All posts by Khabrain News

دلیرانہ فیصلوں نے آسٹریلیا کو فتحیاب بنایا، شعیب اختر

لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے آسٹریلوی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دلیرانہ فیصلوں نے آسٹریلیا کو فتحیاب بنایا۔
سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے شعیب اختر نےکہا کہ ‘آسڑیلیا نے لاہور ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز دلیری سے اننگز ڈکلیئر کی اور اسی بہادری کی وجہ سے ہی اسے کامیابی ملی’۔
انہوں نے مزید کہا کہ برصغیر میں آسٹریلیا کی یہ ایک بڑی کامیابی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز گزشتہ روزکینگروز کی جیت کے ساتھ اختتام پزیر ہوئی۔
آسٹریلیا نے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 115 رنز سے شکست دی۔

شاہین آفریدی نے ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر اپنی شرٹ لبوشین کو دے دی

لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز گزشتہ روزکینگروز کی جیت کے ساتھ اختتام پزیر ہوئی۔
آسٹریلیا نے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 115 رنز سے شکست دی۔
سیریز کے اختتام پر دونوں ٹیم کے کھلاڑیوں نے ڈریسنگ روم شیئر کیا اور اسی دوران شاہین شاہ آفریدی نے اپنی سائن کردہ شرٹ آسٹریلوی بیٹر مارنوس لبوشین کو دے دی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے شاہین شاہ کو مارنوس کو شرٹ دیتے وقت کی تصویر جاری کی گئی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز 29 مارچ سے 5 اپریل تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلی جائے گی۔

یوکرین کا فضائی اور دفاعی نظام مکمل تباہ کرنے کا روسی دعویٰ

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس نے یوکرین کا فضائی اور دفاعی نظام مکمل طور پر تباہ کرنے کا دعویٰ کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روس نے یوکرین میں فوجی آپریشن کا پہلا مرحلہ مکمل کرنے کا اعلان کر دیا جبکہ روس نے یوکرین کی فضائیہ اور دفاعی نظام مکمل طور پر تباہ کرنے کا بھی دعویٰ کر دیا۔
روسی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف نے ماسکو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین کی فوج کے پاس کوئی منظم ذخائر باقی نہیں رہے ہیں جبکہ روس نے انسانی بنیادوں پر کئی راہداری کھولی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 4 لاکھ 20 ہزار شہریوں کو یوکرین اور ڈونباس سے روس منتقل کیا گیا ہے جبکہ کیف اور دیگر مقامات پر 5 ہزار ٹن ہنگامی امدادی سامان بھیجا گیا ہے۔
اس سے قبل امریکی محکمہ دفاع پینٹا گون کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ روس یوکرین پر حملے کے بعد چین پر ایک بوجھ بن چکا ہے۔
پینٹاگون میں دفاعی پالیسی کے انڈر سیکرٹری کولن کاہل نے کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے جو یوکرین میں کیا ہے اس کے بعد وہ چین کے لیے کسی اسٹریٹیجک بوجھ سے کم نہیں۔

عوامی رابطہ مہم، وزیراعظم ایک روزہ دورے پر کمالیہ جائیں گے

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کی عوامی رابطہ مہم کےاگلے مرحلے میں وزیراعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر کمالیہ جائیں گے۔
وزیر اعظم کی آمد سے قبل کمالیہ میں ہر طرف پی ٹی آئی پرچموں کی بہارہے جبکہ جلسے کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، وزہراعظم عمران خان اج دوپہر تین بجے سپورٹس کمپلیکس میں جلسہ عام سے خطاب کرینگے جبکہ اس موقع پر کمالیہ یونیورسٹی کاسنگ بنیاد اور ہڑپہ راوی پل کا افتتاح بھی متوقع ہے۔
ایم این اے ریاض فتیانہ کا کہنا ہے کہ کمالیہ جلسے میں وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، اسد عمر، فواد چوہدری، پرویز خٹک ودیگر شخصیات کی شرکت بھی متوقع ہے۔
کمالیہ جلسہ گاہ میں مرد حضرات کے لئے 20ہزار اور خواتین کے لئے 5ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں۔
گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیراعظم عمران خان کو ایک اور نوٹس جاری کردیا اور مانسہرہ میں جلسہ کرنے پر وضاحت طلب کرلی ہے۔
الیکشن کمیشن نےمانسہرہ میں جلسے پر وزیراعظم عمران خان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 28 مارچ کو ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر مانسہرہ کے دفتر میں وضاحت کے لیے طلب کیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، اسپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی، گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیر ریلوےاعظم سواتی اور سینیٹر فیصل جاوید سمیت دیگر کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے 28 مارچ کو وضاحت پیش کرنے کا کہا گیا ہے۔

فیروز والہ، ٹریفک حادثے میں باپ بیٹے سمیت تین افراد جاں بحق

لاہور : (ویب ڈیسک) فیروز والہ کے قریب جی ٹی روڈ پر ٹریفک حادثے میں باپ بیٹے سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے ۔پولیس نے ڈرائیوروں کو گرفتار کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق، وین کی موٹرسائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا، حادثے کے بعد شہری جمع ہو ئے تو اسی دوران تیز رفتار ٹرالر بے قابو ہو کر لوگوں پر چڑھ گیا جس کے نتیجے میں باپ بیٹا موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
لاشیں مریدکے ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔

مہنگائی مکاؤ مارچ کشمیر فروشوں سے نجات کا دن ہے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مہنگائی مکاؤ مارچ کشمیر فروشوں سے نجات کا دن ہے۔
مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مہنگائی مارچ نااہل ٹولے کے خلاف عدم اعتماد ثابت ہو گا اور مہنگائی مکاؤ مارچ مہنگائی کے کپتان سے نجات کا مارچ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی مکاؤ مارچ کشمیر فروشوں سے نجات کا دن ہے اور اب فیصلہ کن گھڑی آ گئی ہے۔ عوام کے حق کے ساتھ کھڑے ہونا ہے۔ عوام گھروں سے نکلیں اور اپنے گھروں کو مہنگائی کے عذاب سے بچائیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ مزدوروں، کسانوں اور محنت کشوں کو مارچ میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں جبکہ حمزہ شہباز اور مریم نواز گوجرانولہ میں جلسے سے خطاب کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی مکاؤ مارچ رات گوجرانوالہ میں قیام کرے گا۔

پاک آسٹریلیاون ڈےسیریز، اسٹیو اسمتھ دستبردار

لاہور : (ویب ڈیسک) آسٹریلوی بلے باز اسٹیون اسمتھ کہنی کی انجری کے باعث ون ڈے سیریز سے دستبردار ہو گئے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیں ٹیسٹ سیریز کے بعد شائقین کو اب ون ڈے سیریز کا بے صبری سے انتظار ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز منگل سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہو رہی ہے۔
آسٹریلوی بلے باز اسٹیون اسمتھ کہنی کی انجری کے باعث ون ڈے سیریز سے دستبردار ہو گئے۔ اسٹیون اسمتھ کو تیسرے ٹیسٹ کے دوران کہنی میں تکلیف شروع ہوئی تھی۔ فٹنس مسائل کے سبب انہوں نے ون ڈے سیریز نا کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسٹیون اسمتھ کی دستبرداری کے بعد مچل سویپسن کو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوں گے۔ ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلوی ٹیم نے ایک صفر سے کامیابی حاصل کی۔

پی ٹی آئی جلسے کی دعوت ملی نہ جاؤں گا، چودھری نثار

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیر داخلہ اور سینئر سیاستدان چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ انہیں 27 مارچ کو اسلام آباد میں ہونے والے پی ٹی آئی جلسے میں شرکت کی دعوت ملی ہے نہ وہ جلسے میں شرکت کریں گے۔ بی بی سی اردو سے گفتگو میں چودھری نثار نے پی ٹی آئی یا کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کا فیصلہ اپنے ووٹرز پر چھوڑ دیا۔
بی بی سی کے مطابق چودھری نثار نے کہا ہے کہ میں وقتی فائدہ کے لیے پارٹی بدلنے والا نہیں۔ 2018 کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کا ٹکٹ نہ دیے جانے پر کوئی پارٹی جوائن نہ کی۔ اب چار سال گزر گئے ہیں، مجھے کوئی پارٹی جوائن کرنے کی جلدی نہیں۔ اس بات کا جواب عام انتخابات کے وقت مل جائے گا۔
مسلم لیگ ن کے سابق رہنما نے کہا کہ میرے ووٹرز نے مجھے اپنی کشتی کا ملاح بنایا ہے۔ میں ان سے مشاورت کروں گا کہ اس کشتی کو میں کس جانب لے کر چلوں۔ مشاورت کے بعد ملاح کشتی کی سمت کا تعین کرے گا۔
انہوں نے کہاہے کہ اگر میرے حلقوں کے ووٹرز نے کہا کہ آزاد حیثیت سے انتخاب لڑو، تو میں ان کے فیصلے کے سامنے سر تسلیمِ خم کر دوں گا۔ اگر انہوں نے اس سے مختلف رائے دی تو اس کو پیش نظر رکھ کر فیصلہ کروں گا۔
سابق وزیر داخلہ نے جلد ہی سوشل میڈیا پر فعال ہونے کا فیصلہ بھی سنا دیا۔ کہا سوشل میڈیا پر میرا کوئی اکاؤنٹ نہیں۔ سیاسی مخالفین نے میرے نام سے جعلی اکاؤنٹس بنا رکھے ہیں۔ ان کے ذریعے غلط معلومات پھیلائی جاتی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ میرے لیے اس طرح کی ہر غلط معلومات کا جواب دینا ممکن نہیں۔ میں نے ان جعلی اکاؤنٹس کا سراغ لگانے کے لیے ایف آئی اے سے رجوع کیا ہے۔ انشا اللہ میں اپنا آفیشل اکاؤنٹ کھول رہا ہوں جس سے ڈس انفارمیشن کی حوصلہ شکنی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف مجھے ناپسند کرتے ہیں اور میں بھی ان کے بارے میں ایسے ہی جذبات رکھتا ہوں لیکن میں انہیں کرپٹ نہیں کہتا۔ غیب کا علم اللہ تعالی جانتا ہے۔ میں نے ان کے قریب کرپشن نہیں دیکھی۔ اگر میری نظروں سے ایسی بات گزرتی تو میں کب کا ان کو چھوڑ چکا ہوتا۔

اسلام آباد میں کنٹینرز لگ گئے، اضافی پولیس طلب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد میں جلسوں اور مارچ کے پیش نظر سیکیورٹی بڑھادی گئی، کنیٹینرز بھی پہنچ گئے۔
حکومت اور اپوزیشن کے جلسوں اور مارچ کی سیکیورٹی اور روٹس کے لئے اسلام آباد انتظامیہ اور وزارت داخلہ کی تیاریاں مکمل ہیں۔ دارالحکومت اسلام آباد میں مختلف مقامات پر کنٹینرز رکھ دیئے گئے ہیں تاہم ابھی سڑکوں ٹریفک کی روانی معمول کے مطابق ہے۔
اسلام آباد میں جلسوں اوراحتجاج کے پیش نظرپنجاب اور خیبرپختون خوا سے پولیس کی اضافی نفری لانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق رینجرز اور ایف سی کی اضافی نفری بھی بلائی جائے گی۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا، جلسوں سے شہریوں کی نقل و حرکت میں رکاوٹ نہیں آنی چاہیے، یقینی بنایا جائے کہ جلسے مختص کردہ مقام پر ہی ہوں۔
آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں چاروں زونل ایس پیز اور ایس ایس پی سید علی اکبر شریک ہوئے۔ اجلاس میں حکومتی اور اپوزیشن کے جلسوں کی سیکیورٹی سے متعلق انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق 2ہزار سے زائد پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے اہلکارجلسے جلوس اور ریلیوں کے راستوں پر تعینات ہوں گے۔ اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کو بھی برقرار رکھا جائے گا۔

27مارچ کا جلسہ، پی ٹی آئی قافلے دارالحکومت کی طرف روانہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے درالحکومت اسلام آباد میں جلسے کے لیے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ جلسے کے لئے ملک بھر سے کارکنوں کے قافلے اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہیں۔
وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ ملک بھرسے قافلے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوچکے ہیں، 27 مارچ کو ایک تاریخی جلسہ ہونے جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ قوم ایسے نکلے گی جو پہلے کبھی بھی نہیں دیکھا گیا ہوگا۔ قوم کا لیڈر عمران خان حرمت رسولﷺ کا مقدمہ لڑ رہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بیرون ممالک سے بھی لوگ جلسہ میں شرکت کیلئے آ رہے ہیں، عوام نے فیصلہ کر لیا ہے جو 27 مارچ کو گراؤنڈ میں نظر آئے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے بھی عوام کو 27 مارچ کے جلسے میں شرکت کی دعوت دے رکھی ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ ملک کا مستقبل بچانے کیلئے نکلیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام گھروں سے نکل کر اپوزیشن کی سیاسی قبر کھود دے گی۔ اپوزیشن کا سیاسی جنازہ نکلے گا۔اپوزیشن کے سیاسی جنازے پر نیا پاکستان کھڑا ہو گا۔