All posts by Khabrain News

اسلام آباد انتظامیہ کا حکومت اور اپوزیشن کوریڈزون میں جلسے کی اجازت دینے سے انکار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ضلعی انتظامیہ نے حکومت اور اپوزیشن کوریڈزون میں جلسے کی اجازت دینے سے انکارکردیا۔
ذرائع کےمطابق تحریک انصاف نے وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ کوڈی چوک پر27مارچ کے جلسے کی اجازت کیلئے درخواست دی تھی جب کہ اپوزیشن نے بھی اسی جگہ جلسے کی درخواست دے رکھی ہے تاہم ضلعی انتظامیہ نے دونوں کو جلسے کی اجازت دینے سے انکارکردیاہے۔
ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے حکومت کو پریڈگراؤنڈاوراپوزیشن کو ایچ 9 میں جلسے کا آپشن دیاہے۔ضلعی انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ ریڈ زون میں دفعہ 144 کانفاذہے اوردونوں فریقین کی طرف سے ایک ہی جگہ جلسہ کرنے سے تصادم کا خدشہ ہے جس سے حالات بگڑ سکتے ہیں،ریڈ زون میں زیادہ لوگوں کے آنے سے سکیورٹی مسائل ہوں گے۔
انتظامیہ نے اپوزیشن اورحکومت کوجلسے کی جگہ کے انتخاب کے بعدآگاہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پی ٹی آئی نے ڈپٹی کمشنر کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کی درخواست دیدی جس پر ضلعی انتظامیہ نے سیکیورٹی انتظامات کی ہدایت کردی۔

لاہور ٹیسٹ: پہلے روز کے اختتام پر آسٹریلیا کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کے اختتام پر آسٹریلیا کی آدھی ٹیم 232 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
لاہور کے قذافی سٹیڈٰیم میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کی اور اس کے ابتدائی بلے باز ڈیوڈ وانر 7، مارنس لبوشین صفر پر پویلین لوٹ گئے۔
عثمان خواجہ ایک مرتبہ پھر نروس نائنٹی کا شکار ہوگئے اور 91 رنز بناکر ساجد خان کا شکار بنے، سٹیو سمتھ 59 اور ٹریوس ہیڈ 26 سکور بناکر آؤٹ ہوئے، کیمرون گرین 20 اور الیکس کیری 8 رنز بناکر وکٹ پر موجود ہیں۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار باؤلگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو حریف بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ نسیم شاہ نے بھی 2 اور ساجد خان نے 1 وکٹ حاصل کی۔
اس طرح مہمان ٹیم نے پہلے روز کے اختتام پر 5 وکٹ کے نقصان پر 232 رنز بنالئے ہیں۔
آسٹریلیا کی کراچی میں کھیلنے والی ٹیم ہی لاہور ٹیسٹ کے لیے برقرار ہے البتہ پاکستان کے سکواڈ میں بابراعظم، محمدرضوان، شاہین آفریدی کے علاوہ عبداللہ شفیق، فوادعالم، اظہرعلی، نعمان علی اور ساجد خان ٹیم کا حصہ ہیں۔ امام الحق اور حسن علی کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ فہیم اشرف کی جگہ نسیم شاہ تیسرا ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں۔

آسٹریلوی ٹیم کے دورہ پاکستان میں میرا بھی کریڈٹ ہے: وسیم خان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہےکہ آسٹریلوی ٹیم کے دورہ پاکستان میں ان کا بھی کریڈٹ ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں وسیم خان نے آسٹریلوی ٹیم کے دورہ پاکستان کا کریڈٹ لیا۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم کے دورہ پاکستان کو ممکن بنانے میں میرا بھی کردار ہے، یہ کسی فرد واحد کی نہیں بلکہ مشترکہ کوششوں کا ثمر ہے۔
وسیم خان کاکہنا تھاکہ آسٹریلیا کی ٹیم کا دورہ پاکستان کرکٹ فینز اور ساتھ پی سی بی کیلئے بھی باعث مسرت ہے، پاکستان میں کرکٹ کی بہتری کیلئے آسٹریلوی ٹیم کا دورہ بہت ضروری تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریلیا کے بعد اب نیوزی لینڈ اورانگلینڈ کی ٹیموں کے پاس پاکستان نہ آنے کا کوئی جواز نہیں رہتا۔

لارجر بنچ تشکیل، چیف جسٹس کا 24 مارچ کو صدارتی ریفرنس پر سماعت کا حکم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) منحرف ارکان تاحیات نااہل ہونگے یا دوبارہ الیکشن لڑ سکیں گے؟ آرٹیکل 63 اے کی تشریح کی جائے، حکومت سپریم کورٹ پہنچ گئی، ہارس ٹریڈنگ کے حوالے سے صدارتی ریفرنس سپریم کورٹ میں دائر کردیا جس پر عدالت نے معاملے پر لارجر بنچ تشکیل دیدیا ہے جبکہ چیف جسٹس نے 24 مارچ کو صدارتی ریفرنس پر سماعت کا حکم دے دیا۔
آرٹیکل 63 اے کی تشریح کیلئے صدارتی ریفرنس سپریم کورٹ میں دائر کیا گیا، صدارتی ریفرنس میں سپریم کورٹ سے 4 سوالوں کے جواب مانگے گئے ہیں۔
پہلا سوال یہ ہے کہ آرٹیکل 63 اے کی کونسی تشریح قابل قبول ہے؟ کیا پارٹی پالیسی کیخلاف ووٹ دینے سے نہیں روکا جا سکتا؟ پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ شمار نہیں ہوگا، ایسا کرنے والا تاحیات ناہل ہوگا؟ دوسرا سوال یہ ہے کہ کیا منحرف ارکان کا رکن ووٹ شمار ہوگا یا گنتی میں شمار نہیں ہوگا؟۔
تیسرا سوال یہ ہے کہ پارٹی پالیسی کیخلاف ووٹ دینے والا رکن صادق اور امین نہں رہے گا، کیا ایسا ممبر تاحیات نااہل ہوگا؟۔
آخری سوال یہ ہے کہ فلور کراسنگ یا ہارس ٹریڈنگ کو روکنے کے مزید اقدامات کیا ہو سکتے ہیں؟ آرٹیکل 63 اے میں نااہلی کی مدت کا تعین نہیں کیا گیا۔
صدارتی ریفرنس پر چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ معاملے کو سننا چاہتے ہیں، فریقین تیاری سے آئیں، حکومتی اتحادیوں کو نوٹس جاری نہیں کیے، اگر اتحادی اپنی نمائندگی چاہتے ہوں تو گزارشات دے دیں، کوشش کریں گے جلد ریفرنس پر اپنا فیصلہ دیں، صدارتی ریفرنس کیوجہ سے پارلیمنٹ کی کارروائی تاخیر کا شکار نہیں ہو گی۔
چیف جسٹس نے 24 مارچ سے صدارتی ریفرنس پر سماعت کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ہمارے پاس دستاویزات نہیں ہے کہ 25 کو اجلاس بلانے کی کیا وجہ ہے بتائیں؟ ہمیں ان وجوہات کو دیکھنے کا جواز نہیں ہے، ایڈوائزر اختیار میں صدارتی ریفرنس آیا ہے۔
اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ آئینی تقاضوں کو پورا کرنے نہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، سپریم کورٹ سے کوئی حکم امتناع نہیں مانگ رہے ہیں، صدارتی ریفرنس کی وجہ سے اسمبلی کارروائی متاثر نہیں ہوگی، کسی کو ووٹ کا حق استعمال کرنے سے روکا نہیں جاسکتا، ووٹ شمار ہونے کے معاملہ پر ریفرنس میں سوال اٹھایا ہے، ووٹ ڈالنے کے بعد کیا ہو گا یہ ریفرنس میں اصل سوال ہے۔

منحرف ایم این اے رمیش کمار کے گھر کے باہر احتجاج، دو ایم پی ایز کے خلاف مقدمہ درج

کراچی: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی کے منحرف ایم این اے رمیش کمار کے گھر کے باہر احتجاج کرنے والے دو اراکین سندھ اسمبلی سمیت متعدد افراد پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پی ٹی آئی کے منحرف ایم این اے رمیش کمار کے گھر کے باہر احتجاج کرنے والے کارکنان اور قیادت کو مہنگا پڑ گیا، کراچی کے علاقے بوٹ بیسن پولیس نے پی ٹی آئی کے دو ممبران سندھ اسمبلی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق بوٹ بیسن پولیس اسٹیشن میں اپم پی اے شاہنواز جدون اور سعید اللہ آفریدی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، جب کہ متعدد نامعلوم افراد کے خلاف بھی ایف آئی آر نمبر 176/2022 درج کی گئی ہے، مقدمہ میں دھمکیوں، ہتک آمیز الفاظ ادا کرنے سمیت مختلف دفعات درج کی گئی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایم این اے رمیش کمار کے گھر کے باہر 3 اراکین سندھ اسمبلی کی قیادت میں احتجاج اور ہنگامہ آرائی کی گئی تھی، واقعہ کے خلاف بوٹ بیسن تھانے میں مقدمہ درج ہے، ہنگامہ آرائی میں ملوث 2 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے 3 اراکین صوبائی اسمبلی نے ایک درجن سے زائد کارکنان کے ہمراہ تھانہ بوٹ بیسن کلفٹن کے باہر اپنے کارکنان کی رہائی کے لیے احتجاج کیا، اور حراست میں لیے گئے ایک شخص کی رہائی پر احتجاج ختم کر دیا گیا۔

فی تولہ سونے کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر اضافہ

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں ایک مرتبہ پھر فی تولہ سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 5 امریکی ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا اور نئی قیمت 1926 امریکی کرنسی ہو گئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، گوجرانوالا، راولپنڈی سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت میں سات سو روپے کا اضافہ دیکھا گیا اور نئی قیمت ایک لاکھ تیس ہزار سات سو روپے ہو گئی ہے۔
دوسری طرف دس گرام سونے کی قیمت میں چھ سو روپے کا اضافہ دیکھا گیا اور نئی قیمت ایک لاکھ بارہ ہزار چون روپے ہو گئی ہے۔
چاندی کی قیمت میں 5 روپے کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد نئی قیمت فی تولہ 1510 روپے ہوگئی جبکہ دس گرام کی قیمت 8 اعشاریہ 58 پیسے اضافے کے بعد 1294 روپے 58 پیسے ہوگئی ہے۔

بہتر ہوگا اسمبلی کی جنگ اسمبلی کے اندر لڑی جائے: چیف جسٹس پاکستان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ بار کی تحریک عدم اعتماد سے پہلے جلسہ روکنے کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ دیکھنا ہے کسی ایونٹ کی وجہ سے کوئی ووٹ ڈالنے سے محروم نہ رہے، ووٹ ڈالنا ارکان کا آئینی حق ہے، بہتر ہوگا اسمبلی کی جنگ اسمبلی کے اندر لڑی جائے، دونوں جلسوں کی ٹائمنگ الگ ہو تا کہ تصادم نہ ہو۔
قبل ازیں سپریم کورٹ بار کے صدر احسن بھون کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست پر سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی، شہباز شریف، بلاول بھٹو، فضل الرحمان، اختر مینگل اور دیگر رہنما عدالت میں پیش ہوئے۔
وزیراعظم عمران خان کے خلاف جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال اور اسلام آباد میں جلسوں کو روکنے کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ یہ محض قانونی مسئلہ نہیں، یہ سیاسی مسئلہ بھی ہے، اس میں انا نہیں ہونی چاہیے، اس عمل کو خوش اسلوبی سے مکمل کرنا ہے، اگر آپ لوگوں کو کچھ خدشات ہیں کہ تصادم ہو سکتا ہے، ہمیں 24 تاریخ کو مواد لاکر دکھا دیں، جہاں الیکشن ہوتا ہے وہاں ہم رک جاتے ہیں، ہمیں مواد دکھا دیں، اگر تمام سیاسی جماعتیں متفق ہوئیں تو کوڈ آف کنڈکٹ بنا لیں گے۔
انہوں نے اپنے ریمارکس میں مزید کہا کہ ہم اس بات کی اجازت نہیں دینگے، کوشش کریں ڈی چوک پر جلسہ نہ ہو، اکھٹے بیٹھ کر اتفاق رائے پیدا کریں، لوگوں کو لاکر کسی ووٹ ڈالنے والے کو روکنے کی اجازت نہیں دینگے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اسپیکر پر کوئی اعتراض ہو تو پارلیمنٹ میں اٹھائیں، اسپیکر بھی آئین کا حصہ ہے، اٹارنی جنرل نے یقین دلایا ہے کہ حکومت پر امن انداز میں احتجاج کرے گی۔

ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت 12 مئی تک ملتوی، نئے پراسیکیوٹر کو کیس کے مطالعے کی ہدایت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نئے تعینات ہونے والے پراسیکیوٹر کو ٹرائل میں شامل پراسیکیوشن ٹیم کے ساتھ بیٹھ کر کیس کی تفصیلات جاننے اور مطالعے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 12 مئی تک ملتوی کر دی۔
جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلوں اور خلاف ضابطہ کارروائی پر بریت کی متفرق درخواست پر سماعت کی۔ مریم نواز کے وکلا عرفان قادر اور امجد پرویز ایڈووکیٹ کے ساتھ عدالت پیش ہوئے۔ نیب کے نئے پراسیکیوٹر امتیاز صدیقی ایڈووکیٹ نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا اس کیس میں جرم کی نوعیت بھی دیکھنی ہے۔ یہ سمندر پار کئی ممالک کے درمیان ٹرانزیکشن کا معاملہ ہے۔ اصل ملکیت چھپانے کیلئے کئی کارپوریٹ ماہرین کی خدمات لی گئیں۔
جسٹس عامر فاروق نے کہا اپیل کنندہ کی جانب سے جزوی دلائل میں کہا گیا ہے کہ یہ شواہد موجود نہ ہونے کا کیس ہے۔ عرفان قادر ایڈووکیٹ نے کہا یہ بینفشل اونر کا ثبوت دے دیں تو عدالت کا وقت بچ سکتا ہے۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا عرفان قادر کو جانتا ہوں وہ شاہد آفریدی کی طرح کھیلتے ہیں۔ عرفان قادر نے کہا مجھے شاہد آفریدی کہہ رہے ہیں اور خود یہ سنیل گواسکر کی طرح ہیں۔ یہ جتنے سائنٹیفک اور پیچیدہ دلائل دے رہے ہیں، ایسے کمپلیکس دلائل کے جواب میں تو کیا، کوئی بھی نہیں دے سکتا۔ ہم نے درخواست دی تھی کہ اس کیس میں ضابطوں کی خلاف ورزی ہوئی، پہلے اس پر جواب دیں۔
عدالت نے کہا مناسب ہے کہ جہاں پر کیس ہے، ادھر سے ہی سٹارٹ کریں۔ پہلے اپنے پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی کے ساتھ بیٹھ کر کیس پر ڈسکس کریں۔ نیب کی جانب سے اپیلوں کو رمضان کے بعد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی گئی جس پر مریم نواز کے وکیل نے اعتراض نہ کیا اور سماعت 12 مئی تک ملتوی کر دی گئی۔

اوآئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کیلئے لانگ مارچ مؤخر کردیا: شہبازشریف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے اوآئی سی کیلئےلانگ مارچ مؤخر کردیا، وزرائے خارجہ اجلاس میں آنے والے ہمارے بھائی ہیں۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ پٹیشن دائر کرنے پر شکر گزار ہوں، ہماری درخواست تھی کہ سپیکر نے آئین شکنی کی، سپیکر نے 14 دن کی مدت کی خلاف ورزی کی جوآئین سےانحراف ہے، امید ہے اٹارنی جنرل نےعدالت میں جو کہا اس پرقائم رہیں گے۔
دریں اثنا پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وکلا کےذریعے آئینی اور قانونی جدوجہد کریں گے، پارلیمنٹ کو عدالت کی دہلیز پر ہم نہیں لائے، عدالت سے فیصلے آئین و قانون کے تحت کئے جانے کی توقع رکھتے ہیں۔

وزیراعلیٰ سیکر ٹریٹ ترین گروپ کے مسائل حل کرنے کیلئے حرکت میں آگیا

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ سیکر ٹریٹ ترین گروپ کے مسائل حل کرنے کیلئے حرکت میں آگیا، ایوان وزیراعلیٰ کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ ترین گروپ کے اراکین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔
ترین گروپ کو منانے کا مشن ،حکومت پنجاب کے جتن سامنے اگئے۔ وزیر اعلی سیکر ٹریٹ نے ترین گروپ کے اراکین اسمبلی کے اضلاع کی بیوروکریسی کو مسائل ہفتوں یا دنوں میں نہیں بلکہ گھنٹوں میں حل کرنے کا کہہ دیا،متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کو بھی ترجیحی بنیادوں پر کام نمٹانے کی ہدایت کی گئی ہے۔حکام کو مسائل کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر ایوان وزیر اعلی بھجوانے کے احکامات بھی دیئے گئے ہیں۔
معاملات کو سدھارنے کیلئے پنجاب کے وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس ترین گروپ کے ساتھ معاملات سلجھانے کیلئے متحرک ہیں جبکہ ان کی آئندہ چوبیس گھنٹوں میں ایک اور ملاقات بھی متوقع ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ترین گروپ کے دو رہنما وزیر اعلی آفس آئے تھے جہان ان کی پرنسپل سیکرٹری اور دیگر حکام سے ملاقات ہوئی جس کے دوران ارکان کے حلقوں کے مسائل حل کرنے سمیت دیگر امور پر مفصل بات چیت ہوئی۔