All posts by Khabrain News

عمران خان حکومت نے ہر سال 3 ہزار 500 ارب روپے کا خسارہ کیا، وزیر خزانہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ عمران خان ملک کو دیوالیہ کی طرف لے کر گئے اور ہر سال 3 ہزار 500 ارب روپے کا خسارہ کیا۔
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اپریل میں جو ملک کی حالت چھوڑ کر گئے تھے وہ عوام کو بتانا چاہتے ہیں کیونکہ وہ ملک کو دیوالیہ کی طرف لے کر گئے۔ عمران خان نے پیٹرول پر سبسڈی دی جس سے ملک کو ماہانہ 120 ارب روپے کا نقصان ہو رہا تھا اور یہ ایک دن کی غلطی نہیں بلکہ 4 سال کی نااہلی تھی۔
انہوں نے کہا کہ پہلے 3 سال میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ہر سال 3 ہزار 500 ارب روپے کا خسارہ کیا اور پی ٹی آئی کے پونے 4 سال میں 21 ہزار ارب روپے کا قرضہ بڑھ گیا۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار پی ٹی آئی کی حکومت میں 4 سال میں 25 ہزار ارب روپے قرض لیا گیا تھا۔ تحریک انصاف نے 4 سالوں میں ملک کو بڑا خسارہ دیا۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پاکستان میں گیس کی لوڈشیڈنگ نہیں سنی تھی لیکن یہ بھی عمران خان کی وجہ سے ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے پر عمران خان شمسی توانائی کی طرف نہیں گئے۔
انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں ہم سستا گھی اور سستا آٹا فراہم کر رہے ہیں جبکہ عمران خان کام نہیں صرف باتیں کرتے تھے۔ اب شہباز شریف کی حکومت سولر ٹیوب ویل بھی لگوا رہی ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی 9 سال کے پی کے میں حکومت نے سستی چیزیں نہیں بیچیں بلکہ مہنگائی کی، ان کی نیت کیا تھی وہ اللہ جانتا ہے لیکن وہ نااہل تھے جو کام نہیں کر سکے تھے۔
آئی ایم ایف سے ہونے والے معاہدے سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاہدہ بھی ایک سال کی تاخیر سے کیا گیا اور آئی ایم ایف سے معاہدہ کے مطابق 4 روپے ہر ماہ قیمت بڑھانی تھی۔ ہم نے ڈیزل کی قیمت 120 روپے بڑھائی اور قیمت بڑھانے کے لیے شہباز شریف نے کٹھن دل سے اجازت دی۔
انہوں نے کہا کہ کیا عمران خان پاکستان کو دیوالیہ کرنا چاہتے تھے ؟ ہم تجارتی خسارہ کم کرنے آئے ہیں اور میں نے وزیر اعظم کے بیٹے کی فیکٹری پر بھی ٹیکس لگائے لیکن عمران خان نے اپنے دوستوں کو ٹیکس کی چھوٹ دی۔ پی ٹی آئی نے ہر مرحلے میں ملک کو نقصان پہنچایا۔

‘میں نے شادی نہیں کی’: سشمیتا سین نے خبروں کی ترد کردی

ممبئی : (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سشمیتا سین نے نامور تاجر وانڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) کے بانی للت مودی سے شادی کی خبروں پر خاموشی توڑ دی۔
سشمیتا نے سماجی رابطے کی سائٹ انسٹاگرام پر اپنی دونوں بیٹیوں کے ہمراہ تصویر شیئر کی اور افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں نے شادی نہیںکی اور نہ انگوٹھیاں ہیں، میرے گرد غیر مشروط محبت گا گھیراؤ ہے۔
معروف اداکارہ نے مزید لکھا کہ بس اتنی وضاحت کافی ہے اب اپنی زندگی میں جائیں اور کام کریں۔
یاد رہے کہ للت مودی نے سشمیتا کے ساتھ سیر سپاٹوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں جس پر درج کیپشن سے مداحوں کو یوں لگا کہ دونوں ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں اور ممکنہ طور پر خفیہ شادی بھی کرلی ہے بعد ازاں تاجر کو بھی وضاحت پیش کرنا پڑی تھی۔

سعودی عرب اور امریکہ مزید محفوظ، مستحکم اور خوشحال خطے کے خواہاں

سعودی عرب : (ویب ڈیسک) امریکی صدر جوبائیڈن کی سعودی شاہ سلمان اورولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقاتوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا۔
امریکی صدر کی سعودی قیادت کے ساتھ ملاقات کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کئی دہائیوں سے امریکہ اور سعودی عرب کی شراکت داری خطے کی سلامتی کے لیے مرکزی کردار ادا کرتی رہی ہے۔
سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان 18 نئے معاہدے ہوئے ہیں جن کا تعلق سرمایہ کاری، توانائی، صحت اور سیکیورٹی سے لے کر خلائی دنیا کے راز کھولنے تک کے معاملات شامل ہیں۔
اعلامیے میں سعودی عرب کے ویژن 2030 کے پروگرام کو بھی سراہا گیا ہے۔ اعلامیے میں دونوں ممالک نے فلسطین، شام، لبنان اور افغانستان سمیت مختلف عرب اور اسلامی ممالک کو درپیش مسائل کے حل پر بھی بات چیت کی۔
سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے امریکی صدر کے دورے کو کامیاب قرار دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آٹھ دہائیوں سے دونوں ممالک اتحادی اور شراکت دار ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے مفادات داؤ پر لگے ہیں اور ان کو زبردست چیلنجز کا بھی سامنا ہے جن کا مقابلہ کرنے کے لیے دونوں ممالک اکٹھے کام کر رہے ہیں۔
صدارت کا منصب سنبھالنے کے بعد امریکی صدر کا مشرق وسطیٰ کا یہ پہلا دورہ ہے ۔سعودی عرب پہنچنے سے قبل انہوں نے اسرائیل کا دورہ کیا۔
امریکی صدر اسرائیلی شہر تل ابیب سے براہ راست جدہ پہنچے۔ وہ پہلے امریکی صدر ہیں جو اسرائیل سے براہ راست ایسے عرب ملک پہنچے ہیں جو اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا۔

آخری ون ڈے میں بھی آئر لینڈ کو شکست، سیریز نیوزی لینڈ کے نام

ڈبلن : (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ نے آئرلینڈ کو تیسرے ون ڈے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دیکر سیریز تین صفر سے اپنے نام کر لی۔
نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹ کے نقصان پر 360 رنز بنا ئے، کیوی بلے باز مارٹن گپٹل نے شاندار سنچری سکور کی، ہینری نکلس 79 رنز بنا کر نمایاں رہے، آئرلینڈ کے جوش لٹل نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
جوابی اننگز میں آئرش ٹیم مقررہ اوورز میں 359 رنز بنا سکی، آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ اور ہیری ٹیکٹر کی سنچریاں بھی ٹیم کو فتح نہ دلاسکیں۔
115 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر نیوزی لینڈ کے مایہ ناز بلے باز مارٹن گپٹل میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

عالمی بینک نے پاکستان کو 20 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کی منظوری دیدی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عالمی بینک نے پاکستان کو 20 کروڑ ڈالر قرض فراہم کرنے کی منظوری دے دی، رقم زرعی شعبے کی بہتری کیلئے دی گئی ہے۔
ورلڈ بینک کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رقم صوبہ پنجاب کے لیے فراہم جائے گی، پاکستان کو فراہم کی جانے والی رقم زرعی شعبے کی بہتری اور چھوٹے کسانوں کے منصوبوں کے لیے خرچ ہو گی۔
عالمی بینک کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ رقم کی فراہمی کے بعد پاکستان کو پانی کے استعمال میں بہتری اور چھوٹے کسانوں کی آمدنی بڑھانا ہو گی۔

مریم نواز کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئیں

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئیں۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
واضح رہے کہ مریم نواز لاہور سمیت مختلف حلقوں میں انتخابی مہم چلا رہی تھیں اور کل انتخابی مہم کے آخری روز بھی انہوں نے جلسے سے خطاب کیا تھا۔

اگر دھاندلی کر کے نتیجہ بدلا گیا تو پھر انقلاب آئے گا، شہباز گل

لاہور: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کا کہنا ہے کہ عوامی فیصلے کے بعد اب کپتان کو نہیں ہرایا جا سکتا ۔ اگر دھاندلی کر کے نتیجہ بدلا گیا تو پھر انقلاب آئے گا ۔
تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے کہا ہے کہ عمران خان نے دس دن تک لگاتار پنجاب کے 20 حلقوں میں فرنٹ فٹ پر جارحانہ مہم چلائی ۔ دن بھر کیمپین کے بعد جب پوری ٹیم تھک جاتی تھی تب بھی عمران خان کے چہرے پر مسکراہٹ نظر آتی تھی ۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا ایسا عوامی ردعمل پاکستان میں پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا ۔ پاکستان عام انتخابات کے لئے تیار ہو چکا ہے ۔
انہوں نے کہاہے کہ عوامی فیصلے کے بعد اب کپتان کو نہیں ہرایا جا سکتا ۔ اگر دھاندلی کر کے نتیجہ بدلا گیا تو پھر انقلاب آئے گا ۔

پنجاب کے ضمنی الیکشن کا معرکہ، پی ٹی آئی اور ن لیگ نے حکمت عملی طے کرلی

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کے 20 حلقوں میں الیکشن کے لیے مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی نے حکمت عملی طے کر لی۔
تحریک انصاف نے پنجاب کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے اپنی حکمت عملی تیار کر لی ۔ تحریک انصاف کے مطابق انتخاب پر ڈاکہ ڈالنے کی کوششوں کیخلاف فوری طور پر شدید مزاحمت کی جائے گی ۔
مرکزی قائدین ہر صوبائی نشست پر پورے انتخابی عمل پر کڑی نگاہ رکھیں گے ۔ تحریک انصاف کی حکمت عملی کے مطابق پولیس، انتظامیہ اور پولنگ اسٹاف کی سرگرمیوں پر بھی گہری نظر رکھی جائے گی۔
حکمران اتحاد کے امیدواروں کی قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوششوں پر فوری ردعمل دیا جائے گا ۔تحریک انصاف کے قائدین خواتین پولنگ بوتھس اور حساس پولنگ سٹیشنز پر گڑبڑ کے تدارک کیلئے تشکیل دی گئی خصوصی ٹیموں سے مسلسل فیڈبیک حاصل کریں گے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن نے ضمنی انتخابات کی مانیٹرنگ کیلئے ماڈل ٹاون لاہور میں سیل قائم کردیا ہے۔الیکشن کے دن کیلئے سینٹرل کنٹرول روم اور سوشل میڈیا ونگ قائم کیے گئے ہیں۔
مسلم لیگ ن کی طر ف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ مرکزی کنٹرول روم سے تمام حلقوں کی معلومات جمع کر کے عوام اور میڈیا تک پہنچایا جائے گا۔ سیل بنانے کا مقصد ڈسکہ کے ووٹ اورالیکشن عملہ چور فسادیوں پر نظر رکھنا ہے۔

پہلا ٹیسٹ: سری لنکا پہلی اننگز میں ہی مشکلات کا شکار

گال: (ویب ڈیسک) سری لنکا کے شہر گال میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
گال کرکٹ اسٹیڈیم میں پاک سری لنکا دو ٹیسٹ سیریز کا پہلا ٹیسٹ کھیلا جا رہا ہے۔ سری لنکا کی پہلی وکٹ شاہین آفریدی نے حاصل کی اور اوپنر بلے باز کپتان دیمتھ کرونا رتنے کو بولڈ کر دیا۔ وہ ایک رن ہی بنا سکے۔
سری لنکا کے دوسرے کھلاڑی اوشادہ فرنینڈو 35 رنز بنانے کے بعد حسن علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 49 گیندیں کھیلیں اور 5 چوکے لگائے جبکہ آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی کوشال مینڈس 21 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس وقت تک سری لنکا کی ٹیم مجموعی طور پر 60 رنز ہی بنا سکی تھی۔
سری لنکا کے چوتھے کھلاڑی اینجلو میتھیوز بغیر کوئی رن بنائے ہی پویلیئن لوٹ گئے۔ انہیں بھی یاسر شاہ نے آؤٹ کیا۔ پانچویں کھلاڑی دھانجا ڈی سلوا کو شاہین آفریدی نے 14 رنز بنانے کے بعد کلین بولڈ کر دیا۔
میزبان ٹیم کی چھٹی وکٹ 103 رنز کے مجموعی اسکور پر گر گئی جب شاہین آفریدی نے ہی ڈک ویلا کو آؤٹ کر دیا۔ ڈک ویلا 4 بالز پر 4 رنز ہی بنا سکے تھے۔ ساتویں وکٹ بھی یاسر شاہ نے حاصل کی جب انہوں نے رمیش مینڈس کو ان کے 11 رنز پر آؤٹ کیا۔
سری لنکا کی آٹھویں وکٹ پراباتھ جے سوریا کی گری وہ محمد نواز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ دنیش چندیمل نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور بالآخر وہ 83 بالز پر نصف سینچری کرنے میں کامیاب رہے۔
میچ کے آغاز سے قبل سری لنکن کپتان ڈیمتھ کرونارتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور کہا کہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار ہے کوشش ہو گی پہلی اننگز میں بڑا اسکور بنائیں اور پاکستانی ٹیم کو پریشر میں لائیں۔
قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ پاکستان کے لیے آل راؤنڈر سلمان علی آغا ڈیبیو کررہے ہیں جبکہ محمد نواز اور یاسر شاہ کی قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

احسن اقبال کا پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے پاکستان کے عزم کا اظہار

نیویارک: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا ہے جس کا مقصد غربت، عالمی سطح پر خوراک کے عدم تحفظ اور پانی کی قلت کے چیلنجز سے نمٹنا ہے۔
احسن اقبال نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ایک اعلیٰ سطح کے سیاسی فورم کے اختتامی اجلاس کے بعد اپنے ویڈیو پیغام میں عالمی رہنمائوں پر زور دیا کہ وہ پائیدار ترقیاتی اہداف پر عملدرآمد کیلئے اسی جذبے کا مظاہرہ کریں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان پہلا ملک ہے جس نے پائیدار ترقی کے اہداف کو اپنی قومی اہداف قرار دینے کا اعلان کیا، اسی طرح ہمارے وژن 2025 کے ایجنڈے میں بھی پائیدار ترقی کے اہداف کو شامل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس نے پاکستان میں پائیدار ترقی کے اہداف پر عمل درآمد کیلئے ہمارے عزم کو تقویت بخشی ہے، ہم نے یہ تجویز بھی دی ہے کہ پاکستان رواں سال گروپ 77 کے جائزہ اجلاس کے انعقاد کا خواہاں ہے۔