All posts by Khabrain News

بھارت میں پٹرول کی قیمت میں 8 روز میں ساتویں باراضافہ

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں پٹرول کی قیمت میں ایک بارپھراضافہ کردیا گیا۔ آٹھ روز میں پٹرول کی قیمت میں 7مرتبہ اضافہ کیا جا چکا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں پٹرول کی فی لیٹرقیمت ایک بارپھربڑھا دی گئی ہے۔ آٹھ دنوں میں پٹرول کی قیمت میں 7 مرتبہ اضافہ کیا جاچکا ہے۔
نئی دہلی میں فی لیٹرپٹرول کی قیمت 8 پیسے اضافے کے بعد 100 روپے لیٹر سے تجاوز کرگئی جبکہ ڈیزل 91روپے سے زیادہ کی قیمت پرفروخت ہورہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ممبئی میں فی لیٹرپٹرول 115 روپے سے زائد جبکہ ڈیزل 99 روپے فی لیٹرسے زیادہ کی قیمت پرفروخت ہورہا ہے۔بھارت میں ہر ریاست میں پٹرول کی قیمتیں مختلف ہوتی ہیں اور بھارت اپنی ضرورت کا 80 فیصد پٹرول درآمد کرتا ہے۔
بھارت میں ریاستی انتخابات کے باعث 4ماہ سے پٹرول کی قیمتوں میں یومیہ نظرثانی کوروک دیا گیا تھا جسے ا ب بحال کردیا گیا ہے۔بائیس مارچ کو قیمتوں کی شرح پرنظرثانی کے بعد سے اب تک قیمتوں میں سات باراضافہ کیا جا چکا ہے۔

بحرین میں باحجاب خاتون کو روکنے پربھارتی ہوٹل بند

مناما: (ویب ڈیسک) بحرین میں باحجاب خاتون کوہوٹل میں داخل ہونے کی اجازت نہ دینے پر بھارتی ہوٹل کو بند کردیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بحرین کے دارالحکومت مناما کے قریبی علاقے آدلیہ میں ہوٹل کے بھارتی مینجر نے باحجاب خاتون کوہوٹل میں داخل ہونے سے روک دیا۔واقعہ کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد ہوٹل کوبند کردیا گیا۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد بحرین ٹورازم اینڈ ایگزیبیشن اتھارٹی نے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور تمام سیاحتی اداروں سے کہا ہے کہ وہ ایسی پالیسیوں سے گریز کریں جو مملکت کے قانون کی خلاف ورزی کرتی ہوں۔ دوسری جانب ہوٹل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ باحجاب خاتون کوہوٹل میں داخل ہونے سے روکنے والے مینجر کومعطل کردیا گیا ہے۔

گلین میکسویل کی بھارتی نژاد لڑکی کے ساتھ شادی کی طویل رسومات مکمل

سڈنی: (ویب ڈیسک) گلین میکسویل کی بھارتی نژاد ونی کے ساتھ شادی کی طویل رسومات مکمل ہوگئیں۔
آسٹریلوی آل راؤنڈر گلین میکسویل کی بھارتی نژاد ونی کے ساتھ شادی کی تقریبات ایک ہفتے سے بھی زائد جاری رہیں، اس ہفتے دونوں نے ہندو رسم و رواج کے مطابق ورمالا پہنائی۔
واضح رہے کہ شادی کی وجہ سے ہی گلین میکسویل پاکستان کے ساتھ جاری سیریز میں شریک نہیں ہوئے، وہ اپنی آئی پی ایل ٹیم کو بھی تاخیر سے جوائن کریں گے۔

’شادی کے بعد ہوش ٹھکانے آجاتے ہیں‘، سجل علی کا پرانا انٹرویو وائرل

کراچی: (ویب ڈیسک) اداکارہ سجل علی کا ایک پرانا انٹرویو وائرل ہورہا ہے جس میں وہ اپنی شادی کے بعد کی زندگی کے بارے میں بات کررہی ہیں۔
اداکارہ سجل علی اور احد رضامیر کی مبینہ طلاق کی خبروں کے بعد ان کا معروف اینکر وسیم بادامی کو دیا گیا ایک پرانا انٹرویو وائرل ہورہا ہے جس میں وہ اپنی شادی شدہ زندگی کے بارے میں بات کررہی ہیں۔
یہ انٹرویو اس وقت کا ہے جب سجل علی اداکار بلال عباس کے ہمراہ اپنی فلم’’کھیل کھیل میں‘‘ کی تشہیر کے سلسلے میں وسیم بادامی کے شو ’’ہر لمحہ پرجوش‘‘ میں شریک ہوئی تھیں۔
دوران شو وسیم بادامی نے سجل علی سے شادی کے بعد زندگی میں آنے والی تبدیلیوں کے بارے میں سوال پوچھا تو اداکارہ نے کہا تبدیلیاں تو خیر بہت آتی ہیں ’’آپ کو ذرا ہوش ٹھکانے لگ جاتے ہیں‘‘ سب سے بڑی تبدیلی تو یہی ہوتی ہے۔
وسیم بادامی نے ہنستے ہوئے کہا سمجھ لگ گئی ہے آپ کو، جس پر سجل نے کہا ’ہاں‘، عقل ٹھکانے آگئی ہے۔ سجل کی بات پر وسیم بادامی کہتے ہیں کہ شادی کے شروع کے تین، چار سال ہی مشکل ہوتے ہیں پھر حالات تبدیل نہیں ہوتے لیکن بندے کو عادت ہوجاتی ہے۔
اداکارہ سجل علی وسیم بادامی کی بات پر کہتی ہیں تین، چار سال آپ زیادہ کہہ رہے ہیں ایک ڈیڑھ سال تک ہی رہیں تو بہتر ہیں۔ لیکن اگر آپ کا پارٹنر آپ کی سپورٹ کرتا ہے تو چاہے آپ کسی بھی شعبے سے تعلق رکھتے ہوں تو جو چیز معنی رکھتی ہے وہ ایک دوسرے کی سپورٹ ہوتی ہے۔ احد بہت سپورٹ کرنے والے ہیں تو زندگی میں بہتری آئی ہے۔
واضح رہے کہ دو سال قبل 14 مارچ 2020 کو شادی کے بندھن میں بندھنے والی پاکستان شوبز کی خوبصورت جوڑی سجل علی اور احد رضامیر کی طلاق کی خبریں گردش کررہی ہیں۔ تاہم ابھی تک دونوں کی جانب سے طلاق کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

میشا شفیع کو عدالتی محاذ پر ایک اور دھچکا

لاہور: (ویب ڈیسک) گلوکارہ میشا شفیع کو ایک اور عدالتی دھچکا لگ گیا عدالت نے گلوکارہ کی درخواست مسترد کردی۔
سیشن کورٹ لاہور میں گلوکارہ میشا شفیع کی ویڈیولنک کے ذریعے بیان پر جرح کروانے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
گلوکارہ میشا شفیع نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کینیڈا میں مقیم ہوں عدالت میں پیش نہیں ہوسکتی لہذا عدالت ویڈیو لنک کے ذریعے بیان پر جرح کروانے کی اجازت دے۔
عدالت نے میشا شفیع کی ویڈیو لنک کے ذریعے بیان پر جرح کروانے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ کا اداکارہ صوفیہ مرزا کی بچیوں کو 3 ہفتوں میں وطن واپس لانے کا حکم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے ایف آئی اے کی ٹیم کو تین ہفتوں میں اداکارہ صوفیہ مرزا کی بچیوں کو وطن واپس لانے کا حکم دے دیا۔
سپریم کورٹ میں اداکارہ صوفیہ مرزا کی بچیوں کی حوالگی کیس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس مقبول باقر کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔ سپریم کورٹ نے ایف آئی اے کی ٹیم کو تین ہفتوں میں بچیاں وطن واپس لانے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے کہا ایف آئی اے کی ٹیم کو دبئی بھجوانے کے لیے وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری فوری سمری منظور کرائیں۔ جسٹس مقبول باقر نے ریمارکس دئیے ایف آئی اے ٹیم کے ساتھ وزارت داخلہ کے حکام نے بھی جانا ہوگا، اتنا عرصہ گزر گیا بچیاں واپس کیوں نہیں لائی جا سکیں۔
وزرات خارجہ حکام نے کہا حکومت بچیوں کو واپس نہیں لا سکتی، درخواست گزار کو خود دبئی جاکر کیس دائر کرنا ہوگا۔
اداکارہ صوفیہ مرزا نے کہا کئی ایسے کیسز ہیں جن میں حکومت بیرون ملک سے بندوں کو واپس لائی ہے، 12 سال سے میں ذلیل ہورہی ہوں۔ ڈی جی ایف آئی اے نے کہا ٹیم دبئی بھجوانے کے لیے سمری وزیر اعظم کو بھیجی ہوئی ہے۔
جسٹس مقبول باقر نے ریمارکس دئیے وزیر اعظم سے سمری جلد منظور کروا کر ٹیم دبئی بھیجی جائے۔ بعد ازاں کیس کی سماعت تین ہفتوں کے لیے ملتوی کردی گئی۔

مچھروں کو مفلوج کرنے والی جالی سے ملیریا میں نمایاں کمی

لندن: (ویب ڈیسک) ایک طویل تحقیق کے بعد کئی اداروں نے مل کر ایسی مچھردانی کی جالی بنائی ہے جس میں آنے والے مچھر بے بس ہوجاتے ہیں اور اڑنے کے قابل نہیں رہتے۔ یوں مچھر کاٹنے سے باز رہتا ہے اور ملیریا کے واقعات میں نمایاں کمی ہوسکتی ہے۔ دوسالہ آزمائش کے بعد ماہرین نے اسے بہت امید افزا قرار دیا ہے۔
ممتاز طبی جریدے لینسٹ میں چھپنے والی تحقیق کے مطابق روایتی مچھردانیوں میں دوا لگی ہوتی ہے جو مچھروں کے اعصابی نظام کو متاثر کرتی ہے جبکہ نئی جالی میں مچھر پھنس کر بے بس ہوجاتے ہیں اور وہیں پھنس کر مرجاتے ہیں۔
تنزانیہ میں دو برس تک اس مچھردانی کی آزمائش کی گئی ہے۔ مطالعے میں کل 39000 گھرانوں میں اسے لگایا گیا اور 6 ماہ سے 14 برس تک کے 4500 بچوں کا مطالعہ کیا گیا۔ مچھر دانی میں دو طرح کی مچھر مار ادویہ یعنی کلورفیناپائر اور پائرتھروئڈ لگائی گئی تھیں۔ دونوں ادویہ لانگ لاسٹنگ انسیکٹی سائڈل نیٹ (ایل ایل آئی این)نامی مچھر دانی میں لگائی گئی تھی۔
اس کے بہترین نتائج برآمد ہوئے اور روایتی طریقوں کے مقابلے میں ملیریا کے واقعات میں 44 فیصد کمی ہوئی جبکہ ملیریا پھیلانے والے مچھروں کو جکڑنے میں 85 فیصد کامیابی ملی۔ اس تحقیق میں لندن اسکول ہر ہائجن اینڈ ٹراپیکل میڈیسن، نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار میڈیکل ریسرچ، کلیمنجارو میڈیکل یونیورسٹی کالج تنزانیہ اور کینیڈا کی جامعہ اوٹاوہ کا اشتراک شامل تھا۔
ملیریا اور مچھروں کے امراض سے اموات میں افریقہ سب سے بڑا ملک ہے۔ لیکن یہاں مچھردانی کو ہی ان سے بچاؤ کا کامیاب ذریعہ قرار دیا جاتا ہے۔ اس کے باوجود بھی سالانہ 6 لاکھ سے زائد بچے ملیریا کا لقمہ بن کر مرجاتے ہیں۔
لیکن یاد رہے کہ وہاں کے مچھر پائرتھروئڈ دوا کو بھانپ کر اس سے مزاحمت پیدا کرچکے ہیں جسے مچھردانیوں پر لگایا جاتا تھا یہی وجہ ہے کہ سائنسدانوں نے دوسرا راستہ اختیار کیا۔ اب انہوں نے اس کے ساتھ کلورفیناپائر استعمال کی۔ اس دوا کو مچھر دانی پر لگایا جاتا ہے اور مچھر اس سے سے مس ہوتے ہی اپنے پروں کی قوت کھودیتا ہے اور وہ اپنے شکار تک پہنچ ہی نہیں سکتا ہے اور بھوکا پیاسا مرجاتا ہے۔
دوسالہ تحقیق میں 72 ایسے گاؤں منتخب کئے گئے جہاں ملیریا کی وبا ہولناک ہوچکی تھی کیونکہ مچھر روایتی ادویہ سے مزاحمت پیدا کرچکے تھے۔ بارشوں کے موسم کے بعد دو سے تین اقسام کی مچھردانیاں آزمائی گئیں جن میں نئی دوا والی مچھر دانی بھی شامل تھی۔
اب جن بچوں کے بستروں پر کلورفیناپائر ایل ایل آئی این والی مچھردانیوں پر رکھا گیا تو ان میں ملیریا کے واقعات 37 فیصد کم دیکھے گئے۔ پہلے 12 ماہ میں روایتی پائرتھروئڈ ادویہ والی مچھردانی سے ملیریا کے مرض میں 27 فیصد کمی ہوئی لیکن مچھروں نے خود کو بدلا اور دوا کی تاثیر بھی کم ہوگئی اور مچھردانی میں سوراخ بھی بننے لگے۔ جب ان دونوں ادویہ یعنی کلورفیناپائر اور پائرتھروئڈ کو استعمال کیا گیا تو بہترین نتائج سامنے آئے کیونکہ مچھر پرواز کے قابل نہ رہے تھے اور خون چوسنے والے مادائیں بھی نسل آگے نہ بڑھاسکیں۔
دوسری جنب کلورفیناپائر ایل ایل این کی تیاری بہت کم خرچ ہے اور انسانی استعمال کے لیے یکسر مفید بھی ہے۔

کیا زمین بھی دل کی طرح ’دھڑکتی‘ ہے؟

نیو یارک: (ویب ڈیسک) سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ہمارا سیارہ زمین کسی دل کی طرح دھڑکتا ہے لیکن اس کی ہر دھڑکن تقریباً 27.5 ملین (2 کروڑ 75 لاکھ) سال بعد واقع ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ ہم زمین کو اس طرح سے زندہ نہیں کہہ سکتے کہ جیسے جانوروں، پرندوں، درختوں وغیرہ کو زندہ کہا جاتا ہے۔ لیکن 1972 میں جیمس لولاک (Lovelock) نامی ایک سائنسدان نے ’’گائیا مفروضہ‘‘ پیش کیا تھا۔
اس مفروضے کے تحت ان کا کہنا تھا کہ زمین اپنی کئی خصوصیات کے اعتبار سے کسی جاندار کی طرح برتاؤ کرتی ہے۔ تاہم اس مفروضے کو اب تک سائنسی حلقوں نے قبول نہیں کیا ہے۔
ان ہی خطوط پر تحقیق کرتے ہوئے اب کارنیگی انسٹی ٹیوٹ فار سائنس اور نیویارک یونیورسٹی کے ماہرین نے کچھ نئے انکشافات کیے ہیں۔
انہوں نے زمین کی 26 کروڑ سالہ تاریخ کا جائزہ لینے کے بعد دریافت کیا ہے کہ ہمارے سیارے پر لگ بھگ ہر 2 کروڑ 75 لاکھ سال بعد کچھ غیرمعمولی طور پر تباہ کن واقعات بہت تیزی سے رونما ہوتے ہیں جن کی وجہ سے زمین پر بیشتر جاندار صفحہ ہستی سے مٹ جاتے ہیں۔
ان واقعات میں بڑی تعداد میں آتش فشانوں کا پھٹ پڑنا، صرف چند سال کے عرصے میں زمین کے مجموعی موسم کا بہت زیادہ تبدیل ہوجانا اور براعظموں کی تیز رفتار ترتیبِ نو (ری الائنمنٹ) وغیرہ شامل ہیں۔
اگرچہ ان واقعات کا دورانیہ ہزاروں لاکھوں سال ہوتا ہے لیکن ارضیاتی نقطہ نگاہ سے یہ بہت کم مدت ہے جو کروڑوں سال کے پیمانے پر ایک مختصر دھڑکن قرار دی جاسکتی ہے۔
پچھلے 26 کروڑ سال کے ارضیاتی ریکارڈ میں کم از کم 9 مقامات ایسے ملے ہیں جو مسلسل کئی ہزار سے چند لاکھ سال تک غیرمعمولی اور تباہ کن واقعات کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔
ان میں آج سے تقریباً ساڑھے چھ کروڑ سال پہلے ڈائنوسار کے اچانک خاتمے کا واقعہ بھی شامل ہے جو ایک بڑے شہابِ ثاقت کے زمین سے ٹکرانے کے نتیجے میں ہوا تھا۔
ماہرین نے یہ تو دریافت کرلیا ہے کہ ہمارے سیارے پر تقریباً پونے تین کروڑ سال کے وقفے سے کچھ غیرمعمولی واقعات ہوتے ہیں جنہیں ہم زمین کی ’’دھڑکن‘‘ کہہ سکتے ہیں لیکن یہ بات اب تک وہ نہیں جان سکے ہیں کہ آخر یہ سب کچھ کیوں ہوتا ہے، کیسے ہوتا ہے اور اس سب کے پسِ پشت کیا نظام کارفرما ہے؟
ریسرچ جرنل ’’جیوسائنس فرنٹیئرز‘‘ کے ایک حالیہ شمارے میں شائع ہونے والی اس تحقیق نے زمین پر جاری مختلف نظاموں کے بارے میں نئے سوالات پیدا کردیئے ہیں۔
اسی کے ساتھ پچاس سال پرانے ’’گائیا مفروضے‘‘ پر بحث بھی ایک بار پھر تازہ ہوگئی ہے۔
البتہ، اطمینان کی بات یہ ہے کہ زمین کی اگلی دھڑکن میں اس وقت لگ بھگ دو کروڑ سال باقی ہیں، لہذا اگر آنے والے چند برسوں میں زمین پر کوئی تباہی پھیلتی ہے تو اس کی مکمل ذمہ داری یہاں رہنے والے انسانوں پر، یعنی ہم پر عائد ہوگی۔

پاکستانی برآمدات بڑھانے کی صلاحیت بیش بہا ہے، گورنر اسٹیٹ بینک

کراچی: (ویب ڈیسک) گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا ہے کہ پاکستانی برآمدات بڑھانے کی صلاحیت بیش بہا ہے۔
گزشتہ روز سروس لانگ مارچ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا کہ ماضی میں کئی وجوہات کے سبب ہم اپنی صلاحیت سے بھرپور استفادہ نہ کرسکے، بینک دولت پاکستان کا قیمت و مالی استحکام اور نمو کا ویژن ہے۔
انھوں نے کہا کہ کووڈ وبا کے دوران کاروباری طبقے میں خوف تھا۔ بینک دولت پاکستان نے اس وقت سرمایہ کاری کے لیے ’’ٹف‘‘ اسکیم فراہم کی۔ ’’ٹف‘‘اسکیم سے 435 ارب روپے قرض کی منظوری دی جاچکی ہے۔
رضا باقر نے کہا کہ سروس لانگ مارچ نے بھی ’’ٹف‘‘ اسکیم سے قرض لے کر ایکسپورٹس کا منصوبہ لگایا ہے۔ سروس لانگ مارچ ہماری ایکسپورٹس کو تنوع فراہم کرے گا۔ انھوں نے کہاکہ پاکستان عالمی ویلیوچین کا حصہ کیسے بنے سروس لانگ مارچ اس کی اچھی مثال ہے۔

اوگراکی آئل کمپنیوں کو مسائل حل کرانے کی یقین دہانی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے آئل کمپنیوں کو مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کرادی۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے کراچی میں چیئرمین اوگرا مسرور خان، اور ممبر (آئل ) اوگرا زین العابدین قریشی کی زیر صدارت معروف آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) اور آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی) کے ساتھ ملاقات کی، سینئر ایگزیکٹو ڈائریکٹر ز اور دیگر اہم افسران بھی موجود تھے۔
ملاقات میں پٹرولیم کی موجودہ ملکی صورتحال اور دیگر معاملات زیر بحث آئے جس میں پرائس ڈیفرینشل کلیم (پی ڈی سی) آئی ایف ای ایم سمیت صنعت کے مسائل شامل تھے، قواعد و ضوابط کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے ان مسائل کے ممکنہ حل کیلیے لائحہ عمل زیر غور لایا گیا۔
اسٹیک ہولڈرز کے درمیان اوگرا کی کراچی میں موجودگی کو ایک بہت ہی مثبت اندازکے طور پر دیکھا گیا جب کہ اوگرا چیئرمین کی طرف سے انھیں تمام مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی گئی۔