All posts by Khabrain News

معاشرے کی اقدار خراب ہو چکی، ذمہ دار سیاسی جماعتیں ہیں، چیف جسٹس

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیف جسٹس ہائیکورٹ نے کہا ہے کہ معاشرے کی اقدار خراب ہو چکی ہیں جس کی ذمہ دار سیاسی جماعتیں ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیکا آرڈیننس سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ آئندہ سماعت پر حتمی دلائل دیں۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ کس تاریخ کو یہ آرڈینس جاری ہوا ؟ کیا آرڈیننس کو پارلیمنٹ کے کسی ہاؤس کے سامنے پیش کیا گیا ہے؟
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ یہ آرڈینس 18 فروری کو جاری ہوا اور آفیشل گزٹ میں 19 فروری کو آیا ہے۔ آرڈیننس ابھی تک پارلیمنٹ کے دونوں ہاؤسز کے سامنے پیش نہاسلام آباد: (ویب ڈیسک)یں کیا گیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ یہ تو ایگزیکٹو کا اختیار نہیں ہے کہ آرڈیننس کو پارلیمنٹ کے سامنے نہ رکھے اور آرڈیننس پارلیمنٹ میں پیش نہ کرنے سے یہ تاثر مل رہا ہے کہ ایگزیکٹو کی بدنیتی شامل ہے۔ قومی اسمبلی یا سینیٹ کسی بھی وقت آرڈیننس کو مسترد کر سکتے ہیں۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ پارلیمنٹ کے سامنے پیش کرنے کی ایک ٹائم لائن ہے اس دوران ہی رکھا جانا ہے اور جب تک رولز موجود ہیں تو ایگزیکٹو نے انہیں کو اختیار کرنا ہے۔
جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ آئین پابند بناتا ہے کہ آرڈیننس کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے سامنے پیش کیا جائے گا اور اگر آج آرڈیننس پارلیمنٹ میں پیش نہیں ہوتا تو کیوں نہ عدالت ایگزیکٹو کی بدنیتی قرار دے۔ آرڈیننس کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے سامنے پیش کرنا ہوتا ہے اور ایگزیکٹو یہ نہیں کر سکتی کہ جس ایوان میں اکثریت ہو وہاں پیش کر دیں۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اگر ایگزیکٹو نے اپنے فرض کی خلاف ورزی کی ہے تو اس کے نتائج کیا ہوں گے؟ کیا ایگزیکٹو پارلیمنٹ کو آرڈیننس منظور یا مسترد کرنے کے اختیار سے روک سکتا ہے؟ آئین کہتا ہے آرڈیننس جاری ہونے کے بعد پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے سامنے پیش ہو گا اور پارلیمنٹ سپریم ہے وہ آرڈیننس کو مسترد کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایگزیکٹو جان بوجھ کر اپنے فرض کو پورا نہیں کر رہی تو اس کے نتائج کیا ہوں گے اور ایگزیکٹو کے پاس آئین کی خلاف ورزی کا کوئی اختیار نہیں ہے۔ آئین کہتا ہے آرڈیننس پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں پیش کیا جائے گا اور اگر پارلیمنٹ کا کوئی بھی ایوان آرڈیننس کو مسترد نہیں کرتا تو پھر وہ بل کے طور پر پیش کیا جائے گا۔ ایگزیکٹو پارلیمنٹ کو آرڈیننس کا جائزہ لینے کے حق سے محروم رکھ رہی ہے اور اگر پارلیمنٹ کا ایک ایوان آرڈیننس کو مسترد کر دیتا ہے تو وہ ختم ہو جائے گا۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں پیکا آرڈیننس کا معاملہ پس پشت ڈال دیا گیا ہے اور ہو سکتا ہے کہ حکومت اس آرڈیننس کو ہی واپس لے لے کیونکہ کسی درخواست میں بھی پیکا ایکٹ کی سیکشن 20 کو چیلنج نہیں کیا گیا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت تو اس کیس کو پس پشت نہیں ڈال سکتی اور ایسی درخواست موجود ہے جس میں پیکا ایکٹ کی دفعات کو بھی چیلنج کیا گیا۔ سیکشن 20 میں گرفتاری کا اختیار کیسے دیا جا سکتا ہے؟ اور کیوں نہ عدالت پیکا ایکٹ کی سیکشن 20 کو کالعدم قرار دے۔
انہوں نے کہا کہ اس عدالت نے کبھی نہیں کہا کہ کوئی تہمت لگائے لیکن اس کا الگ قانون موجود ہے اور ایک صحافی نے کتاب کا حوالہ دیا جو پبلش ہو چکی، وہ غلط کیسے ہو گیا جو ایف آئی اے نے نوٹس بھیجا ؟
ایڈیشنل اٹارنی جنرل قاسم ودود نے مؤقف اختیار کیا کہ پیکا کا سیکشن 20 قابل ضمانت ہے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اگر قابل ضمانت ہے تو پھر محسن بیگ کو کس طرح گرفتار کر رہے تھے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل طیب شاہ نے مؤقف اختیار کیا کہ محسن بیگ کو اس مقدمہ میں گرفتار نہیں کیا گیا۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ محسن بیگ کو گرفتار کرنے گئے تھے اسی لیے وہ وقوعہ بنا۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ اس ایف آئی آر میں مزید ناقابل ضمانت دفعات بھی موجود تھیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ دیگر جو دفعات لگائی گئی تھیں وہ بالکل درست نہیں تھیں جبکہ خود کو اور شکایت کنندہ (مراد سعید) کو شرمندہ نہ کریں۔ کیا شکایت کنندہ (مراد سعید) کی شکایت لاہور میں موصول ہوئی تھی؟ اور اگر درخواست موصول ہوئی تو کس سورس کے ذریعے ہوئی، کیا ٹی سی ایس سے ہوئی ؟ کیا ایف آئی اے صرف حکومت کی خدمت کیلئے ہے؟
انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے عوام کی خدمت کے لیے موجود ہے اور جن درخواستوں پر ایف آئی اے نے کارروائی کی زیادہ تر پبلک آفس ہولڈرز کی ہیں۔ ایف آئی اے نے کارروئی صحافیوں، اختلاف رائے اور تنقیدی آوازیں دبانے کے لیے کی جبکہ ایف آئی اے نے اپنے اختیارات کا بہت غلط استعمال کیا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ہمارے معاشرے کی اقدار بہت خراب ہو چکی ہیں، کیا سب کو جیل بھیج دیں ؟ معاشرے کی ان اقدار کی ذمہ دار سیاسی جماعتیں ہیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اگر کوئی سچی گواہی نہیں دیتا تو پراسیکیوٹر کو کسی کو بھی سزا دینے کی اجازت دے دی جائے جبکہ کیا 5 سال بعد کوئی اور حکومت آ جائے گی تو ایف آئی اے پھر بھی یہی کرے گی؟ حکومت نے آرڈیننس میں سیکشن 20 ناقابل ضمانت بنا دیا ہے؟ ناقابل ضمانت بنایا گیا تا کہ اسکے مزید خطرناک نتائج سامنے آ سکیں؟ اور کیا نیچرل پرسن کی تعریف بھی تبدیل کر دی گئی ہے؟
انہوں نے کہا کہ آپ نے اداروں اور کمپنیوں کو بھی اس میں شامل کر دیا ہے اور کل پی ٹی سی ایل پر کوئی تنقید کرتا ہے تو ایف آئی اے اس پر بھی کارروائی کرے گی۔ کل کوئی ڈیفالٹر کمپنی شکایت کرتی ہے تو ایف آئی اے کارروائی کرے گی۔ دنیا کی ایک مثال دے دیں جہاں اداروں کی ساکھ کا اس طرح تحفظ کیا جاتا ہو اور اگر کوئی ایف آئی اے پر تنقید کرے تو ایف آئی اے خود ہی اسے گرفتار کر لے گا؟
عدالت نے پیکا آرڈیننس سے متعلق سماعت 4 اپریل تک ملتوی کر دی۔

وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماوں کا اجلاس آج طلب کرلیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماوں کا اجلاس آج طلب کرلیا، سیاسی صورت حال پر غور کیا جائے گا۔
وزیراعظم کی زیرصدارت اہم اجلاس بلایا گیا ہے جس میں سیاسی بیانیہ سمیت امور پر ر مشاورت ہو گی،اجلاس کے دوران ایم کیو ایم کی جانب سے اپوزیشن کی جانب پیش قدمی پر بھی غور کیا جائے گا جبکہ دیگر اتحادی اراکین اسمبلی کی جانب سے کنفیوژن کی صورتحال سے متعلق حکمت عملی بھی تیار کی جائے گی۔
تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر حکومت کو سخت چیلنج درپیش ہے، باپ کے بعد ایم کیو ایم کی جانب سے اپوزیشن کی حمایت کا متوقع اعلان تحریک انصاف کیلئے درد سر بنتا جا رہا ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ حکومت موجودہ صورتحال سے کس طرح باوقار انداز میں باہر نکلنے کاسامان کرتی ہے۔

انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 36 پیسے بڑھ گئی، سٹاک مارکیٹ میں منفی رجحان

کراچی: (ویب ڈیسک) انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 36 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا، سٹاک مارکیٹ میں 294 پوائنٹس کی کمی ہوئی۔
کاروباری ہفتے کے تیسرے روز امریکی ڈالر 36 پیسے اضافے سے 182 روپے 70 پیسے کے ریٹ پر فروخت ہوا۔ دوسری جانب سٹاک ایکس چینج میں گراوٹ کا رجحان رہا، 294 پوائنٹس کمی سے 100 انڈیکس 44 ہزار 143 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کرنے لگا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ کل ہو گا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ کل ہو گا، مہمان ٹیم کو تین میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے، قومی ٹیم جیت کے لیے پر عزم ہے۔
زندہ دلان کے شہر لاہور میں کرکٹ میلہ عروج پر ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا دوسرے ون ڈے میں مدمقابل آنے کے لیے تیار ہیں، سہ پہر تین بجے کرکٹ ایکشن شروع ہوگا۔ چوکے چھکے کی بہار آئے گی، وکٹیں بھی لگاتار گریں گی۔
پہلے ون ڈے میں 88 رنز سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد آسٹریلیا نے سیریز جیتنے پر نظریں جما لی ہیں۔ دوسری جانب ٹیم پاکستان نے بھی فتح کے ساتھ کم بیک کرنے کے لیے کمر کس لی ہے۔ شاداب خان اور شاہین آفریدی کی قومی ٹیم میں واپسی فٹنس ٹیسٹ سے مشروط ہے۔
مہمان ٹیم کو تین میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے، ون ڈے سیریز کے تینوں میچز آئی سی سی ورلڈ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔

وزیر خارجہ کی چینی ہم منصب سے ملاقات، اقتصادی اور سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال

بیجنگ: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چین کے دورہ کے دوران اپنے ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات کی جس کے دوران اقتصادی اور سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کیلئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی چین میں موجود ہیں جہاں انہوں نے چین کے سٹیٹ قونصلر اور وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ سٹریٹجک، اقتصادی اور سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا جبکہ عالمی وبا، افغانستان میں امن اور بین الاقوامی امور پر بات چیت بھی کی گئی۔ شاہ محمود قریشی نے پاک چین شراکت داری کو مضبوط بنانے کے عزم کو دہرایا۔
وزیرخارجہ نے پاکستان کی جانب سے ون چائنہ پالیسی اور بنیادی مفادات کی حمایت کا بھی اعادہ کیا ، انہوں نے پاکستان کی خودمختاری ،علاقائی سلامتی کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے سیاسی استحکام اور اقتصادی ترقی کے لیے چینی حمایت پر بھی شکر یہ ادا کیا۔

سعودی عرب میں خواتین کو محرم کے بغیر عمرہ کی مشروط اجازت

لاہور: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں خواتین کو محرم کے بغیر عمرہ کی مشروط اجازت دے دی گئی ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ خواتین کو ایک شرط پر عمرہ کے لیے ویزہ دیا جائے گا، وہ خواتین جن کی 18 سے 65 سال تک ہے، ان کو محرم کے بغیر ویزہ دیا جا سکے گا۔
2021 میں وزارت حج و عمرہ نے ہر عمر کی خاتون کو بغیر محرم کے زیارات پر آنے کی اجازت دی تھی، جس میں صرف گروپ کے ساتھ آنے کی شرط عائد کی گئی تھی۔
خواتین کو بغیر محرم زیارات کی اجازت دینا، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے اس عہد کا نتیجہ ہے جس کے تحت وہ سعودی عرب کو دنیا بھر میں آزاد اور ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل کرنا چاہتے ہیں۔
جس کے تحت سعودی عرب میں خواتین کو ڈرائیونگ، اور باہر کے ملک بغیر کسی مرد گارڈئین کے ساتھ سفر کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
نئے قانون کے تحت جو بھی حج یا عمرہ کے لیے آئیں گے ان کے لیے کورونا ویکسین کی کم سے کم ایک ڈوز لازمی لگوانے کی شرط عائد کی گئی ہے۔
جو لوگ سعودی عرب میں مقیم ہیں، اور پچھلے 5 سالوں میں حج کی ادائیگی نہیں کر سکے، انہیں بھی اس سال حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے درخواست دینے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

گیم اوور نہیں ہوئی گیم آن ہے،وننگ شاٹ کپتان ہی کھیلتا ہے، علی محمد خان

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیرمملکت پارلیمانی امور علی محمد خان کا کہنا ہے کہ گیم اوور نہیں ہوئی ابھی تو گیم آن ہے،آخری وننگ شاٹ کپتان ہی کھیلتا ہے۔
علی محمد خان کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم حکومت کے ساتھ اور اپوزیشن سے دور رہے گی۔ایم کیو ایم کا پیپلز پارٹی کے ساتھ ماضی اچھا نہیں رہا۔پر امید ہیں کہ اپوزیشن کو تحریک عدم اعتماد کے وقت ناکامی ہوگی۔
ان کا کہنا ہے کہ گیم اوور نہیں ابھی تو گیم آن ہے،آخری وننگ شاٹ کپتان ہی کھیلتا ہے۔اس بار پھر ایک بال پر 3 وکٹیں گریں گی۔بلاول بھٹو کی وکٹ ایسے ہی گر جائے گی۔کوئی آصف زرداری کے واپسی کا ٹکٹ کرادیں۔چند دنوں میں آصف زرداری سندھ واپس جائیں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے ایک بار پھر عمران خان کو جگایا ہے انہوں نے سوئے ہوئے شیر کو جگایا ہے۔مہنگائی تک اگر معاملہ رکھتے تو عمران خان آرام سے 25اوورز کا کھیل کھیلتے۔
ان کا کہنا ہے کہ عمران خان بیسٹ آل راونڈر ہیں ٹیسٹ میچ آرام سے کھیل رہے ہیں۔عمران خان نے جو مراسلہ دکھایا اس سے معاملہ کہیں اور بڑھ گیا ہے۔
یہ معاملہ اب عمران خان اور اپوزیشن نہیں بلکہ عالمی سازش ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ عمران خان آزاد خارجہ پالیسی بنارہے تھے۔عمران خان اسلاموفوبیا کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے تھے۔ملک کے مفادات کی حفاظت پر عمران خان کے خلاف سازش ہورہی ہے،یہ کہنا کہ خط کو سب کو دکھا دیں یہ کتنی بچگانہ بات ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے ہمیں کہا تھا کہ میں چاہوں تو مراسلہ سب کو دکھا دوں۔عمران خان نے کہاکہ مراسلہ دکھا کر تحریک کو زمین بوس کردوں لیکن ایسا نہیں کرنا۔
انکا کہنا ہے کہ عمران خان نے وقت سے پہلے حالات کا بتادیا تھا۔مراسلہ آنے کے بعد واضح ہوگیا کہ سازش کے تانے بانے باہر ملتے ہیں ۔

عہدہ آنی جانی چیز، عمران خان کے ساتھ کھڑا رہوں گا: عثمان بزدار

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عہدہ آنی جانی چیز، جینا مرنا اپنی پارٹی اور عوام کے ساتھ ہے، عمران خان کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے صوبائی وزراء اور اراکین پنجاب اسمبلی نے ملاقاتیں کیں جن میں سردار آصف نکئی،آشفہ ریاض، اختر حیات، سلیم سرور جوڑا،لیاقت علی، عامر نواز چانڈیا اور دیگرشامل ہیں۔ عثمان بزدار کا اس موقع پر کہنا تھا کہ جب تک سانس میں سانس ہے، وزیراعظم عمران خان کا ساتھ نبھاؤں گا،کپتان کے عوامی خدمت کے ایجنڈے کی تکمیل کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ میرا جینا مرنا اپنی پارٹی او رعوام کے ساتھ ہے۔ععہدہ آنی جانی چیز ہے،سیاست کو عبادت سمجھتا ہوں۔ کپتان کے سا تھ کھڑا ہوں اور کھڑا رہوں گا۔اپوزیشن کی منفی سیاست کا نقصان ملک و قوم کو ہو رہا ہے۔سیاسی انتشار پیدا کرنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔

5یا6ووٹوں سے تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگی، عثمان ڈار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہوزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد بری طرح ناکام ہوگی۔ 5 یا 6 ووٹوں سے تحریک کو ناکام بنائیں گے۔
معاون خصوصی برائےنوجوانان عثمان ڈار نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد 5 یا 6 ووٹوں سے ناکام ہوگی۔
ان کا کہنا ہے کہ پرویز الہٰی آسانی سے وزیر اعلیٰ پنجاب بنیں گے۔جہانگیر ترین بھی پرویز الہٰی پر اعتماد کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ آئندہ 48گھنٹے اہم ہیں ،دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائےگا۔ایم کیو ایم کا ووٹ پاکستان کے لیے فیصلہ کن ہوگا۔
انہوں نے کہا ہے کہ امید ہے ایم کیوایم حکومت کےساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کرے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اپوزیشن رہنماوں نے دعویٰ کیا ہے کہ متحدہ اپوزیشن اور ایم کیو ایم کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اعلان آج کیا جائے گا۔
دوسری جانب حکومتی وفد نے بھی ایم کیو ایم کو ہر شرط ماننے کی یقین دہانی کروادی ہے۔

صدرارتی ریفرنس: سپریم کورٹ میں سماعت آج ہو گی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ میں آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سماعت آج ہوگی۔
چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ صبح ساڑھے گیارہ بجے سماعت کرے گا، جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس مظہر عالم، جسٹس منیب اختر بنچ میں شامل ہیں، جسٹس جمال خان مندوخیل بھی لارجر بنچ کا حصہ ہیں۔
مسلم لیگ ن کے وکیل مخدوم علی خان آج اپنے تفصیلی دلائل کا آغاز کریں گے، عدالت نے سندھ ہاوس حملے کے ملزمان کی گرفتاری سے متعلق رپورٹ بھی طلب کر رکھی ہے۔