All posts by Khabrain News

بی جے پی کے یوگی آدیتہ ناتھ دوسری بار بھی یوپی کے وزیراعلیٰ بن گئے

لکھنؤ: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ ایک بار پھر وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اترپردیش میں تاریخ رقم کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی کے یوگی آدتیہ ناتھ آئندہ معیاد کے لیے بھی وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے۔ تقریب حلف برداری لکھنؤ کے اٹل بہاری واجپائی اکانا اسٹیڈیم میں ہوئی جس میں تقریباً 70 ہزار افراد نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، بی جے پی کے قومی صدر جے پرکاش نڈا سمیت کئی مرکزی وزرا اور کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور نائب وزرائے اعلیٰ بھی موجود تھے۔
ہزاروں لوگوں کی موجودگی میں وزیر اعلیٰ آدیتہ ناتھ جوگی اور وزرائے اعلیٰ کیشو پرساد موریہ اور برجیش پاٹھک نے عہدوں کا حلف اُٹھایا۔ اس بار نائب وزیراعلیٰ کے لیے دنیش شرما کی جگہ برجیش پاٹھک کو موقع دیا گیا ہے۔
یوگی ناتھ نے اپنی 52 رکنی کابینہ کا بھی اعلان کردیا ہے جس میں تمام اقلیتوں کو شامل کیا گیا ہے۔ ایک مسلم رکن کو بھی کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔
اس بار بی جے پی کو اترپردیش میں وزارت اعلیٰ کے لیے اتحادی جماعت سے ہاتھ ملانا پڑا ہے۔

عدم اعتماد ووٹنگ سے قبل پی ٹی آئی نے پی پی کی بڑی وکٹ گرا دی

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پاکستان پیپلز پارٹی کی بڑی وکٹ گرا دی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما، سابقہ سینئر مشیر، سینیٹر اور قانون دان افتخار احمد نے وزیراعظم عمران خان کے ایک ادنا سپاہی کی حیثیت سے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
اپنے ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان مضبوط حکمران ہے اور میری شمولیت سے اس کی قوت میں کوئی خاطر خواہ فرق نہیں پڑنا لیکن میں اپنے اس عمل سے اپنے ان کثیر تعداد میں دنیا کے طول وارض میں موجود تعلیم یافتہ اور ذی شعور دوستوں میں احساس پیدا کرنا چاہتا ہوں کہ جب ہمارے ملک پر کرپٹ مافیا اور عوام کا خون چوسنے والی جونکیں حملہ آور ہو تو ایک نکڑ پر کھڑے تماشائی بن کر نہیں رکھنا چاہیے۔
دوسری طرف وزیر مملکت فرخ حبیب نے بیرسٹر افتخار احمد کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا خیر مقدم کیا ہے۔
فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی دیانت اور اصول پسندی دنیا بھر میں مثال بن چکی ہے۔ باشعور طبقہ وزیر اعظم عمران خان کے پیغام پر لبیک کہہ رہا ہے، 27 مارچ کا جلسہ قومی فساد کی سیاست کے خلاف فیصلہ دے گا۔

شاہ محمود کا چودھری پرویز الٰہی کیساتھ ٹیلیفونک رابطہ، ملاقات طے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے ساتھ ملاقات کے بعد وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا مسلم لیگ ق کے رہنما اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں ووٹنگ سے قبل حکومت کے اپنے اتحادیوں کے ساتھ رابطے تیز ہو گئے ہیں، ایم کیو ایم کے بعد وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چودھری پرویز الٰہی کو ٹیلیفون کیا ہے ، جبکہ چودھری برادران کے ساتھ ملاقات کا وقت طے پا گیا ہے۔
شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک کے ہمراہ ہفتہ کی دوپہر 2 بجے لاہور میں پرویز الٰہی کی رہائش گاہ پر ملاقات کریں گے۔
ملاقات کے دوران وزیر خارجہ، وزیر اعظم عمران خان کا اہم پیغام چودھری برادران تک پہنچائیں گے۔

آج پھر عمران نیازی نے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑائیں: احسن اقبال

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں سات سالہ حساب مانگا جا رہا ہے، بیرون ملک پاکستانیوں کا پیسہ کھا گئے ہو، اس سب فراڈ کا ان کے پاس کوئی جواب نہیں، اگر آپ نے گھپلے نہیں کیے تو جواب دو۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج پھر عمران نیازی نے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑائیں، یہ پاکستان کو وہ وزیراعظم ہے جو قانون کا درس دیتا ہے، خود قانون شکنی کرتا ہے، وہ ملک کے لوگوں کو کس طرح درس دے سکتا ہے، جو خود اداروں کی تذلیل کر رہا ہے، یہ فاشسٹ حکمران کے طور پر قومی اداروں کو مرضی کے مطابق چلا رہا ہے۔ 7 مہینے تک عمران خان اور بزدار نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو رد کیا۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں عالمی ریکارڈ بنایا، اسی طرح الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق اور نوٹس کی خلاف ورزی کر رہا ہے، یہ خود کو ولی اللہ سمجھ رہے ہیں، فارن فنڈنگ کیس میں سات سالہ حساب مانگا جا رہا ہے، بیرون ملک پاکستانیوں کا پیسہ کھا گئے ہو، اس سب فراڈ کا ان کے پاس کوئی جواب نہیں، اگر آپ نے گھپلے نہیں کیے تو جواب دو۔ آپ نہ صادق وامین ہو، جھوٹے اور فراڈ کے مرتکب ہو، امر بالمعروف کا مطلب یہ نہیں ملک کو کرپشن کی علامت بنا دو، امر بالمعروف یہ نہیں کہتا، کھانے کی اشیاء کو آگ لگا دو، غریب آدمی کی پہنچ سے آج تمام چیزیں دور ہیں۔
احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے نوجوان آپ کی طرح نالائق نہیں ہیں، تحریک عدم اعتماد اس لیے ہے، آپ نے بہترین ماہرین لانے کا دعویٰ کیا، عوام کو نوکریوں اور مہنگائی کم کرنے کے دعویٰ کیے، پہلے نوکریوں اور پچاس لاکھ گھروں کا حساب دیں۔

یوکرینی سیاست دان کی اہلیہ کروڑوں ڈالرز سے بھرے بریف کیس سمیت گرفتار

بوداپست: (ویب ڈیسک) یوکرینی سیاست دان کی اہلیہ کو پونے 3 کروڑ سے زائد رقم سے بھرے بریف کیس لیکر کر ملک سے فرار ہونے کی کوشش میں ہنگری سے گرفتار کرلیا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کے سیاست دان اور معروف بزنس مین ایغور کوتفیتسکی کی اہلیہ اناستاسیا کوتفیتسکا کو یورپی یونین کے ملک ہنگری میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران ڈالرز سے بھرے بریف کیس سمیت حراست میں لے لیا گیا۔
یوکرینی سیاست دان کی اہلیہ سے 2 کروڑ 90 لاکھ امریکی ڈالرز سے بھرے بریف کیس برآمد ہوئے تھے جو پاکستانی 5 ارب 27 کروڑ روپے بنتے ہیں جس کے بارے میں وہ کسٹم حکام کو اطمینان بخش جواب نہیں دے سکی تھیں۔
یوکرینی سیاست دان ایغور کوتفیتسکی جو ملک میں یورینیئم کے بڑے ڈیلر بھی ہیں نے اہلیہ کی گرفتاری کے ردعمل میں کہا کہ ان کی اہلیہ امید سے ہیں اور وہ بچے کی پیدائش کے لیے یوکرین سے باہر جا رہی تھیں۔
سیاست دان ایغور کوتفیتسکی نے بھاری رقم کی برآمدگی کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میرا تمام پیسہ اس وقت یوکرین کے بینکوں میں موجود ہے۔ بریف کیس سے کروڑوں ڈالر ملنے کا الزام بے بنیاد ہے۔

27 مارچ جلسہ: امریکا، مشرق وسطیٰ، یورپ سے بھی لوگ آرہے ہیں: اسد عمر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ 27 مارچ کے جلسے میں شرکت کے لیے امریکا، مشرق وسطیٰ، یورپ سے بھی لوگ آرہے ہیں۔
پریڈ گراؤنڈ جلسہ گاہ کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ اتوار کو 3 بجے یہاں تاریخی جلسہ ہونے جا رہا ہے، جلسے کے لیے پریڈ گراؤنڈ ہمارے حوالے کر دیا گیا ہے، یہ تاریخی جلسہ ہونے جا رہا ہے، عمران خان مسلمانوں کا مقدمہ لڑ رہا ہے، پورے ملک میں جذبے کی لہر آئی ہوئی ہے، نہ صرف اندرون ملک سے بلکہ باہر سے لوگ بھی جلسے میں شرکت کے لیے آرہے ہیں، پاکستانیوں نے فیصلہ کر لیا ہے، پاکستانیوں نے فیصلہ کر لیا ہے ان کو کونسا پاکستان چاہیئے۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا دیکھے گی ساری قوم خوداری اور ناموس رسالت کے لیے کھڑی ہوگئی ہے، قوم اب اپنی حقیقی آزادی کی راہ پر گامزن ہے، کل ق لیگ کے ساتھ ہماری میٹنگ ہے، ایم کیو ایم کے ساتھ بھی ہماری دوبارہ ملاقات ہے، کہا جا رہا تھا اتحادی دو دن میں اعلان کریں گے، دو دن گزر گئے ابھی تک اعلان نہیں ہوا۔
صحافی نے سوال کیا کہ مریم نواز نے بھی آج کہا کانپیں ٹاگ رہی ہیں ، اس پر جواب دیتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ ن لیگ کی نائب صدر نے اپنی ذاتی کیفیت بتائی ہوگی، مریم کی ٹانگیں کانپ رہی ہونگی اس لیے انہوں نے یہ کہا ہے، کچھ ثبوت ہمارے پاس ہیں، وزیر اعظم کی صوابدید ہے وہ 27 مارچ کو ثبوت دکھائیں گے۔

وزراء کی ایم کیو ایم رہنماؤں سے ملاقات، وزیراعظم کا اہم پیغام پہنچا دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد آنے کے بعد اُسے ناکام بنانے کے لیے وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی متحرک ہو گئے۔
وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کے ہمراہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے وفد سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
ایم کیو ایم رہنماؤں میں وفاقی وزیر فروغ نسیم، وفاقی وزیر امین الحق، جاوید حنیف، صادق افتخار شامل تھے۔
ملاقات کے دوران وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اہم پیغام متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں کو پہنچایا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے حکومت کی اتحادی جماعت کے وفد سے ملاقات میں کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں ہوا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے وفد سے ملاقات کے بعد وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے واضح کہا کہ پیپلز پارٹی غلط بیانی کررہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیرسگالی کاپیغام لےکر ایم کیوایم پاکستان کے پاس گئے تھے اور وہ پیغام تھا کہ آپ ہمارےدوست ہیں ساتھ چلتےرہیں گے۔ ایم کیوایم وفد کے ساتھ خوشگوارماحول میں بات ہوئی اور ہماری اتحادی جماعت سےملاقات مثبت اورمفید رہی ہے جبکہ وفد میرا پیغام ایم کیوایم پاکستان قیادت تک پہنچائےگا۔

بابر اعظم نے لاہور ٹیسٹ میں ناقص فیلڈنگ کو شکست کی وجہ قرار دیدیا

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے آسٹریلیا کے ہاتھوں لاہور ٹیسٹ میچ میں شکست کی بڑی وجہ ناقص فیلڈنگ کو قرار دے دیا ہے۔
آسٹریلیا کے ہاتھوں لاہور ٹیسٹ میچ میں 115 رنز سے شکست کھانے والی پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے پوسٹ میچ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلے بازوں سے بھی کچھ غلطیاں ہوئیں، ہم نے مثبت کرکٹ کھیلی اور بطور ٹیم سب نے کوشش کی، نعمان علی نے کافی اچھی باؤلنگ کی، حسن علی میچ ونر ہے، اچھا برا وقت چلتا رہتا ہے،انہوں نے ماضی میں میچ وننگ پرفارمنس دی ہیں۔
بابر اعظم نے مزید کہا کہ ہمارے لیے سیریز کافی اچھی رہی، کراچی ٹیسٹ میں ہم نے اچھا کھیلا، ہم نے ٹیم کا کمبینیشن کافی اچھا بنایا تھا۔

خیبر پختون خوا کے اسکولوں میں تعطیلات کا اعلان

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبر پختون خوا حکومت نے صوبے بھر کے پرائمری اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں موسم بہار کی تعطیلات کا اعلان کردیا۔
خیبر پختون خوا حکومت نے صوبے بھر میں پرائمری اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں یکم اپریل سے موسم بہار کی تعطیلات کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔
محکمہ تعلیم خیبر پختون خوا کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق یکم اپریل سے 7 اپریل تک اسکول بند رہیں گے۔

رمضان المبارک سے قبل مہنگائی کا پارہ پھر سے بلند ہونے لگا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) رمضان المبارک سے قبل مہنگائی کا پارہ پھر سے بلند ہونے لگا، ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 1 اعشاریہ 10 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ 25 اشیاء کے دام بڑھ گئے۔
ادارہ شماریات نے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق مجموعی پارہ 15.67 فیصد تک پہنچ چکا ہے، رواں ہفتے برائلر مرغی کی قیمتوں نے ٹرپل سنچری بھی مکمل کر لی اور فی کلو قیمت میں 23 روپے 59 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے بعد نئی قیمت 302 روپے 8 پیسے تک پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے گھی کی فی کلو قیمت میں 5 روپے 15 پیسے اضافہ ہوا، اوسط فی کلو قیمت 466 روپے 95 پیسے پر پہنچ گئی، بیف 94 پیسے اور مٹن 5 روپے 80 پیسے فی کلو مہنگا ہوا، ایک ہفتے میں کیلے 4 روپے 43 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے، ایک ہفتے کے دوران تازہ دودھ 78 پیسے، دہی ایک روپے 37 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 9 روپے 19 پیسے مہنگا ہوا، چاول، دال ماش ، دال مونگ، خشک دودھ ، ٹوائلٹ صابن بھی مہنگا ہوا۔
حالیہ ہفتے 9 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی، ٹماٹر 3 روپے 11 پیسے فی کلو سستے ہوئے، لہسن 16 روپے 70 پیسے فی کلو سستا ہوا، انڈے 5 روپے 73 پیسے فی درجن سستے ہوئے، چینی 81 پیسے فی کلو سستی ہوئی، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 39 روپے 35 پیسے سستا ہوا، دال چنا، دال مسور کی قیمتوں میں بھی کمی آئی جبکہ 18 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔