All posts by Khabrain News

سونے کی عالمی اور مقامی قیمت میں کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 1 ڈالر کے کمی سے 1955 ڈالر کی سطح پر آنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ اور فی 10 گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 50 روپے اور 43 روپے کمی آگئی۔
نتیجے میں مختلف شہروں میں فی تولہ سونے کی قیمت کم ہوکر ایک لاکھ 31 ہزار 450 اور فی 10 گرام سونے کی قیمت کم ہوکر ایک لاکھ 12 ہزار 697 روپے ہوگئی۔
دریں اثنا فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1510 روپے پر مستحکم رہی۔

بھارت؛ سفاک شخص نے 11 سالہ طالبہ کو اسکول میں زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا

پونے: (ویب ڈیسک) بھارت میں اسکول کے ملازم نے 11 سالہ طالبہ کو واش روم میں لے جاکر جنسی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مہاراشٹر کے شہر پونے میں پانچویں جماعت کی طالبہ چھٹی کے بعد گھر جانے کے لیے زرا تاخیر سے کلاس سے نکلی تو 40 سالہ شخص اسے گھسیٹ کر واش روم لے گیا۔
منگیش نامی شخص نے واش روم میں 11 سالہ طالبہ کو ڈرا دھمکا کر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور تشدد بھی کیا۔ لڑکی کو زخمی حالت میں اسپتال میں منتقل کیا گیا۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ بچی کی طبیعت خطرے سے باہر ہے تاہم وہ شدید نفسیاتی دباؤ کا شکار ہے۔ متاثرہ طالبہ کے والدین نے منگیش کے خلاف تھانے میں مقدمہ دائر کردیا لیکن اب تک ملزم کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔
علاقہ مکینوں نے متاثرہ بچی کے والدین کے ہمراہ مودی حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہر بھی کیا۔ بھارت عورتوں کے لیے غیر محفوظ ملک بنتا جا رہا ہے جہاں گائے کی رکھشا تو کی جاتی ہے لیکن عورتوں کو سرعام جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

ترین گروپ کا پی ٹی آئی کے جلسے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) ترین گروپ نے اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور میں آج ترین گروپ کے اراکین نے بیٹھک کی جس میں جہانگیر ترین ویڈیو لنک سے شریک ہوئے۔
بیٹھک میں صوبائی وزیر مراد راس سے ملاقاتوں اور حکومتی شخصیات کے رابطوں پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اس موقع پر ارکان کی اکثریت نے موقف اپنایا کہ ہمارے معاملات کو حل کرنا صوبائی وزراکے بس میں نہیں، مذاکرات وفاقی ٹیم یا وزیر اعظم سے ہی کرنے چاہیے۔
ترین گروپ کے رکن فیصل حیات جبوانہ نے کہا کہ جب تک معاملات کو حل نہیں کیا جاتا حکومت کی کسی ایکٹویٹی میں شامل نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ترین گروپ کے تمام اراکین متحد ہیں اور یہ سب کا مشترکہ فیصلہ ہے، وفاق کی سطح پر معاملات کے حل کےلئے مذاکرات کریں گا۔

اسلام آباد میں لوگوں کو خریدنے کیلئے منڈی لگی ہوئی ہے: وزیراعظم عمران خان

مانسہرہ: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تین چوہے مل کر میرا شکار کرنا چاہتے ہیں، ہم انہیں شکست دیں گے، یہ چاہتے ہیں کہ کسی طرح عمران خان ان کو این آر او دے۔اسلام آباد میں منڈی لگی ہوئی ہے جہاں لوگوں کو خریدنے کے لیے 20/25 کروڑ کی آفر کی جارہی ہے۔
خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں پی ٹی آئی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ شاندار استقبال پر عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، شاندار جلسے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، میں ہر جلسے میں اپنے آپ کو کہہ کر جاتا ہوں میں فضل الرحمان کو ڈیزل نہیں کہوں گا، میں جب تقریر کیلئے کھڑا ہوتا ہوں تو پنڈال سے ڈیزل ڈیزل کی آواز آنا شروع ہوجاتی ہے۔ برے اور مشکل وقت میں پوری کوشش کی ڈیزل کی قیمت کم کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ میں کرکٹ کی دنیا کا سپر سٹار رہ چکا ہوں، نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، نوجوانوں کو سکھانا چاہتا ہوں تباہی اور عظمت کا راستہ کون سا ہے، پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی صالح محمد خان کے ضمیر کو خریدنے کیلئے 20 سے 25کروڑ روپے رکھے گئے، اسلام آباد میں جو منڈی لگی ہوئی ہے اس میں لوگوں کو خریدنے کیلئے 25کروڑ کی آفر کی جارہی ہے، صالح محمد کے پاس بھی2 راستے تھے کہ وہ پیسے لے کر کہتے کہ عمران خان بہت غلط آدمی ہے، سچ اور حق کا راستہ آسان نہیں بہت مشکل ہوتا ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے، اقوام متحدہ میں اسلاموفوبیا کیخلاف قرار داد پاس کرائی، اب ہر سال 15مارچ اسلامو فوبیا کیخلاف دن منایا جائے گا، آزادی رائے کے نام پر مسلمانوں کو تکلیف دی جاتی تھی، گزشتہ 30سال فضل الرحمان سیاست میں ہے اس نے یہ کیوں نہیں کیا، پی ڈی ایم سربراہ 30 سال سے دین کے نام پر سیاست کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس معاشرے میں انصاف نہ ہو و ہ ترقی نہیں کرسکتا، جس معاشرے میں قانون کی حکمرانی نہیں ہوتی وہ معاشرہ ترقی نہیں کرتا، تین چوہے مل کر میرا شکار کرنا چاہتے ہیں، ہم انہیں شکست دیں گے، یہ چاہتے ہیں کہ کسی طرح عمران خان ان کو این آر او دے۔ میں جنرل (ر) مشرف کی طرح ان کو این آر نہیں دوں گا۔ اگر میں نے انہیں این آر او دے دیا تو یہ میری پاکستان سے سب سے بڑی غداری ہو گی۔
عمران خان نے کہا کہ عوام سے وعدہ کرتا ہوں سبز پاسپورٹ کی عزت کراؤں گا۔ بھارت سے تب دوستی کریں گے جب تک 5 اگست کا غیرقانونی اقدام واپس نہیں لیتا، ماضی میں ایسے لیڈر آئے جنہوں نے ملک کا پیسہ چور ی کر کے باہر بھیجا، ماضی کے حکمرانوں نے ملک کو دوسروں کا غلام بنا دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کیلئے ہی جنگ لڑ رہے تھے اور وہ ہم پر ڈرون حملے کررہا تھا، یہ اپنی دولت کے غلام ہیں انہوں نے کبھی ڈرون حملوں کی مذمت نہیں کی، ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے، لیکن ملک کو کسی کے سامنے جھکنے نہیں دیں گے۔ اللہ نے یہ اجازت نہیں دی اچھے اور بُرے کی جنگ ہو تو آپ کہیں میں نیوٹرل ہوں۔ ہمارا معاشرہ امر بالمعروف پر نہیں مغربی معاشرہ امر بالمعروف پر چل رہا ہے۔
سابق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک بھگوڑا بیماری کا بہانہ کر کے ملک چھوڑ کر فرار ہو گیا، بھگوڑے نے بیٹی کے نام پر جائیداد خریدی، ان پر کرپشن کیسز معاف کیے تو ملک سے غداری کروں گا۔ یہ چوہے اس لیے اکٹھے ہوئے ہیں ملک کے حالات خراب ہیں۔ مجھے ان تین چوہوں پر ترس آ رہا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ چوہا نمبرون شہبازشریف وزیراعظم بننے کے خواب دیکھ رہا ہے، لیگی صدر کہتا ہے یورپی یونین کے خلاف تقریر نہیں کرنی چاہیے، اپوزیشن لیڈر کہتا ہے اگر وہ ہوتے تو امریکییوں کو ناراض نہ کرتا، جہاں بھی بوٹ دیکھتا ہے جوتے پالش کرتا ہے مجھے کسی طرح وزیراعظم بنا دو، شہبازشریف اچکن سنبھال کر رکھ لو کسی اور کو دینی پڑے گی، شریف خاندان کے لوٹ مار، چوری کے دن چلے گئے، مجھے لگ رہا ہے شریف خاندان لندن جاکرسیاست کریں گے، اگرشریف خاندان نے لندن میں سیاست کی تو یہ لندن کا بھی دیوالیہ نکال دیں گے، شہبازشریف نے اتنے جوتے پالش کیے اس کا نام ’چیری بلاسم ‘رکھ دیتا ہوں۔
وزیراعظم نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہر خاندان کو 10لاکھ روپے کی ہیلتھ انشورنس دی، ہیلتھ انشورنس کے تحت کسی بھی ہسپتال سے علاج کرایا جاسکتا ہے، 2کروڑ خاندانوں کو 14ہزار روپے دے رہے ہیں، 2 کروڑ خاندانوں کو گھی، آٹے اور چینی پر 30فیصد سبسڈی دے رہے ہیں، 20لاکھ خاندانوں کو گھر بنانے کیلئے سود کے بغیر 20 لاکھ روپے دے رہے ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ٹیکس میں تاریخی اضافہ ہوا، گندم، گنے، چاول، آلو اور مکئی کی پیدوار میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔ ماضی میں ٹیکسٹائل انڈسٹری بند ہورہی تھی اور آج ٹیکسٹائل انڈسٹری کیلئے مزدور نہیں مل رہے۔ آئی ٹی کی ایکسپورٹ میں 75فیصد اضافہ ہوا ہے۔ آج پاکستان کی سب سے زیادہ ایکسپورٹ ہے، ہم نے سابقہ حکومت سے سستے ریٹ پر سڑکیں بنا رہے ہیں۔ قوم کا ایک ہزار ارب روپے ہم نے سستی سڑکیں بنا کر بچایا۔
انہوں نے کہا کہ ریکوڈک میں 2 ہزار ارب روپے کا ہرجانہ ہوا تھا جو پاکستان نے دینے تھے، ہم نے تین سال مذاکرات کر کے ریکوڈک کا مسئلہ حل کیا، جو کمپنی چھوڑ کر چلی گئی تھی وہ واپس آگئی ہے۔ ریکوڈک معاہدے سے بلوچستان کی تقدیربدلے گی۔

جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے آئینی ترمیمی بل سپیکر قومی اسمبلی کو پیش کر دیا: شاہ محمود

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے آئینی ترمیمی بل سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو پیش کر دیا ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وزیر خارجہ کی درخواست پر جنوبی پنجاب آئینی ترمیمی بل کو سوموار کو منعقد ہونے والے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کرنے کا حکم دے دیا ۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب صوبہ کا قیام پاکستان تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے، وزیر اعظم عمران خان نے میلسی کے عوامی رابطہ جلسے میں جنوبی پنجاب آئینی ترمیمی بل پارلیمنٹ میں لانے کا اعلان کیا، وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر میں نے آئینی ترمیمی بل، وزارت قانون کی منظوری کے بعد سپیکر قومی اسمبلی کی خدمت میں پیش کر دیا ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری بھی موجود تھے۔

FINCAمائیکرو فنانس بینک نے پاکستان میں FINCAفیملی کےلئے نئے ملازمتی فوائد متعارف کرادیئے

لاہور: (ویب ڈیسک) مائیکرو فنانس بینک نے پاکستان میں فیملی کےلئے نئے ملازمتی فوائد متعارف کرادیئے
GDIBایوارڈ جیتنے کے حالیہ اعلان کے بعد ملک معروف مائیکرو فنانس بینک،FINCA مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ پاکستان نے پاکستا ن میں اپنی ٹیم کےلئے نئے فوائد اور پالیسیوں کا اعلان کیا ہے۔
صحت و حفاظت:کوویڈ19کے موجودہ منظر نامے میں اپنے ملازمین کی صحت و حفاظت کو ترجیح دیتے ہوئے،FINCAنے ہیڈ آفس میں اپنے عملہ کےلئے ایک ہائبرڈ ورکنگ پالیسی متعارف کرائی ہے ۔نئے پروگرام کے مطابق ملازمین کو اپنے منیجرز سے منظوری کے بعد گھر سے چار روز تک کام کرنے کی اجازت ہوگی،اس کے علاوہ FINCAکے ملازمین اپنے والدین کےلئے کم شرح پر میڈیکل انشورنس حاصل کرسکیںگے،محض 1000روپے کے پریمئم کی ادائیگی کے عوض والدین کو اسپتال میں داخل ہونے کی صورت میں ڈھائی لاکھ روپے کی کوریج حاصل ہوگی۔
مالی بہبود:FINCAنے کام کےلئے محفوظ ماحول کی فراہمی کے علاوہ اپنے خاندان کی مالی بہبود یقینی بنانے کےلئے ،اپنے ملازمین کےلئے قرض کی متعدد نئی سہولیات متعارف کرائی ہیں،تمام ملازمین رعایتی شرح پرچھ ماہ کی مجموعی تنخواہ کے مساوی(زیادہ سے زیادہ 30لاکھ روپے) کا قرض حاصل کرسکیںگے جو کہ ایک تا تین سال کی مدت کے دوران قابل ادائیگی ہوگا،اس کے علاوہ ملازمین کو اپنے مستقبل کے پراویڈنٹ فنڈ کو آج ذاتی قرض میںتبدیل کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا،ملازمین 30لاکھ تک کی اس سہولت سے استفادہ کرسکیںگے اور بینک کو رعایتی نرخوںپر ادائیگی کرسکیں گے
خواتین عملہ کےلئے نقل و حرکت کی سہولت:ادارے کے اندر اور باہر ایک زیادہ متنوع خاندان کو فروغ دینا،پاکستان میں FINCA ڈی این اے کا ایک لازمی حصہ رہا ہے،FINCA اپنی خواتین اسٹاف کےلئے اب تین ماہ تک کی ادائیگی کے ساتھ زچگی کی چھٹیوںکی سہولت فراہم کرتا ہے ،جو بینک میںملازمت کی مدت کے دوران دو بار حاصل کی جاسکتی ہیں۔FINCA نے اپنی خواتین اسٹاف کےلئے سبسڈی والے اسکوٹر بھی متعارف کرائے ہیں،جس کے مطابق عملہ کی خواتین اراکین اسکوٹر کی قیمت کا نصف ادا کرکے اس کی مالک بن سکتی ہیں اور بقیہ رقم دو سالوںمیں آسان اقساط میںادا کرسکتی ہیں۔
ملازمین کے مستقبل میں سرمایہ کاری:FINCAملک کے سرکردہ کمرشل بینکوںکے تعاون سے اپنے ملازمین کو آسان ہوم لونز فراہم کرے گا، اس اقدام کے ذریعے ملازمین اپنی موجودہ تنخواہوںکی حد کے مطابق اپنے خوابوں کے گھر کی تعمیر/تزئین و آرائش کےلئے قرض حاصل کرسکیں گے اور بینک کو رعایتی شرح پر واپس کرسکیںگے۔

اوپو نے اے 96 ماڈل کا نیا فون متعارف کرادیا

لاہور: (ویب ڈیسک) اوپو نے اے 96 ماڈل کا نیا فون متعارف کرادیا. بٹری میموری اور اسٹوریج شامل ہے جو غیر معمولی طور پر صارف کو پائیدار تجربہ فراہم کرتا ہے۔ اوپو نے اے 96میں ریم کی توسیع سے کارکردگی اور اسٹوریج کو ایک اضافی فروغ ملتا ہے، یعنی بہتر ملٹی ٹاسکنگ اور Smoothتجربے کے ساتھ مزید تصاویر اور ویڈیوز محفوظ رکھنے کیلئے اضافی اسٹوریج کیلئے SDکارڈ لگانے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
فون میں کال اور تفریح کیلئے زبردست آڈیو سسٹم موجود ہے۔ فون میں دو اسپیکرز اور مائیکروفون ہیں جس سے اوپو نے اے 96شور کو کم کرتے ہوئے Stereo High Volumeتیار کرتا ہے۔ فون ہائی فیڈیلیٹی ڈیرک ایچ ڈی آڈیو ٹیکنالوجی سے تجربے کو مزید بہتر بناتا ہے۔
اوپو نے اے 96میں 16میگا پکسل کا فرنٹ کیمرہ خوبصورت سیلفی شاٹس تیار کرتا ہے۔ AIقدرتی ری ٹچنگ جیسی خصوصیات سے داغ ہٹائے جاسکتے ہیں جبکہ صارفین کے چہرے کے قدرتی خدوخال بھی محفوظ رہتے ہیں۔Potraitشاٹس اب زیادہ روشن اور واضح ہوں گے جس میں 360ڈگری کی فل لائٹ فیچر سے مدھم ماحول میں بھی بہترین تصور حاصل ہوسکتی ہے۔
موبائل کی پشت پر ڈوئل کیمرہ سیٹ اپ ہے جس میں 50میگا پکسل کا ریئر کیمرہ ہے جس سے بہترین حساسیت کی حامل زیادہ پکسل کے ساتھ تصویر لی جاسکتی ہے، اور 2میگا پکسل کا بوکیہ کیمرہ، جو صارفین کو درست اور قدرتی بوکیہ افیکٹس کے ساتھ تصاویر لینے کیلئے پورٹریٹ موڈ استعمال کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ موبائل کا پچھلا کیمرہ 5xڈیجیٹل زوم اور مسلسل 20برسٹ شاٹس لینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
کیمرے کے اضافی فیچرز میں AIپیلیٹ، نیون پوٹریٹ، فلیش اسنیپ شاٹ، اور سیلفی HDRسے ملے اور بھی زیادہ استعداد تاکہ استعمال کرنے والا شوٹنگ کے مختلف فیچرز سے استفادہ حاصل کر کے بہترین تصویر حاصل کریں۔

راولپنڈی میں ساس کو قتل اور اہلیہ کو زخمی کرنیوالا ملزم گرفتار

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سول لائنز پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرکے ساس اورپڑوسی کو قتل جبکہ اہلیہ کو زخمی کرنیوالانامزد ملزم گرفتار کرلیا۔
ملزم نے رنجش کی بناء پر چند روز قبل فائرنگ کرکے اپنی ساس نسرین اور محلہ دارحسن کو قتل جبکہ اپنی اہلیہ خوشبو کو زخمی کردیاتھا۔ ایس ایچ اوسول لائنز اورانکی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلی جینس کی مدد سے نامزد ملزم کاشف کو گرفتارکرلیا۔
ایس پی پوٹھوہار نے ملزم کی گرفتاری پر ایس ایچ او سول لائنز اور ان کی ٹیم کوشاباش دیتے ہوئے کہا کہ قاتل کو ٹھو س شواہد کے ساتھ چالان کرکے قرار واقعی سزادلوائی جائے۔ ایس ایس پی انوسٹی گیشن غضنفر علی شاہ نے کہا کہ سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری سے لواحقین کو انصاف کی فراہمی میں مدد ملتی ہے۔

تیز رفتار کار کے ٹکرانے سے مگر مچھ اور ڈرائیور ہلاک

فلوریڈا: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست فلوریڈا میں تیز رفتار کار سڑک عبور کرتے مگر مچھ سے ٹکرا کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں ڈرائیور اور مگر مچھ ہلاک ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں 59 سالہ شہری کی کار سڑک عبور کرتے 11 فُٹ لمبے مگر مچھ سے ٹکرا کر کھائی میں گر گئی جس کے نتیجے میں ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
ریسکیو ادارے کے امدادی کارکن جائے موقع پر پہنچے تو مگر مچھ کو بھی مردہ پایا۔ 59 سالہ شہری کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ امریکی ریاست فلوریڈا میں اس وقت 13 لاکھ مگر مچھ ہیں جن کے باعث ایسے حادثات عام ہیں۔
مگر مچھ کو سڑکوں پر آنے سے روکنے کے لیے رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں تاکہ خطرناک جانور کو ایک علاقے کو محدود کرنے کی کوشش کی جارہی ہیں جس کے لیے وائلڈ لائف کا محکمہ منصوبہ بھی تیار کر رہا ہے۔

شمالی کوریا کا بیلسٹک میزائل کا تجربہ

پیانگ یانگ: (ویب ڈیسک) شمالی کوریا نے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔
غیرملکی میڈیا نے جاپان اور جنوبی کوریا کے حکام کے حوالے سے بتایا کہ شمالی کوریا نے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔
جاپانی حکام کے مطابق شمالی کوریا کا میزائل فضا میں تقریباً ایک گھنٹے تک رہا اور 1100 کلومیٹر دور جاپان کے جنوب میں سمندر میں گرا۔ شمالی کوریا کا یہ بین البراعظمی بیلسٹک میزائل2017 کے میزائل کے مقابلے میں زیادہ طاقتور ہے جو6 ہزارکلومیٹر سے زیادہ بلندی تک پہنچا۔
اس سے قبل مرتبہ شمالی کوریا نے 2017 میں بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا تھا۔
امریکا نے شمالی کوریا کے میزائل تجربے کی مذمت کی ہے۔ وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری جین ساکی نے بیان میں تجربے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ تجربہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔تجربے سے خطے میں بلا ضرورت تناؤ میں اضافہ اورصورتحال غیرمستحکم ہونے کا خطرہ ہے۔