All posts by Khabrain News

ہمارے وجود کو خطرہ ہوا تو جوہری ہتھیار استعمال کریں گے، روس

روس : (ویب ڈیسک) کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف کا کہنا ہے کہ روس اس وقت تک جوہری ہتھیار استعمال نہیں کرے گا جب تک اس کے وجود کو خطرہ نہ ہو۔ وجود کو خطرہ ہوا تو جوہری ہتھیار استعمال کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یوکرین میں آپریشن پلان کے مطابق جاری ہے۔ کسی کو یقین نہیں تھا کہ یہ دو دن بھی چلے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ساحلی شہر ماریوپول میں آپریشن کا بنیادی مقصد یوکرین کی تمام قومی اکائیوں کا خاتمہ ہے۔
کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے صحافیوں کو بتایا کہ یوکرین سے مذاکرات کا عمل جاری ہے، لیکن ہم مزید فعال، زیادہ ٹھوس مذاکرات دیکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ روس اور یوکرین کے درمیان بات چیت سست اور کم بامعنی تھی۔ مذاکرات کا خلاصہ شائع کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔ اس طرح کے اقدام سے مذاکراتی عمل کو نقصان پہنچے گا۔

پال پوگبا کے گھر چوری، ورلڈ کپ کا گولڈ میڈل غائب

مانچیسٹر : (ویب ڈیسک) مانچیسٹر یونائٹیڈ کے فٹ بالر پال پوگبا کے گھر میں چوری ہو گئی، 2018 کے ورلڈ کپ میں جیتا گیا گولڈ میڈل بھی چور لے اڑے۔
رپورٹ کے مطابق پوگبا کے گھر چوری گذشتہ ہفتے ہوئی تھی، جب وہ اولڈ ٹریفورڈ میں ایٹلیٹکو میڈرڈ کے خلاف کھیل رہے تھے، اس وقت فٹ بالر کے دو چھوٹے بچے اور ان کی آیا گھر میں موجود تھیں۔
پال پوگبا نے اس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میری ماں کے زیورات اور عالمی چیمپئن کا تمغہ چوری ہوا ہے، لیکن ان کا کہنا تھا کہ جس چیز نے مجھے سب سے زیادہ خوفزدہ کیا وہ یہ تھا کہ اس واقعے کے دوران میرے دو بچے نینی کے ساتھ گھر پر تھے۔
نینی نے میری بیوی اور سیکیورٹی کو فون کیا، پھر خود کو اور بچوں کو ایک ساتھ ایک کمرے میں بند کر لیا۔

افغانستان میں 7 ماہ بعد لڑکیوں کے تعلیمی ادارے کھل کر بند ہو گئے

افغانستان : (ویب ڈیسک) تعلیم ہر انسان کا حق ہے، افغانستان میں 7 ماہ بعد لڑکیوں کے لیے تعلیمی ادارے کھولے گئے لیکن پھر بند کرنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے۔
طالبان نے لڑکیوں کے سیکنڈری گرلز اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کے چند گھنٹوں بعد ہی بند کرنے کا حکم دے دیا، افغان وزارت تعلیم کے مطابق 6ویں جماعت سے آگے کی طالبات کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
طالبان کے اچانک فیصلے پر بچیاں اپنے آنسووں کو روک نہ پائیں اور رو پڑیں۔ طالبات نے مطالبہ کیا کہ طالبان تمام لڑکیوں کے لیے اسکول کو کھولنے کا وعدہ پورا کریں۔
وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ لڑکیوں کے اسکول اس وقت تک بند رہیں گے جب تک مذہبی قانون اور افغان ثقافت کے مطابق کوئی منصوبہ نہیں بنایا جاتا۔
یاد رہے 5 دن پہلے طالبان نے لڑکیوں کو ہائی اسکول بھیجنے کی اجازت دینے کا اعلان کردیا تھا۔
ترجمان وزارت تعلیم کا کہنا تھا کہ اسکول تمام لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے کھولے جا رہے ہیں۔ تاہم طالبات کو لڑکوں سے الگ اور صرف خواتین اساتذہ کے ذریعے پڑھایا جائے گا۔
جن علاقوں میں خواتین اساتذہ کی کمی ہے، وہاں بڑی عمر کے مرد اساتذہ کو لڑکیوں کو پڑھانے کی اجازت ہو گی۔ اس سال ایک بھی اسکول بند نہیں ہو گا، اگر کوئی اسکول بند ہوتا ہے تو اسے کھولنا وزارت تعلیم کی ذمہ داری ہے۔
افغانستان میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد لڑکیوں کو اسکولوں اور کالجوں میں داخلے اور تعلیم کے حصول کی اجازت دینا ایک اہم مطالبہ رہا ہے۔

کتے کے حملے سے 17 ماہ کی بچی کی جان چلی گئی

انگلینڈ : (ویب ڈیسک) انگلینڈ میں پالتو کتے نے گھر کی بچی پر ہی حملہ کر دیا، جس سے بچی شدید زخمی ہوگئی، اسپتال لے جایا گیا، لیکن بچی کی جان نہیں بچائی جا سکی۔
مرسی سائیڈ پولیس کے مطابق خاندان نے کتا ایک ہفتے پہلے ہی خریدا تھا، اس وقت بچی کے اہل خانہ شدید صدمے کی حالت میں ہیں۔
کتے کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، یہ معلوم کرنے کے لیے کتے کے فرانزک ٹیسٹ کیے جائیں گے کہ کیا وہ خطرناک کتوں کے ایکٹ (1991) کے تحت غیر قانونی نسل تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات ابھی تک ابتدائی مراحل میں ہیں، وہ کتے کے پہلے مالکان کی تلاش کر رہے ہیں تاکہ اس کے بارے میں مزید معلومات حاصل کی جا سکیں۔
17 سالہ بچی کی ہمسائی کا کہنا تھا کہ میں بھاگ کر وہاں پہنچی اور مدد کی کوشش کی اور طبّی اہلکاروں کے آنے تک سی پی آر کے زریعے سانس بحال کرنے کی کوشش بھی کرتی رہی۔

صدر نے کہا تو گورنر راج لگانا ہوگا، گورنر سندھ

کراچی: (ویب ڈیسک) گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ صدر نے کہا تو گورنر راج لگانا ہوگا،وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ عدم اعتماد کی تحریک میں ملک کا نقصان نہیں ہوگا۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیر اعلیٰ سندھ کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ صدر مملکت میرے باس ہیں وہ جو کہیں گے مجھے کرنا ہوگا، گورنر راج لگانے کا کہا تو لگانا ہو گا۔عدم اعتماد کا معاملہ چل رہا ہے ،یہ مناسب نہیں ہے کہ آپ لوگ ہمیں ساتھ کھڑا کر کے سیاسی سوالات کریں،اب گورنر راج والی بات کو یہیں ختم کردیں۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم ، ق لیگ اور باپ پارٹی اپنا فیصلہ کرنے میں آزاد ہیں۔منحرف اراکین نے جو کیا میرے نزدیک وہ غداری ہے۔ایسی قانون سازی ہونی چاھیے کہ وہ ایسی جرات نہ کریں۔
صحافی نے گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ سے سوال کیا کہ سیاسی قوتوں کی لڑائی میں اگر جمہوریت کا نقصان ہوا تو کون ذمہ دار ہوگا ؟گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب اشارہ کردیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے جواب دیا کہ جمہوریت کو کوئی نقصان نہیں ہوگا اگر آئین پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ اس عدم اعتماد کی تحریک میں ملک کا نقصان نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی،ہم یہ چاہتے ہیں یہ ملک آئین کے مطابق چلائیں،شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے خلاف جب عدم اعتماد پیش ہوا تو چند دنوں میں اس پر ووٹنگ ہوئی تھی۔
وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ نے یہ بات صحیح کہی کہ اگلا سال زیادہ بہتر سال ہوگا،ایم کیو ایم کے ساتھ بات چیت ہو رہی ہے ،انھوں نے اپنے نکات بلاول بھٹو زرداری کو پیش کیئے ہیں۔ ہماری ایم کیو ایم کے ساتھ جو بات ہوئی ہے جو ضروری ہوگا اس کی قانون سازی کرینگے۔

قائداعظم کے سنہری اصولوں ایمان، اتحاد، تنظیم پر کاربند ہونے کی ضرورت ہے، وزیر اعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں قائد اعظم کے سنہری اصولوں ایمان، اتحاد، تنظیم پر کاربند ہونے کی ضرورت ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے یوم پاکستان کے موقع پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا کہ 23 مارچ تخلیق پاکستان کے حقیقی مقاصد پر کاربند رہنے اور عزم کی تجدید کا دن ہے۔ بابائے قوم، تحریک آزادی کے رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ پاکستان طویل جدوجہد کے بعد وجود میں آیا۔ استحکام اور ترقی کی کلید محنت، دیانت داری، اخلاقیات میں مضمر ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ہمیں خود کو ریاست مدینہ کی طرز پر حقیقی فلاحی ریاست کے لیے وقف کرنا چاہیے اور ہمیں بحیثیت قوم درپیش چیلنجزکا ادراک کرنا چاہیے۔ حکومت نےغربت کے خاتمے اور انصاف کے لیے اصلاحات متعارف کرائیں اب ہماری توجہ معاشرے کے نظر انداز طبقے اور مساوی مواقع پر مرکوز ہے۔
انہوں نے کہا کہ کامیاب پاکستان پروگرام زبردست اقتصادی فوائد کا حامل ہے اور قومی صحت کارڈ کے فلیگ شپ پروگرام تاریخ میں بے مثال پروگرام ہے۔ ماضی کی حکومتوں نے قومی مفاد پر ذاتی مفادات کو ترجیح دی لیکن ہم اپنی عظمت رفتہ کی بحالی کی شاہراہ پر گامزن ہیں۔

طالبان نے لڑکیوں کے اسکولز دوبارہ کھولنے کا حکم واپس لے لیا

کابل: افغان طالبان نے طالبات کے لیے آج سے ہائی اسکول دوبارہ کھولنے کاحکم واپس لے لیا۔

افغان وزارت تعلیم نے لڑکیوں کے تمام ہائی اسکول آج سے کھولنے کا اعلان کیاتھا لیکن آج صبح جب طالبات اسکول پہنچیں تو انہیں گھر واپس لوٹ جانے کا حکم دیا گیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق افغان وزارت تعلیم نے طالبات کے لیے ہائی اسکول تاحکم ثانی بند رکھنے کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اسلامی قانون اور افغان ثقافت کے مطابق منصوبے کی تیاری تک لڑکیوں کے ہائی اسکول اگلے حکم تک بند رہیں گے۔

خبر ایجنسی کا کہنا ہے افغان وزارت تعلیم نے طالبات کے لیے ہائی اسکول کی بندش پر ردعمل سے گریز کیا ہے تاہم افغانستان میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن نے گرلز  ہائی اسکولوں کی بندش کی مذمت کی ہے۔

اس حوالے سے قطر میں موجود امریکی ناظم الامور برائے افغانستان نے کہا کہ افغانستان میں گرلز ہائی اسکولوں کی بندش مایوس کن ہے، طالبان کی یقین دہانیوں اور بیانات میں تضاد ہے۔

یوم پاکستان ملی جوش جذبے سے منایا جا رہا ہے

لاہور: (ویب ڈیسک) شاد رہے پاکستان، آج پوری قوم یوم پاکستان ملی جوش جذبے سے منا رہی ہے۔
یوم پاکستان پر دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں اکتیس جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس، اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا ۔لاہور گیریزن کے ایوب اسٹیڈیم اور پشاور کے کرنل شیر خان اسٹیڈیم میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی دی گئی ۔
یومِ پاکستان پر مرکزی تقریب اسلام آباد پریڈ گراونڈ میں جاری ہے۔ مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دستے پریڈ کا حصہ ہیں۔
یوم پاکستان پر مصور پاکستان ڈاکٹرعلامہ محمد اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی،،،پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے پاکستان رینجرزکی جگہ اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔
تقریب کے مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل زبیر حسن خان نے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور پریڈ کا معائنہ کیا۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یوم پاکستان کے موقع پر مزار قائد پر حاضری دی۔وزیراعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ نے بانی پاکستان محمد علی جناح کی مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی
گورنر سندھ اور وزیر اعلی سندھ نے مزار قائد پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔
کراچی میں یوم پاکستان کے موقع پر ویمنز پاور رن کے عنوان سے میراتھن کا انعقاد کیا گیا ، میراتھن کا آغاز شمشیر کراس سی وی یو روڈ سے کیا گیا ، میراتھن 5 کلو میڑ پر محیط تھی، جس میں خواتین کی بڑی تعداد نے حصہ لیا

اپوزیشن او آئی سی اجلاس کے موقع پر بھی منفی سیاست سے باز نہیں آئی: بزدار

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہےکہ اپوزیشن جماعتوں کو موجودہ حالات میں ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ اپوزیشن او آئی سی وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر بھی منفی سیاست سے باز نہیں آئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعید الحسن نے ایوان وزیراعلی میں ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور چیف منسٹر ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج پر گفتگو کی گئی، عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ عوام وزیراعظم عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ وطن عزیز کے مسائل کا حل اتحاد و اتفاق میں مضمر ہے۔ پاک دھرتی کی مٹی ہم سب سے بھائی چارے، مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کا تقاضا کرتی ہے۔ سب کو وطن کا یہ قرض اتارنے کیلئے اپنا فرض ادا کرنا ہوگا۔
عثمان بزدار نے کہاکہ سیاست کیلئے آگے بہت وقت ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں نے اس اہم ترین موقع پر بھی پوائنٹ سکورنگ کی کوشش کی۔ اپوزیشن بند گلی میں پھنس چکی ہیں۔ اپوزیشن تحریک عدم اعتماد کے بعد بھی روتی رہے گی۔
صوبائی وزیر پیر سید سعید الحسن نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے سیاسی اور ترقیاتی ویژن کو سراہا، صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان حقیقی لیڈرہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے ساتھ کھڑے ہیں اورساتھ کھڑے رہیں گے۔

‘آج 23 مارچ 1940ء کے جذبے کو دوبارہ تازہ کرنے کی ضرورت ہے’

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ق کے قائدین چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی اورمونس الٰہی نے کہا ہے کہ جس جذبے کے ساتھ 23 مارچ 1940ء کو قرارداد پاکستان منظور ہوئی تھی اسی جذبے کو آج دوبارہ تازہ کرنے کی ضرورت ہے۔
یوم پاکستان پر پیغام میں سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ ذاتی، سیاسی و جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہو گا، انسانیت کو لاحق انتہا پسندی اور غربت کے خطرات پر قابوپانا ہو گا۔ آج کے دن ایک بار پھر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور مصور پاکستان علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ مسلح افواج اور دفاعی اداروں کی ملکی بقا کی خاطر قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، پاکستان کا بچہ بچہ آزادی کی جدوجہد میں کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، یوم پاکستان قوم کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل دن ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج اور ملکی دفاعی و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو فراموش نہیں جا سکتا۔
وفاقی وزیر مونس الہی کا کہنا تھا کہ آج کا دن ہندو اکثریت کے ظلم و جبر اور غلامی کی زنجیروں سے چھٹکارا حاصل کرنے کا دن ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ کشمیری بھائی عرصہ دراز سے غیر انسانی لاک ڈاؤن میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔