 پیسے سے بڑھ کر 185 روپے 23 پیسے ہو گئی تھی۔