All posts by Khabrain News

جو ناراض اراکین غلطی کر بیٹھے ہیں واپس آ جائیں، معاف کر دونگا: وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں فیصلہ کن وقت آگیا ہے، جو ناراض اراکین کو غلطی کر بیٹھے ہیں واپس آ جائیں، معاف کر دوں گا۔
ملا کنڈ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے عوامی جلسے سے خطاب میں ناراض اراکین اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ ملک کے ساتھ وہ کرنا چاہتے ہیں جو دشمن بھی نہیں کرسکتا، معاشرہ جنگ ہارنے سے نہیں، اخلاقیات تباہ ہونے سے ختم ہوتا ہے، اللہ تعالیٰ نے ہمیں حکم دیا ہے اچھائی کا ساتھ دو اور برائی کیخلاف جہاد کرو، یہ لوگوں کے چوری کے پیسے سے لوگوں کے ضمیر خرید رہے ہیں، قوم کی جب اخلاقیات ختم ہوجائے تو وہ محنت کرنا چھوڑ دیتی ہے، میرے کچھ ایم این ایز غلطی کر بیٹھے ہیں، پارٹی کا سربراہ باپ کی طرح ہوتا ہے، چھانگا مانگا کے دن چلے گئے ہیں، یہ وہ پاکستان ہے جس کے عوام میں شعور آچکا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ اب قوم کے بچے بچے کو ایم این ایز کے نام پتہ چل چکے ہیں، انہیں پتہ ہے کہ آپ نے پارٹی کو چھوڑا تو وہ پیسے کی وجہ سے چھوڑا، آپ جتنا بھی کہیں پیسے نہیں لیے ضمیر جاگے لیکن کوئی آپ کی بات نہیں مانے گا، لوگ صرف یہی سمجھیں گے کہ آپ نے اپنے ضمیر کو بیچا ہے، ہمیشہ کیلئے ایم این ایز کے نام کے ساتھ ضمیر فروش لکھ دیا جائے گا، ایم این ایز چاہے جو بھی کہیں لوگ یہی کہیں گے کہ انہوں نے پیسے لیے، میرے جو ایم این ایز غلطی کر بیٹھے ہیں، میں آپ کو معاف کردوں گا، واپس آجائیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ درگئی کے عوام اور نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، عوام اس پارٹی کا ساتھ دیں گے جو پاکستان کیلئے کھڑی ہے، امید ہے بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کامیاب ہوگی، درگئی کے نوجوان تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں، قوموں کی زندگی میں کبھی کبھی فیصلہ کن وقت آتاہے، پاکستان کے بڑے بڑے ڈاکو اکٹھے ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف پاکستان کے بڑے بڑے ڈاکو اکٹھے ہوگئے ہیں، دوسری طرف وہ لوگ ہیں جنہوں نے 25سال ڈاکووں کیخلاف جدوجہد کی، ملک میں فیصلہ کن وقت آگیا ہے، ڈاکووں نے چوری کے پیسے سے ہمارے ایم این ایز کی قیمت لگائی ہے، ضمیر فروش اور لوٹے میں فرق ہوتا ہے، لوٹا اقتدار کی طرف چلاتا ہے اور ضمیر فروش اپنا اور ملک کا سودا کرتا ہے، اس وقت یہ لوٹے نہیں ہورہے یہ اپنے ضمیر کا سودا کر رہے ہیں، لوٹا اقتدار کی طرف جاتا ہےاور ضمیر فروش اپنا اور ملک کا سودا کرتا ہے، عدلیہ اور الیکشن کمیشن ضمیر فروشوں کو دیکھ رہی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ساری قوم کے سامنے ضمیروں کا سودا ہو رہا ہے اور اسے جمہوریت کا نام دیا جا رہا ہے، ہم نے برطانیہ سے جمہوریت کا نظام لیا ہے، 20سے 25 سال میں سنا ہی نہیں برطانیہ کا ممبر پارلیمنٹ ضمیر کا سودا کرے، اب وہ وقت آگیا ہے کہ فیصلہ کرنا ہے کہ کس طرف کھڑا ہونا ہے، اللہ تعالیٰ نے حکم دیا ہے کہ اچھائی کا ساتھ دو اور برائی کیخلاف ہو، اللہ تعالیٰ نے ہمیں نیوٹرل ہونے کا نہیں کہا، سندھ ہاوس میں پیسے دے کر جمہوریت کا جنازہ نکالا جارہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ن لیگ نے تو آصف زرداری کو چوری پر 2بار جیل میں ڈالا، ن لیگ نے سابق صدر پر کرپشن کے کیسز بنائے ، پیپلزپارٹی نے تو نوازشریف پر چوری کے کیس بنائے، حدیبیہ پیپر ملز کا کیس تو پیپلزپارٹی نے نوازشریف پر بنایا، فضل الرحمان کو ڈیزل کا خطاب تو ن لیگ نے دیا تھا۔ ن لیگ کے ایک رنگ باز نے فضل الرحمان کو ڈیزل کا خطاب دیا، مولانا پر نیب کا کیس تو مسلم لیگ ن کے دور میں بنے تھا، ہمارا دین کہتا ہے ماں ،باپ کی عزت کرو، ماں ، باپ کا پیار ہمیشہ بے لوث ہوتا ہے

نیٹو فوجی مشقوں کے دوران امریکی طیارہ گر کر تباہ، 4 اہلکار ہلاک

اوسلو: (ویب ڈیسک) ناروے میں نیٹو فوجی مشق میں حصہ لینے والا امریکی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا طیارے میں موجود چاروں امریکی فوجی ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ناروے میں نیٹو کی فوجی مشقیں جاری ہیں اور یکم اپریل تک جاری رہنے والی ان فوجی مشقوں میں رکن ممالک کے 30 ہزار فوجی، 200 طیارے اور 50 بحری جہاز حصہ لے رہے ہیں۔
فوجی مشقوں کے دوران امریکی جنگی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، طیارے کے گرتے ہی آگ لگ گئی۔ طیارے میں 4 امریکی فوجی اہلکار موجود تھے جو موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
حکام کے مطابق فوری طور پر حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی تاہم پرواز کے وقت تیز ہوائیں چل رہی تھیں اور بارشیں بھی ہو رہی تھیں۔ ممکنہ طور پر حادثے کی یہ وجہ ہوسکتی ہے تاہم تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔

سفارتی ذرائع سے پاکستان کے ساتھ تعلقات ہیں، امریکا

بائیڈن انتظامیہ نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے یا تنزلی کا عہد کیے بغیر محتاط روابط جاری رکھنے کی خواہش کا اشارہ دیا ہے، وہ ملک جو کبھی قریبی اتحادی ہوا کرتا تھا۔

 یہ اشارہ وائٹ ہاؤس میں جمعہ کی سہ پہر کی ایک نیوز بریفنگ میں سامنے آیا جب پریس سیکریٹری جین ساکی نے دو اشتعال انگیز سوالات کو نظر انداز کر دیا جنہیں وہ یا تو پاکستان کی موجودہ پالیسیوں پر تنقید کرنے یا اسلام آباد کے ساتھ تعلقات کی بحالی کی امریکی خواہش کو اجاگر کرنے کے لیے استعمال کر سکتی تھیں۔

ایک پاکستانی صحافی نے انہیں یاد دلایا کہ کئی ماہ قبل وزیر اعظم عمران خان نے امریکی صدر جو بائیڈن سے ’ٹیلیفون پر بات چیت کی درخواست‘ کی تھی جس کے بعد ہم نے اس کے بارے میں کچھ نہیں سنا۔

صحافی نے سوال کیا کہ کیا پاکستانی قیادت سے رابطہ نہ کرنے کی کوئی خاص وجہ ہے؟

جس پر وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری نے جواب دیا کہ میرے پاس کسی طے شدہ کال یا مصروفیت کے بارے میں کوئی اپ ڈیٹ نہیں، ظاہر ہے کہ ہم اپنی قومی سلامتی ٹیم اور محکمہ خارجہ کے ذریعے پاکستان اور متعدد رہنماؤں کے ساتھ کئی سطحوں پر بات چیت کرتے ہیں لیکن صدر کے ساتھ کال یا مصروفیت کے لحاظ سے میرے پاس اس حوالے سے پیش گوئی کرنے کے لیے کچھ نہیں ہے۔

صحافی نے پھر محترمہ جین ساکی کو یاد دلایا کہ وزیر اعظم خان نے حال ہی میں ایک عوامی اجتماع میں کہا تھا کہ ’وہ دیگر (پاکستانی) سیاستدانوں کی طرح امریکا کے غلام نہیں بنیں گے، کیا آپ اس پر تبصرہ کرنا چاہیں گے؟‘۔

جس پر امریکی عہدیدار نے جواب دیا کہ ہمارے پاکستان کے ساتھ پرانے تعلقات ہیں اور یہ ایک ایسا رشتہ ہے جسے ہم سفارتی ذرائع سے جاری رکھیں گے، لہذا میرے پاس اس پر مزید کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان سرد جنگ کے دوران امریکا کا قریبی اتحادی تھا اور سوویت یونین کے ٹوٹنے تک ایسا ہی رہا، پاکستان نے افغانستان میں سوویت مخالف جنگ میں کلیدی کردار ادا کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی امریکا کا ساتھ دیا۔

دونوں ممالک کے تعلقات میں تلخی اس وقت شروع ہوئی جب القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن ایبٹ آباد میں پائے گئے اور اوباما انتظامیہ نے اسلام آباد کو بتائے بغیر اسے باہر نکال لیا۔

جولائی 2019 میں وزیر اعظم خان نے واشنگٹن کا ایک ’آفیشل ورکنگ‘ دورہ کیا جہاں انہوں نے وائٹ ہاؤس میں اس وقت کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی جس کے بعد ستمبر 2019 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے دوران نیویارک میں صدر ٹرمپ سے ان کی ایک اور ملاقات ہوئی تھی۔

اس کے بعد سے دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان کوئی براہِ راست ملاقات نہیں ہوئی اور صدر بائیڈن نے ابھی تک پاکستانی وزیر اعظم کو کال بھی نہیں کی۔

ریکوڈک منصوبہ: پاکستان پر عائد 11ارب ڈالر جرمانہ ختم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم نے ریکوڈک منصوبے پر کام کرنے والی کمپنی سے تنازع ختم ہونے اور 11 ارب ڈالر کا جرمانہ ختم ہونے کی خوشخبری سنادی۔
وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ 10 سال کی قانونی لڑائیوں اور گفت و شنید کے بعد بالآخر ریکوڈک کان کی ڈویلپمنٹ کے لیے بیرک گولڈ کے ساتھ کامیاب معاہدے پر بلوچستان کی قوم اور عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا ہے کہ تقریباً 11 ارب ڈالر کا جرمانہ آف سیٹ ہوا ہے، دس ارب ڈالر بلوچستان میں لگائے جائیں گے جس سے 8 ہزار نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی۔
عمران خان نے مزید کہا کہ ریکوڈک ممکنہ طور پر دنیا میں سونے اور تانبے کی سب سے بڑی کان ہوگی، یہ منصوبہ ہمیں قرضوں سے آزاد کرے گا اور ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز کرے گا۔

سندھ ہاؤس پر حملہ، پی ٹی آئی کے 2 ایم این ایز کے نام ضمنی ایف آئی آر میں شامل

لاہور: (ویب ڈیسک) سندھ ہاؤس حملہ کیس میں پی ٹی آئی کے 2 اراکین قومی اسمبلی کے نام ضمنی ایف آئی آر میں شامل کر دیئے گئے۔
سندھ ہاوس پر حملے کا معاملہ،تحریک انصاف کے کراچی سے رکن قومی اسمبلی فہیم خان اور عطااللہ نیازی کے نام ایف آئی آر میں شامل کرکے شامل تفتیش کر لیا گیا۔ سندھ ہاوس حملہ کی تمام فوٹیج میں مذکورہ ایم این ایز واضح نظر آ رہے ہیں۔
حملہ میں ملوث بیشتر کارکنان ان دونوں ایم این ایز کی گاڑیوں میں آئے،پولیس کے مطابق ایک واقعے کی دو ایف آئی آرز درج نہیں ہو سکتیں لہذا پولیس نے ضمنی ایف آئی آرز میں دونوں ایم این ایز کے نام شامل کئے۔

آسٹریلوی کرکٹر میکسویل نے بھارتی گرل فرینڈ سے شادی کرلی

آسٹریلیا : (ویب ڈیسک) آسٹریلوی کرکٹر گلین میکسویل اپنی بھارتی گرل فرینڈ سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا کے آل راؤنڈر گلین میکسویل نے 18 مارچ کو ایک نجی تقریب میں اپنی دوست ‘ونی رمن’ سے شادی کی۔
دونوں نے اپنی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، میکسویل کی اہلیہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے اور شوہر کے ہاتھ کی تصویر شیئر کی۔
تصویر کے کیپشن میں ونی نے لکھا کہ محبت تکمیل کی تلاش ہے اور آپ کے ساتھ مجھے مکمل ہونا محسوس ہوتا ہے۔
خیال رہے کہ میکسویل اور ونی رمن 2 سال سے زیادہ عرصے سے آپس میں دوست ہیں اور اُنہوں نے فروری 2020 میں انسٹاگرام پوسٹس کے ذریعے اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا۔
گلین میکسویل اپنی شادی کی وجہ سے ہی دورہ پاکستان میں شریک نہیں ہو سکے۔

یمن میں ایک آنکھ والے بچے کی پیدائش

یمن : (ویب ڈیسک) یمن کے صوبے البیداء میں ایک آنکھ والے بچے کی پیدایش نے ڈاکٹروں کو حیران و پشیمان کر دیا۔
گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق بچے کی پیدائش البیداء کے علاقے رداع شہر میں ہوئی اور بچے کے چہرے پر ایک آنکھ واضح تھی۔
یمن سے تعلق رکھنے والے ایک صحافی کریم زارعی کی جانب سے بچے کی تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی جس میں انہوں نے لکھا کہ تقریباً 5 صدیوں میں دنیا بھر میں صرف 6 بچے ایک آنکھ کے ساتھ پیدا ہوئے ہیں۔
ڈاکٹروں نے بتایا کہ بچے کی آنکھ کی جگہ پر ایک سوراخ تھا اور بصارت کی ایک ہی رگ موجود تھی تاہم بچہ زیادہ دیر تک زندہ نہ رہ سکا اور پیدائش کے 7 گھنٹے بعد ہی دنیا سے چلا گیا۔

گھر کسی صورت نہیں چھوڑوں گی، بوڑھی خاتون نے 10 کروڑ ڈالر کی پیشکش ٹھکرا دی

لاہور: (ویب ڈیسک) چار دیواری سے انسیت کی مثالیں دنیا بھر میں پائی جاتی ہیں لیکن زندگی کے ایک ایسے حصے میں جب ہر بوڑھا شخص اپنے جینے کا سہارا تلاش کرتا ہے، کروڑوں ڈالر کی پیشکش ٹھکرا دینا غیر معمولی سی بات ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 84 سالہ خاتون ایڈتھ میکفیلڈ کو ڈیولپر کی جانب سے ان کے مکان کے عوض کروڑوں ڈالر کی پیشکش کی گئی، پیشکش کچھ یوں تھی کہ ڈیولپر نے خاتون کے گھر کو مسمار کرکے شاپنگ مال بنانے کے لیے 7 لاکھ 50 ہزار ڈالر آفر کیے۔تاہم بوڑھی خاتون نے کروڑوں روپے کی پیشکش ٹھکرادی جس کے بعد کمپنی نے خاتون کو ایک ملین ڈالر آفر کی پیشکش کی لیکن خاتون پھر بھی نا مانیں۔
بعد ازاں کمپنی خاتون کے گھر کے اردگرد مال بنانے پر مجبور ہوگئی تاہم یہ پیشکش ٹھکرانے کے ذریعے اپنے گھر کو بچاکر ایڈتھ مقامی ہیرو بن گئیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایڈتھ نے 1952 میں یہ گھر 3 ہزار 752 ڈالر میں خریدا تھا جہاں وہ اپنی والدہ کے ساتھ رہتی تھی، 2006 میں کمپنی نے گھر کے عوض ایڈتھ کو پیشکش کی اور 2008 میں ایڈتھ انتقال کرگئیں لیکن مرنے سے قبل وہ اپنا گھر اسی کمپنی کے مینیجر دوست کے نام کرگئیں جس کمپنی کو انہوں نے مکان فروخت کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

بھارتی خادمہ ایک سال تک مالکان کو ’غلاظت‘ کھلاتی رہی

کویت : (ویب ڈیسک) کویت میں ایک سال تک گھر والوں کو اپنی غلاظت کھلانے والی بھارتی خادمہ کا مکروہ فعل آخر کار عیاں ہوگیا جس کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی خادمہ نے یہ عمل مالکان سے انتقام لینے کے لیے کیا اور ایک برس تک کھانے میں غلاظت ڈال کر کھلاتی رہی جس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق بھارتی خادمہ نے محض اس بات پرانتقامی کارروائی کی کہ اسے جو کمرہ رہائش کےلیے دیا گیا تھا وہ دیگر گھروالوں سے الگ اور مکان کی چھت پربنا ہوا تھا۔
گھر کی مالکن اور متاثرہ خاتون نے پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کرایا کہ کچھ عرصے سے تمام گھر والے کھانے کے غیر معمولی خراب ذائقے کے حوالے سے پریشان تھے تاہم وجہ کسی کو معلوم نہیں ہو رہی تھی کہ کھانا اس قدر خراب کیوں ہے۔
خاتون نے بتایا کہ ہم نے سچائی جاننے کے لیے کچن میں خفیہ کیمرے نصب کیے جس سے پتہ چلا کہ خادمہ کھانے میں کچھ ملاتی تھی۔
گھر والوں کی رپورٹ پر خادمہ کو گرفتار کر کے پوچھ گچھ کی گئی جس کے بعد اس نے اعترافِ جرم کرلیا۔

سنجے دت کی مشرف سے ملاقات، بھارتی صارفین نے اداکار کو دہشت گرد قرار دیدیا

ممبئی: (ویب ڈیسک) مبینہ ملاقات سے متعلق بھارتی میڈیا کا دعویٰ تھا کہ دونوں دبئی میں ملے تاہم تصویر وائرل ہوئی تو بھارتی میڈیا سمیت سوشل میڈیا پر ہلچل مچ گئی لیکن اب تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ تصویر کب اور کہاں لی گئی۔سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف اور بالی وڈ اداکار سنجے دت کی مبینہ ملاقات کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بھارتی سوشل میڈیا صارفین غصے سے آگ بگولا نظر آ رہے ہیں۔
بات کی جائے بھارتی سوشل میڈیا صارفین کی تو وہ اس تصویر پر اپنے غم و غصے کا اظہار مختلف تبصروں سے کر رہے ہیں۔
ایک ٹوئٹر صارف نے تو اس عام سی ملاقات کو کچھ اور ہی رنگ دے دیا اور بالی وڈ سپر اسٹار کو ’دہشت گرد‘ قرار دیا۔
گوتم اگروال نامی ٹوئٹر صارف نے کہا سوچ رہا ہوں کہ کیا اس ملاقات کے بارے میں سکیورٹی ایجنسیز کو معلوم ہے کہ یہ کیوں ہوئی ہے؟
اسی صارف نے بھارتی ریاست ارونا چل پردیش کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سنجے دت کو ریاست کے برانڈ ایمبیسیڈر کے عہدے سے فوری ہٹایا جائے۔
خیال رہے کہ سابق صدر جنرل پرویز مشرف اور بالی وڈ اداکار سنجے دت نے تاحال تصویر پر کسی قسم کی وضاحت پیش نہیں کی۔