All posts by Khabrain News

انسان سمیت دیگر اشیاء کو چھپانے والی شیلڈ تیار

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ کی ایک کمپنی نے ایسی ٹیکنالوجی ڈیزائن کی ہے جو آپ کو شیلڈ کا استعمال کرتے ہوئے پوشیدہ بننے میں مدد دے سکتی ہے جبکہ آرگنائزر کی کِک سٹارٹر مہم کو سپورٹ کرنے پر آپ پوشیدہ شیلڈ حاصل بھی کرسکتے ہیں۔
انویزیبلیٹی شیلڈ کمپنی نے میکانزم ڈیزائن کرنے کے لیے دو سال تک محنت کی، شیلڈ کے پیچھے لینسز کا استعمال کیا گیا ہے کہ تاکہ انسانی پوشیدگی کو آسان بنایا جاسکے۔
پوشیدہ شیلڈ یکساں پس منظر جیسے گھاس، پودوں، دیواروں، پینٹ لائنوں اور ریت کے ساتھ بہترین کام کرتی ہے، برطانیہ میں موجود کمپنی پوشیدہ شیلڈز کو دو سائز میں فراہم کرہی ہے جو دو بالغ انسانوں کو اپنے پیچھے چھپانے کے لیے کافی ہے۔
ایک سائز کی پیمائش 3 فٹ 2 انچ جبکہ دوسری 12 فٹ 8 انچ ہے، جس کی قیمت 64 ڈالر ہے، کمپنی نے اس بات کو یقینی بنایا کہ مصنوعات کی تیاری کم اخراج کے ساتھ ماحول دوست ہو۔
کمپنی کے پاس پہلے ہی ساڑھے 350 سے زائد آرڈرز ہیں جس کی رواں سال دسمبر میں شپنگ شروع ہو جائے گی۔

داخلی سیاسی حالات کو او آئی سی پر اثر انداز نہیں ہونے دینگے، اعلامیہ متحدہ اپوزیشن

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) وزرائے خارجہ کے48 ویں اجلاس کے حوالے سے متحدہ اپوزیشن نے مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا۔
متحدہ اپوزیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں اسلامی دنیا کے وزرائے خارجہ، مندوبین اور دیگر شخصیات کی آمدکا خیر مقدم کیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ معزز مہمانوں کی آمد ہمارے لیے باعث افتخار ہے، او آئی سی مہمانوں کی موجودگی کے دوران خوش گوار ماحول کے لیے کردار یقینی بنائیں گے، ایسی فضا کے لیے بھرپور حصہ ڈالیں گے جس میں معزز مہمان اپنے امور پوری توجہ سے انجام دے سکیں۔
اعلامیے کے مطابق او آئی سی کے معزز مہمانوں کی تکریم کے لیے متحدہ اپوزیشن نے لانگ مارچ کی تاریخوں میں تبدیلی کی، معزز مہمانوں کی تکریم کے لیے متحدہ اپوزیشن نےکارکنان کو 25 مارچ سے پیشتر اسلام آباد نہ آنےکی ہدایت کی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ پاکستان کے داخلی سیاسی حالات اور سیاسی کشمکش کو اوآئی سی پر اثر انداز نہیں ہونے دیا جائےگا، امیدکرتے ہیں کہ معزز مہمان اچھی یادیں لے کر وطن واپس تشریف لے جائیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر پیر کے دن عدم اعتماد پیش نہیں کرتے تو ہم ایوان سے نہیں اٹھیں گے اور دیکھتے ہیں آپ او آئی سی کی کانفرنس کیسےکرتے ہیں؟ ہم وہاں اسی فلورپربیٹھے رہیں گے جب تک ہمارا حق نہیں دیا جاتا۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے بھی بلاول کے اعلان کی تائید کرتے ہوئے ایوان میں دھرنےکا اعلان کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ اجلاس بلانا اسپیکرکی ذمہ داری ہے، اگر اسپیکر نے ہاؤس کا بزنس نہ چلایا تو ہم اسمبلی ہال میں دھرنے دینے پر مجبور ہوں گے۔

دلہا کا دلہن کو جہیز میں 300 گائے اور دو سو بچھڑوں کا تحفہ

خرطوم: (ویب ڈیسک) افریقی ملک سوڈان میں نوجوان نے لڑکی سے شادی کرنے کے لیے 300 گائے اور دو سو بچھڑے بطور جہیز دینے کی پیش کش کی جو قبول کرلی گئی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنوبی سوڈان میں اشول وال نامی لڑکی نے شہری کی آفر کو قبول کی اس طرح دنوں ازدواجی زندگی میں منسلک ہوگئے جس کے بعد دلہے نے بطور جہیز دلہن کو سیکڑوں مویشی دیے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ سول وار کے باعث شدید غربت تلے زندگی گزارنے والے ملک سوڈان میں جہیز کے طور پر خطیر مالیت کے مویشی دینے کو حیران کن نگاہ سے دیکھا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ سوڈان میں شادی کے عجیب وغریب رسومات رائج ہیں۔ اس سے قبل نیلونگ نامی لڑکی کو لڑکے نے جہیز میں 100 گائے اور چھے سلنڈر والی کار دی تھی۔

جائیداد کے تنازع پر سفاک باپ نے بیٹے، بہو اور پوتیوں کو جلا کر مار ڈالا

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں درندہ صفت باپ نے جائیداد کے تنازع پر بیٹے، بہو اور دو معصوم پوتیوں کو آگ لگا کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ انسانیت سوز واقعہ بھارتی ریاست کیرالا میں پیش آیا جہاں معمر شخص نے جائیداد کے معاملے پر اپنے بیٹے، بہو اور پوتیوں کو جلا کر مار دیا۔ مقامی پولیس نے بتایا کہ سفاک باپ نے پہلے گھر کو باہر سے تالا لگایا اور پھر مکان کے اندر پیٹرول پھینک کر آگ لگا دی، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران ملزم نے اعتراف جرم بھی کرلیا ہے، اس نے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت اپنے خاندان کی جان لی، باپ نے گھر کی ٹینکی سے پانی بھی ختم کردیا تھا تاکہ کوئی آگ کو بجھا نہ سکے۔
کیرالا پولیس نے کہا کہ شدید آتشزدگی کے سبب پڑوسی بھی مدد نہیں کرپائے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اور ریسکیو عملے نے آگ پر قابو پانے کے بعد لاشوں کو اسپتال منتقل کیا۔
بھارتی پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ جائے وقوع پر باپ اور بیٹی کی لاش آپس میں لپٹی ملی، ممکنہ طور پر آگ لگنے پر دونوں نے ایک دوسرے کو گلے لگا لیا تھا جس کی وجہ سے باپ بیٹی کے مردہ جسم کو الگ کرنے میں بھی مشکلات پیش آئیں۔

بلاول بھٹو کی دھمکی کے بعد حکومت کا پارلیمانی اجلاس 25 مارچ کو بلانے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے بلاول بھٹو زرداری کی او آئی سی اجلاس روکنے کے لیے قومی اسمبلی ہال میں دھرنے کی دھمکی کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو بلانے کا فیصلہ کرلیا۔
حکومتی ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاع کے مطابق حکومت نے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے نئی حکمت عملی مرتب کر لی جس کے تحت اپوزیشن کی پریس کانفرنس کے بعد وزیراعظم اور اسپیکر سمیت دیگر وزراء نے آپس میں رابطہ کیا اور 21 مارچ کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے حوالے سے مشاورت کی۔
وفاقی کابینہ ذرائع کے مطابق حکومت نے 21 کی بجائے 25 مارچ کو قومی اسمبلی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مطلب تحریک عدم اعتماد کا اجلاس او آئی سی کانفرنس کے بعد ہوگا۔
ذرائع کے مطابق او آئی سی کے باعث قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا چارج وزارت خارجہ کے پاس ہے۔ تحریک عدم اعتماد کی ریکوزیشن جمع ہونے کے 14 دن کے اندر اجلاس بلانا لازم ہے تاہم اجلاس کا ہونا لازم نہیں ہے۔
واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی ملاقات کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس میں دھمکی دی کہ اگر حکومت پیر تک تحریک عدم اعتماد پر اجلاس طلب نہیں کرے گی تو وہ قومی اسمبلی میں دھرنا دے دیں گے اور پھر دیکھیں گے کہ او آئی سی کا اجلاس کس طرح ہوتا ہے۔
وفاقی وزرا نے بلاول بھٹو کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور شاہ محمود قریشی نے امید ظاہر کی کہ بلاول بھارتی آلہ کار بن کر او آئی سی اجلاس کو سبوتاژ نہیں کریں گے جبکہ وفاقی وزیر داخلہ نے بلاول کو چیلنج کیا کہ اگر ہمت ہے تو کانفرنس روک کر دکھائیں۔

ملک کے غدار جال میں پھنس رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کے غدار جال میں پھنس رہے ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعظم عمران خان نے حامیوں اور کارکنوں کیلئے صوفی بزرگ شمس تبریزی کا قول شیئر کیا ہے۔
قول میں لکھا ہے کہ” چال بازیوں اور چال بازوں کی پریشانی مت لو، اگر کچھ لوگ آپ کو پھنسانے اور تکلیف پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں تو اللہ انہیں بھی جال میں پھنسا رہا ہے۔ گڑھا کھودنے والے خود ہی گڑھے میں گرتے ہیں، کوئی برائی ایسی نہیں جس کو سزا نہ ملتی ہو اور کوئی اچھائی ایسی نہیں جس کو انعام نہ ملے، اس لیے انصاف پر یقین رکھو اور انتظار کرو۔”

پاکستان کیلئے تیل کی عالمی منڈی میں بڑھتی قیمتیں چیلنج ہیں: آئی ایم ایف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آئی ایم ایف کے ترجمان جیری رائس نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے۔
آئی ایم ایف کے ترجمان جیری رائس نے آن لائن نیوز کانفرنس میں کہا کہ نظم و ضبط کو یقینی بنانا ہوگا، معاشی اہداف حاصل کرنا ہوں گے۔ پاکستانی معیشت کو بیرونی چیلنجز کا زیادہ سامنا ہے، پاکستان کےلیے تیل کی عالمی منڈی میں بڑھتی ہوئی قیمتیں چیلنج ہیں، پٹرول مہنگا ہونے سے غذائی اشیا مہنگی ہوسکتی ہیں اور غذائی اشیا کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی مزید بڑھے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے، پاکستان کے ساتھ چھٹا جائرہ کامیابی سے ختم ہوا تھا اورچھٹے جائزہ کے بعد ایک ارب ڈالر جاری بھی ہوئے تھے، معاشی اصلاحات پاکستان سے بات چیت جاری ہے اور بات چیت مثبت سمت بڑھ رہی ہے۔

دیکھتے ہیں کون مائی کا لعل او آئی سی کانفرنس روکتا ہے: گورنر سندھ

کراچی: (ویب ڈیسک) گورنر سندھ عمران اسماعیل اپوزیشن کی طرف سے دئیے گئے او آئی سی اجلاس روکنے کے بیان پر سیخ پا ہوگئے۔ انہوں نے اپوزیشن کو چیلنج دیتے ہوئے کہا دیکھتے ہیں کہ کون مائی کا لعل او آئی سی اجلاس روکتا ہے۔
متحدہ اپوزیشن کی نیوز کانفرنس کے ردِ عمل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران اسماعیل کا کہنا تھا جو سندھ ہاؤس میں ہوا وہ قابل مذمت ہے،لوگ اراکین اسمبلی سے ضمیرفروشی پر جواب طلب کرنا چاہتے ہیں۔دو تین دنوں سے سندھ ہاؤس میں تماشہ لگا ہوا ہے۔منحرف ارکان کے پاس سات دن کا وقت ہے وہ معافی مانگ کر واپس آ سکتے ہیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ بلاول بھٹو کا او آئی سی اجلاس کے حوالے سے دھمکی دینا افسوس ناک عمل ہے،15سال بعد او آئی سی کا اجلاس ہو رہا ہے، یہ کیوں اس کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔عمران اسماعیل نے اپوزیشن کو چیلنج کرتے ہوئے کہا دیکھتے ہیں کون مائی کا لعل او آئی سی اجلاس روک سکتا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کو دھمکی دی تھی کہ اگر پیر کے روز قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پیش نہ کی گئی تو پھر وہ دیکھ لیں گے کہ او آئی سی کانفرنس کیسے ہوتی ہے۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا تھا کہ اگر تحریک عدم اعتماد پیش نہ کی گئی تو قومی اسمبلی کے اندر ہی دھرنا دے دیا جائے گا۔

برازیل میں سپریم کورٹ کے حکم پر ٹیلی گرام ایپ بند

برازیلا: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے پیغام رسانی کے لیے استعمال ہونے والی دوسری بڑی ایپلیکیشن ٹیلی گرام کو برازیل میں فوری بند کرنے کا حکم جاری کیا جس پر حکام نے ایپ کو فوری طور پر بند کردیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق برازیل کی سپریم کورٹ نے قوانین کی مسلسل خلاف ورزی اور حکومت سے تعاون نہ کرنے پر ایپ کو بند کرنے کا حکم دیا۔
سپریم کورٹ نے حکم نامے میں ایپل، گوگل، اینڈرائیڈ سمیت دیگر کمپنیوں کو بھی پابند کیا کہ وہ برازیل میں ٹیلی گرام کی سروس فراہم نہ کریں۔ عدالت نے کہا کہ ٹیلی گرام نے متعدد درخواستوں کے باوجود برازیل میں اپنا نمائندہ تعینات نہیں کیا اور نہ ہی حکومت کے ساتھ تعاون کیا اور جعلی معلومات کے پھیلاؤ کے سد باب کے لیے اقدامات کیے۔
دوسری جانب برازیلین صدر نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو آزادی اظہار رائے کے خلاف قرار دیتے ہوئے اسے تعصب پر مبنی حکم قرار دیا۔ واضح رہے کہ برازیل کے موجودہ صدر کو ٹیلی گرام پر 10 لاکھ سے زائد فالو کررہے ہیں، ملک میں اکتوبر میں نئے صدارتی انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا۔ سیاسی مبصرین کے مطابق یہ فیصلہ انتخابات پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔

عمران خان کے بغیر پاکستان کی سیاست مکمل نہیں: فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ شطرنج بھی ہمارے پاس، چالیں اور مستقبل بھی ہمارے پاس ہے، یہ لوگ بادشاہ کو گرانے نکلے تھے لیکن انہیں پتہ نہیں تھا راستے میں کتنی مشکلات آئیں گی۔عمران خان کے بغیر پاکستان کی سیاست مکمل نہیں اور تحریک انصاف کے بغیر پاکستان کی حکومت مکمل نہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنی گالا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر بھی موجود تھے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمارے سیاسی مخالفین کو ہوش آگیا ہے اور انہیں لگ پتہ گیا ہے کہ عمران خان اور پی ٹی آئی عوام میں کتنے مقبول ہیں۔ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں وزیر توانائی حماد اظہر کا بجلی کی قیمت میں پانچ روپے کمی کرنے پر شکریہ ادا کیا گیا۔ پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کو ہر طبقہ ہائے فکر کے لوگوں نے سراہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کل پرامن احتجاج کے لئے جو لوگ نکلے وہ پاکستان کے ہیرو ہیں، ہمیں اچھائی اور بدی میں فرق کرنا ہے، امر بالمعروف و نہی عن المنکر ہماری سوسائٹی کی بنیاد ہے۔ ڈی چوک جلسے کا تھیم ”امر بالمعروف” ہوگا۔
فواد چودھری نے کہا کہ ضمیر فروشوں کو نوٹسز جاری کر دیئے ہیں، ہم نے انہیں سات دن دیئے ہیں وہ واپس آ سکتے ہیں۔ ایک صاحب کے بھائی کا فون آیا اور کہا کہ ان کے بھائی کی حرکت پر ہمارا خاندان شرمندہ ہے۔ سندھ ہائوس کے باہر سندھ پولیس کا پہرا لگا ہوا ہے، ہم کسی کو قید میں نہیں چھوڑیں گے، سب لوگوں کو باہر آنے کا موقع ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ اتحادیوں کے ساتھ معاملات جلد طے ہو جائیں گے، لوگوں کی واپسی کا سفر آپ سب دیکھیں گے۔ حکومت نہ پہلے کہیں جا رہی تھی، نہ اب کہیں جا رہی ہے اور نہ آئندہ کہیں جائے گی۔ جن لوگوں کا عمران خان کے ساتھ گذارا نہیں اور ان کے پیٹ میں درد ہے تو ہم انہیں دوائی دینے کو تیار ہیں، لیکن گذارا عمران خان کے ساتھ ہی کرنا پڑے گا۔ ہماری کوشش ہے کہ معاملات جلد طے ہوں اور ہم معیشت کی بہتری کی جانب لوٹ سکیں، کہیں ایسا نہ ہو کہ سیاست کی وجہ سے معیشت کو نقصان پہنچے۔
فواد چودھری نے کہا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو شہباز شریف کے ساتھ بیٹھے ہیں، مذاکرات ہو رہے ہیں کہ پیٹ پھاڑ کر ہم نے پیسے کیسے واپس لینے ہیں۔ اپنی قوم پر فخر ہے، قوم نے ثابت کیا ہے کہ یہ 1989ء یا 1990ء کی دہائی نہیں ہے، یہاں برے کو برا کہنے والے لوگ موجود ہیں۔ وزیراعظم کا پیغام دینا چاہتا ہوں کہ پرامن احتجاج ہمارا حق ہے لیکن اس احتجاج میں تشدد نہیں ہونا چاہئے، احتجاج ہر ذی شعور کا آئینی حق ہے۔ ہارس ٹریڈنگ کے حوالے سے پیر کو ریفرنس دائر کر دیں گے، سپریم کورٹ میں یہ معاملہ جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سارے شیخ چلی اکٹھے ہو چکے ہیں، ان کے خواب روز بنتے اور ٹوٹتے ہیں۔ شہباز شریف نے 60 کی دہائی کے سوٹ نکال رکھے ہیں، کہیں اب ہیٹ پہن کر ہاتھ میں پائپ بھی نہ پکڑ لیں، جتنا وہ خود کو دکھانا چاہتے ہیں کہ میں گورا ہوں، ایسا لگ نہیں رہا۔ گورا بننے کے لئے وہ دوائیاں اور کریمیں بھی استعمال کر رہے ہیں۔ اپنی اوقات کے مطابق بندہ بات کرتے ہوئے اچھا لگتا ہے، میرا ووٹ بینک عمران خان کی وجہ سے ہے۔