All posts by Khabrain News

مہنگے پٹرول سے پریشان شخص نےبائیک بیچ کرگھوڑا خرید لیا

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) پٹرول کی بڑھتی قیمتوں سے پریشان شخص نے سفرکے لئے گھوڑا خرید لیا۔
پٹرول کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتوں سے تنگ کربھارت میں ایک شخص نے موٹرسائیکل بیچ کر گھوڑا خرید کرلیا۔
اورنگ آباد کے ایک کالج میں نوکری کرنے والے شیخ یوسف کا اپنے گھوڑے کا نام’جگر‘رکھا ہے اوروہ اب روزانہ گھرسے کالج اورکالج سے گھرگھوڑے پرہی جاتے ہیں۔
موٹرسائیکل بیچ کرگھوڑا خریدنے والے یوسف اپنے فیصلے پربہت مطمئن اورخوش ہیں کیونکہ ان کا کہنا ہے کہ پٹرول خریدنا تواب ہمارے بس کی بات نہیں گھوڑے کی سستی سواری نے زندگی آسان کردی ہے۔باقی لوگوں کوبھی یہی کرنا چاہئیے۔یوسف نے 40ہزارروپے میں گھوڑا خریدا ہے

امریکی شخص نے دس لاکھ ڈالر کا پیٹرول مفت دینے کا اعلان کردیا

شکاگو: (ویب ڈیسک) امریکی تاجر اور میئر کے سابق امیدوار ڈاکٹر ولی ولسن نے تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور عوام کی قوتِ خرید کے پیشِ نظر دس لاکھ ڈالر کا پیٹرول مفت دینے کا اعلان کیا ہے جو پاکستانی روپوں میں 17 کروڑ کے لگ بھگ ہے۔
اس سے قبل بھی وہ شکاگو میں دس لاکھ ڈالر کا پیٹرول مفت بانٹ چکے ہیں جس کے اعلان کے بعد مخصوص پیٹرول پمپوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں دیکھی گئی تھیں۔ منصوبے کے تحت شہر بھر کے 50 پمپوں پر فی شخص 50 ڈالر تک کا پیٹرول حاصل کرسکے گا۔
صبح سات بجے سے لوگ مخصوص پیٹرول پمپوں کی جانب لپکےتھے کیونکہ دس لاکھ ڈالر کے بقدر پیٹرول کے بعد بھی وہ کچھ روز قبل مزید دولاکھ ڈالر کا ایندھن دے چکے ہیں۔ لیکن اس ہمدردی سے اچھا خاصا تنازعہ پیدا ہوگیا۔ پیٹرول اسٹیشن پر گاڑیوں کی قطاریں لگنے سے اطراف کی سڑکیں بند ہوگئیں اور عام افراد کے لئے کئی سڑکیں بند ہوگئیں۔ بعض افراد گاڑیاں لائن میں چھوڑ کر وقت گزارنے دیگر مقامات پر چلے گئے اور پولیس کو سارے انتظامات سنبھالنے پڑے تھے۔
دوسری مرتبہ جب ولی نے مفت پیٹرول بانٹنا شروع کیا تو بھی کئی مقامات پر لوگوں میں لڑائی جھگڑے کے واقعات دیکھنے میں آئے۔ اس کے بعد انہوں نے لوگوں سے نظم و ضبط کی درخواست کی ہے۔ ولی نے بتایا کہ شہر کے 50 پیٹرول پمپوں میں سے ہر پمپ 20 ہزار ڈالر کا پیٹرول مفت دے گا جس کی رقم پہلے ہی دی جاچکی ہے۔
تمام مسائل اور بدنظمی کے باوجود لوگوں کی بڑی اکثریت نے ولسن کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ امریکہ تاریخی مہنگائی سے گزررہا ہے اور غریب افراد کو شدید مالی مسائل کا سامنا ہے۔ دوسری جانب پیٹرول کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔

بے گھر شوقیہ فلکیات داں نے ’سپرنووا‘ دریافت کرلیا

ماسکو: (ویب ڈیسک) ماسکو کے فلپ رومانوف فی الحال بے گھر ہیں اور اسی کیفیت میں انہوں نے دوردراز آسمان پر پھٹتا ہوا ستارہ یعنی سپرنووا دریافت کرلیا ہے۔
فلپ اگرچہ بہت کم عمر ہیں لیکن دنیا میں وہ مشہور ہیں کیونکہ وہ اب تک 80 متغیر(ویریئیبل) ستارے، 10 سیارہ جاتی نیبولہ، چار بائنری ستارے تلاش کرکے انہیں اپنا نام دے چکے ہیں لیکن اب پہلی مرتبہ انہوں نے این جی سی 5902 کہکشاں میں ایس این 2022 بی ایس آئی سپرنووا تلاش کیا ہے۔
24 سالہ فلپ کا دلچسپ پہلو یہ ہے کہ وہ فلکیات (ایسٹرونومی) کی کوئی ڈگری نہیں رکھتے اور انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت یہ صلاحیت پیدا کی ہے۔ تاہم سپرنووا انہوں نے اس سال نو فروری کو تلاش کیا تھا جس کی اب تصدیق ہوچکی ہے۔ انہوں نے میکسکو میں موجود نیومیکسکو اسکائیز آبزرویٹری کی مدد سے سپرنووا دریافت کیا ہے۔ فلپ نے رصدگاہ سے این جی سی 5902 کی تصاویر کی درخواست کی تھی۔
فلپ کے مطابق انہوں نے پہلی تصویریں دیکھنے کے بعد ماؤنٹ پالومر پر نصب 60 انچ دوربین کی تصاویر سے طیفے (اسپیکٹرم ) حاصل کیا جس سے 21 روز بعد 28 فروری کو سپرنووا کی تصدیق ہوگئی۔ یہ ٹائپ ون اے سپرونووا کی ذیلی قسم ہے جو زمین سے 50 کروڑ نوری سال کے فاصلے پر واقع ہے۔
فلپ کہتے ہیں کہ انہوں نے 2009 میں اپنے جنون کے تحت فلکیات کی کتابیں پڑھنا شروع کیں۔ وہ جامعہ میں فلکیات میں ڈگری لینا چاہتے ہیں لیکن اب تک انہیں کوئی کامیابی نہیں ملی کیونکہ وہ اپنے والدی کے ساتھ 2017 سے اب تک بے گھر ہے۔
فلپ اپنے عزیزوں کے گھر رہتے ہیں جہاں انہیں گھر چھوڑنے کو کہدیا گیا ہے۔ کئی مرتبہ وہ پارک اور ریلوے اسٹیشن میں راتیں گزارتے رہے ہیں۔ فلپ دمے اور دل کے نقائص کے شکار ہیں جس کے بعد امریکہ میں ویری ایبل اسٹارز کےفلکیات دانوں کی تنظیم نے انہیں دو سال کی اعزازی رکنیت بھی دی ہے۔

سائنسدانوں نے نیند سے بیدار ہونے کا درست ترین الارم بتادیا

پرتھ: (ویب ڈیسک) کیا کوئی الارم یا دھن ایسی ہوسکتی ہے جو ہمیں نیند سے اچھی طرح بیدار کردے اور جسے سن کر بدن کو کچھ توانائی بھی ملے؟
اگرچہ یہ سوال 500 قبل مسیح میں یونانیوں نے بھی کیا تھا لیکن اب سائنسدانوں کا جواب یہ ہے بعض اقسام کی فری کوئینسی اور فی منٹ بیٹ والے الارم دماغ کے بیداری والے حصے کو زیادہ سرگرم کرسکتے ہیں۔ اس طرح ہم بہتر طور پر بیدار ہوسکتے ہیں۔
ابتدائی تحقیق کے بعد ماہرین نے کہا ہے کہ مائیکل جیکسن کا بچپن میں گایا ہوا ایک گیت ’اے بی سی ‘ اس کی بہترین مثال ہے جو انہیں نے گیارہ برس کی عمر میں گایا تھا۔
اس گانے کی خاص بات یہ ہے کہ اس کی فریکوئنسی 500 ہرٹز ہے اور اس میں بیٹس کی تعداد 100 تک ہے۔ یہ دونوں عناصر مل کر ایک ایسی دھن بناتے ہیں جو دماغ کی بیداری کے حصے کو سرگرم کرتے ہیں اور ہم توانائی بھرے انداز میں آنکھیں کھول سکتے ہیں۔
آسٹریلیا کی مشہور آر ایم آئی ٹی یونیورسٹی میں صوتیات کے ماہر ڈاکٹر اسٹوارٹ مک فرلین اور ان کے ساتھیوں کا کہنا ہے کہ ہم فون پر الارم کا انتخاب اس کی دھن کی بنا پر کرتے ہیں جو درست نہیں بلکہ اس میں دیگر تفصیلات دیکھنا ضروری ہے۔
ماہرین نے زور دیا ہے کہ بیدار ہونے کا انداز پورے دن ہمارے بدن پر اثرانداز ہوسکتا ہے، اس کے علاوہ دن کے امور مثلاً ڈرائیونگ وغیرہ کو بھی مشکل بناسکتا ہے، اس کیفیت کو سائنسدانوں نے ’نیند کا جمود‘ یعنی سلیپ انرشیا کا نام دیا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ صبح کا الارم ایسا ہونا چاہیے جو ایک سوئچ کی طرح کام کرکے ہمیں مکمل طور پر بیدار کرسکتے۔ بیدار ہونے پر دماغ میں پریفرنٹل کارٹیکس بہت دیر میں سرگرم ہوتا ہے جبکہ دیگر حصے قدرے جلدی جاگ اٹھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ درست الارم کی فری کوئنسی ہی دماغ کے درست حصے کو بیدار کردیتی ہے۔
ہمارے جاگنے کے لیے ضروری ہے کہ دماغ کے تمام حصوں میں خون کی روانی عین اسی طرح ہوجائے جو بیداری میں ہوتی ہے اور بعض فری کوئنسی کی آوازیں اس میں مدد دے سکتی ہے۔ ہلکی نیند میں ہماری برقی لہریں تھی ٹا شعاعیں خارج کرتی ہیں جبکہ گہری ترین نیند میں ڈیلٹا لہریں خارج ہوتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق 18 سے 25 سال تک کے افراد میں الارم بلند ہونا چاہیے تاہم الارم کا سائنسی فارمولہ یہ ہوگا۔ الارم کی فری کوئنسی 500 ہرٹز تک ہو اور اس میں دھمک یا بیٹس کا شمار 100 سے 120 ہونا چاہیے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بہت چھوٹے بچوں پر بھی یہی فری کوئنسی کے الارم بہتر طور پر کام کرتے ہیں۔

امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مزید تنزلی کا شکار

کراچی: (ویب ڈیسک) سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر 48 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 181 روپے 25 پیسے سے بڑھ کر 181 روپے 73 پیسے ہو گئی ہے۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے باعث معمولی مندی ریکارڈ

کراچی:(ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں سیاسی غیر یقینی صورتحال کے باعث اُتار چڑھاؤ غالب رہا، ٹریڈنگ کے دوران 100 انڈیکس 26.46 پوائنٹس کی مندی کے بعد 43203.79 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.06 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی جبکہ 5 کروڑ 39 لاکھ 38 ہزار 791 شیئرز کا لین دین ہوا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں جاری غیر یقینی سیاسی صورتحال کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تنزلی چھائی ہوئی ہے، جیسے ہی سیاسی صورتحال میں ٹھہراؤ آتا ہے تو تیزی کی واپسی ہو سکتی ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 30 کروڑ ڈالر کی منظوری دے دی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ایشیائی ترقیاتی بینک نے پائیدار ترقی کیلئے30 کروڑ ڈالر کی منظوری دے دی ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اس رقم سے پاکستان کی کیپٹیل مارکیٹ اور نجی سرمایہ کاری کا فروغ ممکن ہو گا۔ ذیلی پروگرام 2020 میں منظور شدہ پہلے ذیلی پروگرام کے تحت عمل میں لائی گئی۔
پروگرام کے تحت ادارہ جاتی اور ریگولیٹری اصلاحات ہونگی۔ کموڈٹی فیچرز میں بہتری اور سرمایہ کاری کیلئے فروغ جیسے اقدامات ہوں گے۔ کیپٹل مارکیٹوں کے ارتقاء میں تعاون کیلئے پاکستان اہم ترقیاتی شراکت دار ہے۔

‘اسلام کا دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں، ترقی پذیرممالک کرپشن کے سبب غریب ہیں’

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پندرہ مارچ کو اسلاموفوبیا کیخلاف عالمی دن قرار دینا خوش آئند ہے، اسلام کا کسی طور بھی دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں، ترقی پذیرممالک کرپشن کی وجہ سے غریب ہیں۔
اسلام آباد میں منعقدہ 48 ویں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جب تک مسلم ممالک متحد ہو کر عالمی سمیت دیگر معاملات پر متفقہ موقف اختیار نہیں کریں گے کوئی انہیں اہمیت نہیں دے گا۔ ریاست مدینہ کے اصولوں پر چلنے والا ملک ہی خوشحال ہوگا۔ نائن الیون کے بعد اسلامو فوبیا میں اضافہ ہوا تاہم دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ 15 مارچ کو اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی دن قرار دینا خوش آئند ہے، اس دن ایک انتہا پسند نے نیوزی لینڈ میں مسجد پر حملہ کر کے 50 مسلمانوں کو شہید کر دیا تھا۔ اسلام کو دہشت گردے سے جوڑنے کے جھوٹے دعوے کے باوجود غیر مسلم اسلام کی جانب راغب ہوئے۔
عمران خان کاکہنا تھا کہ طاقتور چوروں کو قانون کےکٹہرے میں نہ لانے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے، قانون سے کسی کو بالاتر نہیں ہونا چاہئے، وہ قومیں تباہ ہو جاتی ہیں جہاں کمزور کو جیل میں ڈالا جاتا ہے اور طاقتور کو چھوٹ دے دی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست مدینہ میں امیر اور غریب کا کوئی فرق نہیں تھا، اقلیتوں کو بھی مساوی حقوق میسر تھے۔ مغربی ممالک نے ریاست مدینہ کے اصولوں کو آج اپنا لیا ہے تو وہ خوشحال ہو گئے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فلسطین اور کشمیر میں ہونے والے مظالم کو اجاگر کیا جائے، کشمیریوں کو 7 دہائیوں کے طویل عرصے سے حق خود ارادیت نہیں دیا جا رہا، ان کے بنیادی حقوق چھین لئے گئے ، غاصبانہ قبضے کے باوجود اسلام دنیا خاموش ہے۔ فلسطین کے مسلمانوں کے ساتھ مسلسل ظلم و ستم کا بازار گرم ہے مگر کوئی نتیجہ خیز اقدام نہیں اٹھایا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مسلم دنیا ایک مشترکہ موقف نہیں اپنائے گی دنیا میں ہمیں کوئی اہمیت نہیں ملے گی۔

آئیں امن کا پیغام بن کر سب یک جان ہو جائیں: علی ظفر

لاہور: (ویب ڈیسک) گلوکار علی ظفر نے اسلامی کانفرنس تعاون تنظیم کے اجلاس کے انعقاد کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آئیں امن کا پیغام بن کر سب یکجان ہو جائیں اور پوری انسانیت کی بقا اور سلامتی کی دعا کریں۔
گلوکار کا اپنے ٹویٹر پیغام میں کہنا تھا کہ کسی بھی فنکار کے لئے اس سے بڑی اعزاز کی کیا بات ہو سکتی ہے کہ اس کی آواز ایسے مبارک دن اور مقصد کی آواز بنے۔ بے شک وہ (اللہ تعالی) نہایت رحمان و رحیم ہے۔
واضح رہے کہ اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جاری ہے جس میں 48 سے زائد ملکوں کے وزرائے خارجہ اور مندوبین شریک ہیں۔ گلوکار علی ظفر کی خاص بات یہ ہے کہ انہوں نے 48 ویں اسلامی تعاون تنظیم کانفرنس کا تھیم سانگ گایا۔

کوئٹہ میں شادی کی تقریب میں فائرنگ سے ایک نوجوان شدید زخمی

کوئٹہ : (ویب ڈیسک) کوئٹہ میں شادی کی تقریب میں فائرنگ سے ایک نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق خروٹ آباد پولیس تھانے کی حدود میں شادی کی تقریب میں نوجواں خوشی سے فائرنگ کررہے تھے کہ اچانک دو گولیاں لگنے سے ایک نوجوان خان جان زخمی ہوگیا۔
زخمی نوجوان کو فوری طبی امداد کے لئے بی ایم سی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کی حالت تسلی بخش بتائی جاتی ہے۔