All posts by Khabrain News

خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات دوسرا مرحلہ، 1 ہزار 318 کونسلرز بلا مقابلہ منتخب

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 18 اضلاع سے مجموعی طور پر 1 ہزار 318 کونسلرز بلا مقابلہ منتخب ہو گئے۔
الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا کے مطابق 31 مارچ کو ہونیوالے دوسرے مرحلے کے انتخابات 18 اضلاع میں 65 تحصیل کونسلز میں ہو رہے ہیں، جن میں مجموعی طور پر 80 لاکھ 57 ہزار سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
سٹی میئر اور تحصیل چیئرمین کی نشستوں کے لئے 651 امیدوار، ویلج و نیبر ہڈ کونسلوں میں جنرل نشستوں کے لئے 12 ہزار 980، خواتین کی نشستوں کے لئے 2 ہزار 668، مزدور و کسان کی نشستوں کے لئے 6 ہزار451، نوجوانوں کی نشستوں کے لئے 5 ہزار 213 اور اقلیتی نشستوں کے لئے 57 امیدواروں کے مابین مقابلہ ہوگا۔
اسی طرح اب تک ویلج و نیبرہڈ کونسلوں میں جنرل نشستوں پر مجموعی طور پر 351، خواتین کی نشستوں پر 533، مزدور و کسان کی نشستوں پر 151، نوجوانوں کی نشستوں پر 233 اور اقلیتی نشستوں پر 50 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوگئے ہیں۔

آرٹیکل 63 اے کی تشریح، صدارتی ریفرنس کے لیے لارجر بینچ تشکیل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے آئین کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لیے دائر صدارتی ریفرنس کے لیے لارجر بینچ تشکیل دے دیا ہے۔
واضح رہے کہ عدالت عظمیٰ نے سپریم کورٹ بار ایسوی ایشن کی درخواست اور حکومت کی جانب سے دائر صدارتی ریفرنس پر سماعت کرتے ہوئے آئین کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لیے لارجر بینچ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا تھا۔
عدالت نے تمام فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ وہ آرٹیکل کا بغور مطالعہ کر کے آئیں جبکہ حکومتی اتحادی اگر مناسب سمجھیں تو اپنی گزارشات دے سکتے ہیں۔
اُدھر سپریم کورٹ کی کاز لسٹ کے مطابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ 24 مارچ کو صدارتی ریفرنس کی سماعت کرے گا۔
لارجر بنچ میں جسٹس اعجاز الاحسن کے علاوہ جسٹس مظہر عالم میاں خیل، جسٹس منیب اختر اور جسٹس جمال خان مندوخیل شامل ہیں۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے دائر کیے جانے والے صدارتی ریفرنس میں سپریم کورٹ سے چار سوالات پر رائے مانگی گئی ہے۔
ریفرنس میں پوچھا گیا ہے کہ کوئی رکن اسمبلی پارٹی پالیسی سے انحراف کرتے ہوئے ووٹ دے تو کیا اسے رکن کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاسکتی؟ اسے ڈی سیٹ نہیں کیا جاسکتا؟
سپریم کورٹ سے یہ رائے مانگی گئی ہے کہ کیا ایسے رکن جو پارٹی پالیسی سے انحراف کریں اور پالیسی کے خلاف ووٹ دیں تو کیا ان کے ووٹ کو شمار کیا جائے گا؟
سپریم کورٹ سے پوچھا گیا ہے کہ کیا جو وفاداری تبدیل کرتے ہوئے رکن پارٹی پالیسی کے خلاف جائے اور ثابت ہو کہ اس نے آرٹیکل 63 اے کی خلاف ورزی کی ہے تو کیا اسے رکن کو تاحیات نا اہل قرار دیا جائے گا؟
چوتھے سوال میں عدالت سے رائے مانگی گئی ہے ہارس ٹریڈنگ اور فلور کراسنگ کو روکنے کے لیے موجودہ آئینی ڈھانچے میں کون سے اقدامات اٹھائے جاسکتے ہیں جس سے فلور کراسنگ کو روکا جاسکے۔

وزیراعظم عمران خان سے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کی ملاقات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان سے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کی ملاقات ہوئی ہے، ملاقات کے دوران وزیراعظم نے چینی طیارے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم کے وزراء خارجہ کونسل کے 48 ویں اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے چینی وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے وانگ یی کا پاکستان میں گرمجوشی سے خیرمقدم کیا اور گزشتہ روز ہونے والے چینی طیارے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دُکھ کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاک چین دوطرفہ تعلقات کی رفتار اور بدلتے علاقائی، بین الاقوامی منظر نامے پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے یوکرین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، پائیدار مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کی ضرورت کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور اس کے غیر ذمہ دارانہ رویے کے بارے میں بتایا۔
عمران خان نے بھارت کی طرف سے پاکستان کی حدود میں میزائل کے نام نہاد “حادثاتی” میزائل کے بارے میں چینی وزیر خارجہ کو بھی آگاہ کیا اور پاکستان کی طرف سے مشترکہ تحقیقات کے مطالبے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا جائے کہ ایسا واقعہ دوبارہ نہ ہو۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دونوں ممالک کو افغانستان میں امن و استحکام کو فروغ دینے اور وہاں انسانی بحران کو روکنے کے لیے گہرے تعلقات کو جاری رکھنا چاہیے ۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کا دوسرا مرحلہ صنعتی ترقی، زراعت اور معلومات جیسے شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون کے ساتھ اقتصادی ترقی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو تقویت دے گا۔

پاک بحریہ، اے این ایف کی کارروائی، کروڑوں کی منشیات ضبط

کراچی: (ویب ڈیسک) پاک بحریہ اور اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے انسداد منشیات آپریشن میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے کی منشیات ضبط کرلی ہیں۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق انسداد منشیات آپریشن شمالی بحیرہ عرب میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کیا گیا، ضبط کی جانے والی 3 ہزار کلو گرام منشیات کی قیمت عالمی مارکیٹ میں 75 کروڑ روپے ہے، ضبط کی جانے والی منشیات مزید قانونی کارروائی کیلئے کسٹمز کے سپرد کر دی گئی ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ کامیاب انسداد منشیات آپریشن بحری حدود میں غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف پاک بحریہ کے عزم کا مظہر ہے، بحری دفاع اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے پاک بحریہ اپنی ذمہ داری سر انجام دیتی رہے گی۔

پشاور میں پاک فضائیہ کاچھوٹا تربیتی طیارہ گرکر تباہ، دونوں پائلٹ شہید

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گرکر تباہ ہوگیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ کاچھوٹا تربیتی طیارہ پشاور میں گر کر تباہ ہوا۔ دونوں پائلٹس شہید ہو گئے۔ طیارہ گرنے سے دیگر کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ترجمان کے مطابق ائیر ہیڈ کوارٹرز نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے بورڈ آف انکوائری تشکیل دے دیا ہے۔

او آئی سی اجلاس افغانستان کی صورتحال سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہو گا، آرمی چیف

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس افغانستان کی سنگین انسانی صورتحال سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہو گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انہوں نے یہ بات آج کرغزستان کے وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران کہی جس میں باہمی دلچسپی اور علاقائی سلامتی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون اور دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔ دونوں جانب سے خطے میں دیرپا امن اور استحکام کیلئے مل کر کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
کرغزستان کے وزیر خارجہ نے علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور سفارتی تعاون میں بہتری کیلئے کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کرغزستان کے وزیر خارجہ نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کی میزبانی پر پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

ایشائی پچز پر پرفارم کرنا ہمیشہ سے ایک چیلنج ہوتا ہے، کیمرون گرین

لاہور: (ویب ڈیسک) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی کیمرون گرین نے کہا کہ ایشائی وکٹوں پر کھیلنا اور پرفارم کرنا ہمیشہ سے ایک چیلنج ہوتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کیمرون گرین نے ورچوئل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایشیا کی پچز پر کھیلنا سیکھ رہا ہوں، یہاں وکٹ پر رکنا پڑتا ہے۔ رنز آسانی سے نہیں بنتے کیوں کہ بال نیچے رہتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایشیئز میں رنز کرنے کے بعد میرے لیے اس سیریز میں بھی پرفارم کرنا بہت اہم ہے، ٹیم میجمنٹ کے دیئے گئے گیم پلان کے مطابق کھیلنے کی کوشش کی۔
نسیم شاہ اور شاہین شاہ کی تعریف کرتے ہوئے کیمرون گرین کا کہنا تھا کہ دونوں اچھے باولرز ہیں۔ نسیم شاہ نے اچھی بولنگ کی، پرانی گیند کا عمدہ استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ٹارگٹ پارٹنرشپ کو زیادہ سے زیادہ طول دینا تھا، سو کے قریب پہنچ کرکوئی بھی آوٹ نہیں ہونا چاہتا لیکن بدقسمتی سےآوٹ ہوگیا۔
آسٹریلوی کھلاڑی کا مزید کہنا تھا کہ ٹیست میں سنچری کی اپنی اہمیت ہوتی ہے، اگر سو رنز کرلیں تو یہ اننگز ہمیشہ یاد رہتی ہے۔ کیمرون گرین کےمطابق پرانی گیند کو سوئنگ کرنے میں زیادہ مدد مل سکے گی، کوشش ہوگی کہ پاکستانی ٹیم سے جیتنا ممکن ہو اور کم سے کم سکورتک محدود رکھیں۔

واہگہ بارڈر کی رونقیں دو سال بعد مکمل بحال ہوگئیں

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی پیروی کرتے ہوئے بھارت نے بھی اپنے شہریوں کو پریڈ دیکھنے کی اجازت دے دی جس سے دو سال بعد واہگہ بارڈر کی رونقیں مکمل طور پر بحال ہوگئی ہیں۔
واہگہ بارڈر پر روزانہ ہزاروں شہری پاکستان اور بھارت کے قومی پرچم اتارے جانے کے موقع پر پاکستان رینجرز پنجاب اور بی ایس ایف انڈیا کے جوانوں کی روایتی پریڈ دیکھنے آتے ہیں۔ دونوں ملکوں کی سرحدی فورسز کے جوانوں کے مابین جوش اور جذبے کی یہ جنگ ہر روز شام ڈھلے ہوتی ہے اور دونوں طرف کی تالیوں کی گونج میں ختم ہوجاتی ہے۔
واہگہ بارڈر پر ہونے والی مشترکہ پریڈ کا آغاز 1959 میں ہوا تھا۔ دونوں ملکوں میں جنگ کے دنوں کے علاوہ یہاں پریڈ معمول کے مطابق ہوتی رہی ہے حتیٰ کہ جب نومبر 2014 میں واہگہ بارڈر پر خود کش حملہ ہوا اس کے اگلے روز بھی یہاں پریڈ منعقد ہوئی تھی تاہم مارچ 2020 میں کورونا وائرس کی وجہ سے دونوں ملکوں نے اپنی سرحد بند کردی تھی جس کی وجہ سے پریڈ کو محدود کردیا گیا تھا۔ اس عرصہ کے دوران دونوں ملکوں کی سرحدی فورسز کے جوان ایک دوسرے سے ہاتھ نہیں ملاتے تھے اور نہ ہی گیٹ کھولا جاتا تھا۔ جوان اپنے اپنے ملک کا قومی پرچم اتارتے اور سلامی دیتے تھے۔
اس عرصہ کے دوران دونوں طرف عام شہریوں کی شرکت پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔ تاہم اب دو سال بعد یہاں کی رونقیں پھر سے بحال ہوگئی ہیں اور شہریوں کی بڑی تعداد یہاں پہنچتی ہیں۔ شام ڈھلنے سے قبل واہگہ بارڈ کی فضاؤں میں نعرہ تکبیر اور پاکستان زندہ باد کی صدائیں سنائی دیتی ہیں۔
خیال رہے کہ دو سال کے وقفے کے بعد واہگہ بارڈر پر رونقیں بحال ہونے سے یوم پاکستان کی تقریب بھی شاندار طریقے سے منائی جائے گی۔

وزیراعظم دنیا میں دلیری کے ساتھ مسلم امہ کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، اسد عمر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم دنیا میں دلیری کے ساتھ مسلم امہ کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فخر ہے جس طرح وزیر اعظم عمران خان نے مسلمانوں کا مقدمہ لڑا اور جن حکمرانوں کی جائیدادیں باہر پڑی ہوں گی وہ کس طرح مسلمانوں کی بات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اسلامو فوبیا کے خلاف آواز بلند کی جبکہ 22 کروڑ پاکستانیوں کا ملک کسی دوسرے ملک سے کم نہیں۔ ماضی میں کہا جاتا تھا کہ پاکستان دہشتگردی کا گڑھ ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ عمران خان کو عدم اعتماد کی جدوجہد میں بھی کامیابی حاصل ہو گی اور اگر ہم ملک کی خاطر کام کریں تو پوری دنیا میں عزت اور سر بلند کر کے زندگی گزار سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم دنیا میں دلیری کے ساتھ مسلم امہ کا مقدمہ لڑ رہے ہیں اور عمران خان نے دنیا کے دہرے معیار کی نشاندہی کی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نے عالمی سطح پر اسلامو فوبیا کا معاملہ اٹھایا جبکہ بیرون ملک جائیدادیں رکھنے والے امت مسلمہ کا مقدمہ نہیں لڑ سکتے۔

سونے کی فی تولہ قیمت میں 300 روپےکا اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) سونے کی فی تولہ قیمت میں 300 روپےکا اضافہ ہوا ہے۔
سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 300 روپے اضافےکے بعد ملک میں ایک تولہ سونےکا بھاؤ ایک لاکھ 31 ہزار روپے ہوگیا ہے۔
دس گرام سونےکا بھاؤ 257 روپے اضافے سے ایک لاکھ 12 ہزار 952 روپے ہے۔
سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی صرافہ میں سونے کا بھاؤ 2 ڈالر بڑھ کر 1928ڈالر فی اونس ہے۔