All posts by Khabrain News

جوہی چاؤلہ پھر سے شاہ رخ خان کے ساتھ فلم میں کام کرنے کی خواہش مند

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ جوہی چاؤلہ نے کنگ خان کے ساتھ پھر سے فلم میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان اور جوہی چاؤلہ نوے کی دہائی میں بھارتی فلم انڈسٹری کے لیے کامیاب جوڑی رہی، انہوں نے بالی ووڈ کی متعدد سپر ہٹ فلمیں کیں، مداح بھی دونوں اسٹارز کو خوب پسند کرتے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ کنگ خان اور جوہی نے ایک ساتھ راجو بن گیا جینٹل مین، ڈر، رام جانے، یس باس اور پھر بھی دل ہے ہندوستانی سمیت دیگر کئی کامیاب فلموں میں اداکاری کے جلوے بکھیرے۔
یہ جوڑی آخری بار 2018 میں ریلیز ہونے والی فلم زورو میں نظر آئی تاہم پرستار انہیں ایک بار پھر فلم میں ساتھ کام کرتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس ضمن میں مقامی خبر رساں ادارے کے نمائندے نے جوہی چاؤلہ سے سوال کیا کہ کیا آپ دونوں دوبارہ ایک ساتھ بڑی اسکرین پر جلوہ گر ہوں گے؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ’’ارے، مجھے امید ہے‘‘۔
اداکارہ نے نمائندے سے فرمائش کی کہ اگلی بار جب شاہ رخ خان سامنے آئیں تو ان سے بھی یہی سوال پوچھیے گا اور یہ بھی کہیے گا رزا جوہی کے ساتھ کام کرو۔

فتنے سے جان چھڑوانے تک جدوجہد جاری رہے گی: مولانا فضل الرحمان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوری ماحول نہیں، حکمرانوں کی ہر بات میں تضاد ہے، فتنے سے جان چھڑوانے تک جدوجہد جاری رہے گی۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ پہلی بارسپریم کورٹ آیا ہوں، میرے خیال سےحکومت ہی ناجائز ہے، معلوم نہیں انہیں عوام کےسامنے آنے کی ہمت کیسے ہو رہی ہے؟۔
انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ ان کی کونسی بات میں تضاد نہیں ہے؟ ان کی تاریخ تضادات سے بھری ہے۔

کراچی: سی پی او آفس کے مرکزی گیٹ پر پی ٹی آئی ایم اپی ایز کا دھرنا

کراچی: (ویب ڈیسک) سینٹرل پولیس آفس کے مرکزی گیٹ پر پاکستان تحریک انصاف کے اراکین صوبائی اسمبلی نے احتجاجی دھرنا دے دیا ہے۔ دھرنے میں شرکت کے لیے پارٹی کارکنان بھی پہنچ گئے ہیں۔
احتجاجی دھرنا دینے والوں میں پی ٹی آئی کے حلیم عادل شیخ، جمال صدیقی اور خرم شیرزمان سمیت دیگر شامل ہیں۔
پی ٹی آئی کے اراکین سندھ اسمبلی اس سے قبل تھانہ پریڈی گئے تھے جہاں انہوں لاکپ میں پارٹی کارکنان سے ملاقات کی تھی۔
اس موقع پر ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے مطالبہ کیا تھا کہ کارکنان کے گھروں پر چھاپے مارنے بند کیے جائیں۔
انہوں ںے کہا تھا کہ جھوٹی ایف آئی آرز واپس لیں یا ہمیں بھی گرفتار کریں، نیب زدہ افسران سندھ پولیس میں تعینات کیے جارہے ہیں۔
پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں کہا تھا کہ ڈاکووں کو پکڑنے کے لیے ان کی کانپیں ٹانگ جاتی ہیں، ورکرز کو پکڑنے کے لیے یہ شیر بن جاتے ہیں۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ہم سندھ میں جیل بھرو تحریک کے لیے تیار ہیں، باغی اراکین واپس بھی آجائیں تو بدنام رہیں گے۔
شہر قائد میں سینٹرل پولیس آفس کے باہر دیے جانے والے دھرنے کے باعث پولیس حکام نے سیکیورٹی بڑھا دی ہے اور بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔

وزیراعظم سے کراچی کے ایم این ایز کی ملاقات: نجیب ہارون اور عامر لیاقت کی عدم شرکت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کراچی کے اراکین قومی اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
شہر قائد کے اراکین قومی اسمبلی نے اعتماد کا اظہار وزیراعظم عمران خان سے ہونے والی ملاقات میں کیا۔
ملاقات میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیر دفاع پرویز خٹک، وفاقی وزیر برائے بحری امور سید علی حیدر زیدی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک محمد عامر ڈوگر بھی موجود تھے۔
ہونے والی ملاقات میں آفتاب صدیقی، سیف الرحمان، عطا اللہ، اکرم چیمہ، فہیم خان، اسلم خان، عالمگیر خان، عبدالشکور شاد، کیپٹن جمیل، آفتاب جہانگیر، صائمہ ندیم اور نصرت وحید شامل تھیں۔
ذرائع کے مطابق کراچی سے پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن و رکن قومی اسمبلی انجینئر نجیب ہارون اور عامر لیاقت حسین وزیراعظم سے ہونے والی ملاقات میں شامل نہیں تھے۔
اس ضمن میں ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے عامر لیاقت حسین کو بھی آج ہی ملاقات کے لیے بلایا تھا۔ ذرائع کے مطابق عامر لیاقت حسین وزیراعظم سے ون ٹو ون ملاقات کرنے کے خواہش مند ہیں۔
ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہونے والی ملاقات میں کراچی میں وفاقی حکومت کی جانب جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی اور گفتگو ہوئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کو منانے کے لیے گورنر سندھ عمران اسماعیل ان کے گھر بھی گئے تھے۔
پی ٹی آئی کے بانی رکن نجیب ہارون جنہوں نے بحیثیت رکن قومی اسمبلی اپنی تنخواہ نہ لینے کا اعلان کیا تھا، کچھ عرصہ قبل اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی نشست سے مستعفی بھی ہوگئے تھے اور استعفیٰ بھیج دیا تھا لیکن وہ منظور نہیں کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ نجیب ہارون کا شمار ان اراکین قومی اسمبلی میں ہوتا ہے جنہوں نے سب سے زیادہ ٹیکس ادا کیا تھا۔

28 مارچ کو عمران خان سے استعفیٰ لیں گے: کیپٹن (ر) صفدر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا ہے کہ 28 مارچ کو وزیر اعظم عمران خان سے استعفیٰ لیا جائے گا، سیاسی شہدا وہ ہوتے ہیں جن کے نظریات ہوں۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ 28 مارچ کو پوری قوم ڈی چوک پہنچے گی اور وزیر اعظم عمران خان سے استعفیٰ لے گی، خیبر پختونخوا کے لوگ عمران خان کے استعفے سے خوش ہوں گے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیاسی شہدا وہ ہوتے ہیں جن کے نظریات ہوں، موجودہ حکومت کے سر پر کبوتر بٹھا دیا تھا لیکن اب کبوتر بھی پریشان ہے کہ کہاں بیٹھ گیا ہے۔
کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا تھا کہ گندم جب گھر کی ہے تو آٹا کیوں مہنگا ہوا؟ شہباز شریف نے آٹے کی سمگلنگ روکی ہوئی تھی، ملک میں آٹے کی قیمت ایک تھی، موجودہ حکومت نے اپنی گندم باہر بھیج دی ہے، تین ہزار روپے من آٹا لینے والا کہہ رہا ہے کہ وزیر اعظم کو غرق کرو اور ہمیں سستا آٹا دو۔

ڈی چوک نہیں، پریڈ گراونڈ : تحریک انصاف کے 27 مارچ کے جلسہ کی جگہ تبدیل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف نے27مارچ کے جلسےکیلئے جگہ تبدیل کر دی، اب ڈی چوک کے بجائے پریڈ گراونڈ میں جلسہ ہو گا۔
تحریک انصاف کی طرف سے ڈی چوک میں جلسے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم آج پریڈ گراونڈ میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔
تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ جس تعداد میں عوام آ رہے ہیں، ڈی چوک میں جگہ چھوٹی پڑ جائے گا لہذا پریڈ گراونڈ مناسب جگہ رہے گی اور یہ جلسہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جسلہ ہوگا۔
اس سے قبل اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے تحریک انصاف کو ڈی چوک میں جلسے کرنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی اور انہیں متبادل جگہ پریڈ گراونڈ دینے کی تجویز دی گئی تھی۔

شہباز گِل اپنے نازیبا بیان پر قائم، ایک اور غیر اخلاقی لفظ ادا کردیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ’شہباز گِل‘ چند روز پہلے دیے گئے اپنے نازیبا بیان پر قائم ہیں۔
اس حوالے سے اپنے بیان میں شہباز گِل کا مؤقف ہے کہ انہوں نے کچھ غلط نہیں بولا، انہوں نے پنجابی زبان کے الفاظ استعمال کیے جو گالی نہیں۔
خیال رہے کہ شہباز گِل نے گزشتہ دنوں نجی ٹی وی چینل پر بیٹھ کر اپنی جماعت کے منحرف رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کو گالی دی تھی۔
ٹاک شو میں شہباز گل اور ان ہی کی پارٹی کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کے درمیان بحث و مباحثہ جاری تھا۔
اس دوران شہباز گل کا کہنا تھا کہ رمیش کمار مخصوص نشست پر پاکستان تحریک انصاف میں آئے تھے، اب یہ عمران خان خان سے استعفیٰ مانگ رہے ہیں، ان میں شرم و حیا ہوتی تو یہ پہلے خود ہی استعفیٰ دے دیتے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ کرپٹ آدمی ہیں کینسر کی جعلی دوا بیچنے پنجاب آئے تھے۔
شہباز گِل نے جب یہ بات کی تو رمیش کمار بیچ میں بات کرنے لگے اور اسی دوران مشتعل ہوکر شہباز گل نے رمیش کمار کے خلاف غیرپارلیمانی الفاظ استعمال کیے اور کئی مرتبہ گالی بھی دی۔
آج جب ایک صحافی نے ان سے رمیش کمار کیلئے نازیبا لفظ استعمال کرنے سے متعلق سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ انہوں نے جو لفظ استعمال کیا وہ گالی نہیں۔
شہباز گل کا مزید کہنا تھا کہ پنجابی زبان میں اس مخصوص لفظ کو گالی نہیں سمجھا جاتا، اس کی مثال دیتے ہوئے شہباز گل نے ایک اور نازیبا لفظ استعمال کیا اور کہا کہ یہ لفظ بھی پنجابی میں گالی کےزمرے میں نہیں آتا۔

اجلاس 22 کےبجائے 25 مارچ کوہورہا ہےتوکیا قیامت آگئی؟ فواد چوہدری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اگر 21کواجلاس نہیں ہوا تو 3 دن بعد ہوجائے گا کون سی قیامت آگئی۔
فواد چودھری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے کوئی پوچھ لیں مذہب کے نام پر کیا کیا؟ مولانا فضل الرحمان نے دین فروشی کےسوا کچھ نہیں کیا، اوآئی سی کی تاریخ 6 ماہ پہلے طے ہوئی تھی، عمران خان ڈٹ کرکھڑے ہیں، منحرف اراکین کے پاس موقع ہے واپس آجائیں، منحرف ارکان اپنے بچوں کومنہ دکھانےکے قابل نہیں، ارکان کے گھروں سے ہمیں ٹیلیفون آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس 22 کےبجائے 25 مارچ کوہورہا ہےتوکیا قیامت آگئی؟ عمران خان کی حکومت مافیاز کیخلاف کھڑی ہے،شرم کی بات ہے ،کہتےہیں اوآئی سی کاانعقاد کرکے دکھائیں، اس لڑائی میں فتح حق اورسچ کی ہو گی، یہ معاملہ اب منطقی انجام تک پہنچے گا، آرٹیکل 63اے آئین کابنیادی حصہ ہے، ن لیگ میڈیا سیل اداروں کے خلاف پی ٹی آئی کا نام استعمال کررہا ہے۔

حکومت کا قیدیوں کی سزاؤں میں 90 دن کمی کا اعلان

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر 23 مارچ کے موقع کی مناسبت سے پنجاب بھر کی جیلوں میں مقید قیدیوں کے لیے 90 دن کی سزاوں میں کمی کا اعلان کر دیا۔
قیدیوں کی سزاوں میں کمی آئین پاکستان 1973 کے آرٹیکل 45 کے تحت کی جائے گی۔
سزاوں میں کمی کا اطلاق ان تمام قیدیوں پر ہوگا جو اپنی سزا کا 2/3 حصہ کاٹ چکے ہیں سوائے انکے جن کو دہشت گردی، منشیات اور حدود آرڈیننس کی دفعات کے تحت سزا ہوئی ہوں۔
مرد قیدی جن کی عمر 65 سال سے اور خواتین قیدی جن کی عمر 60 سال سے زائد ہے اور اپنی سزا کا 1/3 حصہ کاٹ چکے ہیں ان پر بھی سزاوں میں کمی کا اطلاق ہوگا۔
سزاوں میں کمی کا اطلاق 18 سال سے کم عمر والے قیدیوں پر بھی ہوگا اگر وہ اپنی سزا کا 1/3 حصہ کاٹ چکے ہوں گے۔
مالی غبن اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے قیدیوں پر ان سزاوں میں کمی کا اطلاق نہیں ہوگا۔
سزاوں میں کمی کے اعلان پر پنجاب بھر کی جیلوں میں مقید قیدیوں اور ان کے ورثاء نے خوشی کا اظہار کیا اور صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

تقرری میرٹ پر ہونی چاہیے، سینیئر ہی اوپر آئے گا یہ ٹھیک نہیں: وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یہ جو بنا ہوا ہے کہ سینیئر ہی اوپر آئے گا ٹھیک نہیں، تقرری اور ترقی میرٹ پر ہونی چاہیے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پمز اسپتال کے نئے ایمرجنسی وارڈ کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھاکہ پمز کی نئی ایمرجنسی بین الاقوامی معیار کے مطابق قائم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ 1985 کے بعد پہلی مرتبہ اسلام آباد میں نئے اسپتال کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ یہ جو بنا ہوا ہے کہ سینیئر ہی اوپر آئے گا ٹھیک نہیں، اگر سینیئر اچھا چیف ایگزیکٹو نہیں بن سکتا تو جو بہترین ہے اسے اوپر لے کر آنا چاہیے، تقرری اور ترقی میرٹ پر ہونی چاہیے۔
وزیراعظم کا کہنا تھاکہ جتنا میرٹ پر لوگوں کو رکھیں گے اتنا معیار بلند ہوگا، میرٹ کی بالادستی یقینی بنائی جائے تو سرکاری ادارے بھی معیاری خدمات فراہم کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت پہلی حکومت ہے، جس نے معیشت، صحت اور تعلیم پر بے مثال کام کیا۔