All posts by Khabrain News

تیونس میں دو مسافر ٹرینوں میں تصادم، 95 افراد زخمی

تیونس: (ویب ڈیسک) تیونس میں دو مسافر ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں 95 افراد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایمرجنسی سروس نے بتایا کہ زخمیوں کو مختلف اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاہم فی الحال کسی کی ہلاکت کی خبر سامنے نہیں آئی۔
سول ڈیفنس کے ترجمان نے بتایا کہ مسافروں میں فریکچر کی انجری زیادہ ہے جبکہ کسی کی حالت تشویش ناک نہیں ہے۔
تیونس کے مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 9 بجے ٹرینوں کو حادثہ پیش آیا تاہم حادثے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں، تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

دفتر میں عزت چاہیے تو ایموجیز سے چھٹکارا پائیے

سان ڈیاگو: (ویب ڈیسک) ماہرین نے ایک دلچسپ تحقیق میں انکشاف کیا ہے کہ جو لوگ اپنی دفتری ای میلز اور زُوم پروفائلز وغیرہ میں ایموجیز کا استعمال کرتے ہیں انہیں ’خالص تحریر‘ استعمال کرنے والوں کے مقابلے میں کم حیثیت اور کمزور سمجھا جاتا ہے۔
یہ تحقیق یونیورسٹی آف کیلیفورنیا سان ڈیاگو کی پامیلا اسمتھ اور تل ابیب یونیورسٹی اسرائیل میں ان کے ساتھیوں نے کی ہے جس میں سیکڑوں امریکی رضاکاروں کو مختلف نفسیاتی تجربات میں شریک کیا گیا تھا۔
پامیلا اسمتھ کے بقول، ’’آج ہم باہمی رابطوں میں تصویریں استعمال کرنے کے عادی ہوچکے ہیں اور سماجی رابطے کے پلیٹ فارمز نے ہمارا کام نہ صرف آسان بلکہ دلچسپ بھی بنا دیا ہے۔ البتہ، ہماری تحقیق سے ایک خطرہ بھی سامنے آیا ہے: بعض حالات میں، بالخصوص ملازمت اور کاروبار کے ماحول میں، یہ طرزِ عمل نقصان دہ ہوسکتا ہے کیونکہ یہ ہمارے کمزور ہونے کا اشارہ ہوتا ہے۔‘‘
اس سادہ لیکن دلچسپ تحقیق سے سامنے آنے والا مشورہ بہت آسان ہے: اگر آپ ملازمت یا کاروباری ماحول میں اپنا سنجیدہ اور طاقتور تاثر برقرار رکھنا چاہتے ہیں تو خط کتاب یا کسی بھی قسم کی پیشہ ورانہ مراسلت (پروفیشنل کمیونی کیشن) میں ایموجیز استعمال کرنے سے پہلے دو مرتبہ ضرور سوچیے۔
البتہ، ایموجیز کا استعمال اپنے دوستوں، عزیزوں اور رشتہ داروں سے نجی رابطوں میں کیا جائے تو اس میں کوئی برائی نہیں۔
نوٹ: اس تحقیق کی تفصیل ’’آرگنائزیشنل بیہیویئر اینڈ ہیومن ڈسیژن پروسیسز‘‘ کے تازہ شمارے میں آن لائن شائع ہوئی ہے۔

سری لنکا میں کاغذی بحران کی وجہ سے امتحانات ملتوی

کولمبو: (ویب ڈیسک) سری لنکا میں اس وقت شدید معاشی بحران جاری ہے جس کی وجہ سے لاکھوں طلباوطالبات امتحانات دینے سے قاصر ہیں کیونکہ کاغذ کی شدید قلت پیدا ہوچکی ہے۔
اس سے قبل میڈیکل اسٹور اور پیٹرول پمپوں پر طویل قطاریں دیکھی گئی ہیں کیونکہ 1948 کے بعد سے اب تک سری لنکا شدید معاشی مشکلات میں گرفتار ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب امتحانات ملتوی کردیئے گئے ہیں جن سےمتاثرہ طلبا و طالبات کی تعداد 45 لاکھ بتائی جاتی ہے۔
مغربی صوبے کے محکمہ تعلیم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ زرِ مبادلہ کی کمی سے روشنائی اور کاغذ نایاب ہوچکا ہے اور لوگ گھریلو ایندھن کی تلاش میں بھی سرگرداں ہیں۔ دوسری جانب گوشت، دودھ، اور دیگر ضروری اشیا بھی عوامی دسترس سے باہر ہوچکی ہیں۔
سری لنکن حکومت نے مالی مشکلات کی بنا پر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا جس کے تحت بیل آؤٹ پیکج لیا جائے گا۔ دوسری جانب آئی ایم ایف نے بھی ان روابط کی تصدیق کی ہے۔ واضح رہے کہ سری لنکا پر قرض کا پہاڑ ہے اور ملکی زرِ مبادلہ صرف دو ارب تین کروڑ ڈالر پر موجود ہیں۔
اس تناظر میں دوکانوں اور مارکیٹوں میں لوگوں کی طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں اور دودھ ، شکر تک کی شدید قلت ہوچکی ہے۔ ایندھن نہ ہونے کی وجہ سے ملک بھر میں بجلی کا طویل بلیک آؤٹ معمول کا حصہ بن چکا ہے۔
دوسری جانب سری لنکا نے چین سے بھی مالی مدد کی درخواست کی ہے لیکن اب تک جین نے کوئی جواب نہیں دیا ہے۔

ڈھائی ہزار سال قبل ستاروں کی سیدھ میں بنائی گئی مصنوعی جھیل

سسلی: (ویب ڈیسک) اٹلی سے 1920ء میں دریافت ہونے والی ایک مصنوعی جھیل کے بارے میں دریافت ہوا ہے کہ یہ دراصل ایک ’مقدس تالاب‘ تھا جسے ڈھائی ہزار سال پہلے ستاروں کی سمتیں اور سیدھ مدنظر رکھتے ہوئے بنایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ یہی بات اہرامِ مصر کےلیے بھی کہی جاتی ہے کہ انہیں ستاروں کی سیدھ میں تعمیر کیا گیا تھا۔ البتہ یورپ میں ایسی مثالیں بہت کم ملتی ہیں۔
یہ مصنوعی جھیل (جو نئی تحقیق سے ایک مقدس تالاب ثابت ہوئی ہے) مغربی سسلی کے سان پینتالیو جزیرے پر ’موتیا‘ (Motya) نامی قدیم شہر کا حصہ تھی۔
موتیا آج سے 2,500 سال پہلے کی فونیقی سلطنت کا اہم شہر تھا جو بندرگاہ کا درجہ بھی رکھتا تھا۔
دریافت کے تقریباً 100 سال بعد تک سمجھا جاتا رہا کہ یہ ایک مصنوعی جھیل تھی جسے کشتیوں اور چھوٹے جہازوں کی آمد و رفت کےلیے موتیا شہر کی بندرگاہ سے منسلک کیا۔
دس سال تک جاری رہنے والی نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ یہ خیال غلط تھا اور یہ کوئی مصنوعی جھیل بھی نہیں تھی۔
اس کے برعکس یہ ایک بڑا اور مقدس تالاب تھا جس میں ’بآل‘ (Ba’al) کہلانے والے ایک دیوتا کا مجسمہ بھی نصب تھا۔
کیمبرج یونیورسٹی پریس سے شائع ہونے والے ریسرچ جرنل ’’اینٹیکیٹی‘‘ (Antiquity) کے تازہ شمارے میں شائع ہونے والی اس تحقیق سے پتا چلتا ہے کہ یہ مجسمہ اس تالاب کے بیچوں بیچ ایک چوکور پتھر پر تعمیر کیا گیا تھا۔
وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ مجسمہ ٹوٹ پھوٹ کر ختم ہوگیا لیکن اس کے پیروں کے نشانات آج بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔
یہ تالاب موجودہ زمانے میں اولمپکس کے تالاب سے بھی بڑا تھا جسے ایک قریبی چشمے سے پانی فراہم ہوتا تھا۔
تالاب سے نکلنے والی بڑی نالیاں، جنہیں پہلے نہریں سمجھا گیا تھا، نکاسی کےلیے استعمال ہوتی تھیں اور استعمال شدہ پانی کو سمندر تک پہنچاتی تھیں۔
البتہ، ان سب باتوں سے بڑھ کر یہ معلوم ہوا کہ اس تالاب کو بطورِ خاص ستاروں کی سمتیں اور ترتیب مدنظر رکھتے ہوئے بنایا گیا تھا۔
سال کی کچھ خاص راتوں میں ستاروں کا ایک جھرمٹ اس تالاب کے تقریباً اوپر (بآل دیوتا کے سر پر) آجاتا تھا جس کا عکس اس کے شفاف پانی میں دیکھا جاسکتا تھا۔
ان تمام دریافتوں کے باوجود، ابھی یہ جاننا باقی ہے کہ آیا ایسے مواقع پر یہاں مذہبی رسومات ادا کی جاتی تھیں یا نہیں۔
بالفرض اگر ستاروں کے سیدھ میں آنے پر یہاں کچھ خاص مذہبی رسومات ادا کی جاتی تھیں تو ان کی نوعیت کیا تھی؟ یہ جاننے کےلیے اس علاقے میں مزید کھدائی اور تحقیق کی ضرورت ہے۔
یہ اور اس جیسی دیگر تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ قدیم زمانے میں ستاروں کی سمتوں اور مقامات کی خصوصی اہمیت تھی، جسے ہم نے ابھی دریافت کرنا شروع ہی کیا ہے۔

روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت مزید بڑھ گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر ایک مرتبہ پھر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچتے ہوئے 68 پیسے مہنگا ہو گیا۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستانی روپے کے مقابلے ڈالر 68 پیسے اضافے سے 181 روپے 25 پیسے پر فروخت ہوا۔ چند دنوں سے ڈالر کے ریٹ میں مسلسل بڑھوتری دیکھنے میں آ رہی ہے۔
اس سے پہلے ڈالر کی قیمت 180 روپے 57 پیسے تھی۔

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی 2009 کے بعد ورلڈ کپ میں پہلی فتح

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ 2022 میں پہلی فتح اپنے نام کرلی، خواتین ٹیم 2009 کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میں کوئی میچ جیتی ہیں۔
خواتین کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ میں جاری ورلڈ کپ کے دوران ویسٹ انڈیز کے خلاف یہ فتح حاصل کی۔ قومی ٹیم نے89 رنز کا ہدف حاصل کرتے ہوئے 8وکٹوں سے مخالف ٹیم کو شکست دی۔
ندا ڈار نے میچ میں چار اوورز کے دوران 10 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں، جس پر انہیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
اس سے قبل، پاکستان ویمن ٹیم بھارت، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش سے اپنے ہار چکی ہے۔ آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ 2022 میں نیوزی لینڈ میں جاری ہے۔

لمپی سکن وائرس: کیا متاثرہ جانوروں کا دودھ، گوشت انسانی صحت متاثر کر سکتا ہے؟

لمپی اسکن ڈیزیز سے متاثرہ جانورں کا گوشت اور دودھ انسانوں کے لیے محفوظ ہے یا نہیں آج کل یہ مضوع زیربحث ہے کراچی سندھ میں گائے میں جلد کی گانٹھ کی بیماری نے لوگوں میں شدید تشویش پیدا کردی ہے

لمپی اسکن ڈیزیز سے متاثرہ جانورں کے بارے میں لوگ شک میں مبتلا ہیں کہ گوشت کھائیں یا نہیں چونکہ ابھی تک اس مرض کی کوئی ویکسین دستیاب نہیں ہے اس لیے صوبائی حکومت نے وائرس کی بیماری پر قابو پانے کے لیے اب تک کوئی بڑا قدم نہیں اٹھایا ایک خبر کے مطابق صرف کراچی میں 15,100 سمیت 20,000 جانور لمپی اسکن ڈیزیز سے متاثر ہوئے ہیں یہ ایک سنگین صورتحال ہے

لمپی ڈیزیز کی علامات
لمپی اسکن ڈیزیز مویشیوں کا وائرل انفیکشن ہے اصل میں یہ افریقہ میں پایا جاتا تھا یہ مشرق وسطیٰ، ایشیا اور مشرقی یورپ کے ممالک میں بھی پھیل چکا ہے طبی علامات میں بخار، لکرمیشن، ہائپر سلائیویشن کی وجہ سے جلد پھٹ جاتی ہے

کسانوں نے بتایا کہ یہ بیماری پہلے ہی سانگھڑ، سکھر، میرپورخاص، حیدرآباد، خیرپور اور کراچی کے کھیتوں میں پھیل چکی ہے انہوں نے اس بیماری سے نمٹنے کے لیے ماہرین کے مشورے اور ادویات کی فراہمی کا بھی مطالبہ کیا ہے

لمپی اسکن ڈیزیز سے متاثرہ گوشت اور دودھ
ایم ایم نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے برنس روڈ میٹ منڈی کے قصابوں کا کہنا تھا کہ جن جانوروں کو یہ بیماری ہوتی ہے ان کے گوشت کے اندر موٹے دھبے ہوتے ہیں اس لیے اگر آپ گوشت لینے جائیں تو گوشت دیکھ لیں اور پھر خریدیں ڈیری فارمر کے مالک ملک بلال نے کہا کہ یہ افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ غیر معیاری دودھ فروخت ہو رہا ہے محض پروپیگنڈا ہے

ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں فروخت ہونے والا زیادہ تر دودھ بھینسوں کا ہے اور یہ بیماری گائے کے اندر اور خاص طور پر باہر سے پاکستان آنے والی گایوں میں زیادہ پائی جاتی ہے

حکومت کی طرف سے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کیلئے ریفرنس دائر، سماعت 24 مارچ سے ہوگی

وفاقی حکومت نے منحرف اراکین کے معاملے پر آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لیے صدارتی ریفرنس سپریم کورٹ میں دائر کر دیا جس پر سماعت 24مارچ سے ہوگی۔

عدالتِ عظمیٰ  میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی ملک میں تصادم روکنے کی درخواست  پر سماعت کے دوران چیف جسٹس  پاکستان نے حکم  دیا کہ صدارتی ریفرنس پر سماعت 24 مارچ سے ہوگی۔

چیف جسٹس پاکستان کا کہنا تھاکہ ایڈوائزری اختیار میں صدارتی ریفرنس آیا ہے، صدارتی ریفرنس پر لارجر بینچ تشکیل دیں گے۔

جسٹس عمر  عطا بندیال کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 63 اے پارٹیوں کے حقوق کی بات کرتا ہے، کسی کو ووٹ دینے سے روکا نہیں جاسکتا، عوامی مفاد میں کسی صورت سمجھوتا نہیں ہونا چاہیے۔

صدارتی ریفرنس

اس سے قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے منظور ریفرنس اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے سپریم کورٹ میں دائر کیا۔

اٹارنی جنرل کی جانب سے دائر ریفرنس میں سپریم کورٹ سے آئین کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے بارے میں رائے لی جائے گی۔

امپائر نیوٹرل ، عمران خان گیم ہار چکے، اب انہیں بچانے کوئی نہیں آئیگا: مریم نواز

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان گیم ہار چکے ہیں، پوری پارٹی ان کے ہاتھوں سے ریت کی طرح نکل گئی۔ نوازشریف نے باہر بیٹھ کر آپ کو گھر میں گھس کر مارا.
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا عمران خان کی گنتی کبھی پوری نہیں تھی۔ کبھی آپ کہتے ہیں جو چھوڑ کر چلے گئے وہ لوٹے ہیں، کبھی انہیں کہتے ہیں واپس آ جاو، کچھ نہیں کہوں گا، جو آپ کو چھوڑ کر جا رہے ہیں ہمیں ان کو خریدنے کی کیا ضرورت ہے۔ ایسا حال تو کسی تانگہ پارٹی کا نہیں ہوتا۔ نوازشریف نے باہر بیٹھنے کے باوجود آپ کو گھر میں گھس کر مارا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں ان کے خلاف بیرونی سازش ہو رہی ہے، ان کے خلاف کسی ملک کو سازش کی ضرورت نہیں، یہ اپنے لیے خود کافی ہیں۔ سازش والی بات نہ کریں، لوگ آپ پر ہنستے ہیں۔ آپ کوپتہ ہی نہیں ملک کو کیسے چلایا جاتا ہے، حکومت سے 10 لوگ پورے نہیں ہو رہے۔ آپ اپنے 10 لوگ پورے کر لیں، 10 لاکھ لوگ جمع کرنےکی ضرورت نہیں۔ آپ نے نیب، ایف آئی اے، اینٹی کرپشن کونیوٹرل نہیں رہنے دیا، نیوٹرل کے لفظ پر آپ کی پارٹی بکھر گئی۔