All posts by Khabrain News

ہاکی ٹیم کے ساتھ حالیہ ناروا سلوک سے متعلق قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

قراداد حکومتی رکن عظمیٰ کاردار نے جمع کروائی جس میں کہا گیا آسٹریلیا میں ایف آئی ایچ پرو لیگ ٹور میں قومی ہاکی ٹیم کو بدانتظامی کا سامنا رہا، کھلاڑی مناسب رہائش، خوراک اور لاجسٹک سہولیات سے محروم رہے۔

متن میں یہ بھی لکھا گیا کہ قومی کھیل ہاکی دہائیوں کی غفلت اور ناقص گورننس کا شکار ہے، اولمپک تمغے جیتنے والی ٹیم بقا کی جدوجہد تک محدود ہے، بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو شرمندگی کا سامنا ہوا۔

قرارد اد میں کہا گیا کہ یہ ایوان وزیر اعظم پاکستان سے فوری ایکشن اور پی ایچ ایف کی تنظیم نو اور سخت احتساب کا مطالبہ کرتا ہے جب کہ فیڈریشن میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات اور مالی شفافیت ناگزیر ہے۔

متن میں نچلی سطح پر ہاکی کی بحالی کو ترجیح دینے کی تجویز بھی دی گئی، کاسمیٹک نہیں، انقلابی اور شفاف اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا گیا، بصورت دیگر قومی ہاکی مستقل زوال کے خطرے سے دوچار رہے گی۔

بھارت جاکر شادی کرنے والی سیما حیدر کے یہاں 11 ماہ میں دوسرے بچے کی پیدائش

پاکستان سے غیر قانونی طور پر بھارت جاکر شادی کرنے والی سیما حیدر کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سیما حیدر اور ان کے بھارتی شوہر سچن کے یہاں گزشتہ 11 ماہ میں دوسرے بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔

اس سے قبل 15 مارچ 2025 کو سیما حیدر نے ایک بیٹی کو جنم دیا تھا جب کہ پاکستان میں ان کے پہلے شوہر سے 4 بچے تھے جو اب ماں کے ساتھ ہی بھارت میں رہتے ہیں۔

یاد رہے کہ سیما حیدر 2023 میں اپنے محبوب سچن سے ملنے اپنے چار بچوں کے ہمراہ پاکستان سے نیپال کے راستے غیر قانونی طور پر بھارت میں داخل ہوئی تھیں۔

بعد ازاں سچن اور سیما نے شادی کرلی اور یہ معاملہ دونوں ممالک میں خاصی توجہ کا مرکز بنا رہا تھا۔ سیما نے خود کو بھارتی ماحول ڈھال لیا ہے۔

30 سیما حیدر کی خود سے 10 سال چھوٹے سچن مینا سے 2019 میں آن لائن گیم کے ذریعے ملاقات ہوئی تھی۔ آن لائن بات چیت سے شروع ہونے والا یہ تعلق محبت میں تبدیل ہوا تھا۔

واضح رہے کہ سیما حیدر کا معاملہ بھارت میں سیکیورٹی اور تحقیقاتی اداروں کی جانب سے بھی زیرِ تفتیش رہا ہے جس کے بعد انھیں بھارت میں رہنے کی اجازت دی گئی۔

پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

 مالاکنڈ ، لوئر دیر،  ہنگو،کوہاٹ،باجوڑ، سوات ، بونیر،شانگلہ،شمالی وزیرستان میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ صوابی اور دیر بالا  اور گردونواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

زلزلے کے بعد لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے نکل آئے۔فی الحال کسی جانی و مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

قومی اسمبلی کا اجلاس 3 مارچ سہ پہر تین بجے طلب

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق وزارت پارلیمانی امور نے سمری وزیراعظم کو ارسال کر دی، قومی اسمبلی اجلاس دو ہفتے جاری رہے گا۔

یاد رہے یہ اجلاس تیسرے پارلیمانی سال کا پہلا اجلاس ہو گا جب کہ اجلاس میں اہم قانون سازی ہو گی۔

کوئلے سے یوریا بنانے کا منصوبہ تھر اور پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا، مراد علی شاہ

کراچی:

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کوئلے سے یوریا بنانے کا منصوبہ تھر اور پاکستان کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔

کوئلے سے یوریا کھاد تیاری کے منصوبے سے متعلق فوجی فرٹلائیزر کمپنی (ایف ایف سی) اور سندھ حکومت کے درمیان اہم بیٹھک ہوئی، ملاقات میں ایف ایف سی کے سی ای او جہانگیر پراچہ سمیت سینئر حکام شریک تھے۔

اجلاس سے خطاب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ کوئلے سے یوریا تیار کرنے سے یوریا کی قیمت کم ہوگی جس سے زرعی شعبے کو نمایاں فائدہ پہنچے گا، یہ منصوبہ سندھ کی معیشت کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے 3,500 سے زائد براہِ راست اور 7,000 سے زائد بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ یوریا کی درآمد میں کمی آئے گی اور ممکنہ طور پر 260 ملین ڈالر تک برآمدات سے قومی خزانے کو فائدہ ہوگا، سندھ حکومت کو سالانہ تقریباً 5.5 ملین ڈالر تک رائلٹی ملنے کا امکان ہے۔

رمضان میں ریاض الجنہ کی زیارت کے نئے اوقات جاری، مکمل تفصیل جانیں

مدینہ منورہ میں رمضان المبارک کے دوران ریاض الجنہ کی زیارت کے لیے نیا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق یہ اوقات کار رش کو منظم کرنے اور زائرین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے مقرر کیے گئے ہیں۔

اعلان کے مطابق رمضان کے پہلے دو عشروں میں مردوں کے لیے زیارت کے دو اوقات رکھے گئے ہیں۔ پہلا وقت صبح 11 بج کر 20 منٹ سے رات 8 بجے تک جبکہ دوسرا وقت رات 2 بجے سے صبح 5 بجے تک ہوگا۔

خواتین کے لیے پہلے دو عشروں میں زیارت کا وقت رات 11 بجے سے 1 بج کر 40 منٹ تک اور صبح 6 بجے سے 11 بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔

رمضان کے تیسرے عشرے میں مردوں کے لیے تین اوقات مقرر کیے گئے ہیں۔ پہلا وقت صبح 11 بج کر 20 منٹ سے رات 8 بجے تک، دوسرا وقت رات 11 بجے سے 12 بجے تک اور تیسرا وقت صبح 2 بجے سے 5 بجے تک ہوگا۔

تیسرے عشرے میں خواتین کے لیے زیارت کا وقت صبح 6 بجے سے 11 بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔

انتظامیہ نے زائرین کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ اوقات کی پابندی کریں اور پیشگی اجازت نامے سے متعلق ہدایات پر عمل کریں تاکہ عبادات کا ماحول پرسکون رہے۔

گوگل میپس میں ایک بڑی تبدیلی کیے جانے کا امکان

گوگل میپس میں ایک ایسی نئی تبدیلی متعارف کرائی جا رہی ہے جو اس نیوی گیشن سروس کے استعمال کا تجربہ بدل کر رکھ دے گی۔

9 ٹو 5 گوگل کی ایک رپورٹ کے مطابق اب گوگل اکاؤنٹ سے لاگ ان نہ ہونے پر صارفین میپس کے محدود ویو کو دیکھ سکیں گے۔

اس محدود ویو میں متعدد فیچرز جیسے نیئر بائی بزنسز ڈسپلے، قریب موجود اہم مقامات اور یوزر ریویوز جیسے فیچرز موجود نہیں ہوں گے۔

ابھی تک صارفین گوگل میپس پر لاگ ان ہوئے بغیر بھی بیشتر فیچر استعمال کرسکتے ہیں۔

مگر لمیٹڈ ویو نامی اس فیچر سے لوگ گوگل میپس میں لاگ ان نہ ہونے پر متعدد فیچرز استعمال نہیں کرسکیں گے۔

البتہ یہ واضح نہیں کہ یہ تبدیلی کیوں کی جا رہی ہے کیونکہ کمپنی کی جانب سے اس بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

ایسا بھی امکان ہے کہ یہ سسٹم کی کسی خامی کا نتیجہ ہو۔

مگر زیادہ قوی امکان یہی ہے کہ گوگل کی جانب سے اس فیچر کی آزمائش محدود صارفین میں کی جا رہی ہے۔

میچ کے دوران شہد کی مکھیوں نے دھاوا بول دیا، امپائر ہلاک

بھارتی ریاست اترپردیش میں میچ کے دوران اسٹیڈیم میں شہد کی مکھیوں نے حملہ کردیا جس سے سینئر امپائر مانک گپتا جان سے چلے گئے۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مانک گپتا کانپور کرکٹ سرکٹ میں ایک ممتاز امپائر تھے اور کانپور کرکٹ ایسوسی ایشن سے بھی وابستہ تھے۔

بھارتی میڈیا کا کہناہےکہ اترپردیش کے اناؤ کے سپرو اسٹیڈیم میں کرکٹ میچ کے دوران شہد کی مکھیوں نے حملہ کیا جس سے کھلاڑی اور امپائرز متاثر ہوئے تاہم سینئر امپائر مانک گپتا شہد کی مکھیوں کے حملے سے ہلاک ہوگئے۔

آنجہانی امپائر مانک کے بھائی امیت کمار گپتا نے اے این آئی کو بتایا کہ میچ ختم کرنے کے بعد مانک ڈرنکس بریک کے دوران ایک ساتھی امپائر سے ملنے گئے جب شہد کی مکھیوں کے ایک جھنڈ نے وہاں موجود ہر شخص پر اچانک حملہ کردیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے بھائی فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے  اپنا توازن کھو بیٹھے اور گرگئے  جس کے بعد شہد کی مکھیوں نے ان پر دھاوا بول دیا۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ مانک تقریباً 30 سال سے امپائرنگ کر رہے تھے اور ریاستی پینل کے امپائر تھے۔

دوسری جانب امپائر مانک گپتا کے ساتھی امپائر جگدیش شرما نے بتایا کہ ہم پر ڈرنکس بریک کے  دوران شہد کی مکھیوں کے جھنڈ نے حملہ کیا، ہم بھاگےلیکن مانک گپتا عمر رسیدہ ہونے کے سبب شہد کی مکھیوں سے آگے نہ نکل سکے اور ان کے حملے کا شکاربن گئے۔

ہمیں پاکستان کے ساتھ کھیلنے کا تجربہ ، جانتے ہیں کیا پلان کرنا ہے: مارک چیپمین

کولمبو میں کل ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سُپر ایٹ مرحلے کا آغاز پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچ سے ہوگا اور اسی سلسلے میں کیوی کرکٹر مارک چیپمین نے کہا ہے کہ ہمیں پاکستان کے ساتھ کھیلنے کا تجربہ ہے اور ہم جانتے ہیں کیا پلان کرنا ہے۔

نیوزی لینڈ کے مارک چیپمین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس خطے میں کنڈیشنز ایسی ہوتی ہیں کہ ٹاس اہم بن جاتا ہے، ہمارے پلیئرز نے یہاں کرکٹ کھیلی ہوئی ہے اس لیے انہیں کنڈیشنز کا علم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ انڈیا میں پچز بیٹرز کے لیے مددگار رہی ہیں، بولرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے، انڈیا میں بولرز کے لیے چانسز کم تھے، ان کنڈیشنز میں اسپنرز اہم ہو سکتے ہیں، عثمان طارق کا منفرد ایکشن ہے وہ کریز پر آ کر رکتے ہیں ۔

چیپمین کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس اچھے اسپنرز ہوتے ہیں، ہر کوئی خطرہ ہوتا ہے، ماضی قریب میں پاکستان وہ واحد ٹیم ہے جس کے ساتھ ہم سب سےزیادہ کھیلے ہیں، ہمیں پاکستان کے ساتھ کھیلنے کا تجربہ ہے اور ہم جانتے ہیں کیا پلان کرنا ہے۔

کیوی پلیئر نے مزید کہا کہ اسپنرز کے خلاف کھیلنے کے لیے آپ کو مختلف شاٹس پلان کرکے کھیلنا پڑتے ہیں، ہمارے پاس بھی بولرز ایسے ہیں جو ان کنڈیشنز میں مؤثر ثابت ہو سکتے ہیں، میچل سینٹنر پر جوش ہیں کہ وہ کل میدان میں اتریں جب کہ لوکی فرگوسن دوبارہ ٹیم کو جوائن کر رہے ہیں پلیئنگ الیون میں ہوں گے یا نہیں یہ نہیں کہہ سکتا۔

ثقلین مشتاق کی پلیئنگ الیون میں شاداب، بابر، شاہین سمیت کون کون جگہ نہ بناسکا؟

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے سپر ایٹ مرحلے کے لیے قومی ٹیم کی پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا۔

سرکاری ٹیلی ویژن پر پروگرام کے دوران میزبان نے ثقلین مشتاق سے پوچھا کہ نیوزی لیںڈ کیخلاف اپنی پلیئنگ الیون بتائیں۔

جس پر انہوں نے ازراہ طنز مزاحیہ انداز میں جواب دیا۔

انہوں نے کہا میری پلیئنگ الیون میں چیدہ، میدہ، بالا، اکو، فیما، چھیما، ہیرا، نکو، موٹو، ٹونی، بلو اور بارہواں کھلاڑی پپو شامل ہیں۔

ان کے اس جواب پر وہاں موجود سب ہی ہنس پڑے اور سابق کپتان محمد حفیظ نے کہا کہ یہ ریکارڈ ہوگیا ہے۔

ثقلین مشتاق نے مزید کہا کہ جتنی کچھڑی مچ چکی ہے تو اب یہ ٹرائی کرلینا چاہیے۔